چکوال۔ (اے پی پی) کلرکہار موٹر وے پر ٹرالر اور مسافر بس آپس میں ٹکراگئے،3 افراد جانبحق جبکہ 17افراد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور FWO کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر حادثے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو ٹرامہ سینٹر کلرکہار منتقل کیا، حادثہ دوسری لائن سے ٹرالر ڈیوائیڈر لائن عبور کرنے کے دوران پیش آیا،مسافر بس چک نمبر 15 شمالی تحصیل بھلوال ضلع سرگودھا سے چکوال کے تحصیل تلہ گنگ جارہی تھی۔جاں بحق ہونے والوں میں محمد شمل ولد نصیر احمد ساکن رحیم یار خان عمر بیس سال، غلام عباس عمر چالیس سال ساکن ضلع مظفر گڑھ، 16سالہ بچے کی شناخت نہیں ہوئی۔زخمیوں میں علی رضا ولد الفت حسین، ارسلان حیدر ولد شوکت حسین، نسیم عباس ولد ذوالقرنین حیدر، علی رضا ولد محمد رمضان، علی حسن ولد ذاکر حسین،محمد ظریف ولد قادر بخش، حیدر ولد امیر مختار، وحید اللہ ولد ناطق حسین، بلال ولد محمد اسلم، ندیم ولد مختار، نعیم ولد غلام عباس، ضمیر ولد عنصر عباس، فیاض ولد امتیاز حسین، سمیع اللہ ولد غلام حسین، قیصر ولد گلزار حسین، سید فیاض ولد امتیاز حسین، سمیع اللہ ولد صدام شامل ہیں۔
Author: Regional News

دو جعلسازوں نے بینک میں سادہ لوح شخص کو1لاکھ30ہزار روپے سے انوکھے طریقے سے محروم کر دیا
چکوال۔ (اے پی پی) دو جعلسازوں نے بینک کے اندر سادہ لوح شخص کو1لاکھ30ہزار روپے سے محروم کر دیا۔ شیراز سلطان ولد سلطان محمود نے درخواست دی کہ ایک عدد چیک مالیت4لاکھ50ہزار روپے کیش کرانے کیلئے بینک گیا جب کیش کاؤنٹر سے کلیئر کروایا تو پانچ ہزار کے نوٹ مجھے کاؤنٹر سے کیشیر نے دیے جو رقم پوری تھی۔ اسی اثناء میں دو نامعلوم اشخاص جو بینک کے کاؤنٹر کے سامنے موجود تھے جنہوں نے مجھے باتوں میں الجھا کر روک لیا اور کہا کہ تمہاری کیش پوری نہ ہے۔ اس نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے کیش گننے کیلئے دونوں کو دی جو انہوں نے کیش گن کر مجھے دی اور بینک سے تیزی سے سے نکل کر کار پر سوار ہوکر روانہ ہوگئے۔ اس نے جب دوبارہ کیش گنی تو 26نوٹ پانچ ہزار روپے(ایک لاکھ تیس ہزار روپے چوری ہوچکے تھے۔ سب انسپکٹر بلاول حسین نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

وکیل پر حملہ آور ہونے والے تین افراد کیخلاف سٹی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا
چکوال۔ (اے پی پی)محلہ فاروقی تھانہ سٹی چکوال میں وکیل پر حملہ آور ہونے والے تین افراد کیخلاف سٹی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔اشتیاق احمد ولد محمد لطیف نے درخواست دی کہ وہ پیشہ کے لحاظ سے وکیل ہے اپنے گھر موجود تھا اچانک ملزمان اظہر حسین مسلح پسٹل تیس بور، منور حسین مسلح سریا اور حاجی مظفر گھر میں گھس آئے گالی گلوچ شروع کردی، اظہر حسین نے پسٹل کا بٹ مارا جو بائیں آنکھ کے اوپر لگا منور حسین نے وارسریا کیا جو دائیں پاؤں کے انگوٹھے پر لگا، مظفر حسین نے وار سریا کیا جو پاؤں کے بائیں انگوٹھے پر لگا۔ سب انسپکٹر محمد حسین نے میڈیکل رپورٹ کی روشنی مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

ملتان طلباء وطالبات کے درمیان ملی نغموں کا مقابلہ 25ستمبرکو ہوگا
ملتان۔(اے پی پی) ملتان آرٹس کونسل اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام 25 ستمبر کو صبح 9 بجے گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان میں ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سکولوں کے طلباء و طالبات کے درمیان ملی نغموں کا مقابلہ منعقد ہوگا۔ جس میں ججز کے متفقہ فیصلے کے مطابق اول، دوئم اور سوئم آنے والے بچوں میں ٹرافیاں تقسیم کی جائیں گی جبکہ حوصلہ افزاء کے انعامات بھی دیئے جائیں گے۔شرکت کے خواہش مند بچے اپنا نام فون نمبر 03017453206 یا 03067369339 پر درج کراسکتے ہیں۔

حکومت خیبر پختونخوا ایچ آئی وی کے مریضوں کو مفت علاج مہیا کر رہی ہے، وزیر صحت ہشام خان
پشاور۔(اے پی پی) وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ ایچ آئی وی قابل علاج مرض ہے حکومت خیبرپختونخوا رجسٹرڈ ایچ آئی وی کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات مہیا کر رہی ہے‘ خیبرپختونخوا میں پورے پاکستان سے ایچ آئی وی کے مریضوں کا تناسب 4.5 فیصد ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے کی ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کا ایچ آئی وی ٹیسٹ باقاعدگی سے کیا جاتا ہے تاکہ خدانخواستہ اگر کسی مریض میں ایچ آئی وی وائرس موجود ہے تو اس کا بروقت علاج ممکن ہو سکے اور اس کے ساتھ ساتھ عطیہ کیے جانے والے خون کی باقاعدگی سے سکریننگ کی جاتی ہے تاکہ خون میں موجود بیماریوں کی تشخیص کی جا سکے۔ وزیر صحت نے صوبے کی تمام ہسپتالوں کو یہ ہدایات جاری کی کے ایچ آئی وی سے متعلق آگاہی مہم شروع کی جائے اور ایچ آئی وی سے بچا کے حوالے سے مختلف بینرز آویزاں کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ریجنل بلڈ سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ خون کی سکریننگ کو جدید بنایا جاسکے۔ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے عوام سے یہ درخواست کی کے ایچ آئی وی سے بچا کی احتیاطی تدابیر کو اپنایا جائے ذرا سی غفلت ایچ آئی وی جیسی موذی بیماری لاحق کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کے اس سال اب تک پورے صوبے سے ایچ آئی وی کے 415 مریض رپورٹ ہوے ہیں جن میں مردوں کی تعداد 330 عورتوں کی 84 اور ایک خواجہ سرا میں ایچ آئی وی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کا فصلات ربیع کیلئے 2 ارب 50کروڑ روپے کے آسان قرضوں کی فراہمی اگلے ہفتے شروع ہو گی
فیصل آباد۔ (اے پی پی) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے امداد باہمی کی تنظیموں اوراس کے ممبر کاشتکاروں و کسانوں کو فصلات ربیع کیلئے 2ارب 50کروڑ روپے کے آسان قرضوں کی فراہمی کااعلان کردیاہے جبکہ قرضوں کی فراہمی اگلے ہفتے شروع ہو گی نیز حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں قرضوں کی فراہمی کے موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں کو خصوصی ترجیح بھی دی جائے گی تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ رقبہ پر فصلات ربیع کاشت کرکے زیادہ سے زیادہ غذائی اجناس پیدا کرنے سمیت جلد اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ ان کا بینک کاشتکاروں کو مختلف امور کیلئے قرضے فراہم کررہاہے تاکہ انہیں معیاری بیج، کھاد، زرعی ادویات، زرعی آلات کی خرید سمیت دیگر زرعی مداخل پورے کرنے کے قابل بنایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ اس بار فصلات ربیع کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کیلئے کاشتکاروں کو مشاورتی سروس بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کی فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع سمیت صوبہ بھر میں موجود برانچز کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں تاکہ کاشتکاروں کی بھرپور معاونت کو ہر حال میں یقینی بنایاجاسکے۔

ماسوائے پاکستان کے سب ممالک نے اپنے رائس سیکٹرز کو صنعت کا درجہ دے رکھا ہے،ترجمان پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن
فیصل آباد۔ (اے پی پی) پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ اس وقت بھارت بین الاقوامی منڈی میں چاول کا سب سے بڑا بیوپاری ہے جبکہ پاکستان،برازیل،تھائی لینڈاور ویتنام سے بھی چاول کی بڑی کھیپ سپلائی ہوتی ہے تاہم ماسوائے پاکستان کے سب ممالک نے اپنے رائس سیکٹرز کو صنعت کا درجہ دے رکھا ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں اس پر توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث پاکستان میں چاول کی برآمد کا حجم 2ارب 35کروڑ ڈالر ہے جسے حکومتی تعاون سے آئندہ چند سال میں بڑی آسانی سے 4سے 5ارب ڈالر تک لے جایا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا بہت بڑا المیہ ہے کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود زرعی شعبہ مسلسل تنزلی کا شکار رہا ہے اور ہماری بڑی فصلیں جن میں گنا،گندم،کپاس اور چاول کا شمار ہوتا ہے ہم ان میں بھی خود کفیل نہیں ہوسکے اور نہ ہی برآمد ات بڑھا سکے بلکہ الٹا عالمی سطح پر ہم نے برآمد کا حصہ کھویا ہے یہی وجہ ہے کہ ٹیکسٹائل اور چاول جیسی مصنوعات کی برآمدمیں کمی کی وجہ سے 2019ء میں درآمدات و برآمدات میں فرق 34 ارب ڈالر تک چلاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں چاول کی برآمدات کا بڑا حصہ ہے لیکن اس سیکٹر کو بدقسمتی سے حکومتی معاونت میسر نہیں رہی یہی وجہ ہے کہ ہمارے چاول کا کسان اور برآمدکنندہ دونوں تشویش کا شکار نظر آتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا چاول دنیا بھر میں اپنی خوشبو اور ذائقے کی وجہ سے جانا پہنچانا جاتا ہے تاہم اگر وفاقی حکومت رائس سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دیدے تو صرف ملکی زراعت میں ہی انقلاب نہیں آئے گا بلکہ پاکستانی چاول کے ایکسپورٹ کی مد میں مزید 30فیصد اضافہ اور ملک کیلئے کثیرزرمبادلہ کماسکتے ہیں جس کیلئے حکومت کو کوئی ریلیف پیکج بھی نہیں چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں چاول کی برآمد کا حجم دوارب 35کروڑ ڈالر ہے جسے حکومتی تعاون سے آئندہ چند سال میں ہی بڑی آسانی سے چارسے 5 ارب ڈالر تک لے جایا جاسکتا ہے جو کوئی بڑا ہدف نہیں اور اس سے نہ صرف چاول کی فصل اور صنعت کو ترقی ملے گی بلکہ معاشی ترقی کی راہ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا بہترین چاول پاکستان میں پیدا ہوتا ہے تاہم ریسرچ انسٹی ٹیوٹس کا فقدان ہے، بھارت سے ایکسپورٹ ہونے والا چاول کوالٹی کے لحاظ سے پاکستا ن سے کم ہے اسلئے دنیا میں بھارتی چاول کی قیمت کم ہے جبکہ پاکستانی چاول 100ڈالر فی ٹن مہنگا بکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رائس ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین نے چین کے نجی شعبے کے سائنس دانوں کی 20 سال کی مشترکہ تحقیق کے بعد چاول کا ہائبرڈ بیج تیارکرلیا ہے اوریہ بیج مقامی استعمال اور بین الاقوامی طور پر برآمدی مقاصد کیلئے تیار کیا گیا ہے جبکہ یہ بیج مقامی استعمال میں نمایاں پیداوار کے حامل چاول کے ہائبرڈ بیج کی برآمد کے ساتھ جلد ہی اعلیٰ پائے کی زرعی تحقیق کرنے والے ممالک کے کلب میں شامل ہوجائے گا نیز تجارتی ضوابط کی منظوری کے مختلف مراحل کے بعد پاکستان کی 72سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ چاول کا ہائبرڈ بیج برآمد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 100ٹن ہائبرڈ بیج برآمد ہوگا جو تقریباً15ہزار ایکڑ زمین کاشت کرنے کیلئے کافی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے گرم موسم اور پانی کی کمی سے نمٹنے کی صلاحیت کے حامل بیج کی اہمیت بڑھ گئی ہے اس حوالے سے پاکستان میں چاول کی بہترین پیداواری صلاحیت کے حاول ہائبرڈ بیج کی کامیاب کاشت ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زرعی ادویات و کیمیکلز کی قیمتیں بھی بھارت میں پاکستان سے کہیں زیادہ ہیں لہٰذا اگر ان تمام اشیاء کا موازنہ کرلیں توبھارتی کسان فائدے میں اور ہمارا کسان نقصان میں ہے جس سے ظاہر ہے کہ اسکے تمام اثرات صنعتوں پر پڑتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکو مت اس جانب خصوصی توجہ مرکوز کرے گی۔

لاہور سمیت ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم گرم و مرطوب ر ہے گا، محکمہ موسمیات
لاہور۔ (اے پی پی) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم گرم و مرطوب ر ہے گا تا ہم گوجرانوالہ ڈویژن، راولپنڈی اور کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم مرطوب وخشک رہا تاہم مٹھی اور اسلام آباد میں بعض مقاما ت پر با رش ہوئی۔ پیرکو لاہور شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ36 اور کم سے کم34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب77 فیصد تھا۔

پولیس کے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، دو ملزمان گرفتار
کوہستان۔ (اے پی پی) ڈی پی او لوئر کوہستان محمد سلیمان خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں زیر قیادت ایس ڈی پی او سرکل پٹن اورنگزیب خان بمعہ تھانہ دوبیر پولیس اور ایلیٹ کمانڈوز نے تھانہ دوبیر کے حدود کالونی، دوبیر، جیجال اور گلوز بانڈہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دوران سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن لالزادہ ولد بخت زمان کو بحوالہ مقدمہ علت نمبر 19/181 جرم نائن بی تھانہ دوبیر کو اے ایس آئی محمد عثمان خان نے گرفتار کر کے ملزم کو حوالات بند کر دیا۔ زاہد حسین ولد محمد افضل کو اے ایس آئی محمد عثمان خان نے ایک پستول 30 بور بمعہ 5 عدد کارتوس سمیت گرفتار کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ علت نمبر 019/182 جرم 15 اے اے تھانہ دوبیر درج کر کے ملزم کو بند حوالات تھانہ کیا۔ جیل خان ولد جمعہ سین بندوق 12 بور ریپیٹر بمعہ 14 عدد کارتوس سمیت آئی ایچ سی چوکی چکئی اورنگزیب خان نے گرفتار کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ علت نمبر 019/183 جرم 21 اے اے تھانہ دوبیر درج کر کے ملزم کو بند حوالات کیا گیا۔ دوران سرچ اینڈ سٹرائیک ہوٹلز، دکانوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو چیک کیا گیا۔

عثمان بزدار کے حلقہ میں مبینہ چوری کی سزاء جلتے کوئلوں پر چل کر دکھاؤ
بلوچستان اور پنجاب کی سرحدی علاقہ اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے حلقہ کھرڑ بزدار میں کل شام 4 بجے ایک انوکھا واقعہ پیش آیا. ایک برادری کے اوپر چوری کا الزام لگایا گیا ہے . چوری کا الزام یہ تھا کہ انہوں نے شیرمحمد بزادر اور انکی برادری کی بندوق اور اسحلہ چوری کیا. علاقہ معتبرین نے فیصلہ کیا کہ گل زمان ولد عیدوں اور گل محمد ولد حامد کو آگ اور اس کے جلتے ہوئے کوئلوں پر چلایا جائے.جو جل جائے گا وہ چور ثابت ہو جائے گا .جبکہ متاثرہ ان دونوں افراد کا کہنا ہے کہ کسی قانون یا پھر اسلامی دائرے میں کسی انسان کو خواہ مخواہ آگ میں نہیں چلایا جاسکھتا ہے.اس طرح کا کوئی قانون بھی نہیں ہے اور قانونی جرم بھی ہے.
مزید کہا علاقہ متعبرین جن میں شیر محمد، جلال خان ، منیر ،میاں خان، فیض محمد، بشیر احمد،ملک تاج محمداور انتظامیہ بارڈر ملٹری پولیس دفیداد اسلم ان کے سپائی امان اللہ اور حمزہ و دیگر سب نے مل کر زبردستی ہمیں آگ پر چلنے کو کہا اور زبرستی چورثابت کردیا گیا ہے.ہم وزیر اعلی پنجاب عثمان بزادر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف دیا جائے اور اس طرح کی رسم و رواج کو ختم کر کے ان تمام افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے تاکہ دوبارہ کسی غریب کو اس طرح آگ میں نا ڈالا جائے.









