افغانستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت راشد خان کریں گے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی20 فارمیٹ پر ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں افغانستان کے اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج شامل ہے۔متحدہ عرب امارات میں کھیلا جانے والا ایشیا کپ 9 ستمبر سے شروع ہوگا، جس کا افتتاحی میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ایشیا کپ مہم سے قبل افغانستان 29 اگست سے یو اے ای اور پاکستان کے ساتھ ٹی20 سہ ملکی سیریز میں بھی حصہ لے گا۔
افغانستان اسکواڈ
راشد خان (کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، درویش رسولی، صدیق اللہ اتل، عظمت اللہ عمرزئی، کریم جنت، محمد نبی، گل بدین نائب، شرف الدین اشرف، محمد اسحٰق، مجیب الرحمٰن، اللہ غضنفر، نور احمد، فرید ملک، نوین الحق، فضل الحق فاروقی۔
معروف سینئر صحافی مبشر لقمان نے اپنے تازہ ترین وی لاگ میں بھارت کی عالمی پالیسیوں، داخلی بحرانوں اور ممکنہ جنگی عزائم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کئی اہم انکشافات کیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے حالیہ برسوں میں جو اقدامات کیے ہیں، ان سے عالمی برادری میں اس پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے، اور اسے ایک غیر ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھا جانے لگا ہے۔
مبشر لقمان نے "آپریشن سندور” اور پلوامہ واقعے کے تناظر میں بھارت کی پالیسیوں کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر حملہ کیا، جس سے خطے میں ایٹمی جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان نے جوابی کارروائی کی ہوتی تو دنیا ایک بڑے بحران کا شکار ہو سکتی تھی۔وی لاگ میں مبشر لقمان نے بھارت کی جانب سے "انڈس واٹر ٹریٹی” کو مسترد کرنے، سارک ممالک کے ویزے منسوخ کرنے اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بند کرنے جیسے اقدامات کو عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کے مطابق، ایسے اقدامات سے بھارت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور دنیا اب اس پر اعتماد کرنے سے گریزاں ہے۔
مبشر لقمان نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جنگی بیانیہ کو فروغ دیا جا رہا ہے، جھوٹی رپورٹس اور ایڈیٹ شدہ ویڈیوز کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اب بھارت کو ایک غیر ذمہ دار قوم کے طور پر دیکھنے لگی ہے۔وی لاگ میں مبشر لقمان نے انکشاف کیا کہ بھارت نے چین اور پاکستان کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ بنایا ہے، جس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں شدت پسند گروہوں کے ذریعے حملے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا مقصد چین کی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانا ہے۔
مبشر لقمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین اور سی پیک فیز ٹو کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گوادار بندرگاہ اور ایئرپورٹ کی تکمیل کے بعد اب انہیں فعال بنانے کی ضرورت ہے۔وی لاگ کے اختتام پر مبشر لقمان نے ایک "بریکنگ نیوز” دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بڑے کاروباری گروپس، جیسے ریلائنس اور اڈانی، مودی حکومت سے نالاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہاں حکومت تبدیل ہو۔ امریکی ٹیرف کے نفاذ کے بعد بھارتی کاروباری طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے، اور ٹاٹا گروپ نے پہلے ہی 14,000 آئی ٹی ماہرین کو فارغ کر دیا ہے۔
مبشر لقمان نے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت پاکستان پر حملے کی تیاری کر رہی ہے، لیکن بھارتی افواج کی پیشہ ورانہ حیثیت اور اندرونی بدعنوانی اس میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاستدانوں نے اپنی افواج کو بھی کمزور کر دیا ہے، جس سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد سطح میں اضافہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں بہاولپور اور بورے والا میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیرِ آب آگئیں۔
محکمۂ انہار کے مطابق بہاولپور کے ایمپریس برج کے قریب پانی کی سطح بلند ہونے سے کپاس، چاول اور تل کی فصلیں اور متعدد مکانات ڈوب گئے۔ تحصیل صدر کے بیٹ کے علاقوں سے خواتین اور بچوں سمیت مقامی آبادی کا انخلاء شروع کر دیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور کا کہنا ہے کہ ماڑی قاسم شاہ کے بیٹ کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔بورے والا میں بھی ساہوکا اور ملحقہ آبادیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ ساہوکا چشتیاں روڈ میں شگاف پڑنے سے سیکڑوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں داد جملیرا، ساہوکا اور فاروق آباد میں ٹینٹ ویلج قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو عارضی پناہ فراہم کی جا سکے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کے سامنے جھکنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور واشنگٹن کے دباؤ کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے ایران اس کی فرمانبرداری کرے لیکن یہ ناممکن ہے، ایران امریکا کے مطالبات کے خلاف ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ براہِ راست مذاکرات کی خواہش رکھنے والے کم عقل ہیں، جبکہ مخالف قوتیں ایران کے اندر تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ایرانی سپریم لیڈر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے صیہونیوں کو ایران پر حملہ کرنے کے لیے اکسایا اور انہیں ایران کو ختم کرنے کا ٹاسک دیا، لیکن امریکا اور اس کے اتحادی یہ سمجھنے میں ناکام رہے کہ ایران کا ردعمل ان کے لیے شدید پچھتاوے کا باعث ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران دشمن قوتوں کے کسی بھی حملے کا بھرپور اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اپنی خودمختاری اور سلامتی کا دفاع کرے گا۔واضح رہے کہ اسرائیل جنگ کے بعد خامنہ ای نے کہا تھا کہ امریکا اس جنگ میں اس لیے شریک ہوا تاکہ اسرائیل کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے، لیکن امریکا کو اس جنگ سے کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
سرگودھا میں پولیس موبائل سڑک بنانے والے رولر سے ٹکرا گئی، حادثے میں ایک ملزم جاں بحق جبکہ 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اہلکار 3 ملزمان کو گرفتار کر کے سرگودھا لا رہے تھے کہ قصبہ گلاپور روڈ کے قریب موبائل سڑک تیار کرنے والے رولر سے ٹکرا گئی۔حادثے میں ایک ملزم موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ 2 ملزمان اور 5 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا۔
کراچی میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں محکمۂ موسمیات اور وزارتِ مذہبی امور کے نمائندے شریک تھے۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ 24 اگست کو چاند نظر نہ آنے کے باعث یکم ربیع الاوّل 26 اگست بروز منگل ہوگی، جبکہ ملک بھر میں 12 ربیع الاوّل 6 ستمبر بروز ہفتہ منائی جائے گی۔
لاہور میں ایوانِ اوقاف میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جہاں محکمۂ اوقاف اور محکمۂ موسمیات کے ماہرین شریک ہوئے۔ ڈی جی اوقاف نے اجلاس کے بعد بتایا کہ لاہور میں بھی ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت نئے صوبوں کے قیام اور 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے میں مکمل طور پر غیر سنجیدہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 9 مئی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرلیتی، ندامت کا اظہار کرتی اور معذرت پیش کرتی تو صورتحال میں بہتری آسکتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی بڑی خبر موجود نہ ہو تو آئینی ترمیم اور صوبوں کے قیام جیسے شوشے چھوڑ دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ یہ معاملہ تفتیش، پراسیکیوشن اور عدالتی کارروائی سے متعلق ہے، اور اس پر سیاسی بیان بازی مناسب نہیں۔
غزہ کے عوام کے لیے پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی ایک اور امدادی کھیپ مصر پہنچ گئی ہے۔
مصر میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق نے خصوصی پرواز 100 ٹن امدادی سامان لے کر قاہرہ پہنچی، جہاں پاکستانی سفارت خانے کے اہلکاروں نے سامان وصول کیا۔امدادی سامان کو بعد ازاں مصر کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کر دیا گیا تاکہ اسے غزہ کے متاثرہ عوام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق اس تازہ کھیپ کے بعد غزہ کے لیے پاکستان کی مجموعی امداد 1915 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ مزید کہا گیا کہ آنے والے دنوں میں بھی پاکستان کی جانب سے مزید امدادی سامان مصر روانہ کیا جائے گا تاکہ غزہ کے متاثرین کی مدد جاری رکھی جا سکے۔
کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربام نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں اظہارِ رائے کی آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
وہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی میں سینٹرل فار ایکسیلینس اِن جرنلزم (سی ای جے) کے قیام کے 10 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سی ای جے مستقبل کے صحافیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کر رہا ہے، جو پاکستانی میڈیا کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
تقریب کے پہلے سیشن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور پاکستانی نیوز رومز پر اس کے اثرات پر گفتگو کی گئی، جبکہ دوسرے سیشن میں سنسرشپ اور صحافیوں کو درپیش خطرات پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب میں ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز کے صدر اظہر عباس، سینئر صحافی حامد میر، فرحان ملک اور سید علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آئی بی اے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اکبر زیدی اور سی ای جے کے ڈائریکٹر شاہزیب جیلانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک اور آئی بی اے کے سابق ڈائریکٹر عشرت حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔
بھارت کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (سی بی آئی) نے صنعتکار انیل امبانی اور ان کی کمپنی ریلائنس کمیونیکیشنز کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یہ مقدمہ بھارت کے سب سے بڑے سرکاری بینک "اسٹیٹ بینک آف انڈیا” کی شکایت پر درج کیا گیا، جس میں 30 ارب بھارتی روپے (تقریباً 344 ملین امریکی ڈالر) کے مالی فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔رائٹرز کے مطابق الزام ہے کہ انیل امبانی اور ان کی کمپنی نے بینک سے حاصل کیے گئے فنڈز طے شدہ مقاصد کے بجائے دیگر کاموں میں استعمال کیے اور غیر قانونی منتقلی کی۔ اس حوالے سے سی بی آئی نے ممبئی میں انیل امبانی کی رہائش گاہ، دیوالیہ ہوچکی ریلائنس کمیونیکیشنز کے دفاتر سمیت 6 مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لیے گئے ہیں، جو مبینہ فراڈ اور قرضوں کے غلط استعمال کی مزید تفصیلات سامنے لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شکایت میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے فنڈز کو اصل مقاصد پر استعمال نہیں کیا، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ابھی تک انیل امبانی یا ان کی کمپنی کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے بھی میڈیا کے سوالات کا فوری جواب دینے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی ریلائنس گروپ سے منسلک 35 مقامات پر چھاپے مارے تھے، جن کا مقصد منی لانڈرنگ اور عوامی فنڈز کے غلط استعمال کے الزامات کی تحقیقات کرنا تھا۔ اس وقت بھی کمپنی نے عوامی سطح پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا تھا، جبکہ ایک اندرونی ذریعے نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔