کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایس ایس پی توحید میمن کے گھر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں پولیس کی ابتدائی تفتیش سامنے آگئی ہے۔
حکام کے مطابق شواہد اس جانب اشارہ کر رہے ہیں کہ چوری میں گھر کے ملازمین ملوث ہو سکتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت اہلِ خانہ گھر پر موجود نہیں تھے، تاہم تفتیش جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ادھر صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کی پیش رفت سے باقاعدہ طور پر آگاہ رکھا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
قحط کے باضابطہ اعلان کے بعد غذائی قلت کے باعث مزید 8 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق انسانی بحران کے آغاز سے اب تک بھوک سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 281 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 114 بچے شامل ہیں۔ وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البُرش نے کہا کہ قحط خاموشی سے شہریوں کو نگل رہا ہے اور خیموں و اسپتالوں کو روزانہ سانحات میں بدل رہا ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی بمباری اور حملوں میں آج غزہ بھر میں کم از کم 51 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 16 افراد وہ تھے جو امداد کے منتظر تھے۔ خان یونس کے شمال مغرب میں توپخانے کی فائرنگ سے بے گھر خاندانوں کے خیمے نشانہ بنے جس کے نتیجے میں 16 افراد شہید ہوئے، جن میں 6 بچے شامل تھے۔
وسطی غزہ کے مغازی پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر ڈرون حملے میں 2 افراد شہید ہوئے، جبکہ خان یونس کے جنوب مشرق میں امداد کے انتظار میں کھڑے ایک شہری کو گولی مار دی گئی۔ اسی طرح نتساریم کوریڈور کے قریب امداد لینے جانے والا ایک اور فلسطینی بھی اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوا۔اقوام متحدہ نے 22 اگست کو غزہ میں باضابطہ قحط کا اعلان کیا، جو مشرقِ وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا اعلان ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق تقریباً 5 لاکھ 14 ہزار فلسطینی شدید بھوک کا شکار ہیں، جو ستمبر کے آخر تک بڑھ کر 6 لاکھ 41 ہزار تک پہنچ سکتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ نے اسرائیل پر امدادی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے قحط کو "انسانی ہاتھوں سے پیدا کردہ سانحہ” قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فوج غزہ میں 62 ہزار 600 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو کی یونین کونسل وارث ڈنو پہنچے، جہاں انہوں نے سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے مکمل اور زیرِ تعمیر گھروں کا معائنہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری اس موقع پر گاؤں خیر محمد بروہی بھی گئے، جہاں انہوں نے مقامی مکینوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ گاؤں کے رہائشیوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے عوامی شکایات اور مسائل سننے کے بعد متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مسلسل خود جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ فیلڈ وزٹس کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے عمران خان اور پارٹی کو تباہ کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پارٹی کا بیانیہ کمزور ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان دراصل اسٹیبلشمنٹ سے تصادم نہیں بلکہ مفاہمت چاہتے ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ حیدر مہدی نے ان سے 4 ہزار ڈالر مانگے اور انکار پر ان کے خلاف وی لاگ جاری کیا۔ مزید کہا کہ ڈاکٹر معید پیرزادہ اور عادل راجہ کے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” سے تعلقات ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے جیل سے جاری ہونے والے پیغامات سب جھوٹے ہوتے ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔
شیر افضل مروت نے اعلان کیا کہ وہ شوکت بسرا، تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل، اظہر مشوانی اور جبران الیاس سمیت پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سے وابستہ کئی افراد عمران خان کے نام پر مالی فائدے اٹھا رہے ہیں جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی ان سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ علیمہ خان کے بیٹوں کے تعلقات ریاست مخالف اکاؤنٹس "بابا کوڈا، اڈیالہ کی بلی اور جوکر” سے ہیں۔ مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ عمران خان کی نہیں بلکہ سلمان اکرم کی خواہش تھی۔ان کا دعویٰ تھا کہ 14 اگست کو احتجاج کا فیصلہ بھی عمران خان کا نہیں بلکہ علیمہ خان کا تھا۔
پاکستانی تجزیہ کار مبشر لقمان نے اپنے حالیہ وی لاگ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارت رافیل طیاروں کی خریداری اور ان کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہونے کے بعد اب پانچویں جنریشن کے جنگی طیارے مقامی طور پر تیار کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے بھارت نے فرانسیسی کمپنی سیفران (Safran) سے تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ مقامی انجن کی تیاری بھی ممکن بنائی جا سکے۔
لقمان کے مطابق بھارت گزشتہ 40 سال سے تیجس پروگرام پر کام کر رہا ہے مگر اب تک یہ طیارہ مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ رافیل کی فراہمی کے باوجود بھارتی فضائیہ کو پاکستان اور چین کے جدید لڑاکا جہازوں کا سامنا کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "بھارتی تجزیہ کار بھی تسلیم کرتے ہیں کہ دو محاذی جنگ کی صورت میں بھارتی فضائیہ کے پاس پاکستان اور چین کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی موجود نہیں۔”
وی لاگ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی ویزہ ہولڈرز پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، جس سے امریکہ میں مقیم تقریباً 50 لاکھ بھارتی شہری متاثر ہوں گے۔ مبشر لقمان کے مطابق یہ اقدام بھارت کے لیے روزگار کے بحران کو مزید بڑھا سکتا ہے۔مزید برآں، مبشر لقمان نے بھارتی حکومت کے حالیہ فیصلے پر بھی کڑی تنقید کی جس کے تحت ٹک ٹاک سمیت 60 چینی ایپس کی بحالی کا اعلان کیا گیا ہے۔ دو سال قبل یہی ایپس قومی سلامتی کے نام پر بھارت میں بین کی گئی تھیں۔ مبصرین کے مطابق یہ فیصلہ بھارت کی خارجہ پالیسی میں تضادات کو ظاہر کرتا ہے۔
وی لاگ میں مانی پور فسادات پر بننے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ بھی دیا گیا، جس کے مطابق یہ فسادات ایک "سوچی سمجھی سازش” کے تحت کرائے گئے تھے تاکہ ایک خاص کمیونٹی کو علاقے سے بے دخل کیا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق ہزاروں گھر تباہ ہوئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔
مبشر لقمان نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ پاکستانی سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری انٹری کے فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی فوجی قیادت کا اسلام آباد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
بھارت نے امریکا کے لیے پوسٹل سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارتِ مواصلات کے تحت محکمہ ڈاک نے کہا ہے کہ 25 اگست سے امریکا جانے والی تمام پوسٹل اشیاء کی بکنگ بند کر دی جائے گی۔ تاہم اس فیصلے کے تحت خطوط، دستاویزات اور 100 امریکی ڈالر تک مالیت کے تحائف کی بکنگ جاری رہے گی۔یہ اقدام امریکی کسٹمز قوانین میں تبدیلی کے بعد سامنے آیا ہے، جو رواں ماہ کے آخر سے نافذ ہوں گے۔ امریکا کی انتظامیہ نے 30 جولائی کو ایگزیکٹو آرڈر نمبر 14324 جاری کیا تھا، جس کے تحت 800 امریکی ڈالر تک کی اشیاء کے لیے دی جانے والی ڈیوٹی فری رعایت ختم کر دی گئی ہے۔
بھارتی محکمہ ڈاک نے اپنے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن اشیاء کی بکنگ پہلے ہی ہوچکی ہے اور وہ امریکا نہیں بھیجی جا سکتیں، ان کے پوسٹیج کی رقم صارفین واپس حاصل کرسکتے ہیں۔ محکمہ ڈاک نے مزید کہا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کے ذریعے جلد از جلد خدمات کو بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے مرکزی سطح پر ایک نئی سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پارٹی ترجمان کے مطابق اس کمیٹی کو خاص طور پر کراچی کے تنظیمی امور کی ذمے داری سونپی گئی ہے تاکہ شہر میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنایا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ کمیٹی تنظیمی رابطوں کو بہتر بنانے اور تنظیمی حکمت عملی کو ازسرنو منظم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔کمیٹی کے اراکین میں پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی، امین الحق، فرقان اطیب، شکیل احمد، شاکر علی، ارشاد ظفیر، ارشد حسن اور راشد سبزواری شامل ہیں۔ ان رہنماؤں کو کراچی کی سیاست اور تنظیمی معاملات میں اہم تجربہ حاصل ہے۔
مزید براں کمیٹی میں شریف خان، نیک محمد، کامران فاروقی، مسعود محمود اور ڈاکٹر یاسر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کمیٹی کی تشکیل کا مقصد تنظیمی فیصلوں میں تیزی اور کارکنوں کے ساتھ براہِ راست رابطے کو مؤثر بنانا ہے، تاکہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے کردار کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی۔
ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق سال 2025ء کے ٹیکس گوشوارے اب 26 اگست تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ سیلز ٹیکس واجبات لازمی طور پر مقررہ تاریخ کے اندر ادا کرنا ہوں گے۔واضح رہے کہ پہلے سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 اگست مقرر تھی، تاہم تاریخ میں توسیع سے فائدہ اٹھانے کے لیے واجب الادا سیلز ٹیکس کی بروقت ادائیگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے 10 ہزار مفت الیکٹرک موٹرسائیکلوں کے منصوبے کا آغاز کر دیا۔
ابتدائی طور پر صنعتوں میں کام کرنے والی خواتین کو یہ موٹرسائیکلیں فراہم کی جائیں گی، جس کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ موٹرسائیکلوں کی تقسیم ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی، 20 سے 45 برس کی صنعتی مزدور خواتین اہل ہوں گی جبکہ اسکیم میں 20 فیصد اقلیتی کوٹہ بھی رکھا گیا ہے۔درخواستیں سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی ویب سائٹ پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اہل خواتین کے لیے لازمی ہے کہ وہ رجسٹرڈ صنعت میں کام کرتی ہوں، 7 سال تک بائیک پاس رکھیں اور ڈرائیونگ لائسنس کے لیے 60 دن کی مہلت دی جائے گی۔
صوبائی وزیر محنت شاہد عبدالسلام تھہیم نے کہا کہ یہ اسکیم چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے اور اس سے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، لاگت میں کمی، حفاظت میں بہتری اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ ملے گا۔
کراچی پولیس نے کورنگی کازوے کے قریب برساتی نالے سے دستی بموں اور گولیوں سے بھرا بیگ برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق مشکوک شاپر سے زنگ آلود 30 بور پستول، ایک ریوالور، 7 دستی بم اور مختلف اقسام کے درجنوں کارتوس ملے ہیں۔ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کسی نے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد سے بھرا بیگ ندی میں پھینکا تھا۔ واقعے کی اطلاع پر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو طلب کیا گیا، جس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ کسی تخریبی کارروائی میں استعمال ہوسکتا تھا، ابتدائی تحقیقات جاری ہیں جبکہ اطراف کے علاقوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔