Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • وزیراعظم کا بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

    وزیراعظم کا بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام میں سے بلوچستان کا حصہ 250 ارب روپے ہوگا، اور ضروری ہے کہ یہ فنڈز مکمل شفافیت کے ساتھ استعمال کیے جائیں۔

    باغی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس میٹنگ میں شرکت کے موقع پر مشکور ہیں اور تمام شرکاء کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 6 اور 7 مئی کو بھارت کی جانب سے کیے گئے حملے کے دوران پاک فوج کی بہادری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے باعث دشمن کو ایسی شکست دی گئی جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان سمیت تمام صوبوں کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ وہ ان واقعات کے خود عینی شاہد ہیں، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرأت مندانہ قیادت میں پاک فوج نے نہ صرف جنگ جیتی بلکہ 1971 کے دکھ کا ازالہ بھی کیا۔ پاکستان نے جب ایٹمی طاقت بننے کا فیصلہ کیا تو پانچ بھارتی دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کیے، اور یہ فیصلہ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کے ہاتھوں کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد کوئٹہ میں مقامی رہنماؤں نے قائداعظم کی قیادت کو تسلیم کیا اور بلوچستان کو پاکستان کا حصہ بنایا۔ اگر کسی کو شکوہ ہے تو اُسے بھائی چارے کے ماحول میں بیٹھ کر حل کرنا چاہیے۔دہشت گرد عناصر پاکستان کے دشمنوں کے آلہ کار ہیں اور ملک کی ترقی کے مخالف ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف مل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اگر کوئی خامی ہے تو وہ بلوچستان کے مشورے سے دُور کی جائے گی۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب نے اپنے حصے سے بلوچستان کو حصہ دیا، جس کی بنیاد پر 2010 میں این ایف سی ایوارڈ پر اتفاق ہوا۔ نواز شریف کے دور میں بلوچستان میں نمایاں ترقی ہوئی اور اب نئے بجٹ میں 250 ارب روپے بلوچستان کے لیے رکھے گئے ہیں۔چند ماہ قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھا کر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے کمی کی گئی، جو تقریباً ڈیڑھ ارب روپے بنی، اور یہ رقم این-25 ہائی وے کی اپ گریڈیشن کے لیے مختص کی گئی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بدامنی اور ترقی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔ بلوچستان کی جغرافیائی وسعت ایسی ہے کہ یہاں ترقی کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ ان کی حکومت بلوچستان کے ساتھ کسی بھی قسم کی معاشی یا سماجی ناانصافی کا تصور بھی نہیں رکھتی۔جو لوگ راہ بھٹک چکے ہیں، انہیں سب کو مل کر واپس لانا ہوگا تاکہ ملک میں مکمل امن اور خوشحالی کا قیام ممکن ہو سکے۔

    کوئٹہ ، کوئلہ کان پر حملہ، قبائلی رہنما بھائی سمیت جاں بحق، 11 افراد زخمی

  • کوئٹہ ،  کوئلہ کان پر حملہ، قبائلی رہنما بھائی سمیت جاں بحق، 11 افراد زخمی

    کوئٹہ ، کوئلہ کان پر حملہ، قبائلی رہنما بھائی سمیت جاں بحق، 11 افراد زخمی

    کوئٹہ کے مضافاتی علاقے ہنہ اوڑک کلی منگل میں مسلح افراد نے کوئلہ کان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما اپنے بھائی سمیت جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنہ اوڑک تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نوید اختر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے دو سگے بھائی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔حملہ آوروں نے کان میں موجود سامان کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔ان کے مطابق حملے کا نشانہ قبائلی رہنما سردار عبدالسلام تھے، جو کوئلہ کان کے مالک اور معروف کاروباری شخصیت ہیں۔ انہیں مبینہ طور پر ایک کالعدم گروہ کی جانب سے بھتے کی دھمکیاں دی گئی تھیں، جس پر انہوں نے متعلقہ پولیس تھانے میں رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔

    بھتہ نہ دینے کی صورت میں ان کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے۔ایس ایچ او نوید اختر کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تعداد 100 سے زائد تھی اور وہ جدید ہتھیاروں سے لیس تھے۔ قبائلی شخصیت کے پہنچنے پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جب کہ حملہ آوروں نے کوئلہ کان کے اردگرد بم بھی نصب کیے تھے، جن کے پھٹنے سے جانی نقصان ہوا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    بلوچستان میں دہشت گرد حملے، بھارت کے ملوث ہونے کے مزید شواہد

  • پاک-بھارت ایٹمی جنگ کو امریکا نے روکا، ٹرمپ کا دعویٰ

    پاک-بھارت ایٹمی جنگ کو امریکا نے روکا، ٹرمپ کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے پاکستان اور بھارت کو ممکنہ جنگ اور ایٹمی تباہی سے بچا لیا۔

    باغی ٹی وی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ "پاک-بھارت کشیدگی سنگین صورتحال اختیار کر سکتی تھی، لیکن ہم نے دونوں ممالک سے بات چیت کر کے امن کی راہ ہموار کی۔ وہ پاکستان اور بھارت کی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور جنگ کی راہ پر چلنے سے گریز کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نہایت خطرناک حد تک پہنچ چکی تھی، تاہم امریکی مداخلت نے تصادم کو ٹال دیا۔ہم ان ممالک سے تجارت نہیں کر سکتے جو ایک دوسرے پر گولیاں برسا رہے ہوں، اس لیے ہم نے تجارتی روابط پر بھی گفتگو کی تاکہ پائیدار امن قائم ہو۔”

    صدر ٹرمپ نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت نے نہ صرف لڑائی روکی بلکہ اب دیگر تنازعات کو بھی سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ امریکا ان دونوں ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات قائم رکھنے کا خواہاں ہے اور خطے میں مستقل امن چاہتا ہے۔

    پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے ٹیکنالوجی اور کاروبار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایلون مسک ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔تاہم انہوں نے اس بیان کی مزید وضاحت نہیں کی۔

    سگریٹ پر ٹیکس لگے گا تو غریب کی پہنچ سے دور ہوگا.تحریر: اقصیٰ جبار

    سگریٹ پر ٹیکس، غریب کی پہنچ سے دوری.تحریر :طارق نویدسندھو

    پاکستان ریلویز کی 11 ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن

  • چین کی قیادت میں نئی بین الاقوامی تنظیم کا قیام، پاکستان سمیت 32 ممالک کی شرکت

    چین کی قیادت میں نئی بین الاقوامی تنظیم کا قیام، پاکستان سمیت 32 ممالک کی شرکت

    چین نے دوست ممالک کے تعاون سے ایک نئی بین الاقوامی ثالثی تنظیم "IOMed” کی بنیاد رکھ دی ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

    باغی ٹی وی کے مطابق ہانگ کانگ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔اس موقع پر چین سمیت 32 دستخط کنندہ ممالک کی نمائندگی موجود تھی۔تقریب میں 80 سے زائد ممالک اور 20 بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، جس سے اس نئی تنظیم کی اہمیت واضح ہو گئی۔

    یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ‘امریکا پہلے’ پالیسی نے موجودہ عالمی نظام کو عدم استحکام سے دوچار کر رکھا ہے۔ہانگ کانگ حکومت نے IOMed کو ایک بین الحکومتی پلیٹ فارم قرار دیا ہے جو بین الاقوامی تنازعات کے حل کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

    اسحاق ڈار نے کنونشن پر دستخط کی تقریب کے انعقاد پر چینی ہم منصب وانگ ای کو مبارکباد پیش کی۔چینی وزیر خارجہ نے بھی تقریب میں شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق، یہ دونوں وزرائے خارجہ کی دس دن میں دوسری ملاقات تھی۔ملاقات میں پاک چین آہنی دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا عزم دہرایا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے باہمی فیصلوں پر عمل درآمد اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔واضح رہے کہ "IOMed” کا قیام عالمی سطح پر پرامن ثالثی کو فروغ دینے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور متبادل تنازعات کے حل کے لیے اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

    تمباکو کی لعنت: میرپورخاص کی ہول سیل مارکیٹوں سے عالمی نقصانات تک.تحریر: سید شاہزیب شاہ

    پاکستان ریلویز کی 11 ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن

    سوراب حملہ، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی شدید مذمت، شہید کو خراج عقیدت

  • پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی ٹیرف پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز

    پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی ٹیرف پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز

    وزارت خزانہ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی ٹیرف (محصولات) کے حوالے سے باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مذاکرات کا آغاز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی تجارتی نمائندے ایمبیسیڈر جیمیسن گریئر کے درمیان ٹیلی فون/ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوا۔دونوں فریقین نے تعمیری ماحول میں باہمی تجارتی محصولات کے حوالے سے اپنے اپنے مؤقف کا تبادلہ کیا۔آئندہ چند ہفتوں میں تکنیکی سطح پر تفصیلی مذاکرات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق دونوں فریقین نے مذاکرات کو جلد از جلد اور کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے کئی ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔پاکستان پر 29 فیصد جوابی ٹیرف عائد ہونے کا امکان تھا، جس سے پاکستان کی برآمدات کو 1.4 ارب ڈالر کا ممکنہ نقصان متوقع تھا۔

    صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر کئی ممالک نے امریکا سے رجوع کیا، جس کے بعد امریکی صدر نے ٹیرف کا نفاذ 90 دنوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔

    پاکستان ریلویز کی 11 ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن

    سوراب حملہ، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی شدید مذمت، شہید کو خراج عقیدت

    ملک بھر میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

  • پاکستان ریلویز کی 11 ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن

    پاکستان ریلویز کی 11 ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن

    پاکستان ریلویز نے مالی سال 2024-25 کے پہلے 11 ماہ میں 83 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے سے 6 ارب روپے زیادہ ہے۔

    باغی ٹی وی کے مطابق پچھلے مالی سال کے ابتدائی 11 مہینوں میں 77 ارب روپے کی آمدن ہوئی تھی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ یہ کامیابی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، ہم پاکستان ریلویز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے ریلویز کی کارکردگی کو بہتری کی طرف گامزن قرار دیا۔

    پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق مسافر ٹرینوں سے آمدن 42 ارب روپے، مال گاڑیوں سے آمدن 29 ارب روپے جبکہ دیگر ذرائع (جیسے پارسل، زمین، اشتہارات سے 12 ارب روپے کی آمدن ریکارڈ ہوئی.تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان ریلویز کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور موجودہ مالی سال کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ درست منصوبہ بندی اور محنت سے قومی اداروں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

    سگریٹ کا پیکٹ، غریب کی جیب میں زہر، قوم کی صحت پر حملہ.تحریر: لائبہ

    سوراب حملہ، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی شدید مذمت، شہید کو خراج عقیدت

    پاکستان میں تمباکو نوشی کا سنجیدہ مسئلہ.تحریر:حنا سرور

  • سوراب حملہ، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی شدید مذمت، شہید کو خراج عقیدت

    سوراب حملہ، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی شدید مذمت، شہید کو خراج عقیدت

    بلوچستان کے ضلع سوراب میں معصوم شہریوں، بینک اور انتظامیہ کے افسران پر ہونے والے دہشتگرد حملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شدید مذمت کی ہے۔

    باغی ٹی وی کے مطابق حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی شہید ہو گئے، جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔وزیراعظم نے دہشتگردی کے اس واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

    انہوں نے شہید ہدایت اللہ بلیدی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی، پوری قوم ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔شرپسند عناصر کا معصوم شہریوں اور ان کی املاک پر حملہ ان کی عوام دشمن اور بلوچستان دشمن سوچ کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

    انہوں نے کہادہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، افواجِ پاکستان بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی پھیلانے والوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کر رہی ہیں۔ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”وزیراعظم نے واقعے کے ذمہ داران کی فوری نشاندہی اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کی ہدایت کی۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سوراب میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہدایت اللہ بلیدی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید افسر نے جان دے کر فرض شناسی اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ ہم شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    انہوں نے دہشتگردوں کو "فتنہ الہندوستان” قرار دیتے ہوئے کہا یہ عناصر ریاستی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں۔ انہیں ڈھونڈ کر عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ دشمن سافٹ اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے کیونکہ وہ ہر محاذ پر شکست کھا چکا ہے۔”

    سگریٹ پر ٹیکس: غریب کی صحت کا تحفظ یا معاشی بوجھ؟تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی

    پاکستان کی شاندار فتح، بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست

    مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز، 15 لاکھ سے زائد عازمین کی شرکت

    شدید گرمی اور ذہنی صحت، عالمی منصوبہ بندی میں اہم پہلو نظر انداز

  • ملک بھر میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    ملک بھر میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں آر سی ڈی شاہراہ پر ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    باغی ٹی وی کے مطابق وزیرآباد میں گیمن پل کے قریب مسافر بس نے موٹرسائیکل سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا، دونوں جاں بحق ہو گئے۔چوبارہ میں مسافر وین اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ٹیکسلا میں بدر موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے ایک خاتون کو کچل دیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    ادھر ڈہرکی میں قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا.مٹیاری میں قومی شاہراہ پر آموں سے بھرا ہوا مزدا الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت نازک ہونے پر انہیں حیدرآباد ریفر کیا گیا، جبکہ باقی کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    مردان میں چارسدہ روڈ پر تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ٹریفک پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرنے اور تیز رفتاری سے گریز کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ان المناک حادثات سے بچا جا سکے۔

    پاکستان کی شاندار فتح، بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست

    پنجاب تنظیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات، کمیٹی میں ترمیم، نیا نوٹیفکیشن جاری

    مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز، 15 لاکھ سے زائد عازمین کی شرکت

    شدید گرمی اور ذہنی صحت، عالمی منصوبہ بندی میں اہم پہلو نظر انداز

  • پاکستان کی شاندار فتح، بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست

    پاکستان کی شاندار فتح، بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست

    پاکستان نے ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن 0-2 برتری حاصل کرلی۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں مکمل برتری ثابت کی۔پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز کچھ خاص نہ تھا اور صائم ایوب صرف 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے شاندار شراکت قائم کی۔

    صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی (6 چھکے، 4 چوکے)،محمد حارث نے 41 رنز بنائے (25 گیندیں، 4 چوکے، 2 چھکے)،حسن نواز نے صرف 25 گیندوں پر ناقابل شکست 51 رنز بنائے (3 چھکے، 2 چوکے) جبکہ سلمان آغا 19 اور شاداب خان 7 رنز بنا سکے.پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور تنظیم حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رشاد حسین کے حصے میں ایک وکٹ آئی.

    202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بیٹرز ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار نظر آئے۔اوپنر تنزید حسین نے 33 رنز بنائےتنظیم حسن نے آخری لمحات میں مزاحمت کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 50 رنز بنائے (1 چوکا، 5 چھکے)تاہم باقی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور صرف 19 رنز دیےجبکہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاداب خان، خوشدل شاہ، صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،پاکستان نے زبردست ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔

    مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز، 15 لاکھ سے زائد عازمین کی شرکت

    شدید گرمی اور ذہنی صحت، عالمی منصوبہ بندی میں اہم پہلو نظر انداز

    پی پی 52 ضمنی انتخاب: انتخابی مہم پر 30 مئی کی رات 12 بجے سے مکمل پابندی

  • پنجاب تنظیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات، کمیٹی میں ترمیم، نیا نوٹیفکیشن جاری

    پنجاب تنظیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات، کمیٹی میں ترمیم، نیا نوٹیفکیشن جاری

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی معاملات چلانے کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں ترمیم کر دی ہے، اختلافات کے بعد نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب تنظیم کی قیادت کے معاملے پر پی ٹی آئی مخمصے کا شکار ہو گئی تھی۔ دو روز قبل بنائی گئی ابتدائی کمیٹی پر پارٹی کے اندر سخت تحفظات اور اختلافات سامنے آئے تھے، خاص طور پر عالیہ حمزہ ملک کو شامل نہ کیے جانے پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

    نئے نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ارکان میں سلمان اکرم راجہ،عمر ایوب خان،عالیہ حمزہ ملک،احمد خان بچھر،میاں اکرم عثمان،رائے حسن نواز،عون عباس بپی، احمد چھٹہ اور ملک تیمورشامل ہیں.یہ نیا نوٹیفکیشن ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 2 روز قبل بنائی گئی ابتدائی کمیٹی میں کچھ سینئر رہنماؤں کو شامل نہ کیے جانے پر اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔خاص طور پر عالیہ حمزہ ملک کی غیر شمولیت پر پارٹی کے اندرونی حلقوں میں ناراضی پائی گئی۔شدید ردعمل اور تنظیمی بے چینی کے بعد بالآخر مرکزی قیادت نے کمیٹی میں ترمیم کر دی۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ترمیم اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پی ٹی آئی کو اندرونی سطح پر تنظیمی استحکام اور ہم آہنگی کے چیلنجز کا سامنا ہے، خاص طور پر پنجاب جیسے اہم صوبے میں جہاں سیاسی داؤ پیچ کی شدت سب سے زیادہ ہے۔مزید پیش رفت اور پارٹی کے اندرونی معاملات کی تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

    تمباکو کے خلاف آواز اٹھائیں، اور اپنے کل کو بچائیں۔تحریر:نورفاطمہ

    مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز، 15 لاکھ سے زائد عازمین کی شرکت

    پی پی 52 ضمنی انتخاب: انتخابی مہم پر 30 مئی کی رات 12 بجے سے مکمل پابندی

    وفاقی ترقیاتی بجٹ 2025-26، ایک ہزار ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان