Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • ایف آئی اے  کی کارروائی: انسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 بدنام زمانہ ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے کی کارروائی: انسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 بدنام زمانہ ملزمان گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور زون نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے 4 بدنام زمانہ اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتاریاں لاہور اور شیخوپورہ میں کی گئی ہیں۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں عمیر رفیق، محمد یوسف، شاہد رسول اور نوریز صادق شامل ہیں۔ یہ افراد بیرون ملک ملازمت اور ویزے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیا چکے ہیں۔عمیر رفیق نے کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ دے کر 1 کروڑ روپے ہتھیائے۔محمد یوسف اور شاہد رسول نے ایک شہری سے کینیڈا کا جعلی وزٹ ویزہ دے کر 40 لاکھ روپے بٹورے۔نوریز صادق نے بیرون ملک ملازمت کا لالچ دے کر 11 لاکھ روپے لیے۔

    اہم انکشاف یہ بھی ہوا ہے کہ ملزم نوریز صادق لاہور ٹریفک پولیس میں بطور وارڈن ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا، جس سے اداروں کے اندر بھی ایسے عناصر کی موجودگی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ایف آئی اے نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے فراڈ سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک پیشکش کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔

    پی ٹی اے اور سائبر کرائم ایجنسی کا کلون شدہ موبائل فونز کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 افراد گرفتار

    ٹرمپ کا بڑا فیصلہ؛ یورپی یونین کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف نافذ ہوگا

    سیالکوٹ: عدالت کا بڑا فیصلہ،بھائی کے قاتل کو سزائے موت کا حکم

  • پی ٹی اے اور سائبر کرائم ایجنسی کا کلون شدہ موبائل فونز کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 افراد گرفتار

    پی ٹی اے اور سائبر کرائم ایجنسی کا کلون شدہ موبائل فونز کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 افراد گرفتار

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ساتھ مل کر آئی ایم ای آئی ٹیمپرنگ اور کلون شدہ موبائل فونز کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔

    ترجمان پی ٹی اے کے مطابق زونل آفس ایبٹ آباد نے این سی سی آئی اے کے تعاون سے مانسہرہ میں لاری اڈہ اور صوفی ہوٹل کے قریب واقع موبائل فون مرمت کی دکانوں پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے میں استعمال ہونے والے کمپیوٹرز اور مخصوص سافٹ ویئرز قبضے میں لے لیے گئے جبکہ موقع پر موجود 6 افراد کو گرفتار کر کے مزید کارروائی کے لیے این سی سی آئی اےکے حوالے کر دیا گیا۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ آئی ایم ای آئی کی غیرقانونی ٹیمپرنگ اور کلون شدہ موبائل فونز کی ترسیل قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے لیے خطرہ ہے، کیونکہ یہ جرائم پیشہ عناصر کو فائدہ پہنچانے کا ذریعہ بنتے ہیں، جن میں سائبر کرائم، اغواء، مالی دھوکا دہی اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مؤثر کارروائی کر سکیں۔ پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

    لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 203 رنز کا ہدف

    ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبا پر پابندی، چین کا شدید ردعمل

  • ٹرمپ کا بڑا فیصلہ؛ یورپی یونین کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف نافذ ہوگا

    ٹرمپ کا بڑا فیصلہ؛ یورپی یونین کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف نافذ ہوگا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین پر تجارتی دباؤ بڑھاتے ہوئے یکم جون سے اس کی مصنوعات پر 50 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔

    خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یورپی یونین سے آنے والی اشیا پر براہ راست 50 فیصد ٹیرف کی سفارش کی ہے، جو یکم جون سے نافذ العمل ہوگا۔ٹرمپ نے یورپی یونین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد دراصل امریکا سے تجارتی فائدہ اٹھانے کے مقصد کے تحت قائم کیا گیا تھا، اور امریکا کے لیے یورپی یونین کے ساتھ تجارت کرنا ہمیشہ ایک مشکل چیلنج رہا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ امریکی مصنوعات کے تحفظ اور تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے مختلف ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کر چکے ہیں۔ حالیہ فیصلے کو تجارتی جنگ کے ایک اور مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے یورپی مارکیٹ اور عالمی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

    لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 203 رنز کا ہدف

    ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبا پر پابندی، چین کا شدید ردعمل

  • لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ 10 کے فائنل میں پہنچ گئی

    لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ 10 کے فائنل میں پہنچ گئی

    قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے ایلیمینیٹر مقابلے میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے بھاری فرق سے شکست دے دی۔

    اسلام آباد کی ٹیم لاہور کی طرف سے دیے گئے 203 رنز کے ہدف کو حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان 26 اور سلمان علی آغا 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، رشاد حسین اور سلمان نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

    اس سے قبل لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 202 رنز اسکور کیے۔قلندرز کے کوشل پریرا 61 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ محمد نعیم نے 50 اور عبداللہ شفیق نے 25 رنز بنائے۔اسلام آباد کی طرف سے ٹائمل ملز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سلمان ارشاد نے دو، جبکہ عماد وسیم اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    لاہور قلندرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی، زمان خان کی جگہ رشاد حسین کو شامل کیا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین تبدیلیاں کیں، ٹیم میں حیدر علی، محمد شہزاد اور ٹائمل ملز کو شامل کیا گیا۔

    گوجرانوالہ: ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کی جامع مسجد عمر فاروق میں کھلی کچہری

    کولکتہ ،مودی کے جنگی جنون کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج، بی جے پی کا مظاہرین پر حملہ

  • ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    ملک بھر میں آج سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط خالص سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 500 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 51 ہزار روپے ہو گئی ہے۔اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار روپے مہنگا ہو کر 2 لاکھ 97 ہزار 925 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 750 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 75 ہزار 857 روپے تک جا پہنچی۔

    چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 38 روپے بڑھ کر 3 ہزار 466 روپے کی ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی 33 روپے اضافے سے 2 ہزار 971 روپے میں فروخت ہوئی۔رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے، جہاں فی اونس سونا 35 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 3 ہزار 326 ڈالر پر جا پہنچا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی تھی، جب 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 1 ہزار 900 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 47 ہزار 500 روپے پر آ گئی تھی۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی میں اضافہ اور کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ عوام اور سرمایہ کاروں کی نظریں اب اگلے چند دنوں میں ممکنہ رجحانات پر مرکوز ہیں۔

    گوجرانوالہ: ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کی جامع مسجد عمر فاروق میں کھلی کچہری

    کولکتہ ،مودی کے جنگی جنون کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج، بی جے پی کا مظاہرین پر حملہ

  • ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبا پر پابندی، چین کا شدید ردعمل

    ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبا پر پابندی، چین کا شدید ردعمل

    چین نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبا کے داخلے پر پابندی کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    چینی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو "تعلیم دشمنی پر مبنی سیاست” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ امریکا کی عالمی تعلیمی قیادت کو نقصان پہنچائے گا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ غیر ملکی طلبا پر پابندی کا فیصلہ امریکا کی خود ساختہ کمزوری اور بند ذہنیت کا مظہر ہے، جو تعلیمی، سفارتی اور انسانی سطح پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ اس فیصلے سے عالمی تعلیمی تعاون پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر بھی چینی شہریوں کی جانب سے اس فیصلے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر ہارورڈ عالمی ذہانت کو راغب کرنے کا دروازہ بند کر دے گا، تو کیا وہ اپنی اعلیٰ ساکھ برقرار رکھ سکے گا؟ ، ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کی اربوں ڈالرز کی امداد روکنے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی طلبا اور عملے پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یونیورسٹی کیمپس میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ملوث ہیں اور ان میں سے بعض افراد کے مبینہ روابط چین کے ان اداروں سے ہیں جو امریکا میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بلیک لسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    امریکی محکمہ داخلی سلامتی کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی کے پیش نظر اُٹھایا گیا ہے۔ بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہارورڈ کے کچھ طلبا اور عملہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور عسکری تحقیق میں شامل اداروں سے منسلک ہیں۔ادھر چین کے علاوہ دیگر ممالک نے بھی اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ہزاروں اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند طلبا کو غیر یقینی کا شکار کر رہا ہے۔میڈٍیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی طلبا نے اس اقدام کو تعلیمی نہیں بلکہ سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کے تعلیمی اداروں میں چینی طلبا کی تعداد 2009 سے اب تک سب سے زیادہ رہی ہے، تاہم حالیہ برسوں میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔ اس کا ایک نمایاں سبب ٹرمپ کی پہلی مدتِ صدارت میں شروع کیا گیا “چائنا انیشی ایٹو” تھا، جو شدید تنقید کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے امریکا کی تعلیمی برتری، بین الاقوامی ساکھ اور چین کے ساتھ تعلقات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ عالمی تعلیمی برادری بھی اس پالیسی پر تحفظات کا اظہار کر رہی ہے۔

    گوجرانوالہ: سی پی او نے مختلف تھانوں میں کھلی کچہریاں لگا کر شہریوں کی شکایات سنی

    104 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور، خلائی مشن اور قمری گاڑی منصوبے بھی شامل

  • کولکتہ ،مودی کے جنگی جنون کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج، بی جے پی کا مظاہرین پر حملہ

    کولکتہ ،مودی کے جنگی جنون کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج، بی جے پی کا مظاہرین پر حملہ

    بھارتی شہر کولکتہ میں ہزاروں افراد نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے جنگی جنون اور انتہا پسندانہ پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ نفرت پر مبنی سیاست کو ترک کرے اور پاکستان سے تمام مسائل سفارتی طریقے سے حل کرے۔احتجاج میں شریک افراد نے "امن چاہیے، جنگ نہیں” جیسے نعرے لگائے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اشتعال انگیز پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔احتجاج کے دوران بی جے پی کے کارکنوں نے ریلی کے شرکاء پر حملہ کیا، مظاہرین کو مارا پیٹا، دھکے دیے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس پر مظاہرین نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ادھر کانگریس کے ایک سینئر رہنما نے مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ کیا واقعی پاکستانی ساختہ 15 ہزار روپے مالیت کے ڈرونز پر 15 لاکھ روپے کے میزائل داغے گئے؟ انہوں نے اس حوالے سے حکومت سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

    واضح رہے کہ یہ احتجاج انسانی حقوق کی تنظیموں، کمیونسٹ پارٹیوں اور سول سوسائٹی کے اتحاد کی جانب سے دی گئی کال پر منعقد کیا گیا، جس کا مقصد بھارت میں بڑھتے ہوئے عسکری رجحانات اور پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات پر عوامی سطح پر آواز بلند کرنا تھا۔

    سیالکوٹ: پی ٹی آئی تنظیمی امور بہتر بنانے کے لیے ڈار برادران کو ذمہ داریاں تفویض، ریحانہ ڈار

    نجی ٹور آپریٹرز کی غفلت سے ہزاروں پاکستانی حج سے محروم، وزیر مذہبی امور

    23 اور 24 مئی کو آندھی، گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

  • 104 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور، خلائی مشن اور قمری گاڑی منصوبے بھی شامل

    104 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور، خلائی مشن اور قمری گاڑی منصوبے بھی شامل

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 104 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

    وزارت منصوبہ بندی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں 96 ارب روپے کے 3 بڑے منصوبے قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کو بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ 8 ارب روپے مالیت کے 4 منصوبے سی ڈی ڈبلیو پی نے خود منظور کر لیے۔اعلامیے کے مطابق صنعت و تجارت کے 2 منصوبے بھی منظور کیے گئے، جن میں "1000 سلائی یونٹس فیز 2” شامل ہے جس کی لاگت 1.95 ارب روپے ہوگی۔ اس کے علاوہ ایس ایم ای فیسیلیٹیشن سینٹرز کی زمین کی خریداری کے لیے 1.25 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    ایک اہم پیش رفت میں، پاکستان کی پہلی قمری گاڑی منصوبے کے لیے 2.53 ارب روپے جبکہ انسان بردار خلائی مشن منصوبے کے لیے 2.24 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے، جو ملکی خلائی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گے۔مزید برآں، سندھ میں سڑکوں کے بڑے منصوبے بھی ایکنک کو ارسال کیے گئے ہیں، جن میں سانگھڑ تا روہڑی سڑک کی تعمیر پر 36.91 ارب روپے اور روہڑی تا گڈو بیراج نئی سڑک کے منصوبے شامل ہیں۔ مہران ہائی وے کو نواب شاہ تا راجن پور دو رویہ بنانے کا 41 ارب روپے کا منصوبہ بھی ایکنک کو بھیجا گیا ہے۔

    اجلاس کے دوران وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تمام منصوبوں کی لاگت کو مارکیٹ ریٹس کے مطابق رکھنے کی ہدایت دی تاکہ وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

    وفاقی بجٹ اب 10 جون کو پیش کیا جائے گا، آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری

    23 اور 24 مئی کو آندھی، گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

  • نجی ٹور آپریٹرز کی غفلت سے ہزاروں پاکستانی حج سے محروم، وزیر مذہبی امور

    نجی ٹور آپریٹرز کی غفلت سے ہزاروں پاکستانی حج سے محروم، وزیر مذہبی امور

    وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی غفلت اور تاخیر کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی اس سال حج پر جانے سے محروم رہ جائیں گے۔

    باغی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے نجی شعبے کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو اس سال ایک لاکھ 79 ہزار حجاج کا کوٹہ ملا تھا، جسے برابر سرکاری اور نجی شعبے میں تقسیم کیا گیا۔ سرکاری اسکیم کے تحت تمام امور وزارت مذہبی امور خود انجام دیتی ہے، جبکہ نجی شعبے کو بھی بروقت انتظامات کرنا تھے، جو کہ نہ ہو سکے۔

    وزیر مذہبی امور کے مطابق، سعودی حکومت نے نجی شعبے کو 14 فروری تک 25 فیصد رقم جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، جس میں بعد ازاں ایک ہفتے کی مزید مہلت دی گئی، لیکن اس مہلت کو بھی نظر انداز کر دیا گیا۔ جب وزارت کو اس کوتاہی کا علم ہوا تو سعودی حکام سے مزید مہلت کی درخواست کی گئی، تاہم سعودی پالیسی بین الاقوامی نوعیت کی ہوتی ہے جس میں نرمی ممکن نہ تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ حکومت کی کوششوں سے نجی شعبے کو 10 ہزار کا نیا کوٹہ دیا گیا ہے، اور اس سال نجی شعبے سے مجموعی طور پر 25 ہزار 698 عازمین حج پر جا سکیں گے۔وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم انکوائری کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے، اور سفارشات کی روشنی میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    سردار یوسف کے مطابق 31 مئی تک حج پروازیں جاری رہیں گی۔ سرکاری کوٹے کے تحت جانے والے عازمین عزیزیہ میں رہائش پذیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام حجاج کو یکساں سہولتیں فراہم کرنے کیلئے متعلقہ کمپنیوں کو مکمل انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    وفاقی بجٹ اب 10 جون کو پیش کیا جائے گا، آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری

    23 اور 24 مئی کو آندھی، گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

  • وفاقی بجٹ اب 10 جون کو پیش کیا جائے گا، آئی ایم ایف سے مذاکرات  جاری

    وفاقی بجٹ اب 10 جون کو پیش کیا جائے گا، آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری

    وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق وفاقی بجٹ 2025-2024 کی پیشی کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے، اور اب یہ بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    باغی ٹی وی کے مطابق اس سے قبل بجٹ 2 جون کو پیش کیے جانے کا امکان تھا۔ترجمان کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد بجٹ کی تیاری کو مکمل اور جامع بنانا ہے، تاکہ تمام مالی امور کو بہتر انداز میں حتمی شکل دی جا سکے۔ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج یہ مذاکرات مکمل ہو سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں صنعتوں پر ٹیکسوں کی شرح میں کمی کی تجاویز پر بھی پیشرفت کا امکان ہے، جبکہ نئے مالی سال کے لیے دفاعی بجٹ میں ممکنہ اضافے پر بھی بات چیت جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومتی اخراجات میں کمی سے متعلق ورکنگ بھی فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بوجھ کم کرنے کے لیے کوشاں ہے، اور صنعتی شعبے پر ٹیکسوں میں کمی کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔ ٹیکس آمدن اور نان ٹیکس آمدن میں اضافہ کرنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔

    زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی کے نئے فریم ورک پر بھی مذاکرات میں غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے صوبوں کی آمدن میں اضافہ کرنے سے متعلق پلان بھی آئی ایم ایف کو پیش کر دیا ہے۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف وفد کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج کی توقع ہے۔ وفد نے وزیراعظم، صدر اور نائب وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، جبکہ اسلام آباد میں معاشی ٹیم کے ساتھ مذاکرات گزشتہ پانچ روز سے جاری ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ مذاکرات ماہ جون تک جاری رہ سکتے ہیں۔

    منفرد اداکار محمد سعید خان المعروف رنگیلا .تحریر : راحین راجپوت

    ورک فرام ہوم .تحریر:عائشہ ندیم

    ٹیکس چوری قطعاً قابل قبول نہیں،وزیراعظم سے چیمبر آف کامرس کے صدور سے ملاقات