کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد نے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت کو سمجھتے ہیں مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ آزادی اظہار پر پابندی کی سوچ نہیں لیکن سوشل میڈیا کے لیے قواعد وضوابط کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی، ایف بی آر کی ڈیجٹیلائزیشن حکومت کی ترجیحات ہیں۔ حکومت ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کا عمل کر رہی ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ اخراجات میں کمی حکومت کی اولین تجیح ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق ڈسکوز کی نجکاری اور بجلی چوی روکنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔
Author: صدف ابرار
-

میثاق معیشت کے لیے تمام جماعتوں کوحکومت کاساتھ دینا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہےکہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے۔میثاق معیشت کے لیے تمام جماعتوں کوحکومت کاساتھ دینا ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کانوڈیرو میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ عوام نےووٹ گالم گلوچ کرنےکیلئےنہیں دیا، اپوزیشن کے دوستوں کوبھی اپنی ذمہ داری کااحساس ہوناچاہئے انھیں بھی اپناذمہ دارانہ کرداراداکرناچاہئے۔ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے۔میثاق معیشت کے لیے تمام جماعتوں کوحکومت کاساتھ دینا ہوگا۔ان کاکہنا تھا کہ ہم نےعوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔
ا نہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کو اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا ہوگا، عدالتی اصلاحات پر کام کرکے عام آدمی کو انصاف دلایاجاسکتا ہے۔ انتخابات میں عوام نے سیاسی جماعتوں کو پیغام دے دیا ہے، عوام نے کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں دی، عوامی چاہتے ہیں کہ سارے مل کر مسائل کا حل نکالیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، مسائل کےحل میں منتخب نمائندوں کا اہم کردار ہے، منتخب نمائندے عوامی ضرورتوں کے مطابق مشاورت سے منصوبے ترتیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مینڈیٹ دینے پر عوام کے مشکور ہیں، پاکستان معاشی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں مشکل میں ہے۔ -

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی کے فزیکل ٹکٹوں کی فروخت ہفتے سے شروع ہوگی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت 6 اپریل سے شروع ہوگی۔ ٹکٹیں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کراچی میں مختلف ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔اس کے علاوہ پہلے سے بک شدہ آن لائن ٹکٹیں بھی انہی مراکز سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔واضح رہے کہ اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت صرف درست فزیکل ٹکٹ کے ساتھ دی جائے گی جبکہ ای ٹکٹ اور ٹکٹ کی فوٹو کاپی قبول نہیں کی جائے گی۔ایک صارف کو ہر میچ کےلیے ایک شناختی کارڈ پر 10 ٹکٹ تک خریدنے کی اجازت ہے۔ شائقین صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ایکسپریس سینٹرز سے ٹکٹ خود حاصل یا خرید سکتے ہیں۔
-

وزیرخارجہ اسحاق ڈارنےکابینہ کی نجکاری کمیٹی کاپہلا اجلاس کل طلب کرلیا۔
کابینہ نجکاری کمیٹی کےاجلاس میں2 نکاتی ایجنڈے پرغورکیاجائے گا۔ اجلاس میں نجکاری پالیسی کی تشکیل کی سمری پیش کی جائے گی۔ نجکاری پروگرام کی موجودہ صورتحال کاجائزہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں نجکاری کےجاری پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نےآئی ایم ایف کونجکاری پروگرام پرکام تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق اس وقت 25ادارے نجکاری کی فعال فہرست میں شامل ہیں۔ ہوا بازی شعبےکا ایک پی آئی اے نجکاری فہرست میں شامل ہے، فناننشل اورریئل اسٹیٹ سےمتعلق 4,4 ادارے نجکاری کےجاری پروگرام میں شامل ہیں، انڈسٹریل سیکٹرکے2 ادارے جاری نجکاری پروگرام کا حصہ ہیں، توانائی شعبےکے14 ادارے نجکاری کی فعال فہرست میں شامل ہیں، نجکاری کےجاری پروگرام میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن شامل ہے۔ بلوکی،حویلی بہادر،گدو اورنندی پورپاورپلانٹس جاری نجکاری پروگرام کاحصہ ہیں ۔ تمام10سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیاں فعال نجکاری فہرست میں شامل ہیں۔ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن،فرسٹ ویمن بینک بھی نجکاری فہرست میں شامل ہیں۔ پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجنئیرنگ لمیٹڈ فہرست میں شامل ہیں۔
-

سی آر ڈی کا وزیر خزانہ کو خط میں فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی
سینٹر فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ (سی آر ڈی) نے ملک کے ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ملٹی نیشنل سگریٹ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر خزانہ کو لکھے گئے خط میں سی آر ڈی نے سگریٹ کمپنیوں کے ذریعہ ٹیکس کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔یہ خط ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب وزارت خزانہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ٹیکس مشینری میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔وزیر خزانہ کو لکھے گئے خط میں فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس میں ملوث کمپنیوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ملٹی نیشنل سگریٹ کمپنیوں نے اسی برانڈ کے نئے ورژن متعارف کروائے ہیں۔قوانین کے مطابق، سگریٹ کا کوئی بھی مینوفیکچرر یا درآمد کنندہ سگریٹ برانڈ کا کوئی بھی ایسا نیا ورژن متعارف یا فروخت نہیں کر سکتا ہے جس کی قیمت اسی برانڈ فیملی میں موجود سگریٹ برانڈ سے کم رکھی گئی ہو۔اس کے باوجود، پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے ایک نیا برانڈ کیپسٹن انٹرنیشنل لانچ کیا ہے، جس کی قیمت 164 روپے ہے، جو اس کے موجودہ فیملی برانڈ کیپسٹن بائی پال مال سے کم ہے، جس کی قیمت 212 روپے ہے۔
سینٹر فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے ڈائریکٹر امجد قمر نے اس خلاف ورزی کے مضمرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ سگریٹ کو مزید سستا بنانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے جو کہ صحت عامہ کے لیے نقصان دہ ہے اور مبینہ طور پر پاکستان میں سالانہ 337500 افراد تمباکو سے متعلقہ بیماریوں کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔وزیر خزانہ کو لکھے گئے اپنے خط میں انہوں نے اس مسئلے کو حل کرنے اور ٹیکس قوانین کی افادیت کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی پر زور دیا ہے جس کا مقصد صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ -

عثمان خان ای سی بی ایونٹس میں پانچ سال تک شرکت نہیں کر سکے گے
عثمان خان کو ای سی بی ایونٹس میں پانچ سال تک شرکت سے روک دیا گیا۔ بلے باز عثمان خان پر ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے واجب الادا اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا ہے۔ عثمان نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے لیے کھیلنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں ای سی بی کے سامنے غلط بیانی کی اور ای سی بی کی جانب سے انہیں فراہم کیے گئے مواقع کا استعمال کرتے پایا گیا ،
عثمان نے اس سال کے شروع میں ECB کی منظور شدہ انٹرنیشنل لیگ T20 سیزن 2 میں متحدہ عرب امارات کی کیٹیگری میں بطور مقامی کھلاڑی حصہ لیا تھا۔ ECB نے عثمان کے ساتھ ایک سال کی مدت کے لیے ECB روزگار کا معاہدہ بھی کیا۔ یہ اسے سیکیورٹی فراہم کرنے اور اس کی اہلیت کے معیار کو پورا کرنے کی اجازت دینے کے لیے کیا گیا تھا جس سے وہ بین الاقوامی کرکٹ میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کر سکیں گے۔عثمان نے ای سی بی پر واجب الادا اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے اور اس وجہ سے اسے ای سی بی سے منظور شدہ ٹورنامنٹس/لیگوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں کونسلز/اکیڈمیوں کے زیراہتمام پانچ سال کی مدت کے لیے منعقد ہونے والے مقامی ایونٹس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ -

اسلام آباد ہائی کورٹ کا زین قریشی کے نام کو ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
عدالت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور نو فلائی لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) امیگریشن کو زین قریشی کا پاسپورٹ جاری کرنےکی ہدایت کردی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے زین قریشی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ مسئلہ کیا ہے؟وکیل علی بخاری نے کہا کہ بیرون ملک جانا ہے لیکن کہتے ہیں پاسپورٹ ایکسپائر ہو گیا ہے، ڈی جی امیگریشن کو ہدایات دی جائیں کہ نیا پاسپورٹ جاری کیا جائے، زین قریشی کا نام نو فلائی لسٹ اور ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت بھی کی جائے۔عدالت نے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس کرکے 29 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔
-

کورکمانڈر ہیڈکوارٹرز میں افطار کا اہتمام، بیرسٹر سیف نے وضاحت دے دی
اے این پی کے ترجمان کے بیان کے رد عمل میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کورکمانڈر ہیڈکوارٹرز میں افطار کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں عسکری حکام کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے پی اور کابینہ کی میٹنگ ہوئی اور حکام نے انہیں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ کورکمانڈر ہیڈکوارٹرز میں کابینہ کا باضابطہ اجلاس نہیں ہوا بلکہ الیون کور میں افطار کی دعوت روایات کے مطابق قبول کی۔ان کا کہنا تھاکہ الیون کور میں سکیورٹی معاملات سے متعلق بریفنگ روم مختص ہے، سکیورٹی صورتحال پر فوج سے فعال رابطوں اور تعاون پر یقین رکھتے ہیں، سکیورٹی بریفنگ کے بعد سوال وجوابات کا سیشن بھی ہوا۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیشن سے خطاب بھی کیا اور سکیورٹی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر بات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی فوج کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے تو کیا بھارتی فوج کے ساتھ بیٹھیں گے؟ چند لوگ افواہیں پھیلا کر اپنی سیاست دوبارہ زندہ کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔خیال رہے کہ خبریں زیرگردش تھیں کہ کورکمانڈر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اجلاس ہوا ہے اور صوبائی حکومت نے صوبے کے معاملات پر عسکری قیادت کو بریفنگ دی تھی۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ تحریک انصاف کور کمانڈر ہاؤس میں کابینہ اجلاس پر فوری وضاحت دے کیونکہ تاریخ میں کبھی ایسے نہیں ہوا کہ کابینہ کا اجلاس کسی کور کمانڈر ہاؤس میں ہوا ہو۔ -

وزیر اعظم کا چینی باشندوں کی سکیورٹی کے اجلاسوں کا ہر ماہ خود جائزہ لینے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیکیورٹی اور امن سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت داخلہ نے سیکیورٹی صورتحال اور وزارت کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سیکیورٹی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ چینی شہریوں کی جامع سیکیورٹی پروفائلز بنائیں اور ایس او پیز کے مطابق آڈٹ کے لیے چیک لسٹ تیار کریں۔یہ فیصلہ پاکستان بھر میں مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کے درمیان سامنے آیا ہے، خاص طور پر حالیہ واقعات کی روشنی میں۔ حکومت کا مقصد ملک میں ترقیاتی منصوبوں میں حصہ ڈالنے والے تمام غیر ملکی شہریوں کی حفاظت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو صوبائی انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹس کی بہتری کے لیے صوبوں سے تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کے دوران شہباز شریف نے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے اجلاسوں کا ہر ماہ خود جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے اجلاسوں کا ہر ماہ خود جائزہ لینے کا فیصلہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں اسلام آباد سے داسو میں موجود ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کی تعمیراتی سائٹ پر جاتے ہوئے بس پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں 5 چینی انجینئرز اور ان کے پاکستانی ڈرائیور کی ہلاکتوں کے ایک ہفتے کے بعد سامنے آیا ہے۔اس حملے کے بعد چین نے دھماکے کی مکمل تحقیقات اور اپنے شہریوں کی حفاظت کا مطالبہ کیا تھا جب کہ اس کے جواب میں پاکستان نے ’مجرموں اور سہولت کاروں‘ کی گرفتاری کے لیے فوری تحقیقات کا اعلان کیا تھا، چینی تفتیش کار بھی تحقیقات میں شامل ہونے پہنچ چکے ہیں۔ -

اہلیہ کے ساتھ ناچاقی ، باپ نے بچوں اور بیوی کو زہر دے کر 4 بچوں کی جان لے لی
ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے چک 520 گ ب میں گھر میں زہر آلود چائے پینے کے نتیجے میں چار بہن بھائی جاں بحق ہوگئے. ماں اور ایک بیٹی کی حالت نازک ہے بچوں کے باپ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ صدر کی حدود میں واقع گاؤں چک نمبر 520 گ ب میں مبینہ طور پر زہر ملی ہوئی چائے سے ماں اور اس کے 5 بچوں کی حالت خراب ہو گئی۔ 18سالہ مدیحہ،17 سالہ ثانیہ، 10 سالہ اقرا اور 7 سالہ علی حسن چائے پینے سے جاں بحق ہو گئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج اقصیٰ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بچوں کی والدہ نادیہ بی بی کی حالت اب بھی خطرے میں ہے۔ پولیس نے بچوں کے باپ اصغر کو گرفتار کر لیا ہے۔ بچوں کی والدہ نادیہ بی بی نے پولیس کو بتایا کہ چائے میں ان کے شوہر نے زہر ملایا ہے۔ چائے پینے کے بعد سب کی حالت غیر ہو گئی تھی۔ نادیہ بی بی نے بتایا کہ ان کا شوہر اصغر بیٹیوں کے رشتے کے باعث آئے روز گھر میں جھگڑا کرتا تھا والد اصغر کا کہنا تھا کہ مجھے کام پر خبر ملی کہ بیوی اور بچوں نے زہر کھا لیا ہے۔
ملزم اصغر نے پولیس کی ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ اس کی بیوی، بچوں نے باہر سے کچھ نہیں کھایا ۔ اس نے تسلیم کیا کہ بیوی کے ساتھ بیٹی کے رشتے کے تنازعے پر لڑائی ہوئی تھی۔ آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے اس کیس کی خود نگرانی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے متاثرین کو علاج کی بہتر سہولیات دلوانے کے لئے اس کیس سے متعلق پولیس اہلکاروں کو ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ میں رہنے کا حکم دیا ۔ ایس پی انوسٹی گیشن ملک ظفر عباس ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سمیر علی اور اے ڈی سی جی ذیشان لبھا بھی ہسپتال پہنچ گئے۔ میبنہ زہر خورانی کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی ماں اور بیٹی کو الائیڈ ہسپتال ریفر کر گیا ہے۔
