ملک بھر میں کل سے پیٹرول کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق کل سے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔پیٹرول کی نئی قیمت ممکنہ اضافے کے بعد 279 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 289 روپے 69 پیسے ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق ملک میں ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 2 روپے کمی کا امکان ہے, ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 285.49 روپے سے کم ہو کر 284.26 روپے ہو سکتی ہے۔لائٹ ڈیزل کی قیمت 0.45 پیسے بڑھ کر 168.63روپے ہو سکتی ہے جبکہ کیروسین کی قیمت 188.49روپے سے بڑھ کر 188.66 روپے روپے ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ حکومت فی الوقت پیٹرول اور ڈیزل کے ہر لٹر پر 60 روپے لیوی لے رہی ہے جبکہ مٹی کے تیل پر 0.05 روپے فی لٹر لیوی کی مد میں صارفین سے اکٹھے کر رہی ہے۔
Author: صدف ابرار
-

پاکستان کے بڑے شہروں میں تجارت میں انقلاب لانے کے لیے نئی ٹیکس اسکیم ترتیب
ٹیکس کے طریقہ کار کو جدید بنانے اور کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے مقصد کے تحت، پاکستانی حکومت نے اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور، اور کوئٹہ سمیت بڑے شہروں میں تاجر دوست اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔تاجر دوست اسکیم کی رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی۔ تاجر، دکاندار موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ تاجروں اور دکانداروں کیلئے کم از کم ایڈوانس ٹیکس 1200روپے ہوگا۔حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد جاری ہے۔ تاجر اور دکانداروں کے لئے بھی اب ٹیکس دینا لازمی ہے، اس حوالے سے ایف بی آر نےتاجر دوست اسپیشل پروسیجر 2024 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
اسکیم کے تحت تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن یکم اپریل سے ہوگی۔ ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی 15 جولائی 2024 سے ہوگی۔ 15 جولائی کے بعد ہر ماہ کی 15 تاریخ کو وصولی کی جائے گی۔چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز ، ریٹیلرز پر اسکیم کا اطلاق ہوگا۔ مینوفیکچررز کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز پر بھی اس اسکیم کا اطلاق ہوگا۔سب سے پہلے رجسٹریشن کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کی جائے گی۔تاجروں اور دکانداروں کیلئے کم از کم ایڈوانس ٹیکس1200روپے ہوگا۔ تاجر، دکاندار موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کراسکیں گے۔رجسٹریشن ٹیکس سہولت سینٹروں کے ذریعے بھی ہوسکے گی۔ تیس اپریل رجسٹریشن کی آخری تاریخ ہے۔
-

مسیحی برادری امن پسند اور قابلِ احترام ہے، مریم نواز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد دی ہے۔مریم نواز نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایسٹر ہمیں ہمدردی، معافی اور سب کے لیے محبت کی اقدار سکھاتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مسیحی برادری امن پسند اور قابلِ احترام ہے، قیامِ پاکستان سے تعمیرِ پاکستان کی منازل طے کرتے ہوئے مسیحی برادری کا کردار قابلِ ستائش ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان بلا رنگ و نسل، مذہب، ذات اور عقیدے کے ہم سب کا وطن ہے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسٹر کا تہوار معاشرے میں ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دے گا، دعا ہے کہ ایسٹر خوشی، امن اور خوش حالی لائے۔
-

چارسدہ، امتحان میں پاس ہونے کی خوشی میں بچہ اپنی ماں کی جان لے گیا
چارسدہ میں امتحان میں پاس ہونے کی خوشی میں کم سن بچے کی فائرنگ سے اس کی والدہ جاں بحق ہو گئیں۔پولیس کے مطابق عمرزئی میں امتحان میں پاس ہونےکی خوشی میں بچے نے ہوائی فائرنگ کی، فائرنگ سے 9 سال کے بچے کی والدہ جاں بحق ہو گئیں۔پولیس کا کہنا ہے والد کی مدعیت میں بچے کے خلاف قتل خطا کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے تاہم بچے کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔اس حوالے سے بچے کے والد کا بتانا ہے کہ اسکول سے گھر آکر بیٹے نے پستول سے ہوائی فائرنگ کی، فائرنگ کے دوران گولی بچے کی والدہ کو لگی جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔
-

دہشت گردی کا خطرہ، گلگت بلتستان میں سیکیورٹی سخت
وزارت داخلہ کی جانب سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جاری کردہ تھریٹ الرٹ کے بعد گلگت بلتستان بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی۔
گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس الحق لون کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے ممکنہ حملوں کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خطے کی حکومت کو سیکیورٹی میں اضافہ کرنے کا کہا ہے۔شمس الحق لون نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری 10 دن حساس سمجھے جاتے ہیں جس کی وجہ ان دنوں میں منعقد کیے جانے والے مذہبی اجتماعات ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان کے آئی جی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں۔
اجلاسوں کے دوران گلگلت بلتستان کے حساس مقامات اور ریجن کے داخلی راستوں پر چیکنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اسکاؤٹس کو بھی ریجن میں تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔دوسری طرف پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی طرف سے بھی سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے آئی جیز کو خط ارسال کیا گیا ہے۔خط میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے مبینہ طور پر 19 اور 21 رمضان کے درمیان حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ -

خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کے دوران کسی بھی واقع سے نمٹنے کی ہدایت
خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ نے ضلعی حکام کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ممکنہ واقعات سے نمٹنے کے لیے تیاری کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے حالیہ بارشوں اور برف باری کے دوران صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے بارش اور ژالہ باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام پہلوؤں سے جامع تیاریوں کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔علی امین گنڈا پور نے کسی بھی ناگفتہ بہ صورتحال میں متاثرہ افراد کو بروقت امداد اور ریلیف فراہم کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
-

بلوچستان ایف آئی اے کی کاروائی، 100 سے زائد اقسام کی غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات برآمد
ایف آئی اے نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف کریک ڈاون کے دوران چھاپے مار کر بھاری مقدار میں دوائیاں برآمد کرلیں۔
حکام کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ نے ہزارگنجی کوئٹہ میں واقع اسٹور سے بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد کرلیں، چھاپہ مار کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈریپ حکام کے ساتھ سے عمل میں لائی گئی۔حکام کے مطابق ٹیم نے 100 سے زائد اقسام کی غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات قبضے میں لے لیں، برآمد ہونے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک، پین کلر اور جان بچانے والی ادویات بھی شامل ہیں جب کہ جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف 4 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔
ادھر ایف آئی اے چمن نے پاور ہاس روڈ پر واقع 3 مختلف میڈیکل اسٹورز پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں، مذکورہ اسٹورز سے مشتبہ ادویات کو قبضے میں لے کر ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ملزمان کے خلاف انکوائری درج کر لی گئی اور ڈریپ حکام کی رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ -

افغانستان میں زنا کی مرتکب خواتین کو کوڑے مارنے اور سنگسار کرنے کی سزا سرعام دینے کا اعلان
افغانستان میں زنا کی مرتکب خواتین کو کوڑے مارنے اور سنگسار کرنے کی سزا سرعام دینے کا آغاز کیا جائے گا۔ امیرِ طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے یہ اعلان برطانوی میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔امیرِ طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا کہنا تھا کہ جلد ہی زنا کی مرتکب خواتین کو کوڑے مارنے اور سنگسار کرنے کی سزا کا عمل شروع کریں گے۔ جس کے بعد افغانستان میں طالبان کے پہلے دور کی طرح دوبارہ سے خواتین کو ان سزاؤں کا سامنا ہوگا۔
امیرِ طالبان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم خواتین کو جرم کی سزا میں سنگسار کرتے ہیں تو آپ کہتے ہیں کہ یہ خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ میں مغربی ممالک سے کہتا ہوں کہ ہم نے آپ سے 20 سال جنگ کی اور مزید 20 سال یا اس بھی زیادہ عرصے تک لڑ سکتے ہیں۔طالبان کے سپریم کمانڈر نے مزید کہا کہ ہمیں حکومت شریعت کے نفاذ کے لیے ملی ہے اس لیے ہم جلد ہی زنا کی سزا کو دوبارہ نافذ کریں گے اور ایسا سرعام کیا جائے گا۔خیال رہے کہ افغانستان میں خواتین کو 1990 کی دہائی کے ظالمانہ دنوں میں واپس دھکیلا جا رہا ہے۔ اگست 2021 میں افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے طالبان نے خواتین اور لڑکیوں کو سیکنڈری اسکولوں، پارکوں، جم خانوں، جامعات اور ملازمتوں پر جانے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ -

محمد حفیظ کا قیمتی سامان لاہور ائیر پورٹ پر چوری
سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کا سامان لاہور ایئرپورٹ سے چوری ہو گیا ، امریکا سے واپسی پر ایئرپورٹ پر حفیظ کا قیمتی سامان اور تحائف چوری ہوئے محمد حفیظ نے ایئرلائن کے ناقص سہولیات پر شدید ناراضگی کا اطہار کیا ، محمد حفیظ کے مطابق میں نے 26 مارچ کو نیویارک سے لاہور کا سفر شروع کیا،لاہور پہنچنے پر اپنا سامان لیا تو دیکھا کہ میرے سوٹ کیس کو نقصان پہنچا تھا، اور میرے بیگ سے میرا قیمتی سامان اور تحائف چوری ہوئے تھے،میں نے ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کے کاؤنٹر پر شکایت درج کی اور تفصیلات فراہم کیں،محمدحفیظ نے کہا کہ اب تک مجھے میرے سامان کے حوالے سے کوئی جواب نہیں ملا، ایئرپورٹ پر صارفین کی سہولت کے لیے میسر فون نمبر بھی آپریشنل نہیں،
-

پاکستان چین کے ذاتی منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے۔ چین
ترجمان چینی وزارت خارجہ لی جیان نے بیجنگ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ 28 مارچ کو چینی انٹر ایجنسی ورکنگ گروپ پاکستان پہنچا، جس نے سفارتخانے اور متعلقہ کمپنیوں کیساتھ ایمرجنسی رسپانس شروع کر دیا ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ لی جیان نے کہا کہ بائی تیان نے پاکستانی فریق سے کہا کہ وہ جلد اور مکمل کارروائی کرے۔ بائی تیان نے واضح کیا کہ دہشت گرد حملے کی تحقیقات اور سیکیورٹی رسک مکمل ختم کریں۔ انہوں نے بتایا کہ بائی تیان چینی وزارت خارجہ کے شعبہ خارجہ سلامتی کے ڈی جی ورکنگ گروپ کے سربراہ ہیں۔ بائی تیان نے پاکستانی وزیرخارجہ، وزیر داخلہ اور سیکریٹری خارجہ سے ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق بائی تیان نے زور دیا کہ پاکستان میں چینی عملے کے اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے ہر ممکن کوشش کریں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی فریقین نے کہا کہ معاملات کو یقینی بنانے کیلئے تحقیقات اور کوششیں مکمل طور پر جاری ہیں۔ پاکستان چین کے ذاتی منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ چینی ورکنگ گروپ پاکستان میں مزید متعلقہ کام کرے گا۔
