ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ سنگاؤ پہاڑ میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ رونما ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ کام کے دوران پیش آیا جبکہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اور زخمیوں کا تعلق سنگاؤ کلے سے ہے۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوع پہنچ کر امدادی کاروائیاں عمل میں لا کر دو افراد کو زخمی جبکہ ایک جاںبحق شخص کو ملبے تلے سے نکال دیا،زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،
Author: صدف ابرار

نگران صوبائی وزیر کے پی کے کا مالاکنڈ کے عوام کی ہر ممکن کوشش کا عزم
خیبر پختونخوا نگران صوبائی وزیر آبپاشی حاجی فضل الہٰی کا کمشنر مالاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سیلاب و بارشوں سے مالاکنڈ ڈویژن میں ہونے مالی و جانی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا ہے، صوبائی وزیر آبپاشی حاجی فضل الہٰی نے مالاکنڈ ڈویژن میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے، بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ضلع کے لحاظ تفصیلی جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ،۔صوبائی وزیر آبپاشی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ نگران صوبائی حکومت متاثرین کی ہر ممکن امداد کریں گی۔ متاثرین کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑ جائے گا۔ نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کے ساتھ ہیں۔ حاجی فضل الہٰی نے کمشنر مالاکنڈ ڈویژن نے صوبائی وزیر آبپاشی کو مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سوات ، اپر و لوئر چترال میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے آگاہ کیا۔
ضلع خیبر خود کش دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری
ضلع خیبر مسجد میں ہوئے خودکش دھماکے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔تحقیقاتی ٹیم کے مطابق خودکش حملہ آور کے سہولت کار کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔ خودکش حملہ آور کے سہولت کار کے موبائل سے کال ڈیٹا حاصل کرلیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا اور اس کا ٹارگٹ اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کی گاڑی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور 20 جولائی کو پاکستان میں داخل ہوا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے تھانہ علی مسجد کی حدود میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔ دوسری جانب سیکورٹی فورسیز کی جانب سے گھر گھر تلاشی کے دوران ایک خودکش جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے، جس کو بی ڈی ٰیو اہلکاروں نے ناکارہ بنا دیا، سی سی پی او پشاور کے مطابق مشکوک افراد کی اطلاع پر ایڈیشنل ایس ایچ او نے گزشتہ روز چند افراد کو تلاشی کے لیے آواز دی، تلاشی دینے کے بجائے خودکش حملہ آور مسجد کی جانب بھاگا۔انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ایس ایچ او خودکش حملہ آور کے پیچھے بھاگا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑادیا۔

9 اور 10 ویں محرم الحرام کو پشاور بی آر ٹی سروس معطل رہے گی
بی آر ٹی پشاور کی بس سروس 9 اور 10 محرم الحرام کو بند رہےگی۔ ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق تمام روٹس بشمول فیڈر روٹس پر بی آر ٹی کی سروس معطل رہے گی ،ترجمان ترانس کے مطابق بی آر ٹی بند کرنے کا فیصلہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کیا ہے،اس طرح زو بائیسکل شیئرنگ سسٹم کی سروس بھی 9 محرم الحرام کو معطل رہے گی جبکہ بائیسکل سروس 10 محرم الحرام کو فعال رہے گی۔واضح رہے کہ پشاور شہر میں محرم الحرام کے موقع پر ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے،اور شہر میں تمام امام بارگاہوں پر اضافی سیکیورٹی مامور جبکہ جلوسوں کو مکمل نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے،شہر میں پولیس اور سیکورٹی ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے بھر پور تیار ہے،

خیبر پختونخوا دیر کے مردوں پر قسمت کی دیوی مہربان
بھارتی خاتون کے بعد چینی لڑکی بھی دوستی کی خاطر دیر لوئر کے علاقے ثمر باغ پہنچ گئی۔مقامی میڈیا کے مطابق جاؤ فینگ نامی چینی لڑکی اور باجوڑ کے رہائشی جاوید نامی لڑکا گزشتہ تین سال سے سوشل میڈیا ایپ سنیپ چیٹ پر ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں تھے اور دونوں دوست بن گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی لڑکی تین روز قبل تین ماہ کے وزٹ ویزہ پر گلگت کے راستے اسلام آباد پہنچی ہے۔اسلام آباد پہنچتے ہی جاؤ فینگ اپنے سوشل میڈیا دوست جاوید کے ساتھ ثمر باغ پہنچ گئی ہے جہاں وہ جاوید کے ماموں عزت اللہ کے گھر میں مقیم ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی لڑکی کو سیکورٹی خدشات کی بناء پر ثمر باغ میں ٹہرایا گیا ہے جبکہ یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہے ہیں کہ جاؤ فینگ جاوید سے شادی کرنے کی خواہشمند ہے۔ڈی پی او دیر لوئر ضیاءالدین نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے جاؤ فینگ کی دیر لوئر میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چینی لڑکی کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی ہے تاہم محرالحرام اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چینی لڑکی کو فی الحال آزادانہ نقل و حمل کی اجازت نہیں دے سکتے۔ڈی پی او دیر لوئر ضیاء الدین کا مزید کہنا تھا کہ چینی لڑکی کے سفری دستاویزات درست ہیں اور آخری اطلاعات آنے تک چینی لڑکی اور ان کے دوست جاوید کے درمیان نکاح نہیں ہوا ہے۔

کولبو،ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 5 وکٹ کے نقصان پر 563 رنز بنا ڈالے
کولمبو ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل میں بھی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیئے میچ کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بنالیے۔کولمبو ٹیسٹ کے تیسرے روز عبداللہ شفیق کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 5 وکٹ کے نقصان پر 563 رنز بنالیے اور 397 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔عبداللہ شفیق نے 201 رنز کی اننگز کھیلی، وہ جاوید میانداد اور حنیف محمد کے بعد ڈبل سنچری کرنے والے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔
آغا سلمان نے بھی ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 132 رنز بنالیے ہیں۔پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے سعود شکیل نے بھی نصف سنچری بنا کر 146 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، سعود ابتدائی 7 ٹیسٹ میں ففٹی پلس اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ پراباتھ جے سوریا دو وکٹیں حاصل کرسکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، دھننجیا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندی مل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔
فرض سمجھا کہ شہر کا دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لوں،گورنر خیبر پختونخوا غلام علی
گورنر خیبر پختونخوا نے پشاور شہر کا دورہ کرکے محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا،اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج فرض سمجھا کہ پورے شہر کا دورہ کروں تمام شہری پولیس کے انتظامات سے خوش اور مطمئن ہیں،غلام علی نے کہا شہر کا امن قائم رکھنا ہم سب کی زمہ داری ہے،محرم الحرام میں ہر قسم کے تنازعات کا خاتمہ ضروری ہے،گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے مزید کہا کہ اس وقت ملک دہشتگردی کے الیمنٹس کا سامنا کررہا ہے ،
لہذا کوشش ہے کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ اختلافی بیانات سے پرہیز کریں،انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کرے محرم کا مہینے پر امن گزرے،ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غلط فہمیوں سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرسکتے،گورنر خیبرپختونخوا نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ نا کریں کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہو،غلام علی نے کہا کہ دہشتگرد کہاں سے آئے؟ اس پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا،گورنر کے پی کے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،کل بھی جمرود میں ایک پولیس جوان نے جان کی قربانی دی،جس کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہے،دہشتگردی کے واقعات کو روکنے کے لئے شہری بھی اپنے ارد گرد نظر رکھیں،اور کسی بھی مشکوک واقع کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو دے،
ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ: پاکستان کے عنایت اللہ نے لیٹ برڈ ٹورنامنٹ جیت لیا
ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ میں پاکستان کے عنایت اللہ نے لیٹ برڈ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ جیو نیوز کے مطابق امریکا میں ہونے والی ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ میں لیٹ برڈ ٹورنامنٹ عالمی چیمپئن شپ کے آخری روز کھیلا گیا جس میں عنایت اللہ ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والے واحد کھلاڑی تھے۔
عنایت اللہ نے ٹورنامنٹ میں سابق ورلڈ چیمپئن کینیڈا کے جوئیل ویپنک کو بھی شکست دی۔ٹورنامنٹ میں نائیجیریا کے ایڈ تومیوا نے دوسری اور انگلینڈ کی سنبل صدیقی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔واضح رہے اس سے قبل ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ میں پاکستان کے حماد ہادی نے ڈائمنڈ کیٹیگری جیتی، جس میں انہوں نے پہلی پوزیش حاصل کرتے ہوئے 24 میں سے 21 گیمز جیتے۔
ایبٹ آباد میں سسرالیوں کے ہاتھوں خاتون کے ساتھ ناروا سلوک
خیبر پختونخوا کے ضلع ابیٹ آباد میں مویشیوں کے ساتھ ایک باڑے میں رکھنے والی ثوبیہ نامی خاتون کو پولیس نے بازیاب کر لیا۔ ثوبیہ بی بی کے اہل خانہ کے لوگ دیسال، درمڑھیا گاوں میں ایک شادی پر بطور مہمان گئے تھے جہاں دیسال کے کچھ باسیوں نے ثوبیہ کے والد اور بھائی کو بتایا کہ کہ ثوبیہ کو اپنے شوہر حمید، دیوروں سعید اور شافی اور اپنی ساس یاسمین نے بکریوں کے ایک باڑے میں رکھا ہوا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ساس یاسمین ان پر تشدد بھی کرتی رہتی ہے۔
جسکے بعد بھائی اور والد دیسال کے چند رہائشیوں کو ساتھ لیکر حمید کے گھر چلے گئے اسی موقع ہی پر تھانہ بگنوتر پولیس کو بھی مطلع کیا گیا۔ ثوبیہ بی بی کو بکریوں کے باڑے میں باندھے ہوئے پایا گیا ،پولیس کے مطابق ثوبیہ کے جسم پر زخم و تشدد کے نشانات بھی ہے اور ثوبیہ کی حالت بھی تشویش ناک ہے،۔
تھانہ بگنوتر پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی انہوں نے حمید کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ثوبیہ کو بحفاظت بازیاب کر کے انکو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں سب سے پہلے انکا میڈیکل چیک اپ کرایا گیا۔ ثوبیہ کو 3 سے 4 ماہ تک بکریوں کے ایک باڑے میں رکھا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ثوبیہ کی ساس اور ایک دیور کو گرفتار کر دیا ہے جبکہ ابیٹ آباد کی پولیس جلد ہی حمید کو بھی گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ثوبیہ کو انصاف دلایا جائے گا۔
پشاور،محرم الحرام کے موقع پر تمام ہسپتالوں میں طبی عملہ چوکس
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کل سے عاشورہ تک تمام اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔مشیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ریاض انور نے عاشورہ محرم کے دوران اسپتالوں میں عملے کی چھٹیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ کل سے عاشورہ تک تمام اسپتالوں کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں، یہ فیصلہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کے بڑھتے واقعات کے مطابق کیا گیا ہے۔مشیر صحت نے مزید کہا کہ عزاداروں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور طبی عملہ اپنی حاضری کو یقینی بنائے، بصورت دیگر کوتاہی پر قانونی کارروائی ہوگی۔
ڈاکٹر ریاض انور نے یہ بھی کہا کہ اسپتالوں کے سربراہان اسٹاک میں ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائیں، عاشورہ پر تمام اسپتالوں کے انتظامات کی مانیٹرنگ خود کروں گا، دوسری جانب ایل آر ایچ انتظامیہ نے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی مینیجمنٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر حامد شہزاد کی سربراہی میں محرم الحرام سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ایمرجنسی میں عزاداروں کو بروقت علاج کی فراہمی کے لئےمختلف زونز قائم کر دئے گئے ہیں اور ایمرجنسی میں تقریباً 200 کیٹس بھی تیار کر دیئے گئے ہیں،
نویں اور دسویں محرم الحرام کو ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئ ہے تاکہ عذاداروں کو بر وقت طبی امداد مہیا کی جا سکے اس کے علاوہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی کو بھی چوکس کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایل آر ایچ نے بتایا کہ عذاداروں کے بر وقت علاج کے لیے ایل آر ایچ ایمرجنسی کو ہر قسم کی ادویات کی وافر مقدار فراہم کی گئ ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بغیر کسی رکاوٹ کے نمٹایا جا سکے جبکہ بلڈ بینک اور دیگر متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو بھی تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عزاداروں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور سب کو بروقت طبی امداد فراہم کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ حالات کے پیش نظر ڈین، ہسپتال ڈائریکٹر، میڈیکل ڈائریکٹر نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو ہر قسم کی سپورٹ مہیا کی ہے۔









