Baaghi TV

Blog

  • زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے سیکریٹری جنرل کی  آصفہ بھٹو  سے ملاقات

    زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے سیکریٹری جنرل کی آصفہ بھٹو سے ملاقات

    زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے سیکریٹری جنرل، جج محمد عبدالسلام نے ابوظبی میں اپنے سرکاری مصروفیات کے دوران اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان انسانی اخوت، ہمدردی، باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور مکالمے کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جنہیں عالمی سطح پر مشترکہ انسانی اقدار قرار دیا گیا۔ جج محمد عبدالسلام نے خاتونِ اول کو زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کے وژن، دائرۂ کار اور اس کی آزاد و غیر جانبدار حیثیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایوارڈ دنیا بھر میں اُن افراد اور اداروں کو تسلیم کرتا ہے جو امن، رواداری، انسانی وقار اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    آصفہ بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی اخوت کو عالمی انسانی و فلاحی مکالمے کا بنیادی ستون بنانا ایک دوراندیش قدم ہے۔ انہوں نے زاید ایوارڈ برائے انسانی اخوت کو ایک معتبر اور مؤثر عالمی پلیٹ فارم قرار دیا جو اقدار پر مبنی اور شمولیتی طرزِ فکر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔خاتونِ اول نے اس موقع پر پاکستان کے سماجی انصاف، بین المذاہب ہم آہنگی اور شمولیتی ترقی کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے، کمیونٹی کی سطح پر فلاحی اقدامات اور عوام دوست سماجی تحفظ کے نظام پر زور دیا، جن کا مقصد کمزور اور محروم طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔

    ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اس مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک آئندہ بھی ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے جو اقوام اور معاشروں کے درمیان باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور عالمی یکجہتی کو فروغ دیں۔

  • ایپسٹین فائلز  بارے سوال،  ڈونلڈ ٹرمپ کی سی این این کی خاتون رپورٹر پر شدید تنقید

    ایپسٹین فائلز بارے سوال، ڈونلڈ ٹرمپ کی سی این این کی خاتون رپورٹر پر شدید تنقید

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس کے دوران سی این این کی نمائندہ صحافی کیٹلن کولنز پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ’’بدترین رپورٹر‘‘ قرار دے دیا اور سی این این کو ’’بے ایمان ادارہ‘‘ کہا۔

    پریس کانفرنس کے دوران کیٹلن کولنز نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے ایپسٹین فائلز میں اہم معلومات کو کیوں چھپایا گیا، اور یہ کہ ایپسٹین کے متاثرین اس عمل پر شدید ناخوش ہیں۔ انہوں نے صدر سے پوچھا کہ وہ ان متاثرین کو کیا پیغام دینا چاہیں گے جو خود کو انصاف سے محروم سمجھتے ہیں۔

    اس سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا،”میں تمہیں دس سال سے جانتا ہوں، مجھے نہیں لگتا کہ میں نے کبھی تمہارے چہرے پر مسکراہٹ دیکھی ہو۔ تم جانتی ہو تم کیوں نہیں مسکراتیں؟ کیونکہ تم سچ نہیں بول رہیں۔ تم ایک انتہائی بے ایمان ادارے کی نمائندگی کرتی ہو، اور سی این این کو اس پر شرم آنی چاہیے۔”صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کسی اور معاملے پر توجہ دے کیونکہ "میرے خلاف کچھ بھی سامنے نہیں آیا”۔

    پریس کانفرنس کے اختتام پر جب صحافیوں کو اوول آفس سے باہر لے جایا جا رہا تھا، تب بھی صدر ٹرمپ کو کیٹلن کولنز کے بارے میں شکایت کرتے سنا گیا کہ وہ "کبھی مسکراتی نہیں”، جبکہ وہ اشاروں سے دیگر صحافیوں کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ صدر ٹرمپ نے کیٹلن کولنز کو نشانہ بنایا ہو۔ اس سے قبل وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی انہیں نشانہ بناتے ہوئے لکھ چکے ہیں "فیک نیوز سی این این کی کیٹلن کولنز ہمیشہ بیوقوف اور بدتمیز رہتی ہے۔”صدر ٹرمپ ماضی میں بھی خواتین صحافیوں پر سخت اور توہین آمیز جملے کسنے پر تنقید کی زد میں آتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے ایک صحافی کو سوال کرنے سے روکنے کے لیے کہا تھا، "خاموش! خاموش، اسی طرح نومبر میں فلوریڈا میں افغان پناہ گزینوں کی جانچ پڑتال سے متعلق سوال پر ایک رپورٹر کو ڈانٹتے ہوئے کہا، "کیا تم بیوقوف ہو؟ کیا تم واقعی بیوقوف انسان ہو؟”

    اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ پر بھی غصے کا اظہار کیا تھا جس میں ان کی عمر اور تھکن کی علامات پر بات کی گئی تھی، اور رپورٹ کی خاتون مصنفہ کو "بدصورت” قرار دیا تھا۔

    کیٹلن کولنز ایک معروف امریکی صحافی اور اینکر ہیں۔ انہوں نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز انٹرٹینمنٹ رپورٹنگ سے کیا، بعد ازاں 2016 میں دی ڈیلی کالر کے لیے وائٹ ہاؤس کورسپونڈنٹ بنیں۔ ایک سال بعد انہوں نے سی این این جوائن کیا اور بعد میں اینکرنگ کے فرائض بھی انجام دیتی رہیں۔

    سی این این نے اپنے ردعمل میں کیٹلن کولنز کو "ایک غیر معمولی صحافی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ "گہرائی، جرات اور مستقل مزاجی کے ساتھ رپورٹنگ کرتی ہیں”۔صحافتی حلقوں میں اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور کئی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے مواقع پر دیگر صحافیوں کو بھی پیشہ ورانہ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتھی صحافی کے دفاع میں آواز اٹھانی چاہیے۔

  • بچوں کو والد سے ملنے سے روکنا اجتماعی طور پر سزا دینے کے مترادف ہے،قاسم خان

    بچوں کو والد سے ملنے سے روکنا اجتماعی طور پر سزا دینے کے مترادف ہے،قاسم خان

    تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ میں اور بھائی اپنے والد عمران خان سے ملنے پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن حکومت ہماری ویزا درخواستوں پر کارروائی نہیں کر رہی۔

    عمران خان کے بیٹے قاسم خان نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میرے والد بانی پی ٹی آئی 914 دن سے قید تنہائی میں ہیں، میرے والد کی صحت بگڑ رہی ہے، انہیں آزاد طبی سہولت تک رسائی نہیں دی جا رہی، میں اور میرا بھائی اپنے والد عمران خان سے ملنے پاکستان آنا چاہتے ہیں، اب حکومت جان بوجھ کر ہماری ویزا درخواستوں پر کارروائی نہیں کر رہی،قیدی کو علاج سے محروم رکھنا ظلم ہے، بچوں کو والد سے ملنے سے روکنا اجتماعی طور پر سزا دینے کے مترادف ہے، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ناقابل تلافی نقصان سے پہلےاس معاملے پرآواز اٹھائیں۔

  • 
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: سفیر احمد فاروق

    
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: سفیر احمد فاروق

    
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
    ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں بریفنگ دیتے ہوئے سفیر نے بتایا کہ سعودی عرب اور پاکستان دفاعی شعبے سمیت مختلف میدانوں میں تعاون بڑھا رہے ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ پاک–سعودی دفاعی معاہدے نے تعلقات کو نئی جہت دی ہے اور اس کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔
    ‎سفیر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور ٹیکسٹائل سمیت 8 شعبوں میں معاہدے کریں گے۔
    ‎احمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی برآمدات سعودی عرب میں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں، 2025 میں 5 لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب آئے اور اس وقت تقریباً 30 لاکھ پاکستانی وہاں کام کر رہے ہیں۔

  • 
مقبوضہ کشمیر: ادھمپور میں بھارتی فوج کی کارروائی، 2 کشمیری نوجوان شہید

    
مقبوضہ کشمیر: ادھمپور میں بھارتی فوج کی کارروائی، 2 کشمیری نوجوان شہید

    
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور میں قابض بھارتی فوج نے تازہ کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج اور پیرا اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے مجلتا کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دونوں نوجوانوں کو شہید کیا۔
    ‎ایک بھارتی افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی آپریشن تاحال جاری ہے۔
    ‎کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشن گروپ نے مجلتا میں تلاشی آپریشن گزشتہ روز شروع کیا تھا، جو آج بھی جاری رہا۔
    ‎بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی۔

  • پی ٹی آئی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں، وزیر داخلہ سندھ

    پی ٹی آئی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں، وزیر داخلہ سندھ

    
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
    ‎کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شاہراہیں بند کرنا کسی کو جائز نہیں، اور اگر زبردستی دکانیں بند کروائی گئیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔
    ‎انہوں نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شارع فیصل بند کرکے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، اور اس معاملے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی جانی چاہئیں، تاکہ آئندہ کسی کی ہمت نہ ہو کہ وہ سڑکیں بند کرے۔
    ‎ضیا لنجار نے کہا کہ حافظ نعیم کو پیغام پہنچایا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی سڑکیں بند نہ کریں، احتجاج کرنا ہو تو مرکزی سڑک کے بجائے سروس روڈ یا پریس کلب کے باہر کریں۔
    ‎خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے 14 فروری کو کراچی میں دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

  • شعور سے پیٹ نہیں بھرتا، کے پی حکومت عوام کا حق کھا رہی ہے، مریم نواز

    شعور سے پیٹ نہیں بھرتا، کے پی حکومت عوام کا حق کھا رہی ہے، مریم نواز

    
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت جب ترقی کا حوالہ دیتی ہے تو کہتی ہے کہ ہم نے آپ کو شعور دیا، لیکن کیا شعور کسی کا پیٹ بھر سکتا ہے؟ کیا لوگ روٹی کی جگہ شعور کھائیں گے؟
    انہوں نے کہا کہ ورکر اور ووٹر کے بچے جیل میں ہیں جبکہ اپنے بچے برطانیہ میں ہیں، اور جیل میں بیٹھا شخص کہتا ہے کہ بچوں پاکستان نہ آئیں تاکہ انہیں گرم ہوا نہ لگے۔
    راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو عوام کے حقوق اور ترقی کو کھا جاتی ہے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت میں عام ورکرز اور حکمرانوں کے بچوں کے لیے شعور مختلف ہے، اور جب تک عوام اپنے حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے، وہ ناکامی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
    ‎مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی کہ وہ اپنے بچوں کو برطانیہ بھیج کر پاکستان نہ آنے کی تلقین کرتے ہیں، جبکہ ورکرز کے بچوں کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ وہ جہاز لے کر منصوبوں کا افتتاح کرتے ہیں، لیکن یہ جہاز عوام کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے ہیں، کیونکہ اڈیالا میں کبھی جہاز نہیں اترتے۔
    ‎تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

  • 
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کوئٹہ دورہ، دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا عزم

    
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کوئٹہ دورہ، دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا عزم

    
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری اندرونی سیکیورٹی آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
    بریفنگ میں بھارت کے حمایت یافتہ، بین الاقوامی طور پر نامزد دہشت گرد گروہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے فوری اور مؤثر ردعمل پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا، جس کے باعث بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔
    ‎ریاست کی رِٹ کو مضبوط بنانے، عوام اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا اور تشدد و دہشت گردی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قربانیوں کو سراہا۔
    ‎بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کے بلند حوصلے، جرات اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

  • رحمان بابا ایکسپریس میں دوران سفر خاتون نے بچی کو جنم دیا

    رحمان بابا ایکسپریس میں دوران سفر خاتون نے بچی کو جنم دیا

    
رحمان بابا ایکسپریس میں سفر کے دوران ایک خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
    ریلوے پولیس کے مطابق، ٹرین انجن کے خراب ہونے کی وجہ سے دھابیجی اسٹیشن پر کھڑی تھی، اسی دوران خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
    ‎ٹرین میں موجود ایک ڈاکٹر نے فوری طور پر خاتون کو طبی امداد فراہم کی۔
    ‎ریلوے پولیس نے بتایا کہ ماں اور بچی دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • ٹھٹھہ و مکلی میں بند آر او فلٹر پلانٹس پر صوبائی محتسب سندھ کا سخت نوٹس، رپورٹ طلب

    ٹھٹھہ و مکلی میں بند آر او فلٹر پلانٹس پر صوبائی محتسب سندھ کا سخت نوٹس، رپورٹ طلب

    ٹھٹھہ (بلاول سموں):ٹھٹھہ اور مکلی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے آر او فلٹر پلانٹس کے طویل عرصے سے بند پڑے ہونے، مبینہ نااہلی اور بدانتظامی کے خلاف صوبائی محتسب سندھ، ریجنل آفس ٹھٹھہ نے سخت نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ محکمے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    یہ نوٹس عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے نائب صدر ممتاز علی سمیجو کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر ٹھٹھہ ہارون احمد خان کی ہدایت پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ٹھٹھہ کو جاری کیا گیا ہے۔

    نوٹس کے متن کے مطابق شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مکلی سمیت ضلع ٹھٹھہ میں قائم تقریباً 62 آر او فلٹر پلانٹس میں سے اکثریت مکمل طور پر غیر فعال ہو چکی ہے، جس کے باعث شہری صاف پینے کے پانی جیسے بنیادی انسانی حق سے محروم ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    شکایت میں خاص طور پر بھٹی مسجد کے قریب ناریجا گاؤں مکلی، درگاہ حضرت شاہ ابراہیم شاہ جیلانی ٹھٹھہ، درگاہ مخدوم آدم نقشبندی ٹھٹوی مکلی اور گاؤں رسول بخش بروہی مکلی میں قائم آر او فلٹر پلانٹس کی بندش کا ذکر کیا گیا ہے، جو گزشتہ کئی مہینوں بلکہ برسوں سے غیر فعال پڑے ہیں۔

    صوبائی محتسب سندھ کی جانب سے جاری نوٹس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 23 فروری 2026 تک اپنی تفصیلی اور جامع رپورٹ پیش کرے، بصورتِ دیگر محتسب ایکٹ 1991 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی عدم تعمیل یا رپورٹ پیش نہ کرنے کی صورت میں صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر کو ہائی کورٹ کے مساوی اختیارات حاصل ہیں، جن کے تحت طلبی، تحقیقات اور توہینِ عدالت کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

    شہریوں اور سماجی حلقوں نے صوبائی محتسب سندھ، ریجنل آفس ٹھٹھہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بند پڑے آر او فلٹر پلانٹس جلد از جلد فعال کیے جائیں گے اور ذمہ دار افسران کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ عوام کو صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر آ سکے۔