Baaghi TV

Blog

  • 5 لاکھ جرمانہ ،14-اگست کے بعد پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی

    5 لاکھ جرمانہ ،14-اگست کے بعد پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی

    اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ماحولیات زرتاج گل نے پلاسٹک بیگ استعمال کرنے والوں کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کی دھمکی دے ڈالی.اسلام آباد میں سینٹ کی ایک کمیٹی برائے کلائمٹ چینچ جس کے چیئر میں مشاہد حسین ہیں کو بتایا گیا کہ 14 اگست کے بعد اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے مکمل استعمال پر پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والے کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی بھگتنی ہو گی

    زرتاج گل صاحبہ نے سینٹ کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان پلاسٹک بیگ سے متاثرہ ہونے والے ممالک میں 7ویں نمبر ہے .جو کہ ایک انتہائی پریشان کن خبر ہے. زرتاج گل نے کمیٹی کو بتایا کہ اس قانون کا اطلاق پورے ملک میں کیا جائے گا تاکہ پاکستان کی فضاوں کو خطر ناک اثرات سے بچایا جاسکے

  • خود کلامی ۔۔۔ مریم محمد

    خود کلامی ۔۔۔ مریم محمد

    اپنے بے ربط اور ٹوٹے پھوٹے الفاظ سے کونسا معرکہ سر کرنا ہے تم نے؟؟
    یہاں ایک نہیں ہزاروں لکھاری ہیں جو لکھتے ہیں اس میں تمھارے الفاظ کسی پہ کیا اثر انداز ہوں گے؟؟

    آخر تمھارے ساتھ مسئلہ کیا ہے ہر وقت کہاں کا غم، کہاں کی سوچ یہ دنیا اس کے لوگ جن کے لیے تمھارا دل تڑپتا ہے یہ تمھیں کچھ نہی سمجھتے۔ تمھاری باتیں ان کے لیے بے معنی ہیں !!! تم لب کھولو یہ سن بھی لیں تو چند دن میں دوبارہ اپنی دنیا میں لوٹ جائیں گے۔ یہ دنیا بڑی مزے کی چیز ہے پیاری چند لمحوں میں انسان کا دل لبھا لیتی ہے !! کبھی کبھار تو بہت بڑے ایمان اور تقوی والے لوگ اس کے آگے اپنا سب ہار دیتے ہیں — یہ نگاہ کو ایسا خیرہ کرتی ہے کہ یہاں رب کے کہے گئے کلمات لوگوں کے دلوں پر اثر کرنا چھوڑ دیتے ہیں —
    اور تمھیں لگتا ہے کہ تم نے آواز دی اور دنیا پلٹ آئی۔ لب کھولے اور ہدایت کی روشنیاں بٹ گئیں ؟؟؟؟؟ تم نے کہا اور تمھاری قوم نے صدیوں کے اختلاف بھلا کر حق کے جھنڈے تلے اکھٹے ہونے کا عزم کر لیا؟ یہ سوچیں نظریات اور حق گویائی بہت مہنگی چیز ہے۔ یہ بدلے میں جانوں کی قربانیاں مانگتی ہے۔ چھوڑ دو !!
    اس چیز کے لیے تڑپنا کہ ماضی میں بغداد کے گلی کوچوں میں تمھاری قوم نے اجتماعی زندگی پر انفرادی موت کو ترجیح کیوں دی تھی —
    چھوڑ دو یہ سوچنا کہ تمھاری قوم کو برسوں سے مذہبی فرقہ پرستی کے نام پر جو زہر پلایا جا رہا ہے اس نے اس مسلم امت کے کتنے نوجوانوں کو نگل لیا چھوڑ دو یہ پریشانیاں اور رونے۔ مجھے سنو میں تمھارا مخلص دوست — میری مانوں ضمیر کا گلا دبا دو بے حس بن جاؤ اور جینا شروع کرو یقین مانو مزے کی دنیا تمھاری منتظر ہے!!

    یعنی میرے دوست تم یہ کہنا چاہتے ہو غلامی کی زندگی اپنا لوں میں ؟؟ شعور کا گلا دبا دوں اور اس دنیا کے دھوکے میں مگن ہو جاؤں اور میری قوم ؟؟؟

    اپنی قوم کو بھول جاؤں صرف اس لیے کہ وہ بہت کم سنتے ہیں !!!
    مجھے علم ہے میرے بے ترتیب الفاظ کی کوئی اہمیت نہیں یہ بھی علم ہے کہ یہاں ایک نہیں ہزاروں لکھاری موجود ہیں لیکن کروڑوں دنیا پرستوں کے مقابلے میں بہت کم !!!!

    حق گویائی اگر جرم ہے تو کیا اس جرم کے ڈر سے انسان عقیدہ چھوڑ دے ؟ نظریات بیچ دے غلامی قبول کر کے طاغوت کے آگے سر جھکا دے؟
    نظریات کی کوئی قیمت نہیں ہوتی میرے دوست گردنیں سولی پر چڑھ جاتی ہیں نظریات نہیں بکتے !!!!

    ہر وہ شخص جو غلامی کی زندگی کو ترک کر کے خوداری کی موت کو ترجیح دیتا ہے اس کا سب سے بڑا کام یہی ہے کہ وہ اپنی قوم کو غفلت کی نیند سے جگانے میں کامیاب ہو جائے!!
    سو میرے دوست مجھے بہکانا چھوڑو مجھے لگے رہنے دو اس بات کا غم نہ کرو کہ قافلہ کتنا کم ہے — انقلاب انسانوں کی بہتات سے نہیں برپا ہوتے انقلاب نظریات پر ڈٹ جانے سے برپا ہوا کرتے ہیں۔

  • لودھراں : صحت کی سہولیات کے حوالے سے اہم اجلاس

    لودھراں (نمائندہ باغی ٹی وی) ڈپٹی کمشنر راؤ امتیاز احمد کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں محکمہ صحت کی ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مس حمیرا ارشاد نے اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں ضلع بھر کے ہسپتالوں میں سہولیات اور حکومتی انڈی کیٹرز کے مطابق ہسپتالوں میں میڈکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وسیم اقبال،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عامر بشیر و دیگر افسران بھی موجود تھے-

  • بجٹ منظور ہوتے ہی بلاول آگ بگولہ ہوگئے ،تنقید ہی تنقید

    بجٹ منظور ہوتے ہی بلاول آگ بگولہ ہوگئے ،تنقید ہی تنقید

    اسلام آباد:قومی اسمبلی میں سال 2019-2020 کا بجٹ منظور ہوتے ہی اپوزیشن کی طرف سے تنقیدی جملوں اور تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا .پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے تو بجٹ کی منظوری کے خلاف انتہا ہی کردی .بلاول نے تو یہاں تک کہ دیاکہ بجٹ پاس کرانے میں بھی حکومت نے قومی اسمبلی میں دھاندلی کی ہے. یہ غریب دشمن بجٹ ہے.قومی اسمبلی سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ منظوری میں اسپیکر نے دوہرا معیار اپنایا .ملکی تاریخ میں اس سے پہلے ایسا کوئی بجٹ نہیں آیا

    حکومت نے دھاندلی سے دو بل منظور کرائے .سندھ اور تھر کول منصوبے کو نقصان پہنچایاگیا ہے. بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ عوام کے پاس جائیں گے اور عوام کو بتائیں گے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی.کسانوں اور مزدورں کے ساتھ یہ حکومت زیادتی کررہی ہے. ان کا معاشی قتل کررہی ہے .بلاول نے کہا کہ عوام دشمن حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے. یہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والے لوگوں کے بے روزگار کررہےہیں.

    بلاول بھٹونے کہا کہ یہ کیسا بجٹ ہے کہ جس میں غریبوں پر بوجھ ڈال کر امیروں کو ریلیف دیا جارہاہے. بلاول نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا بجٹ نہیں بلکہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف کا بجٹ ہے.بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر محاذ پر عوام کے حقوق کے لیے لڑے گی

  • فیصل آباد میں زیرالتواءانکوائریز کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت

    فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی )ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب عبدالرب چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ زیر التواءانکوائریز کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں اس ضمن مےں دئیے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں تاکہ بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرکے کرپشن کے ناسور پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے یہ ہدایت اپنے دورہ کے دوران اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد ریجن کے افسران سے میٹنگ کے دوران جاری کی۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سجاد احمد خان ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے سرکاری محکموں میں کرپشن کے خلاف مہم کے سلسلے میں فیصل آباد ریجن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ اینٹی کرپشن کے ہائی پروفائل مقدمات کی تفتیش جلد مکمل کریں اس ضمن میں تمام تر قانونی تقاضوں اور تکنیکی مہارتوں کو بروئے کار لایا جائے تاکہ ٹھوس اور جامع انداز میں حقائق سامنے آسکیں۔انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کے تمام مقدمات کی تفتیش میںمیرٹ اور غیر جانبداری برقرار رہنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے خلاف کریشن کی شکایات کا جائزہ لے کر الزام علیہ کو ناجائز ہراساں نہ کیا جائے بلکہ انصاف کے تقاضے پورے کریں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سرکاری خزانے کی خرد برد اور محکمانہ بے قاعدگی میں ملوث ملزمان سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کے شفاف استعمال پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد ریجن کی مجموعی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سجاد احمد خان نے انکوائریز اور مقدمات کی تفتیش کے سلسلے میں فیصل آباد ریجن کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم کی کامیابی کے لئے پرعزم انداز میں فرائض انجام دیئے جارہے ہیں اس ضمن میں درخواست گزاروں کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی میں تمام تر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوبروئے کار لایا جا رہا ہے۔

  • فیصل آباد کے سرکٹ ہاﺅس میں کھلی کچہری لگا کر عوام کے مسائل سنے گئے

    فیصل آباد، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے سرکٹ ہاﺅس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی،آرپی او غلام محمود ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) طارق خاں نیازی اورایس ایس پی آپریشنز علی رضا نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی افسران کو داد رسی کی ہدایت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز مصور خاں نیازی،شمائلہ منظور،ناذیہ موہل،شاہد ندیم،محمد اورنگزیب،خرم شہزاد بھٹی،ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم ،دیگر محکموں کے ڈویژنل وضلعی اور پولیس افسران کھلی کچہری میں موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرہر جمعہ کو کھلی کچہری کا انعقاد کرکے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے درخواست گزاروں کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل تحمل مزاجی سے سنتے ہوئے موقع پر موجودافسران کو نہ صرف داد رسی بلکہ تعمیلی رپورٹ سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں محکموں کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر لوگوں کے مسائل سے آگاہی کے لئے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمدبھی جاری ہے اور کھلی کچہری میں متعلقہ محکموں کے افسران کی موجودگی میں عوام سے رابطہ کرکے ان کی شکایات ومسائل کو حل کرنے کے لئے موقع پر ہی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے تاکہ درخواست گزار کو جلدازجلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ڈویژنل کمشنر نے بعض محکموں سے متعلقہ لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ شہریوں کے لئے قابل رسائی رہیں اور ان کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لیں۔انہوں نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کے حل کے لئے محکمانہ کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شکایات کے حل میں گہری دلچسپی لیں اور درخواست گزاروں کو اطمینان بخش ریلیف فراہم کریں۔آر پی او نے پولیس سے متعلقہ لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہا کہ مظلوم کو جلد انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس میں کوتاہی کرنے والے پولیس افسران جواب دہ ہوں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف وارداتوں کے مقدمات درج کرنے میں تاخیر نہ کریں اور درج مقدمات کے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی کے لئے حتی المقدور کوششیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں سائلان کے ساتھ اچھا برتاو¿ ہونا چاہیے اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے پٹرولنگ میں اضافہ کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور ایس ایس پی اپریشنز نے کہا کہ عوامی مسائل کا تیز رفتار حل ترجیح ہے اس ضمن میں لیت ولعل سے کام لینے والے افسران سے وضاحت بھی طلب کی جارہی ہے۔انہوں نے درخواست گزاروں سے کہا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہری میں پیش ہوں ان کی ہر ممکن حد تک داد رسی کی جائے گی۔

  • فیصل آباد میں ہونے والے انڈر 17 کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ میں زیر تربیت کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی

    فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی)ڈویژنل کمشنر محمودجاوید بھٹی نے کہا ہے کہ انڈر 17 کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ میںزیر تربیت کھلاڑیوںکی بھرپور سرپرستی کی جائے گی تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھانے کے وسیع مواقع فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے یہ بات بوہڑانوالی گراﺅنڈ میںجاری انڈر 17 کرکٹ ٹریننگ کیمپ کے دورہ کے دوران کھلاڑیوںسے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر ‘ اسسٹنٹ کمشنر ( جنرل ) مصور نیازی ‘ کرکٹ کوچر مشتاق انجم ‘ نوید نذیر و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے سمر ٹریننگ کیمپ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی بھر پور شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کے زیراہتمام موسم گرماکی چھٹیوں میں ٹریننگ کیمپ کا خصوصی طور پر انعقاد کرکے ہونہارکھلاڑیوں کو کرکٹ کے کھیل کی جدید مہارت اورفن سے بخوبی آگاہ کیا جارہا ہے اور ان منتخب کھلاڑیوں کو کرکٹ کا تمام تر سامان فراہم کرنے کے علاوہ انہیں مختلف مقابلوں میں شرکت کے لئے تیار کیاجائے گا ۔ انہوں نے کوچز سے کہا کہ وہ سمر ٹریننگ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کو تمام تر تربیتی سہولیات فراہم کرکے ان کے کھیل میں مزید نکھار پیدا کریں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سمر ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کی بدولت نوجوانوں میں کھیلوں میں شرکت کا خاطر خواہ شوق پیدا ہوگا جو کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور کرکٹ کی ترقی میں ممد و معاون ثابت ہو گا ۔ ڈویژنل کمشنرمحمود جاویدبھٹی نے اس موقع پر زیر تربیت کھلاڑیوںکی ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا 15/15 اوورز کامیچ بھی دیکھا اورکھلاڑیوں کے فن و صلاحیتوں کی داد دیتے ہوئے ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی ۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر کی ہدایات پر انڈر 17 کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ 16 جون سے شروع کیاگیا ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے ٹریننگ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کااوپن ٹرائلز کے ذریعے انتخاب کیاگیا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ کیمپ میں 41 کھلاڑیوں کی چار ٹیمیں ترتیب دیکر ان میں میچز کا انعقاد کیا جارہا ہے اوریہ ٹیمیں جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جا کر بھی میچز کھیلیں گی۔

  • ضلع فیصل آباد میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں خانہ پری قابل قبول نہیں

    ضلع فیصل آباد میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں خانہ پری قابل قبول نہیں اس ضمن میں متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور ڈینگی لاروا کے صفایا کے لئے ٹیمیں فیلڈ میںنظر آنی چاہیں ۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) میاں آفتاب احمد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد نے سرویلنس سرگرمیوںسے آگاہ کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی و صدر شمائلہ منظور ‘ نازیہ موہل ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ڈاکٹر محمد آصف شہزاد ‘ ڈاکٹر عدنان محمود ‘ فوکل پرسن الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر معصومہ سردار ‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ‘میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ‘ سول ڈیفنس ‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ‘ واسا ‘ پی ایچ اے‘ اوقاف ‘ فشریز ‘ لیبر ‘ ہائر ایجوکیشن ‘ ٹیوٹا ‘ میونسپل کارپوریشن ‘ ضلع کونسل ‘ میونسپل کمیٹیز اور دیگر محکموں و اداروں کے افسران موجود تھے۔ صدر اجلاس نے واضح کیا کہ آئندہ موسم برسات میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہذا انتہائی سنجیدہ انداز میںمتحرک رہاجائے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایاکرنے کے علاوہ شہریوںمیںآگاہی کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوںنے بعض محکموں کی طرف سے اینڈ رائڈ موبائل فونز کے ذریعے ڈینگی لاروا کے انسداد کی کارروائیوں میںعدم دلچسپی پر وارننگ دی اورکہا کہ محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہذا عدم توجہی سے گریز کریں بصورت دیگر محکمانہ کارروائی ہوگی ۔انہوںنے قبرستانوں ‘ پارکوں ‘ نرسریوں‘ ٹائر شاپس اور دیگرمشتبہ جگہوںپرخصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سرویلنس سرگرمیوںکے بہترین نتائج سامنے آنے چاہیں۔ ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد نے بتایا کہ رواں سال اب تک 368 ان ڈور او 201 آﺅٹ ڈور مقامات سے ڈینگی لاروا کو تلف کیا گیا۔ انہوںنے بتایا کہ ویکٹر سرویلنس روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے جبکہ ڈاکٹرز و سٹاف کی ٹریننگ کے علاوہ شہریوں کی آگاہی کے لئے احتیاطی و انسدادی اقدامات پر بھی عمل پیرا ہیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندہ ڈاکٹر عدنان نے محکموں کی اینڈرائڈ موبائل فونز کے ذریعے ماہانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔

  • منزل ڈھونڈ لے گی ہمیں ۔۔۔ ام ابیہا صالح جتوئی

    منزل ڈھونڈ لے گی ہمیں ۔۔۔ ام ابیہا صالح جتوئی

    عائشہ ایک بہت ہی بااخلاق اور بہت سی خصوصیات کی حامل چھوٹی سی بچی تھی۔ ان کا گھرانہ کافی بڑا تھا اور تمام کزنز ایک ہی گھر میں رہتے تھے۔
    گھرانہ تو اسلامی تھا لیکن پردے کی طرف دھیان نہیں تھا پردے کو عام سی چیز سمجھا جاتا اور یہ تصور ذہن میں ڈالا جاتا کہ ان کزنوں سے کیسا پردہ…؟؟؟
    عائشہ بھی انہی سوچوں کے ساتھ پروان چڑھ رہی تھی ننھی سی عمر میں آسمان کو چھو لینے اور تتلیوں کو پکڑنے کی امنگوں سے اپنے شب و روز گزارتے ہوئے آہستہ آہستہ بچپن کی دہلیز کو پار کر رہی تھی۔
    عائشہ جب کالج جانا شروع ہوئی تب جانے کیوں وہ بے چین رہنے لگی ۔اسے لگتا تھا کچھ کمی سی ہے اس کی زندگی میں ۔
    اسے عجیب سا احساس گھیرے رکھتا تھا جیسے زندگی میں کچھ غلط ہو ۔بہت سے سوالات تھے جو اس کے ذہن میں آتے رہتے تھے لیکن وہ ان کا جواب نہیں جانتی تھی سو وہ مزید بے چین ہو جاتی ۔
    پھر اس نے اس بے چینی کو ختم کرنے کے لیے
    اسلامی تعلیمات کی مختلف کتابوں کا مطالعہ شروع کردیا ۔
    وہ جیسے جیسے دین کو پڑھتی چلی گئی جیسے اسے اپنے ہر سوال کا جواب ملتا چلا گیا اس کی بےچینی کی وجہ سمجھ میں آتی چلی گئی وہ اس کمی کو سمجھنے لگی جو اسے مسلسل محسوس ہوتی تھی اور اسے بے چین رکھتی تھی ۔
    دین اسلام تو جیسے ٹھنڈی چھاؤں تھا اس کے احکامات تو جیسے اسی کو اپنی پناہ میں لینا چاہتے تھے ۔
    سو وہ احکامات کو اپنی زندگی میں لاگو کرنے کی کوشش کرتی۔
    گھریلو ماحول دیکھ کر اسکے جذبات کچھ ماند پڑ نے لگتے لیکن وہ ہر وقت دین کی تعلیمات کی جستجو میں رہتی ۔
    گھر میں سبھی کزنز کا آنا جانا تھا اور کوئی روک ٹوک نہیں تھی اتنی عمر ہو جانے کے باوجود کزنز کے ساتھ ہنسی مزاح اور کھیل کود چلتا رہتا لیکن عائشہ اب ان سب خرافات سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی تھی وہ چاہتی تھی کہ وہ یہ سب کچھ چھوڑ دے لیکن اس کے لیے یہ سب ممکن نہیں ہو پا رہا تھا۔ عائشہ کی کالج کی ایک سہیلی نے شرعی پردہ کرنا شروع کردیا۔ عائشہ اس سے بہت متاثر ہوئی اور دل میں پختہ ارادہ کرلیا کہ اب وہ بھی پردہ شروع کرے گی۔ جب عائشہ نے پردہ شروع کیا تو الٹا اس کے کردار پر بہت سے سوال اٹھے اور بہت سی اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
    سبھی کہتے کہ پردہ اپنے انھیں کزنز سے کر رہی ہو جن کے ساتھ کھیل کود کر بڑی ہوئی ہو انہوں نے تو دیکھا ہوا ہے ان سے پردہ کرنے کا جواز ہی نہیں بنتا لیکن عائشہ اپنے رب کی رضا کی خاطر اپنے پردے پر ڈٹی رہی اور ہر طرح کی تلخیاں اور نفرتیں برداشت کرتی رہی۔
    شروع شروع میں سب کو لگتا تھا کہ عائشہ نے غلط قدم اٹھایا ہے لیکن جلد ہی عائشہ کی ثابت قدمی اور دلائل نے سب کو احساس دلادیا کہ جس معاشرے میں پردہ نہیں کیا جاتا وہ معاشرہ کیسے گناہوں کی دلدل میں پھنس جاتا ہے۔ ایسے ایسے گناہوں کا مرتکب ہوجاتا ہے کہ جن کا ازالہ بھی ممکن نہیں ہوتا۔
    عائشہ کو دیکھ کر اور پردے کی رحمتیں دیکھتے ہوۓ عائشہ کی بہنوں اور کزنوں نے بھی پردہ شروع کردیا جو کہ ان کے والدین کی عائشہ کو دیکھ کر خواہش بن چکا تھا کہ ان کی بیٹیاں بھی پردہ کریں۔
    اور آج الحمدللہ عائشہ کو پردہ شروع کیے بہت سے سال گزر چکے ہیں اور پردے کی وجہ سے اس کی زندگی بہت مطمئن اور پر سکون ہے۔ اسے سسرال میں بھی کبھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا سب لوگ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور خواہش مند ہوتے ہیں کہ انکی اولاد بھی عائشہ کی طرح باعمل بن جاۓ۔

    جو یقین کی راہ پہ چل پڑے انہیں منزلوں نے پناہ دی
    جنہیں وسوسوں نے ڈرا دیا وہ قدم قدم پہ بہک گئے

    یہ ایک عائشہ کی آب بیتی ہے اور ایسی بہت سی لڑکیاں معاشرے میں نظر آتی ہیں جو عائشہ جیسا بنتی ہیں لیکن اس کے برعکس جو اسلامی تعلیمات سے دور رہتی ہیں اور پردے اور گھر کی چار دیواری کو قید خانہ اور داغ سمجھتی ہیں بہت سے مرد ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں اور اپنی ہوس کا نشانہ بناتے ہیں ۔
    آج کل ایسے بہت سے واقعات رونما ہوتے ہیں کہ کزنز کے ایک دوسرے کے ساتھ غلط اور برے مراسم یہاں تک کہ چچی کی اپنے شوہر کے بھتیجوں کے ساتھ اور ممانی کی بھی اپنے شوہر کے بھانجوں کے ساتھ دوستیاں اور غلط مرسم۔ اور جب یہ معاملات ان کے شوہروں پر عیاں ہوتے ہیں تو بہت سی لڑائیاں اور جھگڑے جنم لیتے ہیں خاندان تباہ ہوجاتے ہیں چھوٹے چھوٹے معصوم بچے یتیم ہوجاتے ہیں اس طرح ایک ہنستے بستے گھرانے میں صف ماتم بچھ جاتی ہے۔

    اسی بے پردگی کی وجہ سے بعض اوقات غلط فہمی کی بنا پر بہت سی عورتوں کو طلاق دلوا دی جاتی ہے اور اس کو ذلیل و رسوا کر کے گھر سے نکال دیا جاتا ہے۔
    جب عورتیں دین سے دوری اختیار کر کے شیطان کے پسندیدہ راستے پر چلیں گی تو دنیا میں بھی ذلت و رسوائی ہی انکا مقدر بنے گی اور آخرت میں بھی رب کی نافرمان اور خسارہ پانے والوں میں شامل ہوں گی۔
    رب کی تمام تر رحمتوں سے دور ہوجاۓ گی دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔
    اسلام عورتوں کو شیطان صفت لوگوں سے بچنے کے لئے ہی پردے کا حکم دیتا ہے۔
    آج اگر عورتیں اسلامی تعلیمات کو اپنے اوپر لاگو کرتی ہیں اور پردے کا اہتمام کرتی ہیں تو ان کی آنے والی نسلیں بھی برائیوں سے بچ جائیں گی اور معاشرہ اسلام اور امن و امان کا گہوارہ بن جاۓ گا۔
    اللہ سبحانہ و تعالیٰ سب کو دین کی صحیح معنوں میں سمجھ بوجھ عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

  • قومی اسمبلی: آئندہ مالی سال 20-2019 کا بجٹ منظور،اپوزیشن نامنظور نامظور کے نعرے لگاتے ہی رہ گئی

    قومی اسمبلی: آئندہ مالی سال 20-2019 کا بجٹ منظور،اپوزیشن نامنظور نامظور کے نعرے لگاتے ہی رہ گئی

    اسلام آباد:بالآخرقومی اسمبلی نے آئندہ مالی 20-2019 کے لیے بجٹ مظور کرہی لیا ہے.اس حال میں کہ دوسری طرف اپوزیشن ارکان کی جانب سے فنانس بل کی منظوری پر نو نو کے نعرے لگاتے رہ گئے۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنانس بل کو بھی شق وار کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا جب کہ اپوزیشن کی بجٹ میں کٹوتی کی تمام تحاریک مسترد ہو گئیں۔حکومتی ارکان کی جانب سے فنانس بل کی منظوری پر وکٹری کے نشان بنائے گئے بجٹ منظور ہوتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اراکین احتجاجاً اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔

    بجٹ دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے لیے ایک ارب 17کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جو گزشتہ برس 98کروڑ 60 لاکھ روپے تھے۔ آئندہ سال کے لیے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے بجٹ میں 18کروڑ 59 لاکھ روپے زیادہ مختص ہوئے۔اپوزیشن کی طرف سے احتجاج کے ساتھ ہی اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔

    دوسری جانب اطلاعات ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے حکومتی اتحادیوں کو مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ منظوری میں تعاون پر اتحادیوں کے مشکور ہیں، ایوان میں وزیراعظم کے کھلاڑیوں نے اپوزیشن کی تمام چالوں کو ناکام بنادیا اور بجٹ منظور کراکر حکومت نے آئینی طریقے سے اپنی برتری ثابت کی ہے۔فردوس عاشق اعوان کے مطابق اپوزیشن ارکان کی تنخواہیں اور مراعات بھی اسی بجٹ میں ہیں لہٰذا حزب اختلاف صرف مہنگائی پر سیاست نہ کرے۔یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت نواز شریف اور آصف علی زرداری کی حکومت کو بڑی پیشکش کی خبریں چل رہی ہیں .جن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اپوزیشن کا یہ احتجاج علامتی لگتاہے.