اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت مفادِ عامہ کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے عید قربان کے موقع پر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنانے اور مویشی منڈیوں کے قیام و مانیٹرنگ کیلئے سخت اور مؤثر میکانزم وضع کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مخصوص مقامات پر جدید سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم کی جائیں جہاں شہریوں کو پینے کا صاف پانی، سایہ دار جگہیں اور ویٹرنری سروسز کی سہولت میسر ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ "ستھرا پنجاب” کی ٹیمیں نہ صرف شہر بھر میں صفائی کو یقینی بنائیں بلکہ مویشی منڈیوں میں بھی بہترین صفائی انتظامات مکمل کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے تمام اقدامات کو بروقت مکمل کروائیں۔
Blog
-

کراچی میں ہیٹ اسٹروک کیسز میں اضافہ، اسپتالوں میں مریضوں کا رش
کراچی میں گرمی کی شدت میں اچانک اضافے کے بعد شہر کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک اور گرمی سے متاثرہ مریضوں کی آمد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جناح اسپتال سمیت دیگر بڑے طبی مراکز میں روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ افراد لائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ افراد میں مزدور طبقہ، فیلڈ میں کام کرنے والے بائیک رائیڈرز اور ٹھیلے لگانے والے شامل ہیں، جو شدید دھوپ اور گرمی میں کام کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ایک سے دو گھنٹوں میں ڈسچارج کر دیا جاتا ہے، تاہم کچھ کیسز میں مزید نگرانی کی ضرورت بھی پیش آ سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کی کمی اور تیز دھوپ کے باعث جسم میں پانی کی کمی تیزی سے ہوتی ہے، جس سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر وہ افراد جو کھلے آسمان تلے کام کرتے ہیں، زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی اور نمکیات کا استعمال کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور خاص طور پر صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔
انہوں نے مزید مشورہ دیا کہ اگر باہر نکلنا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں اور سادہ غذا کا استعمال کریں جبکہ غیر معیاری اور کھلے عام دستیاب اشیاء سے پرہیز کریں۔ -

پہلی سے پانچویں جماعت تک نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ
پہلی سے پانچویں جماعت تک نصاب میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئے تعلیمی سال سے نیا نصاب نافذ کیا جائے گا، نئے نصاب میں نصاب کو مختصر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ غیر ضروری مواد کم ہوگا، نصاب ایڈوائزری بورڈ نے تبدیلیوں کی اصولی منظوری دے دی۔
موقف اپنایا گیا کہ طلبہ پر بوجھ کم کرنے کیلئے ایس ایل اوز میں کمی کی جائے گی، نصاب میں ڈیجیٹل تعلیم، اخلاقیات اور ماحولیات کو نصاب کا حصہ بنانے کی منظوری دی گئی ہےسی ای او پیکٹا کا کہنا ہےکہ اگلے تعلیمی سال کیلئے نئے نصاب پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ کر تبدیلیاں کی جائیں گی جبکہ اصلاحات پر تیزی سے عمل جاری ہے، عالمی تعلیمی رجحانات کے مطابق نصاب اپڈیٹ ہوگا۔
-

رواں سال خریف کی فصل کیلئے کم پانی ملنے کا خدشہ ہے،ارسا
ارسا نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ،رواں سال خریف کی فصل کیلئے سندھ کو 29 اور پنجاب کو 31 فیصد کم پانی ملنے کا خدشہ ہے –
تفصیلات کے مطابق انڈس ریورسسٹم اتھارٹی کی ٹیکنیکل کمیٹی اجلاس کے منٹس جاری کیے گئے ہیں، ارسا نے 2026 میں پانی کی دستیابی سے متعلق سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے،ارسا کے مطابق اکتوبر 2025 سے مارچ 2026 کے دوران 20.356 ملین ایکڑفٹ پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی، کوٹری کے نیچے پانی کا اخراج 5.596 ملین ایکڑ فٹ جبکہ گزشتہ سال 0.470 ملین ایکڑفٹ تھا، پانی کا صوبائی استعمال 20 مارچ 2026 تک منصوبہ بندی سے کم رہا،آئندہ ارسا مشاورتی کمیٹی اجلاس سےقبل تمام متعلقہ فریقین کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔
-

جدہ کے لیے براہِ راست حج پروازوں کا آغاز آج سے ہوگا،وزارتِ مذہبی امور
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جدہ کے لیے براہِ راست حج پروازوں کا آغاز آج سے ہو گا۔
جدہ کے لیے براہ راست حج پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت آج مختلف شہروں سے ہزاروں عازمین سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں، حج مشن کے تحت عازمین کو رہنمائی، طبی سہولیات اور دیگر خدمات کی فراہمی بھی جاری ہے-
ترجمان وزارتِ مذہبی امور عمر بٹ نے بتایا ہے کہ سرکاری سکیم کے 32 ہزار 454 عازمینِ حج 126 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچ گئے۔4 ہزار 489 پرائیویٹ عازمینِ حج بھی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں آج 4 مئی سے جدہ کے لیے براہِ راست حج پروازوں کا آغاز ہو گا آج پاکستان کے مختلف شہروں سے 17 حج پروازوں پر 4 ہزار 377 عازمین جدہ پہنچیں گے۔
-

ایم کیو ایم کارکن کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل
سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے کارکن آصف کٹو کے قتل کے مقدمے میں سنائی گئی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ 2015 میں کراچی کے علاقے کورنگی میں 4 پولیس اہلکاروں کے قتل کے مقدمے سے متعلق اپیل کی سماعت کے دوران سنایا گیا،سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 4 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہو چکا ہے۔
سماعت کے دوران پروسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 4 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہو چکا ہے، لیبارٹری رپو رٹ بھی مثبت ہے، جو استغاثہ کے مؤقف کو تقویت دیتی ہے۔
دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا نام اور حلیہ ایف آئی آر سے مطابقت نہیں رکھتا آصف کٹو کو جیل سے اٹھا کر اس کے خلاف گرفتاری ڈالی گئی، ملزم ایم کیو ایم کا کارکن تھا اور اسے سیاسی بنیادوں پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑا، آصف کٹو دیگر مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔
سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ موجودہ شواہد ملزم کے لیے سزائے موت برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں، عدالت نے قرار دیا کہ شواہد کمزور ہیں، اس لیے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا جاتا ہے۔
-

ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے،ایرانی میڈیا
ایران کی نیوز ایجنسی ’فارس‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ جزیرہ جاسک کے قریب دو میزائلوں نے ایک امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے، یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب امریکی جہاز نے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے رکنے کے انتباہ کو نظر انداز کیا۔
یہ مبینہ حملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے بحری جہازوں کو نکالنے کے لیے پیر سے ’پروجیکٹ فریڈم‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس مشن کے لیے 15 ہزار فوجی اہلکار، 100 سے زائد طیارے، جنگی جہاز اور ڈرونز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی جہاز پر میزائل حملے میں نقصانات کی تاحال تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں امریکی صہیونی ڈسٹرائزر کے داخلے کو روک دیا ہے۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری فورسز نے ایک سخت اور فوری وارننگ کے ذریعے امریکی جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز میں داخل ہونے سے روک دیا ہے،دوسری جانب سینئر امریکی عہدیدار نے امریکی جہاز کا ایرانی میزائل کا نشانہ بننے کی خبر کی تردید کر دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان ایرانی افواج کا کہنا تھا کہ تمام تجارتی بحری جہاز اور آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز میں ہم سے رابطے کے بغیر نقل و حرکت نہ کریں، امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کے قریب بھی نہ جائےیرانی افواج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کو مکمل طور پر سنبھالے ہوئے ہیں، آبنائے ہرمز میں نیوی گیشن ایرانی مسلح افواج سے رابطے میں رہ کر کی جائے۔
ایرانی فوجی کمانڈر میجر جنرل علی عبداللّٰہی نے غیر ملکی بحری بیڑوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ تجارتی جہازوں کی حفاظت کے بہا نے آبنائے ہرمز میں داخل نہ ہوں،ا مریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر کیے گئے حملے نے عالمی تجارت اور معیشت کی سلامتی کو خطر ے میں ڈال دیا ہے۔
میجر جنرل علی عبداللّٰہی نے کہا کہ شرپسند امریکا کے حامیوں کو محتاط رہنا چاہیے اور ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے جس سے ناقابلِ تلافی پچھتاوا ہو، کیونکہ امریکا کی جارحا نہ کارروائیوں کا نتیجہ حالات کو مزید پیچیدہ بنانے اور بحری جہازوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے سوا کچھ نہیں نکلے گا۔
-

راولپنڈی سے بھارتی شہری گرفتار
راولپنڈی میں پولیس نے مشکوک سرگرمیوں پر بھارتی شہری کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کا مقدمے میں کہنا ہے کہ مشکوک شخص دھمیال جارہا تھا، پولیس کو دیکھ کر واپس مڑا، مشکوک شخص کے پاس کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں۔پولیس نے مزید کہا ہے کہ ملزم نے اپنا نام دلیر مشتاق اور بھارت کا رہائشی ہونے کا بتایا، مشکوک شخص سے 2 بال پین اور 1750 روپے پاکستانی کرنسی ملے۔
راولپنڈی کے تھانہ ویسٹریج پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم بھارت شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے خلاف فارنر ایکٹ 1946 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی 2 مئی 2026 کو چوہر چوک کے علاقے میں معمول کی گشت اور پڑتال کے دوران کی گئی۔ پولیس پارٹی میں سب انسپکٹر رجب علی اور دیگر اہلکار شامل تھے جو مشکوک افراد کی چیکنگ میں مصروف تھے۔گشت کے دوران ایک شخص مصریال روڈ کی جانب سے پیدل آتا ہوا دیکھا گیا جو پولیس کو دیکھ کر واپس مڑنے کی کوشش کرنے لگا۔ مشکوک رویے پر پولیس نے اسے قابو میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنا نام دلیر مشتاق ولد مشتاق احمد صوفی اور خود کو بھارت (انڈیا) کا رہائشی ظاہر کیا۔ تاہم وہ پاکستان میں داخلے اور رہائش کے حوالے سے کوئی سفری یا قانونی دستاویزات پیش نہ کر سکا۔پولیس کے مطابق ملزم کی جامہ تلاشی کے دوران اس کی قمیض کی جیب سے دو عدد بال پوائنٹ پین، چار سفید کاغذات اور 1750 روپے پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی، جنہیں قبضے میں لے لیا گیا۔پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر یہاں مقیم تھا، جس پر فارنر ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ ویسٹریج منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
-

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 3 ہزار 800 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ ، 79 ہزار 962 روپے ہو گئی،اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار ، 257 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ ، 11 ہزار 490 روپے کا ہو گیا،جبکہ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 38 ڈالر کی کمی سے 4 ہزار 576 ڈالر پر آ گئی ہے۔
سونے کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 100روپے کی کمی سے 7ہزار 914روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 86روپے کی کمی سے 6ہزار 784روپے کی سطح پر آگئی۔
-

اسحاق ڈار کی ناروے کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے نائب وزیر خارجہ آندریاس موٹزفیلٹ کراوچ کے درمیان ملاقات ہوئی-
دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان اور ناروے کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی روابط میں پیش رفت ہوئی ہے، جہاں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ناروے کے نائب وزیر خارجہ آندریاس موٹزفیلٹ کراوچ سے ملاقات کی،وزارت خارجہ میں ہونیوالی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جانب سے مکالمے اور تعمیری روابط کے فروغ کی کوششوں کو اجاگر کیا، ناروے کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک خطے میں دیرپا اور پُرامن حل کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا،اس موقع پر آندریاس موٹزفیلٹ نے ناروے کے وزیر خارجہ کی جانب سے اسحاق ڈار کو آئندہ ماہ منعقد ہونے والے اوسلو فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی، جسے پاکستانی وزیر خارجہ نے سراہتے ہوئے قبول کیا،دونوں ممالک کے رہنماؤں نے نے باہمی امور، علاقائی امن، استحکام اور ترقی سے متعلق معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
