اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک بار پھر مختلف دعوے گردش کر رہے ہیں۔ بعض پوسٹس میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے گھر پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہو گئے تھے اور یہ خبر گزشتہ چار دنوں سے غیر مصدقہ طور پر پھیل رہی ہے۔
ان دعوؤں میں یہ بھی کہا گیا کہ اس مبینہ حملے میں نیتن یاہو کے بھائی اور اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر بھی مارے گئے۔ تاہم ان دعوؤں کی اب تک کسی سرکاری ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
اسی دوران اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں نیتن یاہو کو براہ راست ٹی وی پر خطاب کرتے دکھایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اس ویڈیو پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہو سکتی ہے۔
کچھ صارفین نے ویڈیو کے ایک منظر کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کے ہاتھ میں چھ انگلیاں نظر آ رہی ہیں جس کے بعد ویڈیو کی حقیقت پر مزید بحث شروع ہو گئی ہے۔
تاہم اب تک اسرائیلی حکومت یا کسی معتبر بین الاقوامی ادارے نے نیتن یاہو کی موت یا زخمی ہونے کی کوئی تصدیق نہیں کی۔ صورتحال کے حوالے سے حتمی معلومات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
Blog
-

نیتن یاہو کی موت کی افواہیں گردش میں، اسرائیلی حکومت کی ویڈیو پر بھی سوالات اٹھ گئے
-

آپریشن غزب للحق: پاکستان کا افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر بڑا فضائی حملہ
پاکستان کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق آپریشن “غزب للحق” کے تحت افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ آپریشن کے حوالے سے جاری تازہ اپڈیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کارروائی میں بڑی تعداد میں شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ متعدد عسکری تنصیبات تباہ کر دی گئیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 663 جنگجو ہلاک اور 887 سے زائد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 249 عسکری چوکیاں تباہ جبکہ 44 چوکیوں پر قبضہ کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران 224 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپ خانہ بھی تباہ کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں 70 مقامات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر دہشت گردوں کے ٹھکانے اور معاونت فراہم کرنے والے مراکز تھے۔
اطلاعات کے مطابق 12 اور 13 مارچ 2026 کی درمیانی شب پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں سے منسلک تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران کابل، پکتیا اور قندھار کے علاقوں میں مبینہ طور پر لاجسٹک بیسز اور تربیتی کیمپوں کو ہدف بنایا گیا۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں میں صرف ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں براہ راست یا بالواسطہ ملوث تھے۔ حکام کے مطابق کسی شہری آبادی یا سول انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ -

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس مرتبہ قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اس کے مطابق عام آدمی پر بوجھ کم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ ریلیف عوام تک پہنچایا جائے اور مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ تاہم حکومت بروقت پالیسی سازی، بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے اس صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی اور سفارتی ٹیم کی کوششوں سے ملک کی ضروریات کے مطابق خام تیل کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی پیٹرول پمپ مقررہ قیمت سے زیادہ وصولی نہ کرے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں گے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ -

نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھا لیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے نہال ہاشمی سے گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ، مرتضیٰ وہاب اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری حکام اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مہمانوں نے نئے گورنر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر صوبائی قیادت نے امید ظاہر کی کہ نئے گورنر صوبے کی ترقی کے لیے مثبت اقدامات کریں گے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ روزنہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد آج باقاعدہ طور پر ان کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔
-

حالیہ مشرق وسطیٰ جنگ میں پاکستان کا ابھرتا کردار دنیا دیکھ رہی ہے ،خالد مسعود سندھو
مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ حالیہ مشرق وسطیٰ جنگ میں پاکستان کا ابھرتا کردار دنیا دیکھ رہی ہے ،وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب واضح پیغام ہے کہ حرمین الشریفین کی حفاظت پاکستان اولین فریضہ سمجھتا ہے، افغانستان کی عبوری حکومت دہشتگردوں کو نہیں روکے گی تو پاکستان اپنا دفاع کرتا رہے گا، لکی مروت میں پولیس موبائل حملے میں چھ اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انجنئیر اعجاز نصر ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات طہٰ منیب ،احمد اجمل و دیگر نے بھی خطاب کیا، خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ اسرائیل و امریکہ کے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہو چکا ہے، ایرانی و امریکی حملے قابل مذمت تو وہیں ایران کی اسلامی ممالک پر جوابی کاروائی بھی درست نہیں،پاکستان کی جانب سے قیام امن کی کوشش قابل قدر ہے، تاہم جنگ کی آڑ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے،مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، عوامی جذبات،حقوق کی ہمیشہ ترجمانی کرتی رہے گی، میڈیا کا معاشرے کی اصلاح میں انتہائی اہم کردار ہے،مرکزی مسلم لیگ صحافیوں کے لئے بھی تربیتی پروگرامز لا رہی ہے،
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم متحد ہے،افغانستان کی عبوری حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے نہیں روکے گی تو پاکستان دفاع کا حق استعمال کرے گا، لکی مروت میں پولیس موبائل پر حملے میں شہید 6 اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار افسوس اور شہداکے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں.
-

تہران میں یومِ القدس ریلی کے دوران دھماکے، ایک خاتون کی موت
تہران: ایران کے دارالحکومت تہران میں آج یومِ القدس کے موقع پر نکالی جانے والی بڑی ریلی کے دوران ہونے والے حملے میں ایک خاتون کی موت ہوئی ہے
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ریلی کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اس مہلک حملے کا الزام امریکہ اور اسرائیل پر عائد کیا ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز اسرائیل کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ وہ تہران میں بعض مقامات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب ہزاروں افراد فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منعقد ہونے والی یومِ القدس ریلی میں شریک تھے۔ دھماکوں کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر موجود رہے اور ریلی جاری رہی۔
یاد رہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے جمعرات کو سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے پہلے پیغام میں عوام سے یومِ القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی، جس کے بعد ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ تہران پہنچے۔
ریلی میں ایران کی اہم سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں صدر مسعود پزشکیان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر معروف عالم دین علیرضا اعرافی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات کے باعث اس سال کی یومِ القدس ریلی گزشتہ برسوں سے مختلف ہےان کا کہنا تھا کہ “ہم سپریم لیڈر کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے دشمن کو للکارنے والی عوامی موجودگی پر قوم کے شکر گزار ہیں۔”حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ریلی کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
-

خیبر پختونخوا میں 3 ماہ کے دوران 66 دہشتگردانہ حملے
خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران دہشت گردوں نے 66 حملے کئے جن میں پولیس تھانوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب صوبے کی حکومت نے ان حملوں سے نمٹنے کیلئے پولیس کو مزید وسائل دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سمیت دیگر حکام کی شرکت کی۔حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ تین ماہ میں دہشت گردوں نے 66 حملے کئے، ان حملوں میں سرکاری فورسز کو نشانہ بنایا گیا، تھانوں پر ڈرون گرائے گئے، دہشت گردوں نے جانی نقصان سے بچنے کیلئے ڈرون کی ٹیکنالوجی اختیار کی، ڈرون کے علاوہ آئی ای ڈی لگانے کا ٹرینڈ بھی نقصان کا باعث بنا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مقابلے کیلئے پولیس کو وسائل دے رہے ہیں، مشکل علاقوں میں پولیس کو بکتربند گاڑیاں اور اسلحہ دے دیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس بتائے جو بھی درکار ہوگا اگلے کابینہ اجلاس میں مزید ضروریات بھی منظور کرلیں گے، دہشت گردوں کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر بھی پولیس اور دیگر فورسز کو انگیج کررہے ہیں، عید الفطر کے بعد صوبے میں قبضہ مافیا کیخلاف ایک بڑی مہم شروع کرنے جارہے ہیں۔
-

نیٹو نے ترکی کی فضائی حدود میں تیسرا ایرانی میزائل ناکارہ بنایا
نیٹو نے ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد ترکی کے فضائی حدود میں تیسرے ایرانی میزائل کو ناکارہ بنایا ہے، ترکی کے وزارت دفاع نے جمعہ کو اعلان کیا۔
وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا، "ایران سے داغا گیا ایک بیسٹک میزائل جو ترکی کے فضائی حدود میں داخل ہوا، نیٹو کی مشرقی بحیرہ روم میں تعینات فضائی اور میزائل دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے غیر مؤثر بنا دیا گیا۔” اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔پیر کو میزائل ناکارہ بنانے کے بعد، ترک صدر رجب طیب اردگان نے ایران کو مزید "تحریک انگیز اقدامات” سے باز رہنے کی تنبیہ کی تھی۔ ایران نے بعد میں اس بات کی تردید کی کہ اس نے ترکی کی طرف کوئی میزائل داغا۔
صدراردگان نے اس سے قبل کہا تھا کہ ترکی کی افواج جنگ کے آغاز سے ہی الرٹ ہیں اور ملک کی فضائی حدود کو چوبیس گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے، جس میں F-16 لڑاکا طیارے، فضائی پیشگی انتباہی طیارے اور ایندھن فراہم کرنے والے طیارے شامل ہیں۔
-

عراق میں چار ہلاکتوں کے بعد ایران جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتیں 11 تک پہنچ گئیں
مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران جنگ کے دوران امریکی فوج کو ایک اور بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس کے بعد ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جمعرات کو مغربی عراق میں امریکی فضائیہ کا ایک ری فیولنگ طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے چار ارکان ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے کے بعد ایران جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہوگئی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں چھ افراد سوار تھے۔ چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دو دیگر اہلکار لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ Boeing KC-135 Stratotanker تھا جو امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ مشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ابتدائی بیان میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ حادثہ نہ تو دشمن کی فائرنگ اور نہ ہی فرینڈلی فائر کا نتیجہ تھا بلکہ اس میں ایک دوسرے امریکی ٹینکر طیارے کا بھی کردار بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل یکم مارچ کو حملے میں چھ امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ ایک اور فوجی سعودی عرب میں رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والے حملے میں زخمی ہونے کے بعد ہفتہ کو دم توڑ گیا تھا۔
-

سری لنکن ایئرلائنز کے سابق سی ای او گرفتار
سری لنکا کی قومی فضائی کمپنی سری لنکا ایئر لائن کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کپیلا چندر سینا کو مبینہ طور پر 20 لاکھ امریکی ڈالر رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ گرفتاری سری لنکا کے انسدادِ بدعنوانی ادارے نے کی، جو ایئربس طیاروں کی خریداری کے معاہدے سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے،حکام کے مطابق جمعرات نے روز چندرا سینا کو حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات میں یہ الزام سامنے آیا ہے کہ انہوں نے ایئر بس سے طیاروں کی خریداری کے معاہدے کے سلسلے میں مبینہ طور پر 20 لاکھ ڈالر کی رشوت قبول کی۔انسدادِ بدعنوانی کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری سری لنکن ایئرلائنز کے لیے ایئربس طیاروں کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کی تحقیقات کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق اس معاہدے میں ممکنہ بدعنوانی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔