Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • ڈیرہ غازی خان: یوم عاشور پر 11 ہزار اہلکار تعینات، سیکیورٹی ریڈ الرٹ

    ڈیرہ غازی خان: یوم عاشور پر 11 ہزار اہلکار تعینات، سیکیورٹی ریڈ الرٹ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر ڈیرہ غازی خان ریجن میں 10 محرم الحرام یومِ عاشور کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی سربراہی میں جاری کیے گئے ریڈ الرٹ پلان کے تحت چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 449 روایتی اور لائسنس یافتہ جلوس اور 481 مجالس کی حفاظت کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی پلان کے تحت 40 ڈی ایس پیز، 79 انسپکٹرز، 446 سب انسپکٹرز سمیت 11 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاران تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کے ہمراہ پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔ ایلیٹ فورس، کوئیک ریسپانس فورس، پنجاب کانسٹیبلری، ہائی وے پٹرول، اور 2943 رضاکار (Volunteers) بھی سیکیورٹی ڈیوٹی میں معاونت کر رہے ہیں۔

    آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان خود فیلڈ میں موجود ہیں اور حساس امام بارگاہوں، مجالس اور مرکزی جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی اقدامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کے احکامات پر تمام اضلاع میں جلوس کے راستوں پر آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاروں اور بیریئرز کے ذریعے مکمل سیل کر دیا گیا ہے، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعے سکریننگ اور سکیننگ کا عمل بھی جاری ہے۔

    ریجن بھر میں 1290 سی سی ٹی وی کیمروں، سرویلنس گاڑیوں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ جلوس کے راستوں پر موجود بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، اور سادہ لباس اہلکاروں کو بھی سول پوشاک میں ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری ردِ عمل ممکن ہو۔

    بین الصوبائی سرحدوں اور چیک پوسٹوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت سیکیورٹی چیکنگ اور جدید سائنسی طریقہ کار کے تحت اسکیننگ کا عمل جاری ہے۔

    آر پی او نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ضلعی پولیس سربراہان خود فیلڈ میں موجود رہیں اور سیکیورٹی پلان پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی یا کسی بھی قانون شکنی پر بلاتفریق فوری کارروائی کے احکامات دیے ہیں۔ سپروائزری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو حساسیت سے آگاہ کرتے ہوئے مکمل بریفنگ دیں، اور طے شدہ معاہدوں، روٹس اور اوقات کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں۔

    یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہیں۔

  • اوچ شریف: جوس کارنر والانوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف: جوس کارنر والانوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)وچ شریف شہر کی معروف جوس شاپ "شاکر جوس کارنر” کے مالک نوجوان محمد شاکر حسین افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ المناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ معمول کے مطابق اپنی دکان پر جوس تیار کر رہے تھے کہ اچانک بجلی کا کرنٹ لگ گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا اور وہاں موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ امدادی ٹیم نے بروقت پہنچ کر ابتدائی طبی امداد (سی پی آر) فراہم کی اور زخمی نوجوان کو شدید نازک حالت میں مریم نواز شریف ہسپتال اوچ شریف منتقل کیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

    نوجوان کی ناگہانی موت کی خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس پر فضا سوگوار ہو گئی۔ علاقہ مکینوں اور کاروباری برادری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    مرحوم محمد شاکر حسین کی نمازِ جنازہ دربار حضرت جمال درویش میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

    واضح رہے کہ محمد شاکر حسین نہ صرف ایک محنتی کاروباری نوجوان تھے بلکہ اپنے اخلاق اور خوش اخلاقی کی وجہ سے عوام میں خاص مقبولیت رکھتے تھے۔ ان کی ناگہانی وفات نے شہر بھر کو غم کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

  • لکی مروت میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، 3 دہشتگرد ہلاک

    لکی مروت میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، 3 دہشتگرد ہلاک

    لکی مروت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی سرائے نورنگ بھیٹنی نہر کے قریب کی گئی ، ہلاک دہشت گرد پولیس و قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں مطلوب تھے،دہشتگردوں سے مقابلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا ، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 4 دستی بم، کلاشنکوف، کارتوس اور 2 موبائل فون برآمد کر لئے گئے،ہلاک دہشتگردوسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرت حرام تالہ گمبیلا لکی مروت کےرہائشی ہیں، تینوں دہشت گرد ایل ایچ سی وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور سپاہی ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ساتھی یا سہولت کار کو گرفتار کیا جا سکے، دہشت گردوں کی ہلاکت سے علاقے میں دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بن گئی ہے، اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

  • دیپالپور: سرکاری ادویات چوری کا اسکینڈل بے نقاب، مرکزی ملزم گرفتار، لاکھوں مالیت کی دوا برآمد

    دیپالپور: سرکاری ادویات چوری کا اسکینڈل بے نقاب، مرکزی ملزم گرفتار، لاکھوں مالیت کی دوا برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور نعیم بشیر نے سرکاری ادویات کی چوری میں ملوث گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران سرکاری ادویات چوری کے مرکزی ملزم نعیم اللہ ولد سخی محمد کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے سات اقسام کی لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات برآمد کر لی گئیں۔

    تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نعیم اللہ سوشل سکیورٹی ہسپتال لاہور میں ملازمت کے دوران سرکاری ادویات چوری کر کے مقامی نجی فارمیسیز کو فروخت کرتا رہا۔ مزید تفتیش کے دوران سرویڈ فارمیسی حویلی لکھا سے بھی بھاری مقدار میں چوری شدہ ادویات برآمد کی گئیں، جس پر اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث فارمیسی کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری ادویات کی چوری ایک سنگین جرم ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف چوروں کے خلاف بلکہ چوری شدہ دوا خریدنے اور بیچنے والی فارمیسیز کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    پولیس نے مرکزی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید شواہد اکٹھے کرنے اور ملوث گروہ کی مکمل تحقیقات کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری وسائل کے تحفظ اور عوامی صحت کے حق میں اس قسم کے جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر مبینہ مذہبی منافرت پر نوجوان گرفتار

    سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر مبینہ مذہبی منافرت پر نوجوان گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر مذہبی منافرت اور شرانگیزی پر مبنی مواد شیئر کرنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 298 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو کشمیر روڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، جو اپنے موبائل فون کے ذریعے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے معافی کی درخواست بھی کی ہے۔

    مزید تفتیش کے لیے پولیس نے ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے کر پنجاب فرانزک لیبارٹری کو بھیج دیا ہے تاکہ ڈیجیٹل شواہد کا تجزیہ کیا جا سکے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں اور کسی بھی نفرت انگیز یا شرانگیز مواد کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

  • ڈسکہ: واپڈا کی غفلت سے کھمبے میں کرنٹ، تین کم سن بچے زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

    ڈسکہ: واپڈا کی غفلت سے کھمبے میں کرنٹ، تین کم سن بچے زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)محکمہ واپڈا کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ڈسکہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بارش کے دوران بجلی کے کھمبے میں کرنٹ آنے سے تین کم سن بچے زخمی ہو گئے۔ ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جسے لاہور ریفر کر دیا گیا ہے۔

    یہ افسوسناک واقعہ تھانہ سٹی ڈسکہ کے علاقہ محلہ رائے والہ، گلہ بابا بھولا پیر میں اس وقت پیش آیا جب بارش کے باعث گلی میں نصب بجلی کے کھمبے میں کرنٹ آ گیا۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے تین کم سن بچے — 13 سالہ احمد، 10 سالہ عمران، اور 12 سالہ اکرم — کرنٹ لگنے سے جھلس گئے۔

    زخمی بچوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈسکہ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد 10 سالہ عمران اور 12 سالہ اکرم کو ڈسچارج کر دیا گیا، تاہم 13 سالہ احمد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے لاہور ریفر کر دیا گیا۔ متاثرہ بچے احمد کا تعلق گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ سے ہے، اور وہ ساتویں جماعت کا طالبعلم ہے۔

    احمد کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غریب محنت کش ہے، چاند گاڑی چلا کر روزی کماتا ہے اور کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ بیٹے کے مہنگے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، والدین نے بچوں کو گھروں سے نکلنے سے روک دیا ہے، جبکہ مکین سخت اضطراب کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ واپڈا کی سنگین غفلت اس واقعے کی بنیادی وجہ ہے، کیونکہ برسات کے موسم سے قبل کھمبوں کو ارتھ نہیں لگایا گیا تھا۔

    علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام محلوں میں لگے بجلی کے کھمبوں کو فوری طور پر ارتھ لگایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ شہریوں نے واپڈا کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

  • اوچ شریف: سول ڈیفنس کی سرپرستی میں خیرپور ڈاہا روڈ پر پٹرول بم نصب

    اوچ شریف: سول ڈیفنس کی سرپرستی میں خیرپور ڈاہا روڈ پر پٹرول بم نصب

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے خیرپور ڈاہا میں انسانی زندگیوں کو چند نوٹوں کے عوض داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ غیر قانونی منی پٹرول پمپ، ایرانی اسمگل شدہ تیل کی کھلے عام فروخت، ناقص حفاظتی انتظامات، اور محکمہ سول ڈیفنس و انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی نے پورے علاقے کو خطرناک بارودی سرنگ میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں ہر لمحہ تباہی کی بو محسوس کی جا سکتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کے بعض افسران مبینہ طور پر بھاری رشوت کے عوض خاموشی کی قیمت وصول کر رہے ہیں۔ بغیر لائسنس، بغیر حفاظتی اقدامات، اور بغیر تربیت کے درجنوں فیول ایجنسیاں پٹرول اور ڈیزل کی فروخت میں مصروف ہیں۔ یہ تیل پلاسٹک کی بوتلوں، کھلے کینوں اور غیر معیاری برتنوں میں بیچا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف انسانی جانیں خطرے میں ہیں بلکہ پورے محلوں کو لمحوں میں راکھ میں تبدیل کرنے کا خدشہ موجود ہے۔

    ایرانی اسمگل شدہ تیل کے استعمال سے نہ صرف گاڑیوں کے انجن تباہ ہو رہے ہیں بلکہ عوام کو مہنگے داموں دھوکہ دہی سے تیل فروخت کیا جا رہا ہے۔ پیمانے میں کمی، معیار میں جعلسازی، اور قیمتوں میں من مانی معمول بن چکا ہے۔ اس کے باوجود پولیس، تحصیل انتظامیہ اور ضلعی افسران کی خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے:
    کیا یہ خاموشی کسی اندرونی گٹھ جوڑ یا کرپشن کی علامت ہے؟
    کیا ضلعی انتظامیہ اس موت کے کاروبار میں شریکِ جرم بن چکی ہے؟

    عوامی حلقے، سماجی کارکنان، اور تاجر برادری سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا رپورٹس، سوشل میڈیا ویڈیوز، اور بارہا شکایات کے باوجود اگر کوئی کاروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے سانحے کی صورت میں مکمل ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر عائد ہو گی۔

    مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکریٹری پنجاب، اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور فوری طور پر خیرپور ڈاہا میں غیر قانونی فیول ایجنسیوں، ایرانی تیل کی اسمگلنگ، اور محکمہ سول ڈیفنس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کریں۔ عوامی سلامتی کو مزید نظر انداز کرنا ایک مجرمانہ کوتاہی ہو گی جس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

  • اوچ شریف: مستوئی روڈ پر اندوہناک حادثہ، موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    اوچ شریف: مستوئی روڈ پر اندوہناک حادثہ، موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے مستوئی روڈ پر ایک افسوسناک اور غفلت پر مبنی حادثے میں 30 سالہ موٹر سائیکل سوار محمد ذیشان جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سڑک کنارے کھڑی ایک ٹرالی سے لکڑیاں اتارنے کے لیے لوہے کی زنجیر (ٹوچین) سڑک پر باندھی گئی تھی، تاہم اندھیرے اور مناسب حفاظتی علامات کے نہ ہونے کی وجہ سے وہ زنجیر نظر نہ آ سکی۔

    عینی شاہدین کے مطابق محمد ذیشان ولد عبدالقادر ایک مریض کو موٹر سائیکل پر اسپتال لے جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث ان کی موٹر سائیکل مذکورہ زنجیر سے ٹکرا گئی، جس سے وہ سڑک پر جا گرے اور ان کے سر، گردن اور سینے پر شدید چوٹیں آئیں۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، OPA اور CPR کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی اور انہیں شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    حادثے کے بعد علاقہ غم و اندوہ میں ڈوب گیا ہے جبکہ شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد نے حادثے کی ذمہ داری غیر محفوظ انداز میں ٹرالی سے سامان اتارنے اور سڑک پر بغیر کسی وارننگ کے رکاوٹیں ڈالنے پر عائد کی ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    مرحوم محمد ذیشان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔ ان کی ناگہانی موت پر ہر آنکھ اشکبار ہے، اور پورا علاقہ سوگوار ہے۔

  • بجلی بل کی عدم ادائیگی پر باپ گرفتار، بیٹے کی خودکشی

    بجلی بل کی عدم ادائیگی پر باپ گرفتار، بیٹے کی خودکشی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)نواحی علاقہ ونیہ والا میں غربت اور بے بسی ایک اور جان لے گئی۔ بجلی بل کی عدم ادائیگی پر گیپکو حکام نے شہری انور کو گرفتار کروا دیا، جس پر اس کا بیٹا فراز دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر بیٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق تین ماہ کا 38 ہزار روپے کا بل ادا نہ کرنے پر گیپکو نے انور کا بجلی میٹر منقطع کر دیا۔ انور نے وقتی طور پر ہمسایوں سے بجلی لینا شروع کی تو گیپکو حکام نے بجلی چوری کا مقدمہ درج کروا کر اسے گرفتار کروا دیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق مسلسل تین دن تک گھر میں بجلی نہ ہونے اور والد کی گرفتاری سے متاثر ہو کر انور کا نوجوان بیٹا فراز شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا اور بالآخر تیزاب پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    مرحوم کی والدہ نے بتایا کہ فراز والد کی رہائی اور بجلی کی بحالی کے لیے گیپکو دفتر کے چکر لگاتا رہا، مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی، جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔

    یہ افسوسناک واقعہ سوال چھوڑ گیا ہے کہ کیا بجلی چوری کے خلاف کارروائی انسانی جان سے زیادہ ضروری ہے؟ حکام بالا کی خاموشی اس سوال کا جواب دینے سے قاصر ہے۔

  • سیالکوٹ: حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ، اسسٹنٹ کمشنرز پیرا کے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر مقرر

    سیالکوٹ: حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ، اسسٹنٹ کمشنرز پیرا کے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر مقرر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)حکومت پنجاب نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن اتھارٹی (پیرا) ایکٹ 2024 کے تحت اہم انتظامی اقدام اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر میں مختلف تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو پیرا کے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسرز (SDEO) مقرر کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ضلعی اور تحصیلی سطح پر انفورسمنٹ کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹوریٹ جنرل پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پیرا کے دوسرے اجلاس مورخہ 31 مئی 2025 کی روشنی میں، اور پہلے جاری کردہ نوٹیفکیشن (مورخہ 17 دسمبر 2024) میں ترامیم کے بعد، تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل (ADC-G) کو پیرا ایکٹ کی سیکشن 16، 17 اور 18 کے تحت ہیئرنگ آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کو پیرا کا ایکس آفیشیو سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔

    ضلع سیالکوٹ میں ہونے والی اہم تعیناتیاں درج ذیل ہیں:

    * تحصیل سیالکوٹ: اسسٹنٹ کمشنر، سیالکوٹ
    * تحصیل پسرور: اسسٹنٹ کمشنر، پسرور
    * تحصیل ڈسکہ: اسسٹنٹ کمشنر، ڈسکہ
    * تحصیل سمبڑیال: اسسٹنٹ کمشنر، سمبڑیال

    ان تمام تحصیلوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ (ADC-G) کو پیرا ایکٹ 2024 کے تحت ہیئرنگ آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔

    اس فیصلے کا مقصد پیرا اتھارٹی کو ضلعی و تحصیلی سطح پر مؤثر بناتے ہوئے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنا، اور تجاوزات، ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس سے نہ صرف ضلعی انتظامیہ کو انفورسمنٹ کے عمل میں تقویت ملے گی بلکہ عوام کو بھی فوری انصاف اور ریلیف میسر آئے گا۔