Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اوچ شریف : گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانداروں کو جرمانے

    اوچ شریف : گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانداروں کو جرمانے

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر رمضان المبارک میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ کے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے۔

    اس دوران انہوں نے پھل، سبزی، کریانہ اور دیگر اشیائے خوردونوش کی دکانوں کا معائنہ کیا اور نرخ ناموں اور اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صارفین سے بھی گفتگو کی اور اشیاء کی مقررہ نرخ پر فروخت کے بارے میں دریافت کیا۔

    اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ مقررہ نرخ پر فروخت کی جائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین سے کہا کہ اگر کوئی دکاندار ریٹ لسٹ سے زیادہ نرخ پر اشیاء فروخت کرتا ہے تو وہ فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔

    انہوں نے پل جھانگرہ غربی، اوچ شریف شہر چوک بختیاری، شمس چوک، خرم پور سمیت مختلف علاقوں میں سبزی، فروٹ اور دودھ دہی فروشوں کا معائنہ کیا۔ سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، گراں فروشی اور زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

  • سیالکوٹ: تھانہ سٹی سمبڑیال کے قریب موٹرسائیکل اور گدھا گاڑی میں تصادم، کمسن بچہ جاں بحق

    سیالکوٹ: تھانہ سٹی سمبڑیال کے قریب موٹرسائیکل اور گدھا گاڑی میں تصادم، کمسن بچہ جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) تھانہ سٹی سمبڑیال کے قریب ریسکیو اسٹیشن کے سامنے موٹرسائیکل اور گدھا گاڑی میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں 5 سالہ مہد سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے والد افتخار شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔ شہریوں نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے سڑکوں پر احتیاطی تدابیر سخت کرنے کا مطالبہ کیا۔

  • ڈسکہ: تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز، بھاری جرمانے عائد

    ڈسکہ: تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز، بھاری جرمانے عائد

    ڈسکہ (نامہ نگار ملک عمران) اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی کی زیر نگرانی شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں تیزی لائی گئی ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ نے میونسپل آفیسر ریگولیشن کے ہمراہ پرانی کچہری روڈ، معراج چوک، فوارہ چوک اور کالج روڈ کا دورہ کیا۔

    دوران دورہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کیا اور موقع پر قائم عارضی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔ اس کے ساتھ ہی، تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے اور سامان کو تحویل میں لے لیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے یہ مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تجاوزات سے گریز کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

  • اوکاڑہ : قصاب مافیا کا راج، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت

    اوکاڑہ : قصاب مافیا کا راج، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت

    اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر) اوکاڑہ میں قصاب مافیا بے لگام ہو چکا ہے، جس کے سامنے محکمہ لائیو سٹاک اور انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔ ملگدا چوک، اڈا نتھیں بودلہ اور گردونواح میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت ایک ہزار روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ، محکمہ لائیو سٹاک اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث قصاب مافیا سرعام بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کر رہا ہے۔ گوشت کی سرکاری ریٹ لسٹ محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئی ہے، اور ضلعی انتظامیہ دفاتر میں بیٹھ کر سب اوکے کی رپورٹ پیش کر رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کی فروخت سے ان کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کمشنر ساہیوال اور ڈی سی اوکاڑہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور قصاب مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

  • ڈیرہ غازی خان: وڈور روڈ ڈکیتوں کی آماجگاہ، شہری سےنقدی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار

    ڈیرہ غازی خان: وڈور روڈ ڈکیتوں کی آماجگاہ، شہری سےنقدی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار

    ڈیرہ غازی خان، باغی ٹی وی(نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان کے وڈور روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب سحری کے وقت ڈکیتوں نے شہری مزمل اشفاق کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔ ڈکیت مزمل اشفاق سے سی ڈی موٹر سائیکل، 80 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ مزمل اشفاق سبزی منڈی سے اپنی دکان کے لیے پھل لینے جا رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق وڈور روڈ ڈکیتوں کے لیے سیرگاہ بن چکا ہے، جہاں وہ جب چاہتے ہیں راہگیروں سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں سحری کے وقت پولیس کو یہاں گشت کرنا چاہیے۔ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، لیکن اس علاقے میں پولیس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے، جس کی وجہ سے یہاں ڈکیتوں کا راج ہے۔

    شہریوں نے کمشنر ڈیرہ غازی خان، آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور ایس ایچ او تھانہ صدر جعفر حبیب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ڈکیتی کا فوری نوٹس لیا جائے اور مزمل اشفاق سے چھینی گئی اشیاء برآمد کر کے انہیں واپس کی جائیں۔

  • اوچ شریف:رمضان میں بھی قصابوں کا مکروہ دھندہ جاری، ناقص گوشت کی فروخت،انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف:رمضان میں بھی قصابوں کا مکروہ دھندہ جاری، ناقص گوشت کی فروخت،انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مضر صحت، لاغر اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ قصائی مافیا انسانی صحت سے کھیلنے میں مصروف ہے، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ناقص اور زہریلے گوشت کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، مگر انتظامیہ کی چشم پوشی کے باعث یہ مکروہ دھندہ کھلے عام جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔ قصائی مافیا دیہی علاقوں سے لاغر اور بیمار جانور انتہائی کم قیمت پر خرید کر ان کے گوشت کو مختلف کیمیکلز کے ذریعے مصنوعی طور پر تازہ بناتے ہیں اور پھر یہ گوشت شہر کی مختلف مارکیٹوں، ہوٹلوں، بیکریوں میں سپلائی کیا جاتا ہے۔

    رمضان المبارک میں شہری سحر و افطار میں زیادہ تر گوشت سے بنی اشیاء استعمال کرتے ہیں، لیکن ناقص گوشت کی فروخت کے باعث فوڈ پوائزننگ، معدے کی بیماریاں، یرقان اور دیگر سنگین مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق غیر معیاری گوشت کا استعمال بچوں اور بوڑھوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔

    عوامی وسماجی حلقے متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ لائیو اسٹاک، فوڈ اتھارٹی اور دیگر ذمہ دار ادارے اس غیر قانونی دھندے سے باخبر ہونے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کر رہے۔ رمضان المبارک کے دوران بھی مضر صحت گوشت کی فروخت کھلے عام جاری ہے، مگر انتظامیہ بے بس نظر آ رہی ہے۔

    اوچ شریف شہر کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، ڈی سی بہاولپور اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کو سخت سزائیں دی جائیں، ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔

  • چنیوٹ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضر صحت اجزاء برآمد، بھاری جرمانے عائد

    چنیوٹ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضر صحت اجزاء برآمد، بھاری جرمانے عائد

    چنیوٹ (نامہ نگار باغی ٹی وی) پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی سربراہی میں شہر کے مختلف فوڈ پوائنٹس، ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑیوں کی اچانک چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور ممنوعہ چائنیز سالٹ سمیت دیگر مضر صحت اجزاء کے استعمال پر 94,500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چھ کلو ممنوعہ اجزاء اور تین کلو چائنیز سالٹ موقع پر تلف کر دیا۔ دودھ کی ناقص کوالٹی پر مختلف سیل پوائنٹس کو 37,000 روپے جرمانہ کیا گیا اور 630 لیٹر ملاوٹی دودھ کو موقع پر ضائع کرایا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوراک کی تیاری اور فروخت کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مضر صحت اجزاء کے استعمال سے گریز کریں۔

  • لاہور کا اسٹریٹ آرٹسٹ بھیک مانگنے کے جرم میں گرفتار

    لاہور کا اسٹریٹ آرٹسٹ بھیک مانگنے کے جرم میں گرفتار

    لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک اسٹریٹ آرٹسٹ محمد کو ٹریفک پولیس نے گرفتار کر لیا، جس پر الزام تھا کہ وہ بھیک مانگ رہا تھا۔

    محمد کا کہنا تھا کہ وہ بھیک نہیں مانگتا بلکہ اپنے جسم اور کپڑوں پر گولڈن رنگ کر کے مجسمے کی طرح کھڑا ہوتا ہے تاکہ لوگ اس کے کام کی تعریف کریں اور پیسے دیں۔، محمد جو کہ بند روڈ کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ ہے، گلبرگ کے علاقے میں سڑک کے کنارے کھڑا ہو کر اپنی پرفارمنس دیتا تھا۔ اس کی پرفارمنس لوگوں کو محظوظ کرتی تھی اور کئی لوگ اپنی خوشی سے اسے پیسے دے دیتے تھے۔ محمد نے پولیس کے سامنے کہا کہ وہ بھیک نہیں مانگتا بلکہ یہ ایک آرٹ ہے جو دنیا بھر میں کیا جاتا ہے۔پولیس کے مطابق محمد کو ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالنے کی وجہ سے پکڑا گیا۔ ٹریفک وارڈن کا کہنا تھا کہ یہ اعلیٰ افسران کے احکامات کے تحت عمل کیا گیا۔ محمد نے پولیس کے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی قسم کی ٹریفک کی رکاوٹ پیدا نہیں کرتا۔محمد کا کہنا تھا کہ یہ اس کا روزگار ہے اور وہ اس کو اپنے بچوں کی پرورش کے لیے کرتا ہے۔ وہ اس فن کو ایک پیشہ سمجھتا ہے اور اسے کسی بھی قسم کی بھیک نہیں سمجھتا۔

  • کراچی:گارڈن عثمان آباد میں پانی کی شدید قلت، مکینوں کا احتجاج، سحری و افطار میں مشکلات

    کراچی:گارڈن عثمان آباد میں پانی کی شدید قلت، مکینوں کا احتجاج، سحری و افطار میں مشکلات

    کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی) شہر قائد کے علاقے گارڈن عثمان آباد میں پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا، واٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے پانی کی فراہمی معطل ہے، جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوچکی ہے۔ رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے وقت پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

    احتجاجی مظاہرین واٹر بورڈ کے دفتر پہنچے اور پانی کے وال کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے وال خراب ہے، مگر متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

    احتجاج کے باعث گارڈن عثمان آباد اور گھاس منڈی کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر پانی کی فراہمی فوری بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

  • نئی نویلی دلہن اغوا کے 6 روز بعد جھنگ سے بازیاب، 2 ملزمان گرفتار

    نئی نویلی دلہن اغوا کے 6 روز بعد جھنگ سے بازیاب، 2 ملزمان گرفتار

    خانیوال(باغی ٹی وی)چھ روز قبل خانیوال سے اغوا ہونے والی نئی نویلی دلہن کو جھنگ سے بازیاب کرا لیا گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خانیوال کے تھانہ صدر کی حدود میں 15 مسلح ملزمان نے عمران کے گھر پر دھاوا بول کر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور نئی نویلی دلہن ارم بی بی کو اغوا کرلیا۔ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ارم بی بی کو بازیاب کرا لیا اور دو ملزمان کو حراست میں لے لیاجبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کو شبہ تھا کہ ایک ماہ قبل ان کی ہمشیرہ کے گھر سے فرار ہونے میں ارم بی بی کے بھائی ملوث تھے۔

    ڈی پی او خانیوال کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔