Baaghi TV

Category: تعلیم

  • پنجاب کے 2200 سرکاری اسکولوں کی ناقص کارکردگی پر انکوائری شروع

    پنجاب کے 2200 سرکاری اسکولوں کی ناقص کارکردگی پر انکوائری شروع

    وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق صوبے میں 20 فیصد یا اس سے کم نتائج دینے والے 2200 سرکاری سکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ نویں جماعت میں 20 فیصد سے کم نتائج والے سکولوں کے پرنسپلز اور سربراہان کو تین روز کے اندر وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    رانا سکندر حیات کے مطابق متعلقہ سکول سربراہان کو تعلیمی معیار اور طلبہ کے نتائج میں بہتری لانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ 20 فیصد سے کم رزلٹ دینے والے اساتذہ کو ملازمت سے ہٹایا جائے گا۔

    وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ ناقص نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف طویل انکوائریاں نہیں ہوں گی بلکہ کم رزلٹ پر براہِ راست کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو استاد مسلسل 3 سے 5 سال تک خراب نتائج دے رہا ہے، اسے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

    رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ جہاں کم نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی، وہیں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی اور انہیں انعامات دیے جائیں گے۔

  • وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور ٹو کے سالانہ نتائج جاری کردیئے

    وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور ٹو کے سالانہ نتائج جاری کردیئے

    وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا، جس میں مختلف گروپس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ نے پوزیشنز حاصل کیں۔

    نتائج کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں آرمی پبلک اسکول کی طالبہ عمارہ اظہر نے 1079 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔ پنجاب کالج کے طالب علم محمد جہانزیب نے 1078 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ سیدہ ایمان فاطمہ 1076 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

    پری انجینئرنگ گروپ میں ایمان ارجمند نے 1075 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ زینب سمیع نے 1070 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ عنزہ فاطمہ نے 1068 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    وفاقی تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ پوزیشن ہولڈرز نے اپنی کامیابی کو محنت، مستقل مزاجی اور اساتذہ و والدین کی رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔

  • میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول جاری

    میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول جاری

    میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبات مقررہ شیڈول کے مطابق امتحان میں شرکت کریں گے۔

    جاری کردہ شیڈول کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے امیدواروں کے ایڈمٹنس کارڈز 10 ستمبر سے جاری کیے جائیں گے۔ طلبہ اپنے ایڈمٹنس کارڈز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔

    شیڈول کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان 20 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ امیدواروں کو امتحان میں شرکت کے لیے ایڈمٹنس کارڈ مقررہ وقت سے پہلے حاصل کرنے اور اس پر درج تمام ضروری معلومات، امتحانی مرکز اور دیگر ہدایات کو بغور چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایم ڈی کیٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے اہم انٹری ٹیسٹ ہے، جس میں کامیابی داخلہ حاصل کرنے کے عمل میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحان سے قبل اپنے ایڈمٹنس کارڈ سمیت ضروری دستاویزات اور امتحانی مرکز سے متعلق معلومات مکمل کرلیں۔

    طلبہ 10 ستمبر سے یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر اپنے ایڈمٹنس کارڈز چیک کرکے ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے، جبکہ 20 ستمبر کو مقررہ تاریخ پر ایم ڈی کیٹ امتحان منعقد ہوگا۔

  • سندھ میں اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹہ کمی کا اعلان

    سندھ میں اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹہ کمی کا اعلان

    سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے شدید گرمی کے پیش نظر صوبے کے اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹہ کمی کرنے کا اعلان کردیا۔

    کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید سردار علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں اب تک اسکولوں کے حوالے سے کوئی یکساں پالیسی بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے شدید گرمی میں بچوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 52 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی میں بھی بعض بچے کھلے آسمان تلے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ کئی اسکولوں میں بچوں کے لیے مناسب چھت تک موجود نہیں۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے بچوں کا تعلیم حاصل کرنا تعلیمی نظام کی زبوں حالی کو ظاہر کرتا ہے۔ ایسے بچوں کی مشکلات فوری طور پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔

    سید سردار علی شاہ نے کہا کہ بچوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے اسکولوں میں مناسب چھت، ٹھنڈے اور محفوظ ماحول سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سالانہ 1200 ارب روپے کے وفاقی پی ایس ڈی پی میں تعلیم کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ صوبوں میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنایا جاسکے۔

    وزیر تعلیم نے بتایا کہ سندھ میں لاکھوں بچوں کو کمیونٹی بیسڈ مراکز کے ذریعے تعلیم فراہم کی جارہی ہے، تاہم گزشتہ تین سال سے بجٹ میں اضافہ نہ ہونے کے باعث ان مراکز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث تعلیمی مراکز کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس سے موجودہ بجٹ میں ان کا انتظام چلانا مشکل ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے 480 ارب روپے کے تعلیمی بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات کو الگ کیا جانا چاہیے، جبکہ آپریشنل اور نان آپریشنل اخراجات کی مکمل تفصیلات بھی سامنے لانا ضروری ہیں تاکہ تعلیمی بجٹ کے حقیقی استعمال اور ضروریات کا درست اندازہ لگایا جاسکے۔

    سید سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ کمیونٹی آرگنائزیشنز کو براہِ راست فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں، کیونکہ یہ تعلیمی مراکز کوئی کاروباری ادارے نہیں بلکہ انہیں کمیونٹی آرگنائزیشنز چلا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان اداروں کو بروقت اور مناسب مالی معاونت فراہم کرکے بچوں کے لیے بہتر تعلیمی ماحول یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

  • پنجاب بھر میں نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کل  ہوگا

    پنجاب بھر میں نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کل ہوگا

    پنجاب بھر میں نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج 2 ستمبر کو جاری کیے جائیں گے۔ تمام تعلیمی بورڈز نتائج کا اعلان صبح 10 بجے کریں گے۔

    لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان بورڈز کے تحت امتحان دینے والے طلبہ اپنے نتائج متعلقہ بورڈز کی سرکاری ویب سائٹس پر رول نمبر درج کرکے چیک کرسکیں گے۔

    طلبہ کے لیے آن لائن رزلٹ کے علاوہ رزلٹ گزٹ اور SMS کے ذریعے نتیجہ معلوم کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ بڑی تعداد میں طلبہ کی جانب سے بیک وقت ویب سائٹس استعمال کرنے کے باعث رزلٹ کے وقت آن لائن پورٹلز پر رش اور تکنیکی مسائل کا امکان ہے، ایسی صورت میں طلبہ کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کرسکیں گے۔

    مختلف تعلیمی بورڈز کے SMS کوڈز یہ ہیں:

    لاہور بورڈ: 800291
    راولپنڈی بورڈ: 800296
    فیصل آباد بورڈ: 800240
    ملتان بورڈ: 800293
    گوجرانوالہ بورڈ: 800299
    سرگودھا بورڈ: 800290
    ساہیوال بورڈ: 800292
    بہاولپور بورڈ: 800298
    ڈیرہ غازی خان بورڈ: 800295

    طلبہ کو SMS کے ذریعے نتیجہ معلوم کرنے کے لیے صرف اپنا رول نمبر متعلقہ بورڈ کے مقررہ کوڈ پر بھیجنا ہوگا۔

    نویں جماعت کے ایس ایس سی پارٹ ون امتحان میں مجموعی طور پر 550 نمبر ہوتے ہیں۔ نتائج جاری ہونے کے بعد طلبہ کو مجموعی نمبروں کے ساتھ ہر مضمون میں حاصل کردہ نمبرز بھی چیک کرنے چاہییں۔

    اگر کسی طالب علم کو اپنے نتیجے یا نمبروں میں غلطی کا شبہ ہو تو وہ متعلقہ تعلیمی بورڈ کے قواعد کے مطابق ری چیکنگ یا ری کاؤنٹنگ کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ اس کے لیے مقررہ مدت کے اندر درخواست اور فیس جمع کرانا ہوگی۔

    تعلیمی حکام نے طلبہ اور والدین کو ہدایت کی ہے کہ نتائج کے لیے صرف متعلقہ تعلیمی بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ، رزلٹ گزٹ یا مجاز SMS سروس استعمال کریں اور غیر مصدقہ سوشل میڈیا اطلاعات پر اعتماد نہ کریں۔

    پنجاب بھر کے لاکھوں طلبہ اب 2 ستمبر کا انتظار کر رہے ہیں، جب نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان صبح 10 بجے کیا جائے گا۔

  • نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف

    نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف

    نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف،ہواہے-

    پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سکول ایجوکیشن نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ 10 دن کے اندر اندر تمام نجی اسکولوں میں 10 فیصد مفت تعلیم یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے-

    اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ قانون کے باوجود 10 فیصد مفت تعلیم کی شرط پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا، کمیٹی ارکان نے تجویز دی کہ محکمہ خود مستحق بچوں کو نجی اسکولوں میں داخل کروائے اور صرف اسکولوں کے فراہم کردہ ڈیٹا پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ خود تصدیق کا نظام بنایا جائے،سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے مطابق اس حوالے سے تمام نجی اسکولوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا تاکہ قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے-

    دوسری جانب لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 213 نجی اسکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سمری ارسال کر دی،رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جبکہ احکامات پر عمل نہ کرنے والے مزید تعلیمی اداروں کو بھی سیل کیا جائے گا۔

    سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے کہا کہ 744 نجی اسکولوں کو رجسٹریشن کرانے کے لیے پہلے ہی حتمی وارننگ جاری کی جا چکی ہے، تاہم متعدد اداروں نے تاحال قانونی تقاضے پورے نہیں کیے، رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور تمام تعلیمی اداروں کو متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

  • پاکستانی نژاد سعدیہ زاہدی  انٹرنیشنل ائیر لائنز تنظیم کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل مقرر

    پاکستانی نژاد سعدیہ زاہدی انٹرنیشنل ائیر لائنز تنظیم کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل مقرر

    پاکستانی نژاد ایگزیکٹو سعدیہ زاہدی کو انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔

    سعدیہ زاہدی یکم نومبر 2026 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی اور آئی اے ٹی اے کی تاریخ میں اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی، سعدیہ زاہدی آئی اے ٹی اے کی 9ویں ڈائریکٹر جنرل ہوں گی، وہ اس سے قبل ورلڈ اکنامک فورم میں منیجنگ ڈائریکٹر اور منیجنگ بورڈ کی رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    آئی اے ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور لاٹام ایئرلائنز گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روبرٹو الوو نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ سعدیہ زاہدی کی تقرری پر انتہائی خوش ہے ورلڈ اکنامک فورم میں سعدیہ زاہدی کا طویل اور شاندار تجربہ آئی اے ٹی اے کو عالمی ایئرلائن صنعت کی مؤثر آواز کے طور پر مزید مضبوط بنائے گا، عالمی فضائی نقل و حمل ایک کھربوں ڈالر کی صنعت ہے جس نے دنیا کو بہتر انداز میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے-

    انہوں نے کہا کہ سعدیہ زاہدی کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بین الاقوامی ماحول تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے،ٹیکنالوجی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیا ں مستقبل میں ہوا بازی کی صنعت کی سمت متعین کریں گی، جبکہ سعدیہ زاہدی کے پاس وہ صلاحیت موجود ہے جس کے ذریعے وہ صنعت کی ضروریات کو مؤثر انداز میں اجاگر کر سکیں گی۔‘

    سعدیہ زاہدی گزشتہ 2 دہائیوں سے زائد عرصے سے ورلڈ اکنامک فورم سے وابستہ ہیں، انہوں نے ادارے کے سینٹر فار دی نیو اکانومی اینڈ سوسائٹی کی بنیاد رکھی اور اس کی سربراہی بھی کر رہی ہیں،سعدیہ زاہدی نے اکنامکس میں اسمتھ کالج سے بیچلر، دی گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ سے بین الاقوامی معاشیات میں ایم فل، جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے،وہ پاکستانی اور سوئس، دونوں ممالک کی شہریت رکھتی ہیں۔

  • سندھ کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

    حکومت سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔

    محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسکول یکم جون سے 31 جولائی تک بند رہیں گےتعطیلات کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولوں پر یکساں طور پر ہوگا تاکہ شدید گرمی کے پیش نظر طلبہ اور اساتذہ کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    قبل ازیں پنجاب حکومت بھی صوبے میں گرمیوں کی طویل تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے،وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق پنجاب میں تعلیمی اداروں میں چھٹیاں 22 مئی سے شروع ہوں گی جبکہ اسکول 24 اگست کو دوبارہ کھولے جائیں گے۔

  • خیبرپختونخوا :محکمہ تعلیم میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا :محکمہ تعلیم میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم میں خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بڑے پیمانے پر جعلی اساتذہ کی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ تعلیم نے 2012 میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے دور حکومت کے آخری سال میں بھرتی ہونے والے 436 اساتذہ کے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کر دی ہے ان جعلی بھرتیوں کا انکشاف اس وقت ہوا جب محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی سینیارٹی لسٹ تیار کی جا رہی تھی۔

    تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ اصل فہرست میں مبینہ طور پر ردو بدل کر کے اصل امیدواروں کی جگہ دوسرے افراد کو بھرتی کیا گیا اس مشکوک صورتحال کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے ان اساتذہ کی پروموشن روک دی ہے اور معاملے کی گہرائی تک پہنچنے کے لیے ایک 4 رکنی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک سروس کمیشن کی سفارشاتی فہرست میں شامل اصل امیدوار 14 سال سے اپنے تقرر ناموں کے انتظار میں تھے، جنہیں اب معلو م ہوا ہے کہ ان کی جگہ کوئی اور ملازمت کر رہا ہے اس بڑے اسکینڈل پر پبلک سروس کمیشن، موجودہ صوبائی وزیر تعلیم اور اے این پی دور کے سابق وزیر تعلیم سردار حسین بابک نے تاحال خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور کوئی موقف دینے سے گریز کیا ہے۔

  • 50 ہزار سے زائد ایم ڈی کیٹ پاس طلبا میڈیکل کالجز میں داخلے سے محروم, وفاقی وزیر صحت

    ‎وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 50 ہزار سے زائد طلبہ MDCAT پاس کرنے کے باوجود میڈیکل کالجز میں داخلے سے محروم رہ جاتے ہیں، کیونکہ ملک میں میڈیکل کالجز کی نشستیں ناکافی ہیں۔
    ‎کراچی میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی 59ویں کنووکیشن کی تقریب میں وفاقی وزیرِ صحت بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں ملکی اور غیر ملکی طبی ماہرین، سینئر ڈاکٹرز اور سینکڑوں نئے اہل ڈاکٹروں کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
    ‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ صحت نے بتایا کہ ملک اپنے ڈاکٹرز کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی زیادہ تعداد کی وجہ سے اہل امیدوار بیرونِ ملک جانے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جو ایک تعلیمی اور صحت کا بحران ہے۔ حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور میڈیکل کالجز کی سیٹس بڑھانے پر کام جاری ہے۔
    ‎سید مصطفیٰ کمال نے یہ بھی بتایا کہ قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کی درجہ بندی کم ہونے کے مسئلے کو سفارتی سطح پر اٹھایا گیا، جس کے بعد قطر نے پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے امتحان کی شرط ختم کر کے سابقہ حیثیت بحال کر دی ہے۔ اب پاکستانی ڈاکٹرز اپنی ڈگری کی بنیاد پر براہِ راست قطر میں خدمات انجام دے سکیں گے۔