Baaghi TV

Category: بین الاقوامی

  • عیدالفطر کے موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم کو عوامی احتجاج کا سامنا

    عیدالفطر کے موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم کو عوامی احتجاج کا سامنا

    آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیس کو جمعہ کے روز عیدالفطر کی نماز کے موقع پر شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑا، جب وہ مغربی سڈنی کی سب سے بڑی مسجد کا دورہ کرنے پہنچے۔

    نماز عید کے دوران مظاہرین نے وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی کی اور انہیں “باہر نکل جاؤ” کے نعرے لگائے، جبکہ بعض افراد نے انہیں “نسل کشی کے حامی” بھی قرار دیا۔عینی شاہدین کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیراعظم البانیز اور وزیر داخلہ نماز کے لیے موجود افراد کے ساتھ شریک تھے۔ تقریباً 15 منٹ بعد مظاہرین نے کارروائی میں خلل ڈال دیا۔منتظمین نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے مجمع سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں۔ ایک منتظم نے کہا“براہِ کرم سکون رکھیں، آج عید کا دن ہے اور خوشی کا موقع ہے۔”

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم انتھونی البانیس نے کہا کہ مجموعی طور پر تقریب “انتہائی مثبت” رہی، اور 30 ہزار کے مجمع میں چند افراد کے احتجاج کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ کشیدگی کی ایک وجہ حکومت کی جانب سے اسلامی تنظیم حزب التحریر کو کالعدم قرار دینا بھی ہو سکتی ہے، جسے نفرت انگیز گروہ قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا میں حکومت کو غزہ جنگ کے معاملے پر مسلم اور یہودی دونوں کمیونٹیز کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، جہاں حکومت نے ایک طرف فلسطینیوں کے لیے ہمدردی اور جنگ بندی کی حمایت کی، تو دوسری جانب اسرائیل کے دفاع کے حق کو بھی تسلیم کیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل فروری میں بھی سڈنی میں اس وقت بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا تھا جب اسرائیلی صدر نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 27 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • امریکی بحری بیڑوں کی مشرقِ وسطیٰ روانگی، ایران پر ممکنہ زمینی حملے کی قیاس آرائیاں تیز

    امریکی بحری بیڑوں کی مشرقِ وسطیٰ روانگی، ایران پر ممکنہ زمینی حملے کی قیاس آرائیاں تیز

    امریکا کے کم از کم تین بحری بیڑے سان ڈی ایگو سے روانہ ہو گئے ہیں، جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو ایس ایس پورٹ لینڈ، یو ایس ایس کامسٹاک اور یو ایس ایس باکسر مشرقِ وسطیٰ کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں، ان جنگی جہازوں کی روانگی کو خطے میں ممکنہ فوجی سرگرمیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریپڈ رسپانس فورس کی ممکنہ تعیناتی کے باعث ایران کے خلاف ممکنہ زمینی حملے سے متعلق قیاس آرائیاں شدت اختیار کر گئی ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ان بحری بیڑوں کی موجودگی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔

    دوسری جانب امریکی عوام کی رائے اس معاملے پر منقسم دکھائی دیتی ہے۔ مختلف سرویز کے مطابق امریکی شہریوں کی اکثریت ایران کے خلاف کسی بھی زمینی حملے کی مخالفت کر رہی ہے اور وہ سفارتی حل کو ترجیح دے رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں خطے کی صورتحال مزید واضح ہو جائے گی، تاہم موجودہ پیش رفت نے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

  • عیدالفطر: شاہ سلمان کی عالمِ اسلام کو مبارکباد

    عیدالفطر: شاہ سلمان کی عالمِ اسلام کو مبارکباد

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عالمِ اسلام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب قیادت عالمی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، اور خطے سمیت پوری دنیا میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔خادمِ حرمین شریفین نے امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو امن، سلامتی اور استحکام سے نوازے اور دنیا بھر میں بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے نہایت اطمینان اور سکون کے ساتھ عمرہ ادا کیا، جو سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ بہترین سہولیات اور انتظامات کا مظہر ہے۔

  • امریکی بی ون بمبار طیارہ ایران پر کارروائی کے بعد برطانیہ واپس پہنچ گیا

    امریکی بی ون بمبار طیارہ ایران پر کارروائی کے بعد برطانیہ واپس پہنچ گیا

    امریکی فضائیہ کا بی ون بمبار طیارہ ایران پر مبینہ حملے کے بعد بحفاظت برطانیہ واپس پہنچ گیا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارے کی واپسی کے دوران اسے یورپ کے متعدد ممالک کی فضائی حدود تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔

    ذرائع کے مطابق فرانس، پرتگال اور اسپین نے امریکی بمبار طیارے کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث طیارے کو متبادل اور طویل راستہ اختیار کرنا پڑا۔ اس صورتحال میں امریکی طیارہ بحیرۂ روم اور بعد ازاں بحرِ اوقیانوس کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے برطانیہ پہنچا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کی جانب سے فضائی حدود کی عدم فراہمی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیاسی حساسیت کی عکاسی کرتی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث یورپی ممالک محتاط پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

  • اقوام متحدہ کا امریکا و اسرائیل سے ایران جنگ کے خاتمے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کا امریکا و اسرائیل سے ایران جنگ کے خاتمے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے امریکا اور اسرائیل سے ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    انٹونیو گوتیرس نے کہا اب وقت آگیا ہے کہ یہ جنگ روکی جائے،سیکرٹری جنرل نے ایران سے بھی پڑوسی ممالک پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز کی بندش فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    دوسری جانب یورپی یونین نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ایران جنگ سے فوری طور پر یورپ کی جانب نقل مکانی میں اضافہ نہیں ہوا، یورپ اپنی سکیورٹی کے لیے سفارتی ، قانونی اور مالی وسائل استعمال کرے گا۔اس کے علاوہ یورپی یونین نے ممکنہ نقل مکانی کے خدشات پر تیاری مکمل رکھنے پر زور بھی دیا۔

  • مشرق وسطیٰ ممالک میں عیدالفطر کے روز بھی ڈرون و میزائل حملے

    مشرق وسطیٰ ممالک میں عیدالفطر کے روز بھی ڈرون و میزائل حملے

    مشرقِ وسطیٰ میں عید الفطر کے موقع پر جمعہ کی صبح مختلف ممالک نے ڈرون اور میزائل حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ کے مطابق دارالحکومت تہران کے مشرقی علاقوں میں "دشمن اہداف” کے خلاف دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران کے مختلف حصوں میں حملوں کی ایک نئی لہر شروع کر دی ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور دفاعی نظام انہیں فضا میں ہی تباہ کرنے میں مصروف ہے۔

    ادھر سعودی عرب کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ملک کے مشرقی علاقوں اور شمالی خطے الجوف میں کم از کم ایک درجن ڈرون مار گرائے گئے۔متحدہ عرب امارات نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام ایران کی جانب سے آنے والے میزائل اور ڈرون خطرات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ حکومتی میڈیا کے مطابق دبئی میں سنی جانے والی زور دار آوازیں کامیاب انٹرسیپشن کا نتیجہ تھیں۔اسی دوران بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ ایرانی حملے کے بعد گرنے والے ملبے کے باعث ایک گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔کویت میں بھی خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جبکہ فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے میں مصروف ہے۔

  • امریکا یو اے ای کو 7 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار فروخت کرے گا

    امریکا یو اے ای کو 7 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار فروخت کرے گا

    امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو7 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار فروخت کرے گا۔

    امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے یو اے ای کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری بھی دے دی ہے،رپورٹ کے مطابق ہتھیاروں میں تقریباً 5.6 ارب ڈالر کے پیٹریاٹ میزائل اور 1.3 ارب ڈالرکے جدید جنگی ہیلی کاپٹر شامل ہیں،امریکا پہلے ہی 3 خلیجی ملکوں کو 16.5 ارب ڈالرکے ہتھیارفروخت کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران کے حملوں اور خطے کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا،ڈونلڈ ٹرمپ اور اماراتی صدر نے عرب امارات میں شہریوں اور اہم تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔

  • دنیا بھر میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ

    دنیا بھر میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ

    مشرق وسطیٰ میں آئل اور گیس تنصیبات پر حملوں کے بعد دنیا بھر میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت 119 ڈالر فی بیرل تک جاکر نیچے آئی اور 106 ڈالر فی بیرل پر تیل کی فروخت ہوتی نظر آئی،ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 93 ڈالر سے زائد ہوگئی، اس کے علاوہ یورپ اور برطانیہ میں گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا،مغربی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے ، ایران جنگ شروع ہونے کے بعد سے یورپ میں گیس کی قیمت تقریباً ڈبل ہو چکی ہے ۔

    دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران نےاپنی غیر فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں طاقت کا چھوٹا سا مظاہرہ کیا، تحمل کا مظاہرہ کشیدگی میں کمی کی درخواستوں پر کیا گیا ہے،ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو تحمل کا مظاہرہ نہیں کریں گے، جنگ کا خاتمہ کسی بھی انداز سے ہو، شہری علاقوں میں ہوئے نقصانات کا ازالہ لازمی شرط ہوگی۔

  • امریکا کو ایران جنگ میں بھاری نقصان، 16امریکی جنگی طیارے تباہ ہونے کا دعویٰ

    امریکا کو ایران جنگ میں بھاری نقصان، 16امریکی جنگی طیارے تباہ ہونے کا دعویٰ

    امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگی کارروائیوں میں اب تک امریکا کو فضائی محاذ پر نمایاں نقصان اٹھانا پڑا ہے، جہاں مجموعی طور پر 16 جنگی طیارے تباہ ہو چکے ہیں۔

    بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والے طیاروں میں 10 بغیر پائلٹ MQ-9 Reaper اسٹرائیک ڈرون بھی شامل ہیں، جبکہ اس کے علاوہ 6 امریکی جنگی جہازوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 3 امریکی جنگی طیارے کویت کی فضاؤں میں تباہ ہوئے، جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ “فرینڈلی فائر” کا نشانہ بنے۔اسی طرح ایک KC-135 Stratotanker ری فیولنگ طیارہ دورانِ آپریشن تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے تمام 6 ارکان ہلاک ہو گئے۔مزید برآں، 5 دیگر KC-135 ری فیولنگ طیاروں کو سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

    بلوم برگ کے مطابق ایران نے امریکی بغیر پائلٹ ریپر ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا، جن میں سے 9 ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔ ان میں ایک ڈرون کو اردن میں بیلسٹک میزائل کے ذریعے مار گرایا گیا۔دفاعی ماہرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ امریکا کے لیے ایک بڑا عسکری اور اسٹریٹجک دھچکا ہوگا، جو خطے میں طاقت کے توازن پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

  • 
چین کا پاکستان افغانستان جنگ بندی کا خیرمقدم، مذاکرات پر زور

    
چین کا پاکستان افغانستان جنگ بندی کا خیرمقدم، مذاکرات پر زور

    
چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی سے گریز کریں اور مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کریں تاکہ مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار ہو سکے۔
    ‎ترجمان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہی خطے کے امن اور استحکام کی ضمانت ہے، اور چین سمیت دیگر دوست ممالک اس حوالے سے ثالثی کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
    ‎یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان نے عیدالفطر کے موقع پر جاری کشیدگی میں عارضی وقفے کا اعلان کیا ہے، جو چند روز تک نافذ العمل رہے گا۔ اس فیصلے کو خطے میں امن کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں عارضی وقفے کی تصدیق کی ہے، جسے عیدالفطر کے موقع سے منسلک کیا گیا ہے۔