Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں کا وین ڈرائیور پر شدید تشدد

    طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں کا وین ڈرائیور پر شدید تشدد

    بھکر کے نواحی علاقے برکت والا میں کالج طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں نے وین ڈرائیور پر شدید تشدد کیا۔

    پولیس کے مطابق چند اوباش افراد نے طالبات کو تنگ کرنے کی کوشش کی، جس پر وین ڈرائیور قاسم نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں منع کیا ڈرائیور کے روکنے پر ملزمان طیش میں آگئے اور اپنے دیگر ساتھیوں کو بلا کر قاسم پر تشدد کیا۔ بتایا گیا ہے کہ 4 افراد نے ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے آدھ موا حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق نے فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا –

    ڈی پی او شہزاد رفیق نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور اوباش عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔

  • مشترکہ بزنس فورم میں شرکت  کیلئے وزیرِ اعظم  2 روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا روانہ

    مشترکہ بزنس فورم میں شرکت کیلئے وزیرِ اعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا روانہ

    وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کریسچئین اسٹاکر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے کے لیے ویانا روانہ ہوگئے۔

    وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں، وزیرِ اعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں کرسچئین اسٹاکر سے دوطرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے اس کے علاوہ دونوں رہنما سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے معروف کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔

    بعد ازاں وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے وزیرِ اعظم ویانا میں اقوامِ متحدہ کے تحت منعقدہ ‘پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ’ کے موضوع پر خصوصی تقریب میں بھی شرکت و خطاب کریں گے وزیرِ اعظم اس دوران انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کریں گے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کا یہ سرکاری دورہ پاکستان اور آسٹریا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور سرمایہ کاری، سلامتی اور عالمی تعاون کے شعبوں میں روابط مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • اوچ شریف،روڈ حادثہ، ٹریلر تلے آ کر نوجوان خاتون جاں بحق، دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ

    اوچ شریف،روڈ حادثہ، ٹریلر تلے آ کر نوجوان خاتون جاں بحق، دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ

    روڈ حادثہ، ٹریلر تلے آ کر نوجوان خاتون جاں بحق، دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے،،

    اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان ) اوچ شریف سوئی گیس ککس موڑ کے قریب ترنڈا روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد محفوظ رہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق خیرپور ڈاھا سے راجن پور شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد موٹر سائیکل پر سوار تین افراد ایک مرد اور دو خواتین واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ اسی دوران ایک مسافر بس نے تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل کو کراس کرتے ہوئے ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں تینوں افراد روڈ پر گر گئے۔حادثے کے فوراً بعد پیچھے سے آنے والا ٹریلر ایک خاتون کے اوپر سے گزر گیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ دیگر دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت شبانہ بی بی زوجہ محمد حمزہ (عمر 22 سال) سکنہ راجن پور کے نام سے ہوئی ہے۔ خاتون کی دونوں ٹانگیں بری طرح کچل گئیں۔

    اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد میت کو لواحقین کی موجودگی میں آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔

    علاوہ ازیں اوچ شریف میں رکشہ اور ٹرک کے تصادم میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا،اوچ شریف باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان کے مطابق علی پور روڈ پر موہانے والی موری کے مقام پر ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جس میں ایک رکشہ اور ٹرک میں تصادم ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، اوچ شریف سے اپنے گھر جانے والا رکشہ پر تین افراد سوار تھے کہ پیچھے سے آتے ہوئے ٹرک نے رکشہ کو سائیڈ ماری۔ حادثے کے نتیجے میں رکشہ کا ڈرائیور، عطا حسین ولد محمد یار (عمر 40 سال)، ٹرک کے نیچے آ گیا اور اس کے نچلے پیٹ اور دونوں ٹانگوں میں شدید کرش انجری ہوئی۔ریسکیو عملے نے فوری طور پر سی پی آر کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی اور زخمی کو آر-ایچ-سی اوچ شریف منتقل کیا، مگر وہ وہاں پہنچنے سے قبل ہی جانبر نہ ہو سکا۔ حادثے میں رکشہ کے باقی دو افراد خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • اوچ شریف میں آئس کا مکروہ دھندا بے قابو، گلی محلوں میں منشیات کی منڈیاں قائم

    اوچ شریف میں آئس کا مکروہ دھندا بے قابو، گلی محلوں میں منشیات کی منڈیاں قائم

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں آئس کا مکروہ دھندا بے قابو، گلی محلوں میں منشیات کی منڈیاں قائم، ہوم ڈلیوری سے نوجوان نسل تباہ، شہری عدم تحفظ کا شکار

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف، جو کبھی اولیائے کرام کی نگری، روحانیت، امن اور مذہبی اقدار کی پہچان سمجھا جاتا تھا، آج خطرناک حد تک منشیات کے عفریت کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ شہر اور گردونواح میں مہلک نشہ “آئس” (کرسٹل میتھ) کا کاروبار کھلے عام جاری ہے، جس نے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق محلہ بخاری، شمیم آباد، گیلانی کالونی، بیٹ احمد رسول پور، محمد پور اور نور پور سمیت مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں نے باقاعدہ اڈے قائم کر رکھے ہیں، جہاں سے دن رات آئس کی فروخت جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ دھندا اب خفیہ نہیں بلکہ اعلانیہ انداز میں چلایا جا رہا ہے۔تشویشناک امر یہ ہے کہ منشیات فروشوں نے جدید طریقہ واردات اختیار کرتے ہوئے “ہوم ڈلیوری سروس” بھی متعارف کرا دی ہے، جہاں ایک فون کال یا پیغام پر نشہ آور مواد گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس بے خوفی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق آئس کے عادی نوجوان کئی کئی دن جاگتے رہتے ہیں، ذہنی توازن کھو بیٹھتے ہیں اور نشے کی طلب پوری نہ ہونے پر چوری، ڈکیتی، موبائل چھیننے اور دیگر جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ نتیجتاً شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور رات کے اوقات میں نقل و حرکت محدود ہو کر رہ گئی ہے۔شہر کے مختلف مقامات پر نشے کے عادی افراد کو گندگی کے ڈھیروں، ویران جگہوں اور کھنڈرات میں نشہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جو نہ صرف معاشرتی بگاڑ بلکہ انتظامی غفلت کی واضح تصویر پیش کرتا ہے۔

    والدین کا کہنا ہے کہ ان کے نوجوان بچے تعلیم اور روزگار چھوڑ کر نشے کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ کئی گھرانوں کی جمع پونجی اس لعنت کی نذر ہو چکی ہے جبکہ ماؤں کی آہیں اور خاندانوں کی پریشانی معمول بنتی جا رہی ہے۔شہری و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف میں فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے، منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کو توڑا جائے، ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں، بصورت دیگر یہ ناسور آئندہ نسلوں کو مکمل تباہی کی طرف دھکیل دے گا۔

  • اوچ شریف:اڈہ محمود شہید پر دو موٹر سائیکلیں تصادم، 5 افراد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اڈہ محمود شہید چوک، بھٹہ روڈ سے ملکانی پوسٹ کوٹلہ موسیٰ خان روڈ پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں خواتین اور ایک کمسن بچی سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا، جہاں دونوں موٹر سائیکلیں تیز رفتار ہونے کی وجہ سے بے قابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئیں۔ موقع پر پہنچنے والی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

    زخمیوں میں حضور بخش (50 سال)، عدنان (20 سال)، شہناز بی بی (35 سال)، نگینہ بی بی (18 سال) اور چار سالہ ہانیہ شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے، تاہم طبی نگرانی جاری ہے۔

  • اوچ شریف: یومِ یکجہتی کشمیر پر شرمناک خاموشی، انتظامیہ کی بے حسی پر سوالات

    اوچ شریف: یومِ یکجہتی کشمیر پر شرمناک خاموشی، انتظامیہ کی بے حسی پر سوالات

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان)مدینہ الاولیاء اوچ شریف میں 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر جیسے اہم قومی دن پر افسوسناک اور شرمناک خاموشی دیکھنے میں آئی، جہاں پورا شہر مکمل طور پر لاتعلق اور بے حس نظر آیا۔ نہ کوئی ریلی نکالی گئی، نہ دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، نہ ہی کوئی تعلیمی، سماجی یا آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، گویا یومِ کشمیر سرے سے موجود ہی نہ تھا۔

    ذرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی، پولیس، ہسپتال انتظامیہ، سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریوں سے چشم پوشی اختیار کی۔ ملک کے دیگر شہروں میں جہاں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں، سیمینارز، دعائیہ اجتماعات اور آگاہی مہمات جاری رہیں، وہیں اوچ شریف میں سرکاری مشینری کی نااہلی اور بے حسی نے اس قومی دن کو ایک عام دن بنا کر رکھ دیا۔

    انتظامیہ کی جانب سے نہ کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، نہ تعلیمی اداروں کو متحرک کیا گیا، نہ مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا اور نہ ہی شہر بھر میں کسی مقام پر بینر یا پلے کارڈ نظر آیا۔ اس صورتحال نے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔

    شہری اور سماجی حلقوں نے اس رویے کو ’’قومی غیرت کا جنازہ‘‘ قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اگر ایسے اہم قومی دن بھی سرکاری بے حسی کی نذر ہوتے رہے تو نئی نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور کشمیری کاز سے وابستگی کیسے پیدا ہو سکے گی۔

    عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کا فوری تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور آئندہ ایسے قومی مواقع پر باضابطہ تقریبات، ریلیوں اور آگاہی مہمات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ اوچ شریف کو قومی سطح پر مزید شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • پہلا روزہ کب ہو گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

    پہلا روزہ کب ہو گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

    رمضان المبارک کے چاند سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کی توقع ہے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام پانچ بج کر ایک منٹ پر ہو گی، 18 فروری کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 18 فروری کو چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی، کراچی میں سورج غروب ہونے کا وقت 6 بج کر 25 منٹ جبکہ چاند غروب ہونے کا وقت 7 بج کر 24 منٹ ہے،اس لئے 18 فروری کو چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے اور یکم رمضان المبارک 19 فروری بروز جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔

  • عباسیہ کینال یا موت کی نہر؟ انتظامی غفلت نے چولستانی باسیوں کی زندگی داؤ پر لگا دی

    عباسیہ کینال یا موت کی نہر؟ انتظامی غفلت نے چولستانی باسیوں کی زندگی داؤ پر لگا دی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف سے گزرنے والی عباسیہ کینال اس وقت ریاستی غفلت اور انتظامی نااہلی کی جیتی جاگتی تصویر بن چکی ہے، جہاں صاف پانی کے بجائے سیوریج کا گندہ نالہ بہہ رہا ہے۔ چولستانی علاقوں کے لیے زندگی کی واحد امید سمجھی جانے والی یہ نہر اب انسانی فضلہ، جانوروں کے گوبر اور زہریلے مادّوں کا ڈھیر بن چکی ہے، جو ہزاروں انسانوں کو خاموش موت کی طرف دھکیل رہی ہے۔ مختلف مقامات پر گھروں اور غیر قانونی آبادیوں کے سیوریج پائپ براہِ راست نہر میں ڈال دیے گئے ہیں، جبکہ جانوروں کے باڑوں کی غلاظت بھی بلا روک ٹوک اسی پانی میں شامل ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں نہر کا پانی سیاہ اور تعفن زدہ ہو چکا ہے۔

    عینی شاہدین اور طبی ماہرین کے مطابق اس آلودہ پانی کے استعمال سے علاقے میں ہیضہ، یرقان، ٹائیفائیڈ اور آنکھوں کے انفیکشن جیسی مہلک بیماریاں وبائی صورت اختیار کر چکی ہیں، جن سے سب سے زیادہ معصوم بچے اور خواتین متاثر ہو رہی ہیں۔ انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ اس سنگین انسانی بحران کے باوجود محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی اور محکمہ ماحولیات مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ ہو رہی ہے، جبکہ تاحال نہ تو غیر قانونی پائپ کاٹے گئے اور نہ ہی نہر کی صفائی کا کوئی بندوبست کیا گیا ہے۔

    سماجی و عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ صورتحال کسی بڑے انسانی سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور چیف جسٹس ہائی کورٹ سے فوری ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چولستان کے مجبور باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ شہریوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر سیوریج کے آؤٹ لیٹس بند نہ کیے گئے تو وہ سڑکوں پر نکلنے، دھرنے دینے اور قانونی چارہ جوئی کرنے پر مجبور ہوں گے، کیونکہ اب یہ مسئلہ محض سہولت کا نہیں بلکہ بقا کا سوال بن چکا ہے۔

  • پاکستان کی مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑے تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور ہر سطح پر ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنا رہی ہیں۔
    پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ بیان فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقع پر دیا، جہاں انہیں کور کی مختلف عملیاتی، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
    ‎فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور ٹیکنالوجی اس تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہے، جس کے لیے ہر سطح پر فکری تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تکنیکی حربے جسمانی حرکات کی جگہ لیں گے اور جارحانہ و دفاعی کارروائیوں کے طریقے بنیادی طور پر بدل جائیں گے، اسی لیے مسلح افواج تیزی سے ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہیں۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل میں اختراع، مقامی تیاری اور موافقت بنیادی ستون ہوں گے۔ جوانوں سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملیاتی تیاری کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کے خلاف ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
    ‎ساتھ ہی انہوں نے مستقبل کے میدانِ جنگ اور سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

  • اوچ شریف: ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، بی آئی ایس پی میں بدعنوانی پر متعدد ریٹیلرزگرفتار

    اوچ شریف: ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، بی آئی ایس پی میں بدعنوانی پر متعدد ریٹیلرزگرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی/نامہ نگارحبیب خان) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت غریب اور مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں مبینہ بدعنوانیوں، غیرقانونی کٹوتیوں اور جعلی لین دین کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اوچ شریف میں بڑا اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں قائم متعدد ریٹیلرز کے مراکز پر بیک وقت چھاپے مارے۔

    کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے بڑی تعداد میں مشتبہ بائیومیٹرک ڈیوائسز، اہم ریکارڈ اور نقد رقوم قبضے میں لے لیں، جبکہ متعدد ریٹیلرز اور ان کے اہلکاروں کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو طویل عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض ریٹیلرز مستحق خواتین سے غیرقانونی کٹوتیاں کر رہے ہیں، جعلی بائیومیٹرک کے ذریعے رقوم نکلوا رہے ہیں اور کئی خواتین کو یہ کہہ کر گمراہ کیا جا رہا ہے کہ وہ پروگرام کے لیے نااہل ہو چکی ہیں، حالانکہ ان کے نام پر قسط جاری ہو چکی ہوتی ہے۔ ان شکایات کی روشنی میں ایف آئی اے نے خفیہ نگرانی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق بعض ریٹیلرز کے پاس سرکاری قواعد و ضوابط کے برخلاف اضافی بائیومیٹرک ڈیوائسز موجود تھیں، جبکہ کئی مراکز پر خواتین کے شناختی کارڈز کی نقول اور بائیومیٹرک ڈیٹا غیرقانونی طور پر محفوظ کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف قومی ڈیٹا تحفظ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ غریب اور مستحق خواتین کے معاشی استحصال کے مترادف بھی ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ زیرِ حراست افراد سے تفتیش کے بعد مزید گرفتاریوں اور مقدمات کے اندراج کا قوی امکان ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں اور ممکنہ سرکاری اہلکاروں کے کردار کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے قومی فلاحی منصوبے میں بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب علاقے کی عوام اور سماجی حلقوں نے ایف آئی اے کی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث ریٹیلرز کو نشانِ عبرت بنایا جائے، لوٹی گئی رقوم مستحق خواتین کو واپس دلائی جائیں اور مستقبل میں ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن سے اس قومی فلاحی پروگرام کو بدعنوان عناصر سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔