Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • کوٹ دادو جھانگڑہ روڈ حادثہ، خاتون اور کمسن بچہ جاں بحق

    کوٹ دادو جھانگڑہ روڈ حادثہ، خاتون اور کمسن بچہ جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے کوٹ دادو گھلو جھانگڑہ روڈ پر ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ہتھیجی سے تعلق رکھنے والی فیملی شدید متاثر ہوئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون اور تین سالہ کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، اسی دوران پیچھے سے آنے والا ایک تیز رفتار ٹریلر دونوں موٹر سائیکلوں کے اوپر سے گزرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔ حادثے میں شدید سر کی چوٹیں لگنے کے باعث 32 سالہ روبینہ بی بی اور ان کا تین سالہ بیٹا محمد منیب موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    زخمی ہونے والے دو افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق افراد کی میتیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔ حادثے کے بعد ہتھیجی اور گردونواح کے علاقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

  • اوچ شریف: تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے سکول جاتی دو بہنوں کو روند ڈالا

    اوچ شریف: تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے سکول جاتی دو بہنوں کو روند ڈالا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگارحبیب خان) بیٹ معزز دین موضع میں پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثے نے اوچ شریف اور گرد و نواح کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا۔ تیز رفتار اور بے قابو ٹریکٹر ٹرالی سکول جانے والی طالبات پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں الہادی پبلک سکول کی دو کمسن بہنیں 11 سالہ ثوبیہ اور 4 سالہ عظمیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ایک اور بچی شدید زخمی ہو گئی۔

    ذرائع کے مطابق بچیاں روزانہ کی طرح سکول جا رہی تھیں کہ حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا، والدین اور اہلِ خانہ پر غشی کے دورے پڑتے رہے اور فضا سوگوار ہو گئی۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ ٹریکٹر ٹرالی کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق سکول اوقات میں بچوں کی آمد و رفت کے باوجود بھاری گاڑی لاپرواہی سے چلائی جا رہی تھی۔

    واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

  • ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ اور طلباء سے خصوصی نشست

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اساتذہ اور طلباء سے خصوصی نشست

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سمیت مختلف مدارس اور تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہاولپور کے عوام کی تحریکِ پاکستان اور استحکامِ پاکستان میں خدمات پرانہیں خراجِ تحسین پیش کیا،تقریب میں قومی و علاقائی صورتحال، آپریشن بنیان المرصوص اور قومی سلامتی میں پاک فوج کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی،سیشن میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے بھارتی گٹھ جوڑ اور سوشل میڈیا پروپیگنڈا زیرِ بحث رہا،اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے پاکستان کی قومی سلامتی کے مفہوم اور مقاصد پر تفصیلی آگاہی کو سراہا ،شرکاء نے میڈیا لٹریسی کو نوجوانوں کے شعور اور رائے کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا

    شرکا کا کہنا تھا کہ میڈیا لٹریسی منفی پروپیگنڈا اور دشمن کے بیانیہ سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے،شرکاء نے ہر مشکل میں قوم کے ساتھ کھڑے رہنے پر فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ،مدارس کے طلبہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ریاست اور آئین کا سر فخر سے بلند رکھا ہے،تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے

  • اوچ شریف میں نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق، لاش برآمد

    اوچ شریف میں نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق، لاش برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف کے علاقے بکھری چوک، بستی مقبول آرائیں میں گزشتہ شب ایک 28 سالہ نوجوان کی گولی لگنے سے ہلاکت نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ جاں بحق نوجوان کی لاش سڑک کنارے پڑی ملی، جس کے سر کے پچھلے حصے میں گولی لگی ہوئی تھی۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ابتدائی طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ گولی سر کے پچھلے حصے میں لگی جس کے باعث نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت شعیب ولد عبد الحمید، عمر 28 سال، ساکن بستی شمیم آباد، اوچ شریف کے طور پر ہوئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے فوری طور پر ہاتھا پائی یا مزاحمت کے شواہد نہیں ملے۔ واقعے کی نوعیت کے پیش نظر فرانزک ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ اوچ شریف کے سب انسپکٹر فیاض شاہ کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • احمد پور شرقیہ: چار روز سے لاپتہ نوجوان کی لاش کھالے سے برآمد، تحقیقات جاری

    احمد پور شرقیہ: چار روز سے لاپتہ نوجوان کی لاش کھالے سے برآمد، تحقیقات جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع فرید آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چار روز سے لاپتہ 20 سالہ نوجوان کی لاش کھالے سے برآمد ہوئی۔

    جاں بحق نوجوان کی شناخت یاسر ولد نور محمد، سکنہ موضع بقا پور، تحصیل احمد پور شرقیہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یاسر ذہنی طور پر معذور تھا اور گزشتہ چار دن سے گھر سے لاپتہ تھا، جس پر اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔

    مقامی افراد نے کھالے میں لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور پولیس کی موجودگی میں ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو کھالے سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہے۔

  • اوچ شریف: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں چائنہ نمک برآمد

    اوچ شریف: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں چائنہ نمک برآمد

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار: حبیب خان)شہریوں کو ملاوٹ سے پاک، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولپور کی جانب سے ضلع بھر میں بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں قائم جنرل اسٹورز، کریانہ شاپس اور فوڈ پوائنٹس کی اچانک انسپکشن کرتے ہوئے سنگین خلاف ورزیوں پر سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیوں کے دوران 69 کلوگرام ممنوعہ چائنہ نمک بھاری مقدار میں دیگر غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیاء کے ہمراہ برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ممنوعہ چائنہ نمک کی فروخت نہ صرف انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے بلکہ فوڈ قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

    فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 5 جنرل اسٹورز کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں بالخصوص وہ دکانیں نشانے پر رہیں جہاں ممنوعہ اشیاء، ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز، ناقص صفائی، غیر معیاری اسٹوریج اور فوڈ سیفٹی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

    انسپکشن کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس پر ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، کیڑے مکوڑوں کے آثار اور فوڈ ہینڈلنگ کے غیر ذمہ دارانہ طریقے سامنے آئے، جس پر متعلقہ مالکان کو جرمانوں کے ساتھ سخت وارننگز بھی جاری کی گئیں۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ خوراک میں ملاوٹ، جعلسازی اور عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ کسی کو بھی شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری یا مشتبہ خوراک کی فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اتھارٹی کے مطابق عوام کے تعاون سے ہی معاشرے کو ملاوٹ مافیا سے پاک کیا جا سکتا ہے۔

  • ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا ریڑھی بازار اوچ شریف کا دورہ، صفائی و انتظامی امور کا جائزہ

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا ریڑھی بازار اوچ شریف کا دورہ، صفائی و انتظامی امور کا جائزہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) جنرل رپورٹر کے مطابق ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ریڑھی بازار اوچ شریف کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ نوید حیدر اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بازار میں قائم ریڑھی بانوں سے ملاقات کی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بازار میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور منظم ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

    ڈی سی سید حسن رضا نے تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے راستوں کو کشادہ رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڑھی بازار شہریوں کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے یہاں نظم و ضبط اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

    دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بانوں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔

  • ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا اوچ شریف میں زیرِ تعمیر سپورٹس کمپلیکس کا دورہ

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا اوچ شریف میں زیرِ تعمیر سپورٹس کمپلیکس کا دورہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) کڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے اوچ شریف میں زیرِ تعمیر اسپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور دیگر اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا اور علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

    دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے منصوبے کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس میں تمام سہولیات جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کی جائیں تاکہ عوام بالخصوص نوجوانوں کو معیاری اور بہتر اسپورٹس سہولیات میسر آ سکیں۔

  • پنجاب میں جعلی و غیر قانونی ادویات کے خلاف سخت اقدامات، صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کی سالانہ رپورٹ جاری

    پنجاب میں جعلی و غیر قانونی ادویات کے خلاف سخت اقدامات، صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کی سالانہ رپورٹ جاری

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان)صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب نے سال 2025ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق صوبہ بھر میں جعلی اور غیر قانونی ادویات کی روک تھام کے لیے تاریخی اور بھرپور اقدامات عمل میں لائے گئے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب کے 36 ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈز کو فیلڈ ڈرگ انسپکٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر 6604 کیسز موصول ہوئے، جن پر فوری کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ ضلعی بورڈز نے ان کیسز کی مکمل چھان بین کے بعد 5389 مقدمات کے فیصلے سنائے، جن میں جعلی یا غیر قانونی ادویات کی تیاری اور فروخت میں ملوث پائے جانے والے 62 افراد اور کمپنیوں کے خلاف باقاعدہ فوجداری مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

    رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق، سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں پر مبنی 2405 مقدمات پنجاب کے چھ اہم ڈرگ کورٹس بشمول لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور کو کارروائی کے لیے بھجوائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے 68 میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز، ڈسٹری بیوٹرز اور مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے ڈرگ لائسنسز کی مستقل منسوخی کی سفارشات چیف ڈرگز کنٹرولر پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈز کی سربراہی متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کر رہے ہیں، جن کی معاونت کے لیے میڈیکل اور فارماسیوٹیکل ماہرین بطور ممبران شامل ہیں تاکہ پنجاب میں ادویات کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنا کر عوام کو صحت کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

  • نئے سال کے موقع پر مضرِ صحت گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

    نئے سال کے موقع پر مضرِ صحت گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

    بہاولپور ،باغی ٹی وی نامہ نگار (حبیب خان)نئے سال کے موقع پر شہریوں کو مضرِ صحت اور ناقص گوشت فراہم کرنے کی کوشش کو پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے نیشنل ہائی وے پولیس کے تعاون سے ایل پی روڈ، مسافر خانہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے بڑی مقدار میں بدبودار اور غیر معیاری گوشت برآمد کر لیا۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 450 کلوگرام ناقص اور غیر صحت بخش گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والا گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی سے مجموعی طور پر 11 من سے زائد بدبودار مرغی کا گوشت برآمد ہوا، جو انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر کہا کہ نئے سال میں نئے عزم کے ساتھ خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور مضر صحت اشیاء کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔