Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف:فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی ریلی، عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید

    اوچ شریف:فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی ریلی، عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں مولانا محمد شاہ جرار کی قیادت میں فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی الشمس چوک میں ہوئی جس میں مذہبی جماعتوں، شہریوں، نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    ریلی کے شرکاء نے فلسطینی عوام کی حمایت میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "فلسطینیوں کی آزادی ہمارا حق” اور "فلسطین کا مسئلہ، ہمارا مسئلہ” جیسے نعرے درج تھے۔ نعرے بازی کے ساتھ، شرکاء نے فلسطینی عوام کی قربانیوں کو سراہا اور عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کی۔

    مولانا محمد شاہ جرار نے اپنے خطاب میں کہا، "یہ وقت ہے کہ ہم سب یکجا ہو کر فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز اٹھائیں۔ ہمیں ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔” انہوں نے اسلامی ممالک کو فلسطین کے حقوق کے لیے متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

    ریلی میں موجود سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عزم ظاہر کیا اور پاکستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی حقوق کی حمایت میں عملی اقدامات کرے۔

    ریلی کے اختتام پر فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی، تاکہ عالمی برادری کو یہ باور کرایا جائے کہ فلسطین کا مسئلہ انسانی حقوق کا اہم ترین مسئلہ ہے جس پر خاموشی اختیار کرنا ناقابل قبول ہے۔

  • اوچ شریف: چنگ چی رکشوں اوردیگرگاڑیوں  میں اوورلوڈنگ،شہری خطرے  سے دوچار

    اوچ شریف: چنگ چی رکشوں اوردیگرگاڑیوں میں اوورلوڈنگ،شہری خطرے سے دوچار

    اوچ شریف( باغی ٹی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف اور اس کے گرد و نواح میں چنگ چی رکشوں اور لوڈر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی لالچ نے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ زیادہ منافع کمانے کی ہوس میں ڈرائیور مسافروں کو غیر محفوظ طریقے سے گاڑیوں میں سوار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    چنگ چی رکشوں میں جگہ کی کمی کی وجہ سے ڈرائیور مسافروں کو نہ صرف اندر بلکہ گاڑی کی چھتوں اور سائیڈوں پر بھی بیٹھنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

    شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی نقل و حمل کے نظام میں بہتری لانے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ اگر اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو مستقبل میں بڑے حادثات کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

  • اوچ شریف: اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ ، عوام پریشان

    اوچ شریف: اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ ، عوام پریشان

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے نے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ انتظامیہ کی ناکامی اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی عدم دلچسپی نے پرائس کنٹرول کمیٹی کو غیر فعال کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں دکاندار بلا خوف و خطر من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔

    شہریوں کی شکایات کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والی ریٹ لسٹیں اکثر تاخیر سے آتی ہیں اور جب یہ جاری ہوتی ہیں تو دکاندار انہیں نظر انداز کر دیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے بااثر دکاندار سادہ صارفین کو لوٹنے کا موقع پا رہے ہیں جس سے عام آدمی کی زندگی مشکل ہو گئی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینے میں ہی انتظامیہ کچھ ایکشن لیتی ہے جبکہ باقی سال دکانداروں کو لوٹ مار کی آزادی دے رکھی ہے۔ اس صورتحال نے خاص طور پر غریب طبقے کے لوگوں کی زندگی کو بے حد متاثر کیا ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اوچ شریف میں فرض شناس اور ایماندار افسران کی تعیناتی یقینی بنائیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

    عوامی رائے یہ ہے کہ انتظامیہ کی لاپرواہی سے اوچ شریف میں جنگل کے قانون کی کیفیت برقرار ہے جو کہ شہریوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔یہ صورت حال فوری توجہ کی متقاضی ہے تاکہ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور انصاف مل سکے۔

  • اوچ شریف:میلاد مصطفی ﷺ کی پروقار تقریب، پیر غلام مجدد الف ثانی کا خطاب

    اوچ شریف:میلاد مصطفی ﷺ کی پروقار تقریب، پیر غلام مجدد الف ثانی کا خطاب

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) میڈیا کلب احمد پور شرقیہ کے زیر اہتمام میلاد مصطفی ﷺ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پیر اف مٹیاری شریف سندھ اور مشائخ اتحاد کونسل آف پاکستان کے سربراہ پیر غلام مجدد الف ثانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ پیارے نبی ﷺ کا امتی ہونا مسلمانوں کا طرہ امتیاز ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمارے نبی ﷺ کو تمام عالموں کے لیے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا۔

    تقریب کی صدارت پیر اف اوچ شریف مخدوم سید غلام مجتبیٰ بخاری نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض میڈیا کلب احمد پور شرقیہ کے صدر شیخ عزیز الرحمن نے انجام دیے۔ اس بابرکت محفل میں معروف نعت خواں حضرات اللہ نواز حیدری، سید منور حسین نقوی، ظفر اقبال سومرو، زاہد عباس مغل، عبدالمجید ناصح، ملک محمد اختر اور شرافت حسین نے پیارے نبی ﷺ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

    تقریب میں علامہ فیضان علی حیدر شیخ نے سیرت النبی ﷺ پر اپنے پُرجوش خطاب سے سامعین کے دل موہ لیے۔ انہوں نے نبی ﷺ کی حیات مبارکہ پر روشنی ڈالی اور اس بابرکت محفل کو ایک روحانی فضاء فراہم کی۔

    میلاد مصطفی ﷺ کی اس تقریب میں علاقے کی معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق کونسلر محمد اصف گوندل، خواجہ محمود الحسن، امتیاز جعفری، سید تنویر حسین بخاری، مختیار احمد، ملک علی حسین قریشی، طارق لاشاری، شہزاد لشاری ایڈوکیٹ، سردار اے ڈی خان جلوانہ، طارق چنڑ، اور دیگر شامل تھے۔

    شرکاء نے اجتماعی طور پر صلاۃ و سلام پیش کیا اور پیر صاحبان نے پاکستان کی سلامتی، امن و امان اور دیگر مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعا کی۔ تقریب میں فلسطین پر اسرائیلی حملے کے خلاف ایک قرارداد مذمت بھی منظور کی گئی۔

    محفل میں ہر طرف صلاۃ و سلام اور درود کی صدائیں گونجتی رہیں اور رات گئے تک حاضرین پیارے نبی ﷺ کے ذکر پر جھومتے رہے۔ محفل کے اختتام پر حاضرین میں شیرینی تقسیم کی گئی، اور میڈیا کلب کے صدر شیخ عزیز الرحمن نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پیر اف مٹیاری شریف نے اس موقع پر میڈیا کلب کے تمام ممبران کو مٹیاری شریف عرس کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

  • اوچ شریف: معذور افراد کے لیے ہمت کارڈ کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد ہوا

    اوچ شریف: معذور افراد کے لیے ہمت کارڈ کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد ہوا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان): پنجاب میں پہلی بار معذور افراد کی امداد کے لیے خصوصی پروجیکٹ "ہمت کارڈ” کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے احمد پور شرقیہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معذور افراد کو ہمت کارڈ تقسیم کیے گئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مسز سحر صدیقہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر احمد پور شرقیہ میں بھی معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے معذور افراد کو مالی مشکلات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

    تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک خالد بابر وارن تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے معذور افراد کے لیے ہمت کارڈ کا اجرا کر کے ایک احسن اقدام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے معذور افراد کی بہبود کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق احمد خان نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نے اس پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عائشہ گل اور ممبر تحصیل ڈسیبلٹی بورڈ شیخ عزیز الرحمن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

    تقریب میں تحصیل بھر سے آئے ہوئے معذور افراد کو ممبر پنجاب اسمبلی ملک خالد بابر وارن نے ہمت کارڈ تقسیم کیے۔ شیخ عزیز الرحمن نے بتایا کہ تحصیل بھر میں 2 ہزار سے زائد مستحق افراد کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جن میں سے 1200 افراد کو پہلی قسط میں ہمت کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی بھی شخص یا ادارے کو کوئی رقم ادا نہیں کرنی ہے۔

  • اوچ شریف: کتابوں اور کاپیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، والدین پریشان

    اوچ شریف: کتابوں اور کاپیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، والدین پریشان

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں کتابوں اور کاپیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے والدین کو پریشانیوں کی نیند سے جگا دیا ہے۔ کاغذ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بچوں کی تعلیم کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے والدین محمد صدیق، محمد انوار، حفیظ اللہ، محمد عمران، عامر خان اور محمد شبیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ وہ پہلے سے ہی نصاب کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشان تھے اور اب بڑھتی ہوئی کاغذ کی قیمتوں نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    والدین کا کہنا ہے کہ کاغذ کی قیمت صرف چند مہینوں میں 300 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 45 روپے کا اضافہ ہے۔ اس اضافے کی وجہ سے کتابوں، کاپیوں اور دیگر تعلیمی مواد کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ اس سے خاص طور پر غریب طبقے کے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ کاغذ مل مالکان اپنی اجارہ داری کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں اور بلا وجہ قیمتیں بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ تعلیمی نظام متاثر نہ ہو۔

    والدین نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے جلد از جلد اس مسئلے کا حل نہ نکالا تو غریب والدین اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ سٹیشنری اور تعلیمی مواد کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔

  • احمد پورشرقیہ تا خیر پور ڈاہا روڈ  10 ماہ بعد بھی نامکمل، ٹھیکیدار مشینری سمیت غائب

    احمد پورشرقیہ تا خیر پور ڈاہا روڈ 10 ماہ بعد بھی نامکمل، ٹھیکیدار مشینری سمیت غائب

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )احمد پور شرقیہ تا خیر پور ڈاہا روڈ منصوبہ 10 ماہ بعد بھی نامکمل، ٹھیکیدار مشینری سمیت غائب،فنڈز کی عدم ادائیگی یا کمیشن کا چکر، مقامی افراد اور مسافر شدید مشکلات کا شکار،سڑک کی تاخیر سے ہزاروں طالب علموں اور ملازمین کو سفری مشکلات،سول سوسائٹی اور مقامی رہائشیوں کی کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے روڈ جلد مکمل کرنے کا مطالبہ

    تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ تا خیر پور ڈاہا روڈ کا اہم منصوبہ گزشتہ 10 ماہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ فنڈز کی عدم ادائیگی یا کمیشن کے معاملات کی وجہ سے یہ منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا، جبکہ ٹھیکیدار مشینری سمیت غائب ہو چکا ہے، جس سے مقامی افراد اور مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    6 سے 7 کلومیٹر کی یہ سڑک جو اڈا محمود شہید سے چوک بھٹہ اور کوٹلہ موسی خان تک خستہ حال تھی ابھی تک نہیں بنائی گئی۔ اس کے بجائے کوٹلہ موسی خان سے خیر پور ڈاہا تک صاف سڑک کو کارپٹ کیا گیا جس پر عوامی حلقوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔

    مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ اڈا محمود شہید تا چوک بھٹہ اور کوٹلہ موسی خان کی سڑک کی مرمت نہ ہونے سے لوگ روزانہ مٹی، دھول اور گڑھوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

    مسافروں، طلباء، اور ملازمین کو خاص طور پر سفری مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس راستے پر پٹرولنگ چوکی اور تعلیمی ادارے بھی واقع ہیں۔ سڑک کی بدحالی کے باعث پولیس کو بروقت رسپانس کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    مقامی رہائشیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس روڈ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہوں۔

  • اوچ شریف: تیز رفتارٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 8 سالہ سائیکل سوار بچہ جاں بحق

    اوچ شریف: تیز رفتارٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 8 سالہ سائیکل سوار بچہ جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) عباسیہ روڈ پر ایک افسوسناک حادثے میں 8 سالہ بچہ تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف عباسیہ روڈ پر ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے سائیکل سوار 8 سالہ بچے کو زور دار ٹکر دے ماری، جس کے نتیجے میں اوچموغلہ کے رہائشی محمد عاشق کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔

    مقامی افراد نے فوری طور پر بچے کو رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف پہنچایا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

    اس دلخراش واقعے نے علاقے میں غم کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے لئے کارروائی کر رہی ہے۔

  • اوچ شریف:یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

    اوچ شریف:یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) ملک بھر کی طرح اوچ شریف میں بھی یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا اور سوشل میڈیا پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    شہر کے سینئر صحافیوں احمد حسن اعوان، ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی، میاں عامر صدیقی، ساجد خان، خواجہ غلام شبیر، حبیب اللہ خان بلوچ، ارشاد احمد شاد، ملک شفیق انجم اور ملک یعقوب ککس ملک ثاقب منظور نے اس موقع پر اساتذہ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ استاد کو روحانی ماں باپ کا درجہ دیا گیا ہے اور جو لوگ اساتذہ کا احترام کرتے ہیں وہ کبھی پیچھے نہیں رہتے۔

    سینئر صحافی احمد حسن اعوان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اساتذہ کو وی وی آئی پی سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ممالک تعلیم میں ترقی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی نے اساتذہ کو محنتی اور باہمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں مستقبل کے معماروں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

    میاں عامر صدیقی نے کہا کہ اس دن کا مقصد اساتذہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور انہیں تحریک دینا ہے کہ وہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ حبیب اللہ خان نے کہا کہ اساتذہ کی کامیابی دراصل قوم کی کامیابی ہے اور اگر ہم اپنے اساتذہ کا خیال رکھیں گے تو قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔

    یہ قابل ذکر ہے کہ یونیسکو کی جانب سے 1994ء سے عالمی یوم اساتذہ منایا جا رہا ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیم کی ترقی میں اساتذہ کا کردار کس قدر اہم ہے۔ اس دن کے ذریعے معاشرتی شعور میں اضافہ اور اساتذہ کی قدر و قیمت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

  • اوچ شریف :عباسیہ نہر ٹوٹنے سے پانی بستیوں میں داخل

    اوچ شریف :عباسیہ نہر ٹوٹنے سے پانی بستیوں میں داخل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) اُچ شریف کے موضع مغلاں بستی خدا بخش للو والی موری کے قریب عباسیہ نہر ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا جس سے بستی میں پانی داخل ہو گیا۔ اس ہنگامی صورتحال کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم بہاولپور نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کنٹرول روم بہاولپور کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق عباسیہ نہر ٹوٹنے کی وجہ سے بستی خدا بخش للو والی موری کے آس پاس کے علاقے میں پانی داخل ہو رہا تھا جس سے مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔ اس صورتحال میں ممکنہ جانی نقصان اور مالی تباہی کو روکنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق اُچ شریف سے فوری طور پر ایک ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی جبکہ احمد پور شرقیہ سے مزید ایک ایمبولینس، ریسکیو وہیکل اور فائر وہیکل روانہ کی گئی۔ احمد پور سے ریسکیو سیفٹی آفیسر کی قیادت میں ایک مکمل ٹیم موقع کی طرف روانہ کی گئی تاکہ بستی میں پانی کو کنٹرول کیا جا سکے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

    اُچ شریف سے پہنچی ایمبولینس نے فوری طور پر امدادی کام شروع کر دیا اور مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ریسکیو وہیکل اور فائر وہیکل بھی موقع پر پہنچ کر پانی کی صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

    ریسکیو سیفٹی آفیسر کی سربراہی میں آنے والی ٹیم بستی کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ممکنہ طور پر نہر کے پانی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متحرک ہے۔ ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ انہوں نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے امدادی کارروائیوں کو ممکن حد تک تیز کیا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان کم سے کم ہو۔

    ریسکیو 1122 نے متاثرہ علاقے کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ مزید برآں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔