Baaghi TV

Category: چنیوٹ

  • چنیوٹ: مردہ مرغیوں کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، 1800 کلو تلف، مقدمہ درج

    چنیوٹ: مردہ مرغیوں کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، 1800 کلو تلف، مقدمہ درج

    چنیوٹ (نامہ نگار) چنیوٹ میں غذائی دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر جھنگ سرگودھا بائی پاس روڈ پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر BKI 146 سے 1800 کلو مردہ مرغیاں برآمد کر لیں، جنہیں فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔

    غیر قانونی گوشت گاڑی اور لوڈر رکشے کے ذریعے چھ ڈرموں میں چھپا کر سپلائی کیا جا رہا تھا۔ چیکنگ کے دوران ملزمان کے پاس کوئی متعلقہ ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ سینئر ویٹرنری اسپیشلسٹ نے موقع پر معائنے کے بعد مرغیاں مضر صحت قرار دیں۔

    پولیس نے جعلسازی میں ملوث گاڑی تحویل میں لے لی جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر کے دو افراد کے خلاف تین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مردہ اور غیر معیاری گوشت سنگین بیماریوں کا سبب بنتا ہے، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

  • چنیوٹ: آر پی او فیصل آباد کا دورہ، محرم سیکیورٹی پلان پر ہدایات، بہترین کارکردگی پر افسران کو اعزازات

    چنیوٹ: آر پی او فیصل آباد کا دورہ، محرم سیکیورٹی پلان پر ہدایات، بہترین کارکردگی پر افسران کو اعزازات

    چنیوٹ (نامہ نگار) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ذیشان اصغر نے 19 جون کو چنیوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی پی او عبداللہ احمد کے ہمراہ ضلعی پولیس افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امن و امان کی مجموعی صورتحال، زیر تفتیش سنگین مقدمات، اور افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    آر پی او نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں ایس ایچ او تھانہ رجوعہ سب انسپکٹر رضوان علی، ایس ایچ او تھانہ کوٹ وساوا سب انسپکٹر وسیم سجاد، ایس ایچ او تھانہ سٹی سب انسپکٹر سیف اللہ، اے ایس آئی وقاص احمد اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

  • چنیوٹ: کم عمری شادی بل غیر شرعی، علما کا فوری واپسی کا مطالبہ

    چنیوٹ: کم عمری شادی بل غیر شرعی، علما کا فوری واپسی کا مطالبہ

    چنیوٹ (نامہ نگار) اتحاد علمائے دیوبند ضلع چنیوٹ کی مجلس شوریٰ نے کم عمری میں شادی پر پابندی سے متعلق حالیہ سینیٹ بل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے قرآن و سنت اور اسلامی اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ یہ قانون ہمارے دینی، معاشرتی اور تہذیبی ڈھانچے کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اسلامی شریعت میں نکاح کے لیے عمر نہیں بلکہ بلوغت شرط ہے، اور بلوغت کا معیار جسمانی و ذہنی پختگی ہے نہ کہ کوئی مقررہ عمر۔

    علمائے شوریٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ سینیٹ سے منظور شدہ بل، جس میں 18 سال سے کم عمر افراد کے نکاح پر پابندی عائد کی گئی ہے، اسلامی تعلیمات، معاشرتی ضروریات اور فطری تقاضوں کے خلاف ہے۔ اس قانون کی آڑ میں مغرب زدہ سوچ کو فروغ دیا جا رہا ہے، جو معاشرے میں فحاشی، عریانی اور جنسی بے راہ روی کو ہوا دے گا۔

    مجلس شوریٰ نے قرآن مجید کی سورۂ نور کی آیت 32 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن میں نکاح کا حکم دیا گیا ہے جہاں عمر کی کوئی قید موجود نہیں، بلکہ نکاح کو فتنہ سے بچاؤ کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے نکاح اور صحابہ کرام کی عملی مثالیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ شریعت میں کم عمری میں نکاح ممنوع نہیں۔

    علما نے کہا کہ اگر کوئی فرد جسمانی اور ذہنی بلوغت کو پہنچ چکا ہو تو نکاح میں تاخیر فتنہ کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شریعت کم عمری میں نکاح کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ مجلس شوریٰ کا کہنا تھا کہ ایسا قانون جو نکاح کے دروازے بند اور زنا کے دروازے کھولے، کسی بھی اسلامی ریاست کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔

    علمائے کرام نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس بل کو فوری طور پر واپس لے اور آئندہ کسی بھی قسم کی قانون سازی قرآن و سنت کی روشنی میں علمائے کرام سے مشاورت کے بغیر نہ کی جائے، کیونکہ یہ محض ایک قانونی مسئلہ نہیں بلکہ دین، تہذیب، خاندانی نظام اور نسلوں کے مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ مجلس شوریٰ نے خبردار کیا کہ اگر ہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو اس قانون کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔

  • چنیوٹ: پانی کی کمی اور صحت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آگاہی سیمینار

    چنیوٹ: پانی کی کمی اور صحت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آگاہی سیمینار

    چنیوٹ (نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس میں پانی کی کمی کے انسانی صحت پر نقصانات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز فیصل آباد ڈویژن امتیاز حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم نے سیمینار میں شرکت کی۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر امتیاز حسین نے کہا کہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت کے تحت معیاری خوراک کی فراہمی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے عوامی آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سیمینار کا مقصد لوگوں کو معیاری خوراک اور صاف پانی کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے کیونکہ پانی کی کمی مختلف جسمانی اور ذہنی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے صاف اور معیاری پانی کا استعمال لازمی ہے۔

    سیمینار کے دیگر مقررین نے کہا کہ ذرائع ابلاغ عوام تک معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور صحت مند خوراک و طرز زندگی اپنانا تندرستی کے لیے ناگزیر ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ بزنس کی نگرانی کے ساتھ ساتھ غیر معیاری اشیاء کی تلفی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں بھی کر رہی ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد قاسم نے کہا کہ پانی ہماری زندگی کا بنیادی جز ہے اور اس کے نقصانات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی کے سیشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو اور وہ اپنی صحت کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

  • چنیوٹ: مردہ جانور کا گوشت سپلائی کرنے والا شخص گرفتار

    چنیوٹ: مردہ جانور کا گوشت سپلائی کرنے والا شخص گرفتار

    چنیوٹ (نامہ نگارحافظ حسن معاویہ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی سربراہی میں چنیوٹ شہر اور بھوانہ میں خفیہ اطلاعات پر مضر صحت اور غیر معیاری گوشت کے خلاف نتیجہ خیز کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

    کارروائی کے دوران بھوانہ میں ایک شخص کو رات گئے مردہ جانور کا گوشت ترسیل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف تھانہ بھوانہ میں مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

    مزید چھاپوں میں علی الصبح ایک غیر قانونی مذبح خانے سے بدبودار اور ناقص گوشت برآمد ہوا، جبکہ ایک پولٹری شاپ پر بیمار اور مطلوبہ وزن سے کم مرغیاں پائے جانے پر دو لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مجموعی طور پر 110 کلو گرام مضر صحت اور بدبودار گوشت تلف کرا دیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک خوراک تیار کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 200 کلو بیمار جانور کا مضر صحت گوشت برآمد

    چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 200 کلو بیمار جانور کا مضر صحت گوشت برآمد

    چنیوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لالیاں کے نواحی علاقے میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 200 کلوگرام سے زائد بیمار جانور کا انتہائی مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ گوشت مختلف ہوٹلوں پر سپلائی کیا جانا تھا، تاہم فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسے ضبط کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے اس حوالے سے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گزشتہ روز شہر بھر میں 119 فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا۔ اس دوران حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں، ایکسپائرڈ مصنوعات کے استعمال اور خوراک کے ناقص معیار پر 19 فوڈ بزنسز کو مجموعی طور پر 117000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید کارروائی کرتے ہوئے ٹیموں نے 30 لیٹر ملاوٹی دودھ اور 3 کلوگرام ایکسپائر شدہ اشیاء بھی ضبط کر کے تلف کروا دیں۔

    ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی بھی قسم کی ملاوٹ یا مضر صحت اشیاء کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • چنیوٹ: یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

    چنیوٹ: یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

    چنیوٹ (نامہ نگار) ضلع چنیوٹ میں یوم پاکستان 23 مارچ 2025 کو ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا، اس موقع پر مختلف سرکاری و نجی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

    پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید، اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ اشفاق رسول، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مظفر بیگ، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن محمد ظفر اور دیگر افسران کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ بینڈ کی دھنوں پر قومی ترانہ گایا گیا۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور تحریک پاکستان کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اہلِ وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن تحریک پاکستان میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اسی روز قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی، جس نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں تعمیرِ پاکستان کے عزم کی تجدید کا پیغام دیتا ہے اور ہمیں بحیثیت قوم ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے دفاع اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا جا سکے۔ دیگر افسران نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی، باہمی محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ہی وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنایا جا سکتا ہے۔

    قبل ازیں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، جبکہ تحریک پاکستان کے شہداء کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اسی طرح مختلف تعلیمی اداروں میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں ملی نغمے، تقاریر اور دیگر ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ سماجی، مذہبی اور کاروباری تنظیموں نے بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز ترتیب دیے۔

    ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے گورنمنٹ ہائی اسکول مندر روڈ میں یوم پاکستان سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں طالب علموں نے ملی نغمے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستان کی شناخت کے سنگِ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان منانے کا مقصد نئی نسل کو تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے مقاصد سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ ملک کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں۔

    یوم پاکستان کے موقع پر ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سیاسی و سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

  • چنیوٹ: لالیاں لاری اڈا پربس اور وین میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 16 زخمی

    چنیوٹ: لالیاں لاری اڈا پربس اور وین میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 16 زخمی

    چنیوٹ(باغی ٹی وی) لالیاں لاری اڈا پربس اور وین میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 16 زخمی

    چنیوٹ میں لالیاں لاری اڈا پر ایک المناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک بس اور مسافر وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس حادثے میں 4 خواتین اور 3 بچوں سمیت 16 افراد شدید زخمی ہوئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر وین میں سوار 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 16 زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے 5 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔

    ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں ایک نجی شوگر مل کے ملازمین سوار تھے، جبکہ مسافر وین سرگودھا سے فیصل آباد جا رہی تھی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ مسافر وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

    ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

  • چنیوٹ :یومِ علیؓ پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ، امن کمیٹی کا اجلاس

    چنیوٹ :یومِ علیؓ پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ، امن کمیٹی کا اجلاس

    چنیوٹ (نامہ نگار) ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عبداللہ احمد کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد یومِ علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

    اجلاس میں پاک فوج کے افسران، امن کمیٹی کے معزز اراکین، جید علمائے کرام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی زندگی ہمیں عدل، علم اور شجاعت کا درس دیتی ہے اور ان کے یومِ شہادت پر امن و امان کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔

    ڈی پی او عبداللہ احمد نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور مجالس و جلوسوں کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن برقرار رکھنے میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔

    اجلاس میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ پر بھی زور دیا گیا، اور امن کمیٹی کے ممبران نے اس موقع پر مکمل تعاون جاری رکھنے کا عہد کیا۔

  • چنیوٹ: اتحاد علماء دیوبند کا اجلاس، دہشت گردی کی مذمت اور شہداء کو خراج تحسین

    چنیوٹ: اتحاد علماء دیوبند کا اجلاس، دہشت گردی کی مذمت اور شہداء کو خراج تحسین

    چنیوٹ ( باغی ٹی وی،نامہ نگار) اتحاد علماء دیوبند چنیوٹ کا ماہانہ اجلاس جامع مسجد آزاد محلہ ترکھاناں والا میں امیر اتحاد مولانا قاری عبد الحمید حامد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علماء اور کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے محنت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    اجلاس میں ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی کارروائیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ریاستی اور ملی سلامتی پر حملہ قرار دیا گیا۔ مقررین نے معصوم شہریوں، علمائے کرام اور مذہبی شخصیات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    اجلاس میں حالیہ دنوں میں شہید ہونے والے جید علمائے کرام کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ علماء نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی علمی و دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اجلاس میں غزوہ بدر، یوم وفات سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی اور شرکاء نے افطاری بھی کی۔