Baaghi TV

Category: چنیوٹ

  • نئے صوبے بننے چاہئیں، حدود کا تعین عوام کرے گی: کیپٹن (ر) صفدر

    نئے صوبے بننے چاہئیں، حدود کا تعین عوام کرے گی: کیپٹن (ر) صفدر

    مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے نئے صوبوں کے قیام سے قبل عوامی رائے لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں، تاہم ان کی حدود اور باؤنڈری کا تعین عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے۔

    چنیوٹ کے علاقے چناب نگر آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ وہ نئے صوبوں کے مخالف نہیں ہیں اور پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوام سے براہِ راست رائے لی جانی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ ہزارہ صوبے کا مطالبہ ایک دیرینہ معاملہ ہے اور ہزارہ صوبہ بھی ہزارہ کے عوام کی مرضی اور رائے کے مطابق بننا چاہیے۔ ان کے مطابق کون سا ضلع کس صوبے کا حصہ بنے گا، اس کا فیصلہ بھی عوامی رائے کے ذریعے ہونا چاہیے۔

    کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور ان کی حدود کے تعین کے لیے عوامی ریفرنڈم ضروری ہے، کیونکہ اسمبلیوں میں بعض اوقات بازو مروڑ کر ووٹ حاصل کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے حوالے سے کسی بھی فیصلے میں عوام کی مرضی کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔

    انہوں نے تجویز دی کہ صوبوں کی حدود کے تعین کے لیے قومی سطح پر ایک کمیٹی یا جرگہ تشکیل دیا جائے، جس میں تمام متعلقہ علاقوں کے نمائندوں، سیاسی قیادت، علماء اور عوام کو شامل کیا جائے۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں فیصلہ کرنے سے پہلے قوم کی رائے معلوم کرنا اور وسیع تر مشاورت کرنا ضروری ہے۔ سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں کو بھی مشاورت کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے۔

    کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ہزارہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے مستقبل کا فیصلہ براہِ راست عوام کے ووٹ کے ذریعے ہونا چاہیے، تاکہ نئے صوبوں کے قیام اور ان کی حدود سے متعلق فیصلوں کو عوامی حمایت حاصل ہو۔

    انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے بیان کردہ مؤقف ان کی ذاتی رائے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے باضابطہ موقف کے لیے عطاء تارڑ، پرویز رشید، خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق سے مؤقف لیا جائے۔

  • چنیوٹ؛ بااثر زمیندار کا شہتوت کھانے پر اونٹنیوں پر مبینہ تشدد

    چنیوٹ؛ بااثر زمیندار کا شہتوت کھانے پر اونٹنیوں پر مبینہ تشدد

    چنیوٹ میں شہتوت کھانے پر بااثر افراد کی جانب سے اونٹنیوں پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آگیا، ملزمان پر کلہاڑیوں کے وار کرکے اونٹنیوں کی گردن اور پیٹ زخمی کرنے کا الزام ہے۔ تشدد کے نتیجے میں اونٹنیوں کی پسلیاں بھی ٹوٹنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    متاثرین کے مطابق زمیندار کی جانب سے شہتوت کھانے پر اونٹنیوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ متاثرین کا الزام ہے کہ ملزمان نے اونٹنیوں کی گردن اور پیٹ پر کلہاڑیوں سے متعدد وار کیے، جس کے باعث انہیں گہرے زخم آئے اور بعض کی پسلیاں تک ٹوٹ گئیں۔

    ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر متاثرین زخمی اونٹنیوں کو اپنے ہمراہ لے کر ریجنل پولیس افسر (آر پی او) کے دفتر پہنچ گئے اور حکام کو واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے انصاف کی درخواست کی۔

    متاثرین نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے باوجود پولیس مبینہ طور پر ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی، جبکہ مقدمے میں دونوں اونٹنیوں کی مجموعی قیمت صرف ڈیڑھ لاکھ روپے درج کی گئی ہے۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ اونٹنیوں کی درج کی گئی قیمت انتہائی کم ہے اور موجودہ حالات میں ’’ڈیڑھ لاکھ کے تو اب دو بکرے بھی نہیں آتے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اونٹنیوں کی اصل مالیت کا باقاعدہ تعین کیا جائے اور ان پر مبینہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

    متاثرین نے آر پی او حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری اور زخمی اونٹنیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی جائے۔

  • رکن صوبائی اسمبلی ثاقب خان چدھڑ کے والد انتقال کرگئے

    رکن صوبائی اسمبلی ثاقب خان چدھڑ کے والد انتقال کرگئے

    رکن پنجاب اسمبلی ثاقب خان چدھڑ کے والد الطاف خان چدھڑ انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے پر رشتہ داروں، عزیز و اقارب، سیاسی شخصیات اور حلقہ پی پی-97 کے عوام کی جانب سے ثاقب خان چدھڑ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    الطاف خان چدھڑ کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اہل خانہ کی جانب سے نماز جنازہ کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

    ثاقب خان چدھڑ حلقہ پی پی-97 چنیوٹ-4 سے 2024 کے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے تقریباً 42 ہزار 959 ووٹ حاصل کرکے سابق ارکان ثقلین انور سپرا اور سلیم بی بی بھروانہ کو شکست دی تھی۔

    11 فروری 2024 کو ثاقب خان چدھڑ ضلع چنیوٹ سے منتخب ہونے والے دیگر آزاد ارکان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے تھے، جس کے بعد انہوں نے پنجاب حکومت میں پارلیمانی سیکرٹری کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔

    سیاسی و سماجی شخصیات نے ثاقب خان چدھڑ کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

  • چنیوٹ، سیلاب متاثرین کے لئے خیمہ بستی قائم

    چنیوٹ، سیلاب متاثرین کے لئے خیمہ بستی قائم

    پاکستان مرکزی مسلم لیک نے جامعہ آباد پر تیس گھروں کی خیمہ بستی لگاکر پورے گھر کی ضروریات کی اشیاء ، کھیس، دریاں ، گیس والا چولہا ، سرہانے، مچھر دانیاں ، توا، وغیرہ سیلاب زدگان کے حوالے کر رہے ہیں اور خیمہ بستی میں سیلاب متاثرین کو صبح کا ناشتہ سمیت دو ٹائم کا کھانا بھی دیا جارہا ہے

    مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم کا کردار قابل تعریف ہے خیمہ بستی میں آنے والے مردوں ، عورتوں کو بڑے احترام و اخلاق کے ساتھ خیمہ بلکہ ایک چھوٹا گھرفراہم کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے ،اسی طرح پہلے اور دوسرے بڑے سیلابی ریلوں کے دوران پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی ریسکیو ٹیموں کے جوانوں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے سینکڑوں افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا

  • چنیوٹ: فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں، 60 ہزار روپے جرمانہ عائد

    چنیوٹ: فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں، 60 ہزار روپے جرمانہ عائد

    چنیوٹ (نامہ نگار): چنیوٹ اور اس کے گردونواح میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران دودھ بردار گاڑیوں اور مختلف فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔

    قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر مختلف کاروباروں کو مجموعی طور پر 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک کریانہ سٹور سے 6 کلو سے زائد زائد المیعاد (expiry date) اشیائے خوردونوش برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دی گئیں۔

    اس کے علاوہ، صفائی کے ناقص انتظامات اور ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر بھی فوڈ پوائنٹس اور میٹ شاپس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، خوراک میں ملاوٹ اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا خوف و خطر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • چنیوٹ کی تاریخ کا ایک اور ریکارڈ، تیسری نسل کی شاندار کامیابی

    چنیوٹ کی تاریخ کا ایک اور ریکارڈ، تیسری نسل کی شاندار کامیابی

    چنیوٹ(نامہ نگارحسن معاویہ) چنیوٹ نے ایک بار پھر اپنی شاندار تعلیمی روایات کو قائم رکھتے ہوئے تاریخ کا منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہونہار طالب علم محمد احمد قاسمی نے پہلی ہی کوشش میں سی ایس ایس (CSS) کے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کر کے اپنے خاندان اور شہر کا نام روشن کیا ہے۔

    محمد احمد قاسمی کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس نے تعلیم اور فنون دونوں شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کے والد قاضی مدثر حسن قاسمی نہ صرف ایک معروف پروفیسر تھے بلکہ ملک کے مایہ ناز اداکار بھی تھے۔ ان کے دادا جعفر قاسمی کو بھی کئی اہم اعزازات حاصل تھے، جن میں بی بی سی لندن کے ساتھ منسلک رہنا اور این ای پی اے (NEPA) اور سول سروسز اکیڈمی میں بطور لیکچرار خدمات انجام دینا شامل ہے۔

    محمد احمد قاسمی کی یہ کامیابی ان کے خاندان کی تین نسلوں کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ ورثے کی عکاسی کرتی ہے اور چنیوٹ کے لیے فخر کا باعث ہے۔

  • چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، ملاوٹ زدہ دودھ اور بیمار جانور کا گوشت برآمد

    چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، ملاوٹ زدہ دودھ اور بیمار جانور کا گوشت برآمد

    چنیوٹ (نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چنیوٹ میں غذائی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹ زدہ دودھ اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھوانہ میں واقع ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپہ مارا۔ لیبارٹری تجزیہ کے بعد دودھ میں کوکنگ آئل کی ملاوٹ ثابت ہو گئی۔ ٹیم نے موقع پر موجود تمام چلرز بحقِ سرکار ضبط کر لیے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تھانہ لنگرانہ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

    میٹ ٹاسک فورس نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں چنیوٹ شہر میں کارروائی کی۔ ایک خفیہ جگہ پر سٹور کیا گیا بیمار جانور کا 1 من سے زائد انتہائی ناقص اور غیر معیاری گوشت برآمد کیا گیا۔ ٹیم نے سپلائی سے پہلے ہی مضر صحت گوشت کو پکڑ کر تلف کروا دیا۔ اس کارروائی میں بھی ایک ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ سٹی چنیوٹ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، پنجاب بھر میں ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ملاوٹ کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

  • چنیوٹ:پولیس کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، کروڑوں کا مسروقہ سامان برآمد

    چنیوٹ:پولیس کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، کروڑوں کا مسروقہ سامان برآمد

    چنیوٹ ( باغی ٹی وی ، نامہ نگار حسن معاویہ)چنیوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 4 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد کا سامان برآمد کیا گیا، جبکہ ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 300 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے 84 لاکھ روپے نقد، 25 تولے سونا، 150 سے زائد مال مویشی، 54 موٹرسائیکل، 55 موٹر بجلی اور سولر پینل، اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ کریک ڈاؤن کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے 278 مقدمات یکسو کیے گئے۔

    ڈی پی او عبداللہ احمد نے برآمد شدہ سامان مدعیان کے حوالے کیا، جنہوں نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اچھی کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور یہ ٹارگٹڈ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا۔

  • چنیوٹ: جشنِ آزادی کی شایان شان تقریب، "معرکۂ حق، عزم و استقلال کے 78 سال” کا عنوان

    چنیوٹ: جشنِ آزادی کی شایان شان تقریب، "معرکۂ حق، عزم و استقلال کے 78 سال” کا عنوان

    چنیوٹ (نامہ نگار حسن معاویہ) جشنِ آزادی کے سلسلے میں "معرکۂ حق، عزم و استقلال کے 78 سال” کے عنوان سے چنیوٹ کے ہاکی اسٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب میں لیفٹیننٹ کرنل جنید احمد، ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل، اور ڈی پی او عبداللہ احمد کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی، شہداء کی فیملیز، تاجر برادری اور شہریوں نے حصہ لیا۔

    اس موقع پر ملی نغموں کی دھن پر حاضرین نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، جبکہ رسہ کشی اور چنیوٹ کبڈی کلب بمقابلہ لنگرانہ ٹیم کے درمیان دلچسپ کبڈی میچ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پنجابی کمنٹری نے اس میچ کو مزید پرجوش بنا دیا۔ تقریب میں طلبہ کی تیار کردہ پینٹنگز کی ایک نمائش بھی لگائی گئی جسے مہمانانِ خصوصی نے خوب سراہا۔

    آخر میں مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں اور سماجی خدمات انجام دینے والے افراد میں انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ جشنِ آزادی کی تقریبات 14 اگست تک ضلع بھر میں جاری رہیں گی۔

  • چنیوٹ: صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا آپریشن

    چنیوٹ: صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا آپریشن

    چنیوٹ ( باغی ٹی وی، نامہ نگارحسن معاویہ)ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سٹی اور گردونواح میں صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران چھببیس دودھ بردار گاڑیوں سمیت ایک سو چھ فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔

    صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی موجودگی پر ایک پکوان سنٹر کی پروڈکشن بند کر دی گئی، جبکہ ملازمین کے میڈیکلز نہ ہونے پر بھی کارروائی کی گئی۔

    قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ترپن ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، ایک کلو ایکسپائر اشیاء اور تین کلو ممنوع چائنیز سالٹ برآمد کر کے تلف کر دیا گیا۔ دودھ کے سیمپل ناقص پائے جانے پر مختلف ملک شاپس کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے۔