Baaghi TV

Category: چنیوٹ

  • چنیوٹ: فوڈ سیفٹی ٹیموں کا بھرپور کریک ڈاؤن، معروف ریسٹورنٹ سمیت درجنوں پوائنٹس جرمانے

    چنیوٹ: فوڈ سیفٹی ٹیموں کا بھرپور کریک ڈاؤن، معروف ریسٹورنٹ سمیت درجنوں پوائنٹس جرمانے

    چنیوٹ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حسن معاویہ) فوڈ سیفٹی ٹیموں کا بھرپور کریک ڈاؤن، معروف ریسٹورنٹ سمیت درجنوں پوائنٹس جرمانے

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر چنیوٹ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔ اس کارروائی میں متعدد ریسٹورنٹس، کریانہ سٹورز اور فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔

    چیکنگ کے دوران ایک معروف ریسٹورنٹ میں ناقص صفائی، غیر محفوظ سٹوریج اور حشرات کی روک تھام کے ناکافی انتظامات پائے گئے، جس پر اسے بھاری جرمانہ کیا گیا۔ ریسٹورنٹس میں کام کرنے والے ملازمین کی ذاتی صفائی کے بھی ناقص انتظامات سامنے آئے، جو صارفین کی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

    فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کریانہ سٹورز سے 5 کلوگرام سے زائد ایکسپائرڈ اور ممنوعہ اشیاء برآمد کیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، جبکہ 15 لیٹر ملاوٹی دودھ کو بھی ضائع کر دیا گیا۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق، قواعد کی خلاف ورزی پر مختلف دکانداروں اور ریسٹورنٹس کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 89 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے چیکنگ کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

  • چنیوٹ : جعلی دودھ، ناقص گوشت، ملاوٹی اشیاء پر کریک ڈاؤن، لاکھوں کے جرمانے

    چنیوٹ : جعلی دودھ، ناقص گوشت، ملاوٹی اشیاء پر کریک ڈاؤن، لاکھوں کے جرمانے

    چنیوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگارحسن معاویہ)شدید گرمی ہو یا سردی، چھٹی ہو یا تہوار، پنجاب فوڈ اتھارٹی ہر لمحہ عوامی صحت کی حفاظت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے ضلع چنیوٹ میں خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سال بھر بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز چنیوٹ ڈاکٹر محمد قاسم رضا کے مطابق رواں سال کے دوران 19 ہزار 771 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 41 مقدمات درج کیے گئے۔

    مزید تفصیلات کے مطابق2100 سے زائد فوڈ یونٹس کو ایک کروڑ 63 لاکھ 19 ہزار روپے کے بھاری جرمانے کیے گئے۔93 فوڈ یونٹس کو ناقص صفائی، غیر معیاری اشیاء اور غیر قانونی سرگرمیوں پر سیل کر دیا گیا۔مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی 364 اشیاء خورونوش کے سیمپلز لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کروائے گئے۔چیکنگ کے ساتھ ساتھ ٹیموں نے 613 نئے فوڈ کاروباروں کو باقاعدہ فوڈ لائسنس جاری کیے۔

    زرعی شعبے میں بھی اہم پیش رفت سامنے آئی:21 ایکڑ پر سبزیوں کی کاشت کا معائنہ کیا گیا۔13 ایکڑ پر گندے پانی سے اگائی گئی سبزیاں تلف کر دی گئیں تاکہ شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

    دودھ اور دیگر خوراک کی صورتحال:

    19 لاکھ 50 ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی، جس میں سے 19 ہزار 650 لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔

    3 ہزار 383 کلو ناقص گوشت، 2 ہزار 535 لیٹر ملاوٹی کولڈ ڈرنکس، 1280 کلو ایکسپائر اشیاء اور 2 من سے زائد ناقص استعمال شدہ آئل بھی تلف کیا گیا۔

    3400 پیکٹ گٹکا اور 220 کلو ملاوٹی مصالحہ جات بھی مارکیٹ سے اٹھا لیے گئے۔

    ڈاکٹر قاسم رضا کے مطابق رواں سال گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کارروائیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جبکہ دودھ تلف کرنے کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جو کہ معیاری دودھ کی دستیابی کا مثبت اشارہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ:

    "خوراک میں ملاوٹ ایک قومی جرم ہے، ہم بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔”

  • چنیوٹ : یومِ شہداء پولیس کی پُروقار تقریب، شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت

    چنیوٹ : یومِ شہداء پولیس کی پُروقار تقریب، شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت

    چنیوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگارحسن معاویہ)4 اگست 2025 کو ملک بھر کی طرح چنیوٹ میں بھی یومِ شہداء پولیس انتہائی عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر یادگارِ شہداء پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    تقریب میں ڈی پی او عبداللہ احمد، ایس پی انویسٹی گیشن، صدر بار ایسوسی ایشن، شہداء کی فیملیز، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اور پولیس افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    شہداء کی فیملیز کو خصوصی پروٹوکول کے تحت تقریب میں لایا گیا، جہاں انہیں عزت و احترام کے ساتھ بٹھایا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او عبداللہ احمد اور دیگر افسران نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

    ڈی پی او عبداللہ احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:”ہم اپنے شہداء کے خون کے وارث ہیں، ان کے لواحقین کے دکھ سکھ کے ضامن ہیں۔ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر اور ہمارے محسن ہیں۔ ملک و قوم کی بقا اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنا عظیم قربانی ہے۔ پولیس کے جوان دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سینہ سپر ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔”

    یومِ شہداء پولیس کی یہ تقریب شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد رکھنے اور نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو پروان چڑھانے کا اہم ذریعہ بنی۔

  • چنیوٹ: مردہ مرغیوں کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، 1800 کلو تلف، مقدمہ درج

    چنیوٹ: مردہ مرغیوں کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، 1800 کلو تلف، مقدمہ درج

    چنیوٹ (نامہ نگار) چنیوٹ میں غذائی دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر جھنگ سرگودھا بائی پاس روڈ پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر BKI 146 سے 1800 کلو مردہ مرغیاں برآمد کر لیں، جنہیں فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔

    غیر قانونی گوشت گاڑی اور لوڈر رکشے کے ذریعے چھ ڈرموں میں چھپا کر سپلائی کیا جا رہا تھا۔ چیکنگ کے دوران ملزمان کے پاس کوئی متعلقہ ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ سینئر ویٹرنری اسپیشلسٹ نے موقع پر معائنے کے بعد مرغیاں مضر صحت قرار دیں۔

    پولیس نے جعلسازی میں ملوث گاڑی تحویل میں لے لی جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر کے دو افراد کے خلاف تین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مردہ اور غیر معیاری گوشت سنگین بیماریوں کا سبب بنتا ہے، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

  • چنیوٹ: آر پی او فیصل آباد کا دورہ، محرم سیکیورٹی پلان پر ہدایات، بہترین کارکردگی پر افسران کو اعزازات

    چنیوٹ: آر پی او فیصل آباد کا دورہ، محرم سیکیورٹی پلان پر ہدایات، بہترین کارکردگی پر افسران کو اعزازات

    چنیوٹ (نامہ نگار) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ذیشان اصغر نے 19 جون کو چنیوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی پی او عبداللہ احمد کے ہمراہ ضلعی پولیس افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امن و امان کی مجموعی صورتحال، زیر تفتیش سنگین مقدمات، اور افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    آر پی او نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں ایس ایچ او تھانہ رجوعہ سب انسپکٹر رضوان علی، ایس ایچ او تھانہ کوٹ وساوا سب انسپکٹر وسیم سجاد، ایس ایچ او تھانہ سٹی سب انسپکٹر سیف اللہ، اے ایس آئی وقاص احمد اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

  • چنیوٹ: کم عمری شادی بل غیر شرعی، علما کا فوری واپسی کا مطالبہ

    چنیوٹ: کم عمری شادی بل غیر شرعی، علما کا فوری واپسی کا مطالبہ

    چنیوٹ (نامہ نگار) اتحاد علمائے دیوبند ضلع چنیوٹ کی مجلس شوریٰ نے کم عمری میں شادی پر پابندی سے متعلق حالیہ سینیٹ بل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے قرآن و سنت اور اسلامی اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ یہ قانون ہمارے دینی، معاشرتی اور تہذیبی ڈھانچے کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اسلامی شریعت میں نکاح کے لیے عمر نہیں بلکہ بلوغت شرط ہے، اور بلوغت کا معیار جسمانی و ذہنی پختگی ہے نہ کہ کوئی مقررہ عمر۔

    علمائے شوریٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ سینیٹ سے منظور شدہ بل، جس میں 18 سال سے کم عمر افراد کے نکاح پر پابندی عائد کی گئی ہے، اسلامی تعلیمات، معاشرتی ضروریات اور فطری تقاضوں کے خلاف ہے۔ اس قانون کی آڑ میں مغرب زدہ سوچ کو فروغ دیا جا رہا ہے، جو معاشرے میں فحاشی، عریانی اور جنسی بے راہ روی کو ہوا دے گا۔

    مجلس شوریٰ نے قرآن مجید کی سورۂ نور کی آیت 32 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن میں نکاح کا حکم دیا گیا ہے جہاں عمر کی کوئی قید موجود نہیں، بلکہ نکاح کو فتنہ سے بچاؤ کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے نکاح اور صحابہ کرام کی عملی مثالیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ شریعت میں کم عمری میں نکاح ممنوع نہیں۔

    علما نے کہا کہ اگر کوئی فرد جسمانی اور ذہنی بلوغت کو پہنچ چکا ہو تو نکاح میں تاخیر فتنہ کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شریعت کم عمری میں نکاح کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ مجلس شوریٰ کا کہنا تھا کہ ایسا قانون جو نکاح کے دروازے بند اور زنا کے دروازے کھولے، کسی بھی اسلامی ریاست کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔

    علمائے کرام نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس بل کو فوری طور پر واپس لے اور آئندہ کسی بھی قسم کی قانون سازی قرآن و سنت کی روشنی میں علمائے کرام سے مشاورت کے بغیر نہ کی جائے، کیونکہ یہ محض ایک قانونی مسئلہ نہیں بلکہ دین، تہذیب، خاندانی نظام اور نسلوں کے مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ مجلس شوریٰ نے خبردار کیا کہ اگر ہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو اس قانون کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔

  • چنیوٹ: پانی کی کمی اور صحت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آگاہی سیمینار

    چنیوٹ: پانی کی کمی اور صحت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آگاہی سیمینار

    چنیوٹ (نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس میں پانی کی کمی کے انسانی صحت پر نقصانات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز فیصل آباد ڈویژن امتیاز حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم نے سیمینار میں شرکت کی۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر امتیاز حسین نے کہا کہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت کے تحت معیاری خوراک کی فراہمی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے عوامی آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سیمینار کا مقصد لوگوں کو معیاری خوراک اور صاف پانی کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے کیونکہ پانی کی کمی مختلف جسمانی اور ذہنی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے صاف اور معیاری پانی کا استعمال لازمی ہے۔

    سیمینار کے دیگر مقررین نے کہا کہ ذرائع ابلاغ عوام تک معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور صحت مند خوراک و طرز زندگی اپنانا تندرستی کے لیے ناگزیر ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ بزنس کی نگرانی کے ساتھ ساتھ غیر معیاری اشیاء کی تلفی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں بھی کر رہی ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد قاسم نے کہا کہ پانی ہماری زندگی کا بنیادی جز ہے اور اس کے نقصانات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی کے سیشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو اور وہ اپنی صحت کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

  • چنیوٹ: مردہ جانور کا گوشت سپلائی کرنے والا شخص گرفتار

    چنیوٹ: مردہ جانور کا گوشت سپلائی کرنے والا شخص گرفتار

    چنیوٹ (نامہ نگارحافظ حسن معاویہ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی سربراہی میں چنیوٹ شہر اور بھوانہ میں خفیہ اطلاعات پر مضر صحت اور غیر معیاری گوشت کے خلاف نتیجہ خیز کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

    کارروائی کے دوران بھوانہ میں ایک شخص کو رات گئے مردہ جانور کا گوشت ترسیل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف تھانہ بھوانہ میں مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

    مزید چھاپوں میں علی الصبح ایک غیر قانونی مذبح خانے سے بدبودار اور ناقص گوشت برآمد ہوا، جبکہ ایک پولٹری شاپ پر بیمار اور مطلوبہ وزن سے کم مرغیاں پائے جانے پر دو لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مجموعی طور پر 110 کلو گرام مضر صحت اور بدبودار گوشت تلف کرا دیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک خوراک تیار کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 200 کلو بیمار جانور کا مضر صحت گوشت برآمد

    چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 200 کلو بیمار جانور کا مضر صحت گوشت برآمد

    چنیوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لالیاں کے نواحی علاقے میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 200 کلوگرام سے زائد بیمار جانور کا انتہائی مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ گوشت مختلف ہوٹلوں پر سپلائی کیا جانا تھا، تاہم فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسے ضبط کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے اس حوالے سے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گزشتہ روز شہر بھر میں 119 فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا۔ اس دوران حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں، ایکسپائرڈ مصنوعات کے استعمال اور خوراک کے ناقص معیار پر 19 فوڈ بزنسز کو مجموعی طور پر 117000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید کارروائی کرتے ہوئے ٹیموں نے 30 لیٹر ملاوٹی دودھ اور 3 کلوگرام ایکسپائر شدہ اشیاء بھی ضبط کر کے تلف کروا دیں۔

    ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی بھی قسم کی ملاوٹ یا مضر صحت اشیاء کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • چنیوٹ: یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

    چنیوٹ: یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

    چنیوٹ (نامہ نگار) ضلع چنیوٹ میں یوم پاکستان 23 مارچ 2025 کو ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا، اس موقع پر مختلف سرکاری و نجی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

    پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید، اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ اشفاق رسول، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مظفر بیگ، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن محمد ظفر اور دیگر افسران کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ بینڈ کی دھنوں پر قومی ترانہ گایا گیا۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور تحریک پاکستان کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اہلِ وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن تحریک پاکستان میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اسی روز قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی، جس نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں تعمیرِ پاکستان کے عزم کی تجدید کا پیغام دیتا ہے اور ہمیں بحیثیت قوم ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے دفاع اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا جا سکے۔ دیگر افسران نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی، باہمی محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ہی وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنایا جا سکتا ہے۔

    قبل ازیں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، جبکہ تحریک پاکستان کے شہداء کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اسی طرح مختلف تعلیمی اداروں میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں ملی نغمے، تقاریر اور دیگر ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ سماجی، مذہبی اور کاروباری تنظیموں نے بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز ترتیب دیے۔

    ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے گورنمنٹ ہائی اسکول مندر روڈ میں یوم پاکستان سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں طالب علموں نے ملی نغمے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستان کی شناخت کے سنگِ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان منانے کا مقصد نئی نسل کو تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے مقاصد سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ ملک کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں۔

    یوم پاکستان کے موقع پر ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سیاسی و سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔