Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازیخان: عبدﷲ ٹاؤن میں روزانہ 15 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری بلبلا اٹھے

    ڈیرہ غازیخان: عبدﷲ ٹاؤن میں روزانہ 15 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری بلبلا اٹھے

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) یونین کونسل 17 کی رہائشی کالونی عبدﷲ ٹاؤن کے مکین شدید گرمی میں روزانہ 12 سے 15 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں۔ علاقے میں بدترین بجلی بحران کے باعث نہ صرف گھریلو زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں جبکہ اسکول کے بچوں کی تعلیم اور گھروں میں پانی کی فراہمی تک بری طرح متاثر ہے۔

    مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ واپڈا حکام کسی بھی شیڈول کے بغیر دن رات میں 15 گھنٹے بجلی بند کر دیتے ہیں، جس سے سخت گرمی میں عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔

    عبدﷲ ٹاؤن کے رہائشیوں نے باغی ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ایس ڈی او غازی فیڈر سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا علاقہ سٹی ایریا میں آتا ہے مگر بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری روکا جائے اور علاقے کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکیں۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

  • وسیم جتوئی: ترقی اور خدمت کا روشن نام

    وسیم جتوئی: ترقی اور خدمت کا روشن نام

    وسیم جتوئی: ترقی اور خدمت کا روشن نام
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    جنوبی پنجاب کا ڈیرہ غازی خان ڈویژن تاریخی طور پر ترقیاتی پسماندگی کی تصویر پیش کرتا رہا ہے۔ لیکن چند ایسی شخصیات ہیں جنہوں نے اس خطے کے لیے امید کی شمع روشن کی ہے۔ انہی میں ایک نمایاں نام ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم جتوئی کا ہے، جنہوں نے سرکاری ملازمت کو خدمتِ خلق کا زینہ بنایا۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت اور عوامی رابطے نے انہیں نہ صرف ایک مثالی افسر بلکہ ایک سچا خدمت گزار ثابت کیا ہے۔

    وسیم جتوئی کی قیادت میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے ترقیاتی منصوبوں میں نئی روح پائی ہے۔ انہوں نے متعدد فلاحی اسکیموں کی منظوری، فنڈز کی شفاف تقسیم اور پراجیکٹس کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا۔ ان کی نگرانی میں مکمل ہونے والے منصوبے چاہے وہ دیہی سڑکوں کی تعمیر ہو یا واٹر سپلائی اسکیمیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر نیت صاف ہو تو سرکاری ڈھانچہ عوام کے لیے رحمت بن سکتا ہے۔ ان کی باریک بینی اور فرض شناسی نے نہ صرف وسائل کے ضیاع کو روکا بلکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو بھی ممکن بنایا۔

    ان کی شخصیت کا سب سے دلکش پہلو اُن کی خوش اخلاق اور عاجزی ہے۔ وہ ہر ملاقاتی کے دل میں گھر کر لیتے ہیں۔ چاہے کوئی عام شہری ہو یا مقامی عہدیدار، وہ سب کے مسائل توجہ سے سنتے ہیں اور حل کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں۔ ان کا یہ رویہ انہیں ایک رسمی افسر سے بڑھ کر ایک عوامی خدمت گزار بناتا ہے۔ مقامی عمائدین اور سماجی کارکنوں سے ان کا گہرا رابطہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ وہ دفتر کی چار دیواری تک محدود نہیں بلکہ زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہیں۔

    وسیم جتوئی کا وژن محض وقتی اقدامات تک محدود نہیں۔ وہ تعلیم، صحت، صاف پانی اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں دیرپا بہتری کے خواہاں ہیں۔ مثال کے طور پران کی کاوشوں سے دیہی علاقوں میں سکولوں کی حالت بہتر ہوئی اور صحت کے مراکز کو جدید سہولیات میسر ہوئیں۔ ان کی یہ سوچ کہ ترقی صرف موجودہ مسائل کا حل نہیں بلکہ مستقبل کی ضروریات کا ادراک بھی ہے، ان کی یہی سوچ انہیں دیگر افسران سے ممتاز کرتی ہے۔

    ایک ایسے دور میں جب سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کمزور پڑ رہا ہے، وسیم جتوئی جیسے افسران امید کی کرن ہیں۔ نہ صرف انتظامیہ بلکہ سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی ان کی خدمات کی قدر کی جاتی ہے۔ وسیب کے عوام انہیں اپنا فخر سمجھتے ہیں کیونکہ انہوں نے ثابت کیا کہ نیک نیتی اور جذبہ خدمت سے ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔

    وسیم جتوئی صرف ایک افسر نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک ہیں جو ثابت کرتی ہے کہ سرکاری ڈھانچہ عوام کی فلاح کے لیے کتنا موثر ہو سکتا ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، انسانی ہمدردی اور دوراندیشی نے ڈیرہ غازی خان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ وہ ایک ایسی مثال ہیں جو نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آئیے، ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کریں اور امید رکھیں کہ ان جیسے مزید خدمت گزار اس خطے کی تقدیر بدلیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے سالانہ امتحانات 20 مئی سے شروع، رولنمبر سلپس جاری

    ڈیرہ غازی خان: انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے سالانہ امتحانات 20 مئی سے شروع، رولنمبر سلپس جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے سالانہ امتحانات 20 مئی سے شروع، رولنمبر سلپس جاری

    تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ فسٹ کا پہلا سالانہ امتحان 20 مئی 2025ء سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ کنٹرولر امتحانات مظفر حسین کے مطابق تمام پرائیویٹ امیدواروں کو رولنمبر سلپس ان کے داخلہ فارمز پر درج پتوں پر بذریعہ رجسٹری ارسال کر دی گئی ہیں جبکہ ریگولر امیدواروں کی سلپس ان کے متعلقہ تعلیمی اداروں کے پورٹل پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں جہاں سے وہ پرنٹ نکال سکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ جن امیدواروں کی رولنمبر سلپس کوائف یا بقایاجات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے روکی گئی ہیں، انہیں اعتراضاتی خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں۔ ایسے امیدوار فوری طور پر اعتراضات دور کرکے اپنی سلپس حاصل کریں۔ مزید کہا گیا کہ اگر کسی پرائیویٹ امیدوار کو 17 مئی تک رولنمبر سلپ موصول نہ ہو تو وہ بورڈ آفس سے رجوع کرے یا ویب سائٹ www.bisedgkhan.edu.pk سے خود ڈاؤن لوڈ کر لے۔

    کنٹرولر امتحانات نے واضح کیا کہ اگر کوئی امیدوار رولنمبر سلپ نہ ہونے کے باعث امتحان میں شریک نہ ہو سکا تو اس کی تمام تر ذمہ داری اسی امیدوار پر عائد ہو گی، تعلیمی بورڈ اس کا ذمہ دار نہ ہو گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: وفاقی محتسب کے فیصلے بولنے لگے، 150 مقدمات نمٹائے، ٹرانسفارمر بحال، 7 لاکھ کا ریلیف

    ڈیرہ غازی خان: وفاقی محتسب کے فیصلے بولنے لگے، 150 مقدمات نمٹائے، ٹرانسفارمر بحال، 7 لاکھ کا ریلیف

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ ڈاکٹر محمد زاہد ملک کی جانب سے 13 مئی 2025 کو عوامی شکایات پر فوری اور موثر فیصلے کرتے ہوئے شہریوں کو بڑا ریلیف فراہم کیا گیا۔ ڈاکٹر زاہد نے مختلف شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ہی دن میں 150 سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے، جن کے نتیجے میں متاثرہ شہریوں کو 7 لاکھ روپے سے زائد کا ریلیف دیا گیا۔ اس اہم کارکردگی کا مظاہرہ وفاقی محتسب کے اس اصول کی عکاسی کرتا ہے کہ عام اور بے بس شہریوں کو بغیر کسی سفارش، وکیل یا فیس کے فوری اور منصفانہ انصاف فراہم کیا جائے۔

    ڈیرہ غازی خان میں شاہ صدر دین کے علاقے بستی کو چھہ کوکاری مرزے والا کے مکین ایک ماہ تک بجلی کی بندش کے عذاب میں مبتلا رہے، جب میپکو کے ایس ڈی او نے بجلی چوری کے الزام میں ان کا ٹرانسفارمر ہٹا دیا۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے مکینوں کی زندگی اجیرن ہو گئی اور انہیں مچھروں اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ غریب اور محنت کش افراد پر مشتمل اس بستی کے مکین اس غیر منصفانہ کارروائی سے پریشان حال تھے۔

    ان حالات سے تنگ آکر بستی کے 16 افراد نے وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر ڈیرہ غازی خان میں انصاف کے لیے درخواست دائر کی۔ انہوں نے اپنی درخواست میں میپکو کی اس کارروائی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔ درخواست گزاروں نے بجلی کی عدم دستیابی سے اپنے روزمرہ کے معمولات اور بچوں کی تعلیم پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔

    وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ ڈاکٹر محمد زاہد نے فوری طور پر سماعت کا اہتمام کیا اور میپکو حکام سمیت تمام متعلقہ فریقین کو طلب کیا۔ انہوں نے بغیر کسی وکیل، سفارش یا فیس کے ایک ماہ کے اندر سماعت مکمل کی اور بستی میں فوری طور پر ٹرانسفارمر لگانے کا حکم دیا۔اس کے مزید کئی کیسوں کے فیصلے بھی کئے جن میں میپکو کی جانب سے جاری کردہ ناجائز ڈیٹیکشن بلز کو بھی منسوخ کر نے کے احکامات بھی جاری کئے۔

    سماعت کے دوران ریجنل ہیڈ ڈاکٹر محمد زاہد نے میپکو حکام کو سخت تنبیہ کی کہ وہ عوام کو ناحق تنگ کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ غریب اور نادار لوگوں کی آخری امید ہے اور یہ "غریبوں کی عدالت” ہے جہاں انصاف صرف سچائی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

    وفاقی محتسب کے اس فیصلے سے بستی کو چھہ کوکاری کے مکینوں کی زندگی میں روشنی لوٹ آئی ہے۔ ٹرانسفارمر کی بحالی سے بجلی کی فراہمی ممکن ہوئی اوردیگر شہریوں کے ناجائز بلز کی منسوخی سے ان پر سے مالی بوجھ کم ہوا۔ مکینوں نے وفاقی محتسب کے ادارے اور ڈاکٹر محمد زاہد کی فوری اور منصفانہ کارروائی کو سراہا۔ یہ واقعہ وفاقی محتسب کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے، جو عام شہریوں کے لیے انصاف کی ایک مضبوط آواز ہے۔ اس فیصلے نے ثابت کیا کہ انصاف تک رسائی ہر شہری کا حق ہے۔ بستی کے مکینوں نے اس فیصلے کو اپنی فتح قرار دیتے ہوئے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

  • ڈی جی خان: بھارت کیخلاف فتح پر جشن، بڑی اسکرینز، آتشبازی، افواجِ پاکستان کو خراج تحسین

    ڈی جی خان: بھارت کیخلاف فتح پر جشن، بڑی اسکرینز، آتشبازی، افواجِ پاکستان کو خراج تحسین

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز، رپورٹر شاہد خان) بھارتی جنگی جنون کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح اور افواجِ پاکستان کے کامیاب دفاع پر اظہارِ تشکر کے طور پر ڈیرہ غازی خان میں بھرپور جشن منایا گیا۔ اس موقع پر شہر بھر میں بڑی اسکرینیں نصب کی گئیں، جن پر افواجِ پاکستان کی اہم پریس کانفرنس براہِ راست دکھائی گئی۔

    مرکزی تقریب کرکٹ اسٹیڈیم ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی، جس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ایم پی اے محمد حنیف پتافی، ڈی پی او سید علی، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی کے عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    کرکٹ اسٹیڈیم میں نہ صرف بڑی اسکرین پر پریس کانفرنس کو سراہا گیا بلکہ فتح کی خوشی میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، جس سے شرکاء کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔

    اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اُس نے ہمیں مکار دشمن کے خلاف ایک عظیم فتح سے نوازا اور ہم اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے نہ صرف مادرِ وطن کا دفاع کامیابی سے کیا بلکہ بھارت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا کر تاریخ رقم کی۔

    ایم پی اے محمد حنیف پتافی نے کہا کہ پاک فوج اور پوری قوم نے مل کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔

    ڈی پی او سید علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم وطن کے اندر اور باہر کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ قوم اور ادارے متحد ہوں تو کوئی دشمن ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔

    یہ تقریب نہ صرف فتح کا جشن تھی بلکہ قوم کے حوصلے، اتحاد اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا عملی اظہار بھی۔

  • ڈیرہ غازیخان: پریس کلب کے زیراہتمام،یومِ تشکر پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، ریلی نکالی گئی

    ڈیرہ غازیخان: پریس کلب کے زیراہتمام،یومِ تشکر پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، ریلی نکالی گئی

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) پریس کلب ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام صدر شیر افگن بزدار کی قیادت میں "یومِ تشکر” کے عنوان سے پاک فوج کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی صحافیوں، سماجی شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاک فوج سے اپنی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔

    ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "پاک فوج زندہ باد”، "پاکستان کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے” اور "قوم اپنے محافظوں کے ساتھ ہے” جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری اور قومی جذبے سے لبریز مناظر دیکھنے کو ملے۔

    صدر پریس کلب شیر افگن بزدار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "یومِ تشکر” منانے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنی افواج کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    شرکاء نے ریلی کے دوران زوردار نعرے بازی کی اور کہا کہ دشمن عناصر جو پاک فوج کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، اُن کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب قومی اتحاد اور یکجہتی کے لیے ناگزیر ہیں۔

  • ڈیرہ:بے ہنگم لوڈنگ، جان لیوا خطرہ، ڈی سی کا سخت نوٹس، سامان اتروایا

    ڈیرہ:بے ہنگم لوڈنگ، جان لیوا خطرہ، ڈی سی کا سخت نوٹس، سامان اتروایا

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی)بے ہنگم لوڈنگ سے جان لیوا حادثات کا خطرہ، ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان کا سخت نوٹس،موٹر سائیکل ریڑھیوں سے لمبا سریا، ٹی آئرن اور گارڈر اتروایا، ٹریفک پولیس اور دکان مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت

    ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے دوران سفر مانکا کینال کے قریب موٹر سائیکل ریڑھیوں پر بے ہنگم طریقے سے لوڈ کیے گئے لمبے سریے، ٹی آئرن اور گارڈر دیکھ کر فوری نوٹس لیا اور اپنی گاڑی روک کر موقع پر موجود ریڑھی سواروں کو روک لیا۔ انہوں نے مقامی پولیس کو طلب کر کے خطرناک انداز میں لے جائے جا رہے تعمیراتی سامان کو فوری طور پر اتروایا اور ہدایت کی کہ یہ سامان صرف محفوظ گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موٹر سائیکل ریڑھیوں پر اس طرح کا بے احتیاط لوڈ عوام کے لیے جان لیوا خطرہ بن سکتا ہے، کیونکہ سڑکوں پر لمبے سریے تیز رفتاری میں تیر کا کام کرتے ہیں اور پیدل یا موٹر سائیکل سوار کسی بھی وقت مہلک حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے انسانی جان کو سب سے قیمتی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی غفلت ناقابل برداشت ہے۔

    انہوں نے ٹریفک پولیس کو ایکسل لوڈ مینجمنٹ کی خلاف ورزی کرنے والے ریڑھی ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی، جبکہ ایسے سامان فروخت کرنے والے دکان مالکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ تعمیراتی سامان کی ترسیل میں احتیاط برتیں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازیخان:بھارتی جارحیت، ادارے ہائی الرٹ، ریسکیو 1122 کی فرضی مشق

    ڈیرہ غازیخان:بھارتی جارحیت، ادارے ہائی الرٹ، ریسکیو 1122 کی فرضی مشق

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) بھارت کی حالیہ جارحیت کے پیش نظر ضلع ڈیرہ غازی خان کے تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جب کہ کسی بھی ہنگامی یا غیر معمولی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کے مرکزی اسٹیشن پر فرضی مشق (موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے خود موقع پر جا کر مشق کی نگرانی کی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔

    اس مشق میں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے، آگ بجھانے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے، فیلڈ اسپتال کے قیام، ایمبولینس سروس کے ذریعے زخمیوں کو قریبی مراکز صحت تک منتقل کرنے، اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی موجودگی سمیت دیگر اہم امور کو عملی طور پر جانچا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ہیلتھ اور دیگر محکمے باہمی تعاون سے کام کریں گے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر احمد کمال، سول ڈیفنس آفیسر عمران مہدی اور دیگر افسران نے تیاریوں، آلات اور دستیاب وسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

  • کوٹ چھٹہ:ڈیوو ویسٹ منیجمنٹ نے مزدوروں کی تنخواہیں روک لیں، ہڑتال کا اعلان

    کوٹ چھٹہ:ڈیوو ویسٹ منیجمنٹ نے مزدوروں کی تنخواہیں روک لیں، ہڑتال کا اعلان

    کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی، تحصیل رپورٹر مرید ٹالپور) ڈیوو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے مزدوروں کی تنخواہیں روک لیں، کل تک ادائیگی نہ ہوئی تو مکمل ہڑتال ہوگی، کوٹ چھٹہ کے ورکروں کا اعلان
    صبح 4 بجے سے دوپہر تک محنت کرنے والے مزدور کئی روز سے اجرت سے محروم، حاضری تو ہوگی مگر کام نہیں کریں گے، انتباہ جاری

    تفصیل کے مطابق تحصیل کوٹ چھٹہ کے علاقے نواں جنوبی میں ڈیوو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے غریب مزدوروں کی کئی دنوں کی تنخواہیں روک لیں، جس پر مزدور سراپا احتجاج بن گئے۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ صبح 4 بجے سے دوپہر ایک بجے تک سخت محنت کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود کمپنی نے ان کی تنخواہیں ادا نہیں کیں۔

    ورکروں نے اعلان کیا ہے کہ اگر کل تک تمام واجبات ادا نہ کیے گئے تو وہ مکمل ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب صرف حاضری لگے گی لیکن کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ مسلسل نظراندازی اور استحصال ناقابل برداشت ہے اور وہ اپنا حق لینے کے لیے ہر ممکن قانونی و احتجاجی راستہ اختیار کریں گے۔

  • ڈیرہ غازیخان: بھارتی جارحیت کے خلاف عظیم الشان ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    ڈیرہ غازیخان: بھارتی جارحیت کے خلاف عظیم الشان ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،جواداکبرسٹی رپورٹر) بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈیرہ غازی خان میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، اراکین صوبائی اسمبلی سردار احمد خان لغاری، سردار صلاح الدین خان کھوسہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی نے کی۔

    ریلی میں مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت میر مرزا تالپور، میاں سلطان محمود ڈاہا، ملک ارشاد، ظفر طاہر مستوئی، عبدالحمید جلبانی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ صدر بار عبدالغنی کھوسہ کی قیادت میں وکلاء، سول سوسائٹی، ڈویژنل و ضلعی افسران، طلباء، خواتین اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

    ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی۔ فضا "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء نے واضح پیغام دیا کہ بھارت ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھے، ہم اپنے وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

    ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور سیاسی، سفارتی و بین الاقوامی سطح پر ہر فورم سے آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

    ریلی کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔