Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • پنجاب پولیس  نے دہشت گردوں کا حملہ بنایا ناکام ، ایک دہشت گرد ہلاک

    پنجاب پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ بنایا ناکام ، ایک دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)عید الفطر سے قبل امن و امان اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم پنجاب پولیس نے خیبر پختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، 20 سے 25 خوارجی دہشت گردوں نے لکھانی چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے حملے میں مارٹر گولوں، راکٹ لانچرز، سنائپر رائفلز اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا۔

    تاہم، پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے جوانوں نے جرات اور بہادری سے چیک پوسٹ کا دفاع کیا۔ الرٹ پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ حملے کے دوران پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی نگرانی کی، جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔

    پنجاب خیبر پختونخوا سرحدی علاقوں میں پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: پاکستان صحافی اتحاد کی پہلی سالگرہ، یوم پاکستان بھی منایا گیا

    ڈیرہ غازی خان: پاکستان صحافی اتحاد کی پہلی سالگرہ، یوم پاکستان بھی منایا گیا

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) 23 مارچ 2025 کو پاکستان صحافی اتحاد کی پہلی سالگرہ اور یوم قرارداد پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ یہ تقریب شہر کے معروف ہوٹل اقبال ہوٹل اینڈ باربی کیو میں منعقد ہوئی۔

    تقریب کا آغاز ملی نغموں کی دھنوں سے ہوا۔ پاکستان صحافی اتحاد کے اراکین نے اپنی محبت اور اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ تمام اراکین نے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر کو ایک سال کی کامیاب تکمیل پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہنے کا وعدہ کیا۔

    ملی نغموں کی دھنوں میں پاکستان صحافی اتحاد اور 23 مارچ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر سردار محمد اسلم خان چانڈیہ نے قرارداد پاکستان پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مولا علی شیر خدا کی شہادت پر خوبصورت خطاب کیا۔

    مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے پاکستان صحافی اتحاد کی ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں صحافی برادری کے لیے مزید بہتر اقدامات کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صحافی اتحاد کا ہر کارکن محب وطن اور درد دل رکھنے والا ہے۔ جب بھی وطن کو ہماری ضرورت پڑی، ہم سب پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

    انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک صحافی برادری کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے تمام صحافیوں کو مثبت صحافت کے ذریعے علاقے، قوم اور ملک کی خدمت کرنے کی دعوت دی۔

    تقریب کا اختتام پاکستان زندہ باد اور پاکستان صحافی اتحاد پائندہ باد کے نعروں سے ہوا۔ پاکستان صحافی اتحاد نے تمام شرکاء کے لیے افطاری کا بھی اہتمام کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: فن خطاطی کی نمائش، کمشنر اشفاق احمد چوہدری کا دورہ

    ڈیرہ غازی خان: فن خطاطی کی نمائش، کمشنر اشفاق احمد چوہدری کا دورہ

    ڈیرہ غازی خان (نیوز رپورٹر شاہد خان) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ڈیرہ غازی خان آرٹس کونسل میں منعقدہ فن خطاطی کی نمائش کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فن خطاطی کی شاندار تاریخ کو سراہتے ہوئے نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے مونگ پھلی، بادام اور دیگر اشیاء پر کی گئی باریک خطاطی کی خصوصی تعریف کی۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے فن خطاطی کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان کے شہریوں سے بھی آرٹس کونسل آکر نمائش دیکھنے اور مقامی خطاطوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی۔

    اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد اور دیگر مہمانوں کو فن پاروں کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے آرٹس کونسل میں ٹی ہاؤس کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا، جہاں شعراء، ادیب اور فنکاروں کے لیے پرسکون ماحول کے ساتھ لائبریری اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    اس تقریب میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل، سی ای او ایجوکیشن محمود الحسن، پروفیسر محمد صادق، محبوب حسین، ایکسئین بلڈنگ محمد وقاص اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

  • تونسہ : ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، بچوں کی بڑی تعداد متاثر

    تونسہ : ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، بچوں کی بڑی تعداد متاثر

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی ) ضلع تونسہ میں ایچ آئی وی کیسز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ تین ماہ کے دوران 100 سے زائد افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر تونسہ عثمان خالد کے مطابق دسمبر 2024 میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا تھا تاہم اسکریننگ کے بعد 100 سے زائد افراد میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا، متاثرہ مریضوں کو رجسٹر کرکے علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وائرس غیر مستند اتائیوں ڈاکٹروں کے استعمال شدہ آلات اور غیر محفوظ خون کی منتقلی کے باعث پھیلا ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان:پل غازی گھاٹ پرخوفناک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 1 شدید زخمی

    ڈیرہ غازیخان:پل غازی گھاٹ پرخوفناک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 1 شدید زخمی

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی )پل غازی گھاٹ پرخوفناک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 1 شدید زخمی

    پل غازی گھاٹ پر تیز رفتار ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق، ایک تیز رفتار ٹرک جو ڈیرہ غازی خان کی سمت جا رہا تھا، مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کی بریک فیل ہونے کے باعث موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار افراد ٹرک کے نیچے آ کر کچلے گئے۔

    ریسکیو ٹیم کے مطابق، دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو مزید افراد ہسپتال منتقل کرنے کے دوران دم توڑ گئے۔ شدید زخمی شخص کو ٹراما سینٹر ڈیرہ ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    جاں بحق ہونے والوں کی شناخت قاسم، حاجی محمد، اعظم اور احمد راجو کے ناموں سے ہوئی ہے ، جبکہ زخمی شخص کی شناخت ظفر کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام متاثرین کا تعلق سرور والی کے رہائشی تھے اور ان کا تعلق سیکر برادری سے بتایا گیاہے۔

    حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

  • تونسہ:جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک ہلاک، باقی فرار

    تونسہ:جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک ہلاک، باقی فرار

    تونسہ (باغی ٹی وی) پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، تاہم پولیس کی مستعدی اور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد پسپا ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے جھنگی میں پیش آیا، جہاں 20 سے 25 دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کر دیا۔ دہشت گردوں نے جدید خودکار ہتھیاروں اور راکٹ لانچروں کا استعمال کرتے ہوئے مختلف اطراف سے حملہ کیا۔ یہ حملہ رات کی تاریکی میں کیا گیا تاکہ پولیس کو حیرت میں ڈال کر بھاری نقصان پہنچایا جا سکے۔

    چیک پوسٹ پر موجود پنجاب پولیس کے مستعد اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔ پولیس نے تھرمل کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگا کر ان پر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔

    پولیس کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ باقی دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں کسی بھی اہلکار کو جانی نقصان نہیں پہنچا۔

    یہ حملہ رواں ماہ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کا آٹھواں حملہ تھا۔ جھنگی پولیس چیک پوسٹ کو پہلے ہی پنجاب حکومت کی جانب سے مزید محفوظ بنایا جا چکا تھا، جہاں اضافی نفری، جدید آلات اور ہتھیار فراہم کیے گئے تھے۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد حسن خان اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی موقع پر پہنچے اور پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا۔ مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان ملک و قوم کے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کسی بھی قیمت پر دہشت گردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا سرچ آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان: خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا سرچ آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر خوارجی دہشت گردوں کا رواں ماہ کا ساتواں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ ٹیمیں سرحدی علاقوں میں گشت اور سرچنگ آپریشن پر مامور تھیں۔

    اطلاعات کے مطابق کوٹ مبارک کے قریب خوارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس ٹیموں نے پیش قدمی کی۔ کوٹ مبارک کے قریب گھات لگائے دہشت گردوں نے پولیس ٹیموں پر آئی ای ڈی (IED) سے حملہ کیا۔ حملے میں بکتر بند گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم تمام جوان محفوظ رہے۔

    پولیس ٹیموں اور گھات لگائے دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوانوں کی فوری اور بھرپور جوابی فائرنگ سے خوارجی دہشت گرد پسپا ہو گئے۔ ڈی پی او سید علی کی زیر کمانڈ کیو آر ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔

    علاقے کا مکمل گھیراؤ کر کے پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او سید علی نے بتایا کہ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ آر پی او ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کا تحفظ کیا جائے گا۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں سے مردانہ وار مقابلہ کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ہر محاذ پر دہشت گردوں کو شکست دے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا پانچواں حملہ بھی ناکام

    ڈیرہ غازی خان: لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا پانچواں حملہ بھی ناکام

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) پولیس نے ایک بار پھر خوارجی دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ لکھانی چیک پوسٹ پر رواں ماہ کا پانچواں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، خیبر پختونخوا (کے پی کے) کے بارڈر پر واقع لکھانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے سحری کے وقت 10 سے 12 خوارجی دہشت گردوں نے تین اطراف سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحہ استعمال کیا۔

    جوانوں کے الرٹ ہونے کی وجہ سے تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی بروقت نشاندہی کر لی گئی۔ پولیس کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب نہیں پہنچ سکے۔ دو گھنٹے تک مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق سرحدی چوکی لکھانی پر یہ رواں ماہ میں پانچواں بڑا حملہ پسپا کیا گیا۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی مکمل کمانڈ کی جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیرِ کمانڈ کیو آر ایف ٹیمیں بروقت لکھانی چوکی پہنچیں۔ سرحدی علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے والے جوانوں کو شاباش دی۔

    ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے کہا کہ خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔ ہم دہشت گردوں کے ہر وار کا بھرپور جواب دیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: تجاوزات ہٹانے کے بعد خالی جگہوں کی تزئین و آرائش ہوگی

    ڈیرہ غازی خان: تجاوزات ہٹانے کے بعد خالی جگہوں کی تزئین و آرائش ہوگی

    ڈیرہ غازی خان (نیوز رپورٹر شاہد خان) حکومت پنجاب کی ہدایت پر تجاوزات آپریشن کے بعد کشادہ ہونے والے مقامات کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے شہروں کو خوبصورت بنانے کے لیے سکیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔ اس حوالے سے کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت دوسرے روز بھی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔

    ابتدائی طور پر 18 کروڑ روپے کی 92 سکیمیں تجویز کی گئی ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ تجاوزات آپریشن والے علاقوں کو فوکس کیا جائے۔ پارکس، چوکوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور پاتھ ویز کو بہتر بنایا جائے۔ اسٹریٹ لائٹس کو فعال کرایا جائے اور کھیل کے گراؤنڈز کو آباد کیا جائے۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ڈپٹی کمشنرز کو معاملات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی ہدایت پر سکیموں کی منظوری کے بعد فنڈز مختص کیے جائیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: نیشنل پیس کونسل کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال پر غور

    ڈیرہ غازی خان: نیشنل پیس کونسل کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال پر غور

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈیرہ غازی خان میں نیشنل پیس کونسل آف پاکستان ڈیرہ غازی خان کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین این پی سی پی ظفر احمد چنگوانی نے کی۔ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل، عہدیداران کی تقریب حلف برداری، مرکزی قیادت کی آمد اور ڈیرہ غازی خان کی امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں حاجی عبد العزیز عمرانی، رانا حاجی نذیر، میاں عبد الرحمن بودلہ، محمد خالد چشتی اور ڈاکٹر محمود شیخ سمیت اہم عہدیداران نے شرکت کی۔ چیئرمین محمد ظفر چنگوانی نے باڈی کے عہدے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈیرہ غازی خان میں فساد پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکام بنا کر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے جس طرح شہر کا امن بحال کیا وہ قابل تحسین عمل ہے۔ انہوں نے آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی ایس پی سٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اس موقع پر نیشنل پیس کونسل آف پاکستان کے میڈیا ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود شیخ نے فعال اور متحرک کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جلد شہر میں قیام امن کے سلسلے میں بھائی چارے، محبت اور امن کے فروغ پر امن واک کرکے اشتعال انگیزی اور شرپسندی پھیلانے والوں کے منصوبے ناکام بنائیں گے۔