Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازیخان: پاکستان صحافی اتحاد کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریب

    ڈیرہ غازیخان: پاکستان صحافی اتحاد کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریب

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی دفتر بلاک 16، رحیم ہنڈا شوروم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب کی صدارت پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے کی، جبکہ اس موقع پر مرکزی چیئرمین محمد رحیم خان غلزئی پٹھان کی زیر سرپرستی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض جواد اکبر بھٹی نے سرانجام دیے۔ ڈاکٹر محمد الطاف سدوزئی اور چیئرمین لیگل فورم، محمد اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی اور کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

    تقریب کے آخر میں مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر جلد یا بدیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد آزادی کی منزل حاصل ہوگی۔

    تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ پورا ہال "پاکستان زندہ باد” اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونج اٹھا، جس سے شرکاء کے جوش و خروش کا واضح اظہار ہوا۔

  • پنجاب میں قانونگوسطح پر اراضی ریکارڈ سینٹرز کے قیام پر غور

    پنجاب میں قانونگوسطح پر اراضی ریکارڈ سینٹرز کے قیام پر غور

    ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) حکومت پنجاب قانون گوئی سطح پر اراضی ریکارڈ سینٹر بنانے پر غور کر رہی ہے، جہاں نائب تحصیلدار اور پٹواری موجود ہوں گے۔ اسٹیٹ آف دی آرٹ ریکارڈ روم کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

    یہ بات سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) نبیل جاوید نے کوٹ ادو میں ریونیو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر منور عباس بخاری اور دیگر افسران شریک تھے۔

    ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز ریونیو کیسز کے جلد حل کیلئے باقاعدہ عدالتیں لگائیں۔ عوام کیلئے فردِ ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل مزید آسان بنایا جائے۔ 15 فروری تک تمام مواضعات کو آن لائن کیا جائے۔ سرکاری اراضی کی نیلامی کے عمل کو تیز کیا جائے۔
    انسداد تجاوزات مہم میں تیزی لا کر ہر انچ سرکاری زمین واگزار کرائی جائے۔

    انہوں نے تقسیم کے انتقالات پر فیس کے خاتمے کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو عملہ مشترکہ کھاتوں کی بروقت تقسیم یقینی بنائے۔

    کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی 100 فیصد وصولی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری کا کہنا تھا کہ تحصیلوں میں ریکوری آپریشن تیز کر دیا گیا ہے اور ریونیو کورٹس کے ذریعے واجبات کے کیسز جلد نمٹائے جائیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، مزاحمت پر مقدمہ درج

    ڈیرہ غازی خان: تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، مزاحمت پر مقدمہ درج

    ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں بلا امتیاز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کے مطابق شہر سمیت بڑے ٹاؤنز اور قصبات کو تجاوزات سے پاک کر کے کشادہ اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے تجاوزات از خود ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔

    ادھر کالا میں تجاوزات آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کے گن مین سے سرکاری اسلحہ چھیننے اور سنگین دھمکیاں دینے پر سات افراد کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان کی مدعیت میں تھانہ کالا میں درج کیا گیا۔

    چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل کا کہنا ہے کہ 30 سال بعد ضلع کونسل کی حدود میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ کالا، شاہ صدر دین، کوٹ چھٹہ سمیت دیگر ٹاؤنز اور قصبات میں بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی شیڈ، تھڑے اور تعمیرات گرائی جا رہی ہیں۔ آپریشن میں پولیس، ریونیو، میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے 30 سے زائد اہلکار اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف آفیسرز کی سربراہی میں حصہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ روز کالا، درے ڈھولے والی، پیر عادل سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: غازی گھاٹ پل بند، مسافر شدید مشکلات کا شکار

    ڈیرہ غازی خان: غازی گھاٹ پل بند، مسافر شدید مشکلات کا شکار

    ڈیرہ غازی خان(سٹی رپورٹر جواد اکبر) غازی گھاٹ پل بند، مسافر شدید مشکلات کا شکار

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان غازی گھاٹ پل پر تین گھنٹے سے زائد ٹریفک جام کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ سرد موسم میں خواتین، بزرگ، مریض اور بچے بے یار و مددگار پھنسے ہوئے ہیں۔

    مسافروں کے مطابق انتظامیہ تاحال غائب ہے اور کسی بھی اہلکار نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک بحال کرنے کی کوشش نہیں کی۔ پل بند ہونے کی وجوہات تاحال واضح نہیں مگر اس کے باعث روزمرہ معمولات زندگی درہم برہم ہو چکے ہیں۔

    متاثرین نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹریفک بحال کر کے مسافروں کو درپیش اذیت سے نجات دلائی جائے۔

  • کوٹ چھٹہ: ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین، پھولوں کے ہارپہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں

    کوٹ چھٹہ: ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین، پھولوں کے ہارپہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں

    کوٹ چھٹہ (تحصیل رپورٹر مریدحسین تالپور) ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین، سردار فیض اللہ خان کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی اپیل

    شنواری ہوٹل کوٹ چھٹہ میں ایک بڑی آگ پر قابو پانے والی ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جام پور سے سردار فیض اللہ خان کچبانی کھوسہ ایک بڑے قافلے کے ساتھ 1122 کے ہیڈ آفس ڈیرہ غازیخان پہنچے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ افسر احمد کمال، ایمرجنسی آفیسر عبد الرؤف، تحصیل انچارج ریسکیو 1122 حسنین خان رمدانی، ایریا انچارج لیڈ ملک محبوب عالم اور ان کی پوری ٹیم کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

    سینکڑوں افراد درجنوں گاڑیوں میں شریک ہو کر ریسکیو 1122 کی ٹیم کو اچھے الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے پہنچے۔ سردار فیض اللہ خان کچبانی کھوسہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ریسکیو 1122 وہ واحد ادارہ ہے جو بغیر تھکاوٹ اور آرام کے کام کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے حادثے میں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جس طرح اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر آگ پر قابو پایا اور دو گیس ٹینکرز کو مزید نقصان سے بچایا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

    سردار فیض اللہ خان نے یہ بھی کہا کہ ریسکیو 1122 کو ایک تعریفی سرٹیفکیٹ ملنا چاہیے اور انہوں نے وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی سے اپیل کی کہ وہ 1122 تحصیل کوٹ چھٹہ کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کریں تاکہ ان کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: آر پی اوکا پنجاب، خیبر پختونخواہ بارڈر کا ہنگامی دورہ، سکیورٹی اقدامات کا جائزہ

    ڈیرہ غازی خان: آر پی اوکا پنجاب، خیبر پختونخواہ بارڈر کا ہنگامی دورہ، سکیورٹی اقدامات کا جائزہ

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا پنجاب، خیبر پختونخواہ بارڈر کا ہنگامی دورہ، سکیورٹی اقدامات کا جائزہ

    تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سرحدی علاقے کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے خوارجی دہشتگردوں کے حملے کا نشانہ بننے والی چیک پوسٹ حضرت عمر فاروق (جھنگی)، چیک پوسٹ لکھانی اور ترمن کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    آر پی او نے چیک پوسٹ جھنگی پر تعینات جوانوں سے خصوصی ملاقات کی اور دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرنے اور چیک پوسٹ کا بہترین دفاع کرنے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے الرٹ ہونے کی وجہ سے خوارجی دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ آر پی او نے سرحدی چوکیوں کے سیکورٹی اقدامات، تعینات نفری، گاڑیوں، اسلحہ، ایمنیشن، مورچوں اور تھرمل ڈوم کیمروں کے ذریعے چیکنگ کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔

    آر پی او نے سرحدی چیک پوسٹوں کی عمارتوں، باؤنڈری وال اور مورچوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری تعمیراتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس دوران، انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے، ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ماک ایکسرسائزز کی مشق کرنے اور کیو آر ایف ٹیموں کے ریسپانس ٹائم کو مزید بہتر کرنے کے بھی احکامات دیے۔

    آر پی او نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سرحدی چوکیوں کی عمارت اور مورچوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سے لیس کیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے حملوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخواہ کی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے 11 حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے، اور ان کا عزم ہے کہ دہشت گرد کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

  • ڈی جی خان: جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا بھرپور جواب

    ڈی جی خان: جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا بھرپور جواب

    ڈی جی خان(باغی ٹی وی)تونسہ کے علاقہ وہوا میں جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا بھرپور جواب

    تفصیل کے مطابق ڈی جی خان کے علاقے تھانہ وہوا کی حضرت عمر فاروق جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر خوارج دہشتگردوں کا حملہ ایک بار پھر ناکام بنا دیا گیا۔ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 سے 20 دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ اور دیگر جدید اسلحہ استعمال کیا گیا، تاہم چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے مستعدی سے مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

    آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی قیادت کی جبکہ ڈی پی او سید علی بھی ہمراہ رہے۔ پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں، تاہم حتمی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کا پتہ لگایا جا سکے۔

    پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ سال یکم اور 2 مئی کی درمیانی شب بھی جھنگی چوکی پر حملے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔ گزشتہ دو سالوں میں پنجاب پولیس کی سرحدی چوکیوں پر خوارج دہشتگردوں کے 18 حملے ناکام بنائے جا چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جھنگی چیک پوسٹ کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے، جہاں اضافی نفری، جدید آلات اور اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حملے کو ناکام بنانے پر اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

    آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس چوکی پر تعینات تمام اہلکار محفوظ ہیں اور ان کا مورال بلند ہے۔ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں آئندہ بھی ناکام ہوں گی، کیونکہ پنجاب پولیس ہر قسم کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: پولیس چوکی لاری اڈہ کی کارروائی، 1 کروڑ روپے مالیت کی چوری شدہ سرکاری ادویات برآمد

    ڈیرہ غازی خان: پولیس چوکی لاری اڈہ کی کارروائی، 1 کروڑ روپے مالیت کی چوری شدہ سرکاری ادویات برآمد

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر) پولیس چوکی لاری اڈہ کی کارروائی، 1 کروڑ روپے مالیت کی چوری شدہ سرکاری ادویات برآمد

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے چوکی لاری اڈہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 1 کروڑ روپے مالیت کی چوری شدہ سرکاری ادویات برآمد کر لی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص ممنوعہ اور چوری شدہ ادویات کی نقل و حمل میں ملوث ہے۔

    موقع پر پہنچ کر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے پنجاب حکومت کی سرکاری ملکیتی ادویات کے کئی کارٹن برآمد کیے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ یہ چوری شدہ ادویات ایک سرکاری ملازم سے حاصل کرتا تھا۔

    پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

    ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے ڈی ایس پی سٹی عرفان اکبر، ایس ایچ او گدائی علی عمران اور انچارج چوکی لاری اڈہ عرفان حیدر کی کاوشوں کو سراہا۔

  • دراہمہ:گیدڑ والا تا دری میرو روڈ کھنڈر میں تبدیل، عوام پریشان

    دراہمہ:گیدڑ والا تا دری میرو روڈ کھنڈر میں تبدیل، عوام پریشان

    دراہمہ (باغی ٹی وی،خبرنگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کا نعرہ "سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال” کھوکھلا ثابت ہوا، گیدڑ والا تا دری میرو روڈ علاقہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا۔ جگہ جگہ گہرے گڑھوں کے باعث چند منٹ کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، مریضوں، مزدوروں، طلبہ و ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا۔ قیمتی گاڑیوں کے انجن ناکارہ ہونے کا خدشہ، آئے روز حادثات معمول بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں گیدڑوالا سے دری میرو تک یہ سڑک وسیم اکرم پلس کے دور میں تعمیر ہوئی، مگر ناقص مٹیریل کے باعث ان کی حکمرانی ختم ہوتے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔ سڑک کی خستہ حالی اور ریسکیو سہولیات کے فقدان کے باعث مریضوں کو ہسپتال پہنچانا مشکل ہوگیا ہے، جب کہ سکول جانے والے بچے، ملازمین اور مزدور تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچنے پر مجبور ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ گیدڑ والا تا دری میرو روڈ کو ازسر نو کارپٹڈ کیا جائے تاکہ اس سڑک پر سفر کرنے والے شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:کوٹ چھٹہ کے قریب ایل پی جی ٹرالر میں آگ لگ گئی، 1 جاں بحق، متعدد زخمی

    ڈیرہ غازیخان:کوٹ چھٹہ کے قریب ایل پی جی ٹرالر میں آگ لگ گئی، 1 جاں بحق، متعدد زخمی

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)کوٹ چھٹہ میں انڈس ہائی وے پر ایل پی جی ٹرالر میں آگ، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

    تفصیل کے مطابق کوٹ چھٹہ میں انڈس ہائی وے پر شنواری پمپ کے قریب ایل پی جی ٹرالر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے تین دیگر کیپسول ٹرالروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے بعد تمام ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کو 13:24 پر ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی اسٹیشن سے فائر وہیکل، موٹر بائیک ایمبولینس اور ریسکیو ایمبولینس روانہ کی گئیں۔ اضافی مدد کے لیے ڈی جی خان اور راجن پور کے مختلف اسٹیشنز سے 6 فائر وہیکلز اور 2 ریسکیو وہیکلز طلب کی گئیں۔

    ریسکیو عملے نے ڈی سی کنٹرول روم اور پولیس کنٹرول روم کو مطلع کرنے کے ساتھ ساتھ پمپ اور قریبی ہوٹل کے تمام عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ فائر فائٹنگ اور کولنگ کے عمل کے دوران افسوسناک طور پر ایک 60 سالہ شخص آگ کے دھماکے میں جاں بحق ہو گیا، جبکہ چند ریسکیورز معمولی زخمی ہوئے۔

    ریسکیو آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈیرہ غازیخان وقاص خلیق کر رہے ہیں اور فائر فائٹنگ کا عمل اب بھی جاری ہے۔