Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازی خان: "ستھرا پنجاب” کے تحت ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کا سخت احتساب، سپروائزر برخاست، دو کو شوکاز نوٹس

    ڈیرہ غازی خان: "ستھرا پنجاب” کے تحت ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کا سخت احتساب، سپروائزر برخاست، دو کو شوکاز نوٹس

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن "ستھرا پنجاب” اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی واضح ہدایات کے مطابق ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ نے صفائی کے نظام میں غفلت برداشت نہ کرتے ہوئے سخت انضباطی کارروائی کی ہے۔ اس کارروائی میں ایک سپروائزر کو نوکری سے برخاست اور دو ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔

    ڈی جی ایم او حبیب اللہ اور ریجنل منیجر طلحہ علیم کی سربراہی میں یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب انہوں نے علاقے کا وزٹ کیا اور عملے کی صفائی کے امور میں کوتاہی دیکھی۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ "ستھرا پنجاب” میں کام نہ کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔

    ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے مطابق صفائی اور ستھرائی کے معیار میں بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ادارہ شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: میڈیکل کالج میں پہلی تین روزہ سپروائزری ورکشاپ اختتام پذیر، 30 سے زائد ڈاکٹرز کی شرکت

    ڈیرہ غازی خان: میڈیکل کالج میں پہلی تین روزہ سپروائزری ورکشاپ اختتام پذیر، 30 سے زائد ڈاکٹرز کی شرکت

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹرشاہدخان)میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کی زیر نگرانی فیکلٹی ممبرز اور کنسلٹنٹس کے لیے پہلی تین روزہ سپروائزری ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ورکشاپ کا انعقاد پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر بلال سعید کی درخواست پر کالج آف سرجنز پاکستان (CPSP) کے تعاون سے کیا گیا۔

    ورکشاپ میں 30 سے زائد ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے انعقاد سے مقامی فیکلٹی کو اب سپروائزری ٹریننگ کے لیے ملتان نہیں جانا پڑے گا، جو خطے میں طبی تعلیمی خدمات کے لیے ایک بڑی سہولت اور اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

    اس موقع پر آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر بلال سعید نے صدر سی پی ایس پی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی بدولت یہ ورکشاپ پہلی مرتبہ ڈیرہ غازی خان میں ممکن ہوسکی۔شرکاء نے ورکشاپ کو ایک مؤثر، سودمند اور فیکلٹی کی صلاحیتوں میں اضافے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

    ورکشاپ کے انعقاد میں ڈاکٹر زینب، ڈاکٹر شمسہ کنول اور ڈاکٹر محمد ہارون بلال نے اہم کردار ادا کیا۔
    ورکشاپ کے پہلے دن پرنسپل نشتر میری یونیورسٹی ڈاکٹر راشد اور ڈائریکٹر سی پی ایس پی ملتان پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

  • ڈیرہ غازی خان: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عثمان منیر بخاری کے مختلف تعلیمی اداروں کے دورے، سپورٹس ڈے کی سرگرمیوں کا جائزہ

    ڈیرہ غازی خان: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عثمان منیر بخاری کے مختلف تعلیمی اداروں کے دورے، سپورٹس ڈے کی سرگرمیوں کا جائزہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عثمان منیر بخاری نے ڈیرہ غازی خان کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور طلبہ کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

    انہوں نے سب سے پہلے سنٹر آف ایکسیلنس بوائز میں سپورٹس ڈے کی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ مختلف کھیلوں میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل عباس مہدی نے سپورٹس ڈے سے متعلق بریفنگ دی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی فٹنس بلکہ ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے سپورٹس سرگرمیاں ناگزیر ہیں اور انہیں تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے جاری رہنا چاہیے۔

    بعد ازاں انہوں نے بوائز ہائی سکول نمبر 1 کا دورہ کیا، کلاسز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے نصابی سوالات بھی پوچھے۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ نوجوان نسل ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ میں حب الوطنی اور کردار سازی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دورے کو اساتذہ اور طلبہ نے سراہا اور سپورٹس سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سن کر فوری احکامات جاری

    ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سن کر فوری احکامات جاری

    ڈیرہ غازی خان ( سٹی رپورٹر،جواد اکبر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے معمول کے مطابق اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری لگائی، جہاں شہریوں اور سائلین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی تحریری اور زبانی درخواستیں سن کر متعدد مسائل کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تمام سرکاری دفاتر میں شہریوں کو آسان رسائی فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ اپنی شکایات بلا رکاوٹ درج کرا سکیں اور ان کی بروقت داد رسی ممکن ہو سکے۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں روزانہ کی بنیاد پر سائلین سے ملاقات کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کے مسائل کے تیز رفتار حل میں مدد مل رہی ہے۔

    کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے اقدامات کو سراہا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: سموگ ڈے پر آگاہی واک، ماسک اور پمفلٹس کی تقسیم

    ڈیرہ غازی خان: سموگ ڈے پر آگاہی واک، ماسک اور پمفلٹس کی تقسیم

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سموگ ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا۔ شہریوں میں سموگ سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں میں ماسک اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے جبکہ سموگ سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے کے لیے خصوصی مہم بھی چلائی گئی۔

    آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں سی ای او ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ رانا محمد شاہد ندیم، ڈی جی ایم حبیب اللہ، ریجنل منیجر طلحہ علیم سمیت کمپنی کے افسران اور فیلڈ عملے نے شرکت کی۔

    حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جلاؤ گھٹاؤ جیسی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے یقین دہانی کرائی کہ سموگ کنٹرول کے لیے فیلڈ سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

  • کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری کا جام پور کا دورہ، جمنیزیم کی بحالی کے کاموں کا جائزہ

    کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری کا جام پور کا دورہ، جمنیزیم کی بحالی کے کاموں کا جائزہ

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے آج جام پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جمنیزیم کی بحالی اور مرمت کے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق، اسسٹنٹ کمشنر ثاقب عدنان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔

    تحصیل اسپورٹس آفیسر نے کمشنر کو بحالی کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی، جبکہ کمشنر نے چار دیواری کی مرمت، فال سیلنگ کی تنصیب، گراؤنڈ کی ہمواری، فلور کی تزئین و آرائش اور لائٹنگ سسٹم کی اپ گریڈیشن سمیت جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا موقع پر معائنہ کیا۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام معیار اور رفتار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو بہترین کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    بعد ازاں کمشنر نے اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جہاں انہیں کھلاڑیوں سے متعارف کرایا گیا۔ کمشنر نے نوجوان کرکٹرز کا حوصلہ بڑھایا اور کرکٹ کھیل کر میچ کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔

    کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ کھیلوں کی ترویج اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈی جی واسا کا دورہ، واسا کو مکمل فعال بنانے کے احکامات جاری

    ڈیرہ غازی خان: ڈی جی واسا کا دورہ، واسا کو مکمل فعال بنانے کے احکامات جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا میاں طیب فرید نے ڈیرہ غازی خان کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے واسا ہیڈ آفس کا تفصیلی معائنہ کیا اور شہر میں نکاسی و فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملک جواد کلیم سمیت اہم افسران، عملہ اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد بھی شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر جنرل سے واسا کی مکمل فعالی، پی ڈی پی کے جاری منصوبوں، سیوریج سسٹم کی بہتری، پانی کی فراہمی اور انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر واسا کے نظام کو فعال اور جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا میاں طیب فرید نے اجلاس میں ضروری فنڈز کی فراہمی، نئی تعیناتیوں اور سسٹم کی بہتری کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں واسا کو جلد مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا اور تمام انتظامی و مالی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

    اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا ملک جواد کلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں موجودہ سیوریج مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لیے کئی جامع اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا سسٹم کی اپ گریڈیشن اور فیلڈ میں کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے۔

  • ڈیرہ غازیخان: ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا میڈیا کے مثبت کردار پر اظہارِ تشکر

    ڈیرہ غازیخان: ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا میڈیا کے مثبت کردار پر اظہارِ تشکر

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈی جی خان محمد عثمان خالد نے انتخابی عمل کے دوران میڈیا کے ذمہ دارانہ، مثبت اور پیشہ ورانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے صحافی برادری کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کی تیاری، معلومات کی بروقت ترسیل اور پورے انتخابی عمل کی شفاف کوریج میں میڈیا نے انتہائی کلیدی اور تعمیری کردار ادا کیا۔ میڈیا کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے باعث عوام تک مستند، درست اور فوری معلومات پہنچیں، جس سے اداروں پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوا۔

    ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے تمام نمائندہ صحافیوں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے اداروں اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کی کامیاب تکمیل میں میڈیا کا تعاون قابلِ تحسین ہے اور مستقبل میں بھی ایسی مثبت شراکت داری کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

  • پنجاب بھر میں سموگ آگاہی مہم کا آغاز

    پنجاب بھر میں سموگ آگاہی مہم کا آغاز

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب بھر میں سموگ سے بچاؤ اور عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر، سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں شہر، قصبات اور دیہات میں آگاہی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کی جانب سے اسکولوں، بازاروں، محلوں اور مساجد میں سموگ کے نقصانات سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ سموگ سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں سمیت مختلف صحت مسائل کا باعث بنتی ہے۔

    مہم کے تحت ماسک کی تقسیم، احتیاطی تدابیر سے متعلق بروشرز اور موقع پر آگاہی لیکچرز بھی دیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق عوام کی صحت اور ماحول کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور سموگ کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

  • الفلاح فاؤنڈیشن کا مظفر گڑھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کل لگے گا

    الفلاح فاؤنڈیشن کا مظفر گڑھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کل لگے گا

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ) الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام مظفر گڑھ میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کل اتوار 23 نومبر 2025 کو کیا جا رہا ہے۔ اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم سیلابی علاقوں کے شہریوں کا مفت طبی معائنہ کرے گی اور ضرورت مندوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔

    یہ میڈیکل کیمپ گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول بلوچ والا (سیلابی ایریا)، مرکز لنگر سرائے، تحصیل و ضلع مظفر گڑھ میں لگایا جائے گا۔ کیمپ صبح 10:00 بجے شروع ہوگا اور دوپہر 1:00 بجے تک جاری رہے گا۔

    کیمپ میں عوام کو مختلف شعبوں میں طبی مشورے اور معائنہ فراہم کیا جائے گا، جن میں شامل ہیں:آنکھوں کا معائنہ،جنرل میڈیکل چیک اپ،فزیو تھراپی،سکن سپیشلسٹ ،گائنا لوجسٹ (خواتین کے امراض) کا معائنہ کیا جائے گا

    اس پروگرام کی نگرانی الفلاح فاؤنڈیشن، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و تنظیم الاخوان ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے زیرِ اہتمام کی جا رہی ہے۔ علاقے کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس طبی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔