Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: خاتون سے زنا بالجبر کرنے والا اشتہاری گرفتار

    گوجرانوالہ: خاتون سے زنا بالجبر کرنے والا اشتہاری گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ سوہدرہ پولیس نے ایک سال قبل خاتون سے گھر میں گھس کر زنا بالجبر کرنے والے اشتہاری مجرم احمد علی کو گرفتار کر لیا۔ سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم کی جانب سے تھانہ سوہدرہ میں کھلی کچہری کے دوران ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پولیس نے کامیاب کارروائی کی۔

    ملزم احمد علی نے ایک سال قبل تھانہ سوہدرہ کی حدود میں ایک خاتون کے گھر میں داخل ہو کر زبردستی زیادتی کی تھی، جس کے بعد سے وہ روپوش تھا اور اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔ پولیس نے مسلسل محنت اور جدید طریقہ تفتیش سے بالآخر ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت مجرم معاشرے کا ناسور ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

    ملزم کی گرفتاری پر علاقہ مکینوں، سیاسی و سماجی تنظیموں نے تھانہ سوہدرہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔

    ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق ملزم کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گوجرانوالہ پولیس اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔

  • گوجرانوالہ: 25 لاکھ کی چوری میں ملوث خاتون سی سی ٹی وی فوٹیج سے گرفتار، رقم برآمد

    گوجرانوالہ: 25 لاکھ کی چوری میں ملوث خاتون سی سی ٹی وی فوٹیج سے گرفتار، رقم برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ اروپ پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 25 لاکھ روپے چوری کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جدید سائنسی طریقہ کار اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمہ مسرت بی بی کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے چوری شدہ تمام رقم برآمد کر لی گئی۔ بعد ازاں ملزمہ کو جیل روانہ کر دیا گیا۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایات پر ضلع بھر میں چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس پی سول لائن شاہد رشید کی ہدایت اور ڈی ایس پی کینٹ سرفراز احمد رانجھا کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ اروپ انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم نے انتہائی مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اس کیس کو حل کیا۔

    تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مسرت بی بی گھروں میں خیرات اور صدیقہ کے بہانے داخل ہو کر الماریوں کے تالے توڑتی اور موقع پاکر نقدی لے کر فرار ہو جاتی تھی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمہ سابقہ چور بھی ہے اور متعدد وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔

    عوام نے تھانہ اروپ پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ چور و ڈکیت معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کیس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ایس ایچ او انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم کو شاباش بھی دی۔

  • کامونکی: صفائی مشن میں جی ڈبلیو ایم سی کا کلیدی کردارہے ۔ماہم واحد

    کامونکی: صفائی مشن میں جی ڈبلیو ایم سی کا کلیدی کردارہے ۔ماہم واحد

    گجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف ستھرا پنجاب کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں جی ڈبلیو ایم سی (گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی) کامونکی کا اہم کردار ہے۔ اس کی ریسکیو ٹیم کی انتھک محنت کے نتیجے میں شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر کامونکی ماہم واحد نے شہر کامونکی کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کے بعد اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔

    انہوں نے جی ڈبلیو ایم سی کی ٹیم اور ریسکیو ٹیم کے ورکرز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک کال پر شہریوں کی صفائی کے حوالے سے فوری شکایات کا ازالہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں جی ڈبلیو ایم سی کامونکی کے انچارج نے شہریوں اور صحافیوں سے درخواست کی کہ اگر انہیں صفائی کے حوالے سے کوئی بھی شکایت ہو تو وہ بلا جھجھک جی ڈبلیو ایم سی کے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کریں یا پھر جی ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 پر فوری رابطہ کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کی شکایت کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا۔

  • کامونکی: بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے: صحافی و تاجر رہنما

    کامونکی: بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے: صحافی و تاجر رہنما

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): جونیئر صحافی اخلاق الطیف اپل اور سماجی شخصیت و تاجر رہنما رانا سمیر اشرف نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مودی سرکار کشمیر میں کی جانے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیان بازی کر رہی ہے، مگر بھارت کی یہ گیدڑ بھبکیاں پاکستان کو کسی صورت مرعوب نہیں کر سکتیں۔ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے اور افواج پاکستان دشمن کے کسی بھی قسم کے حملے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

    اخلاق اپل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستانی عوام کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

    رانا سمیر اشرف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے جانے والے دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان عالمی سطح پر امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مثبت پیغام دیتا ہے، بھارت ایسے نازک موقعوں پر جھوٹے الزامات اور اوچھے ہتھکنڈوں سے پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پر خود عالمی سطح پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد ہو چکے ہیں۔ کینیڈا کے وزیر اعظم نے اپنی پارلیمنٹ میں واضح طور پر بھارت پر اپنے ملک میں دہشت گردی کرانے کا سنگین الزام لگایا، جبکہ امریکہ، قطر اور دیگر کئی ممالک نے بھی ماضی میں ایسے ہی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

  • گوجرانوالہ:حمزہ کاٹل پر مظفر آبادولیس  کاتشدد، پی ایف یو جے ورکرز کا شدید احتجاج

    گوجرانوالہ:حمزہ کاٹل پر مظفر آبادولیس کاتشدد، پی ایف یو جے ورکرز کا شدید احتجاج

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز (پی ایف یو جے ورکرز) کے نائب صدر ملک توصیف احمد، فنانس سیکریٹری بلال عزت نقوی اور سیکریٹری انفارمیشن عبدالرزاق چشتی نے اپنے مشترکہ بیان میں مظفر آباد آزاد کشمیر پولیس کی جانب سے صحافی حمزہ کاٹل پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

    رہنماؤں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ صحافیوں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات اور ریاستی جبر کے ذریعے خاموش کروانا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافت کو اندھا، گونگا اور بہرہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور حمزہ کاٹل پر پولیس کا تشدد آزاد کشمیر حکومت کی آمرانہ پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے، جو کہ عالمی دنیا کے لیے ناقابل قبول رویہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف یو جے ورکرز صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے لیے ہر ممکن فورم پر آواز بلند کرے گی۔ اگر آزاد کشمیر اور پاکستان میں صحافیوں کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو عالمی سطح پر صحافیوں پر تشدد کی تصاویر اور پیکا کے تحت درج مقدمات کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی اور اس صورتحال پر اقوام متحدہ کو بھی باضابطہ مراسلہ بھیجا جائے گا۔

    تینوں رہنماؤں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ صحافی حمزہ کاٹل پر تشدد میں ملوث تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور متاثرہ صحافی کو انصاف فراہم کیا جائے۔

  • گوجرانوالہ: ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 2 ارب روپے سے زائد مالیت کی 8 سکیمیں منظور

    گوجرانوالہ: ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 2 ارب روپے سے زائد مالیت کی 8 سکیمیں منظور

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گوجرانوالہ ڈویژن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب ایک کروڑ 45 لاکھ 21 ہزار روپے کی لاگت سے 8 سکیموں کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں ضلع نارووال میں شکر گڑھ کے نئے تحصیل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 42 کروڑ روپے کی سکیم کی منظوری دی گئی جبکہ سیالکوٹ میں ہائی وے کی 2 سکیموں پر 58 کروڑ 8 لاکھ 18 ہزار روپے خرچ کیے جائیں گے۔ گورنمنٹ بوائز کالج ڈسکہ کی تعمیر کے لیے 23 کروڑ 53 لاکھ 28 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

    اسی طرح ضلع منڈی بہاؤالدین میں ایک کالج کی تعمیر کے لیے 17 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار روپے جبکہ روڈز کی دو سکیموں کے لیے 46 کروڑ 43 لاکھ 2 ہزار روپے مختص کیے گئے۔ ضلع گجرات میں ایک روڈ سکیم کے لیے 14 کروڑ 20 لاکھ 34 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالرؤف، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ضلع نارووال، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور گجرات کے ڈپٹی کمشنرز حسن رضا، صفدر حسین ورک اور دیگر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

    کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے اجلاس کے دوران ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ترقیاتی محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل کا استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ: 20 پولیس ملازمین کی ریٹائرمنٹ، سی پی او کی جانب سے الوداعی تقریب

    گوجرانوالہ: 20 پولیس ملازمین کی ریٹائرمنٹ، سی پی او کی جانب سے الوداعی تقریب

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) رواں سال گوجرانوالہ پولیس کے 20 افسران و ملازمین ریٹائر ہوئے۔ ان کے اعزاز میں سی پی او آفس میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائر ہونے والے افسران و ملازمین فرض شناس اور محنتی ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال محکمے کے لیے وقف کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملازمین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اور میرے دروازے ان کے لیے دن رات کھلے ہیں۔ انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ عزت و وقار کے ساتھ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں آنے والی زندگی میں کامیابی عطا فرمائے۔

    تقریب میں ایس ایس پی آپریشن رضوان طارق سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ ریٹائر ہونے والے ملازمین نے کہا کہ محکمے سے ملنے والی عزت و محبت ان کا قیمتی اثاثہ ہے، اور وہ اپنے افسران و ساتھیوں کے شکر گزار ہیں۔ تقریب کے آخر میں سی پی او محمد ایاز سلیم نے ریٹائرڈ ملازمین کو پھولوں کے گلدستے اور یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

  • گوجرانوالہ: قرآن پاک پڑھانے والے بہترین لوگ ہیں، مفتی ڈاکٹر محمد رمضان سیالوی

    گوجرانوالہ: قرآن پاک پڑھانے والے بہترین لوگ ہیں، مفتی ڈاکٹر محمد رمضان سیالوی

    گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): استاذ العلما مفتی ڈاکٹر علامہ محمد رمضان سیالوی نے کہا کہ کتاب کی اہمیت و فضیلت کے مطابق اسے پڑھانے والے کی بھی عزت ہوتی ہے۔ قرآن پاک، جو اللہ کے آخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا، تمام کتابوں سے افضل ہے، اس لیے اسے پڑھانے والے بھی بہترین ہیں۔

    یہ بات انہوں نے گزشتہ رات جامعہ انوار قمرہہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں علامہ منظور قادر سیالوی، حافظ علی رضا سیالوی، مفتی محمد اشفاق قمر سیالوی، علامہ عدنان سیالوی اور دیگر غلامانِ پیر سیال بھی شریک تھے۔

    مفتی محمد رمضان سیالوی نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم میں بہترین شخص وہ ہے جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا” (بخاری، حدیث 410/3)۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور حدیث کے مطابق "جو شخص اپنے بیٹے کو قرآن سکھائے، اس کے اگلے پچھلے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں” (مجمع الزوائد، حدیث 11471)۔

    انہوں نے زور دیا کہ قرآن پاک سیکھنے اور سکھانے کے ساتھ اس پر عمل کرنا بھی ضروری ہے، کیونکہ اس کا مکمل فائدہ عمل سے ہی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پر عمل کرنا ہی اسے سیکھنے کا اصل مقصد ہے، اور یہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ تقریب سے علامہ منظور قادر سیالوی، حافظ علی رضا سیالوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

  • گوجرانوالہ: دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ووٹ کی اہمیت پر آگاہی پروگرام

    گوجرانوالہ: دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ووٹ کی اہمیت پر آگاہی پروگرام

    گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمدرمضان نوشاہی) – دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن برائے مخصوص افراد گوجرانوالہ کے زیر اہتمام ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد خصوصی افراد کو ووٹ کے حق اور اس کی ذمہ داری سے متعلق آگاہ کرنا تھا۔

    اس موقع پر دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن گوجرانوالہ کی صدر مس ہما نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ صرف ایک حق ہی نہیں بلکہ ہر شہری کی اہم ذمہ داری ہے، جو بالواسطہ طور پر ملک و قوم کے روشن مستقبل کا تعین کرتی ہے۔

    تقریب میں الیکشن کمیشن آفس گوجرانوالہ کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سرفراز حبیب، وقار ادریس اور ارسلان رزاق نے خصوصی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سرفراز حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور انہیں معاشرے کا ایک فعال اور اہم حصہ تصور کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن خصوصی افراد کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے، تاکہ اٹھارہ سال یا اس سے زائد عمر کا ہر وہ شہری جو قومی شناختی کارڈ کا حامل ہے، اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنا سکے۔

    سرفراز حبیب نے مزید کہا کہ ووٹ کا اندراج اور اس کی اہمیت سے متعلق آگاہی کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور ووٹ کا درست استعمال شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک بھر میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف آگاہی پروگرام منعقد کرواتا ہے۔ ضلع گوجرانوالہ میں بھی الیکشن کمیشن نے متعدد اقدامات کیے ہیں جس کے نتیجے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    انہوں نے عوام کی سہولت کے پیش نظر متعارف کرائی گئی 8300 کی میسج سروس کا بھی ذکر کیا، جس کے ذریعے شہری ایک پیغام بھیج کر اپنے ووٹ کی قومی شناختی کارڈ پر درج درست پتے کے مطابق تصدیق کر سکتے ہیں اور کسی بھی غلطی کی صورت میں فوری طور پر قریبی الیکشن کمیشن کے دفتر سے رجوع کر کے اسے درست کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ووٹ کا درست استعمال کر کے ملک میں جمہوری عمل کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

    اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن نجم علی، جوائنٹ سیکرٹری میمونہ بھٹی اور شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی میمونہ سردار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

  • گوجرانوالہ:جامعہ ادریسیہ میں کلچر ڈے کی پروقار تقریب، ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے کا عزم

    گوجرانوالہ:جامعہ ادریسیہ میں کلچر ڈے کی پروقار تقریب، ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے کا عزم

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)جامعہ ادریسیہ بوائز و گرلز ہائی سکول میں پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر انجمن ادریسیہ ویلفیئر الحاج محمد جمیل بھٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت طلبہ و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    الحاج محمد جمیل بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومیں کبھی اپنی شناخت نہیں کھوتیں جو اپنی دھرتی اور ثقافت سے جڑی ہوتی ہیں۔ ثقافت کا دن منانے کا مقصد اپنے اسلاف کی عظیم میراث کو زندہ رکھنا اور نئی نسل کو اس سے روشناس کرانا ہے۔

    تقریب میں پنجاب کی مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے رنگا رنگ سٹالز لگائے گئے، جنہوں نے مقامی روایات، لباس، کھانوں اور ہنر کو اجاگر کیا۔ صدر انجمن نے ان سٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ کی محنت کو سراہا۔ کلچر ڈے کی مناسبت سے ایک خوبصورت کیک بھی کاٹا گیا، جس سے تقریب کا ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔

    اس موقع پر محمد فیاض چوہان سمیت دیگر معززین اور والدین بھی شریک تھے، جنہوں نے اس طرح کی تقریبات کو نسلِ نو کی تربیت میں معاون قرار دیا۔ شرکاء نے ثقافت کے فروغ کے لیے ادارے کی کاوشوں کو سراہا اور ان تقریبات کو تسلسل سے منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔