Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 6 ایجنٹ گرفتار

    گوجرانوالہ: ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 6 ایجنٹ گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے، جو بیرون ملک ملازمت کے جھانسے دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد محمود، محمد یوسف، محمد جاوید، حمزہ طارق، عاقف اور نعمان عنصر کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں منڈی بہاءالدین، گجرات، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم شاہد محمود نے متعدد شہریوں کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کیے، جن میں ایک شہری سے 18 لاکھ روپے وصول کرنے کا کیس سامنے آیا۔ ملزم محمد یوسف نے بحرین بھجوانے کے لیے ایک شہری سے 8 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیائی، جب کہ محمد جاوید نے اٹلی کے ویزے کے بدلے 22 لاکھ 50 ہزار روپے لیے، مگر شہری کو اٹلی کے بجائے دبئی بھیج دیا اور بعد ازاں دبئی سے اٹلی منتقل کروانے میں ناکام رہا۔

    اسی طرح گرفتار ملزم حمزہ طارق نے برطانیہ کے سٹڈی ویزہ کے نام پر ایک شہری سے 18 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیائی جبکہ عاقف نے تین شہریوں کو سعودی عرب بھجوانے کے جھانسے میں 11 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے۔ ملزم نعمان عنصر نے ایک شہری سے عراق میں ملازمت کے نام پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔

    ایف آئی اے کے مطابق تمام ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے تاہم ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے اور متاثرہ شہریوں سے مزید بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔

  • گوجرانوالہ: یوم آزادی صحافت پر سیمینار اور ریلی، پیکا ایکٹ کے خاتمے کا مطالبہ

    گوجرانوالہ: یوم آزادی صحافت پر سیمینار اور ریلی، پیکا ایکٹ کے خاتمے کا مطالبہ

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): پی ایف یو جے ورکرز کے زیر اہتمام آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر گوجرانوالہ پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی۔ اس سیمینار اور ریلی کی قیادت پریس کلب کے صدر حافظ شاہد منیر اور پی ایف یو جے ورکرز کے نائب صدر ملک توصیف احمد نے کی۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب حافظ شاہد منیر نے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں صحافیوں کے ساتھ شانہ بشانہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے بہتر سے بہترین کی جانب جانے کی ان کی جدوجہد میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، لیکن ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری کے وسیع تر مفاد کے لیے بیوروکریسی سے ان کی ہمیشہ نہیں بن سکی۔

    پی ایف یو جے ورکرز کے نائب صدر ملک توصیف احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر حکومت صحافیوں پر پیکا کے تحت درج مقدمات اور پابند سلاسل صحافیوں کو رہا کرے، تاکہ آزادی اظہار رائے پر لگی قدغنیں ماضی کا قصہ بن جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیکا کا قانون صحافیوں پر نہیں، بلکہ ملکی دفاعی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں پر لگانا چاہیے۔

    حافظ سکندر اعظم نے ملک توصیف احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صحافیوں کے اتحاد پر زور دیا اور پریس کلب اور شعبہ صحافت سے منسلک افراد کو مضبوط کرنے کی اپیل کی۔ سیمینار میں نقابت کے فرائض صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس ورکرز افتخار علی بٹ نے ادا کیے، جبکہ صحافی علی مہدی جھنڈوی نے خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبولؐ اور مولا علی کی منقبت پیش کر کے خوب داد وصول کی۔

    سیمینار کے اختتام کے بعد پریس کلب سے جی ٹی روڈ تک ایک ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے "زندہ ہیں صحافی زندہ ہیں” اور "پیکا ایکٹ نامنظور” کے شدید نعرے لگائے۔ ریلی کی حفاظت کے لیے سکیورٹی ادارے اور پولیس کا عملہ بھی تعینات تھا۔ یہ ریلی واپس پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں صدر پریس کلب حافظ شاہد منیر، ملک توصیف احمد (نائب صدر پی ایف یو جے ورکرز)، صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس ورکرز افتخار علی بٹ، ممبر ایف ای سی عشرت الماس چوہدری، چیئرمین ایونٹ کمیٹی جاوید اقبال بھٹی، چیئرمین راہوالی پریس کلب رانا عبدالغفار، ایڈیشنل سیکریٹری حافظ شاہد ملک، سیکریٹری فنانس رانا اظہر، طیب مہر، نوید سہیل، علی مہدی جھنڈوی اور دیگر بھی شریک تھے۔

  • گوجرانوالہ: وزیر اعلیٰ پنجاب معاون آلات سکیم کے تحت معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم

    گوجرانوالہ: وزیر اعلیٰ پنجاب معاون آلات سکیم کے تحت معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) وزیر اعلیٰ پنجاب معاون آلات سکیم کے تحت معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب ماڈل چلڈرن ہوم میں منعقد ہوئی۔

    کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اسسٹیو ڈیوائسز اینڈ وہیل چیئرز پروگرام معاشرے کے پسماندہ اور خصوصی افراد کی خدمت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایک عظیم انسانی فریضہ ہے۔ آج کی یہ پروقار تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں معذور افراد کو مفت وہیل چیئرز فراہم کی گئیں۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد معذور افراد کی زندگیوں میں سہولت پیدا کرنا اور ان کے لیے نقل و حرکت کو ممکن بنانا ہے، تاکہ وہ بھی معاشرتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔

    تقریب میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈم سمیرا اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ منور حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز مس زیب النساء، میڈم رابعہ افضل، سوشل ویلفیئر آفیسر عبید رحمت، کامران حسین اور 50 سے زائد معذور افراد نے شرکت کی۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اسپیشل افراد کے لیے معاون آلات کے بڑے منصوبے کا آغاز گوجرانوالہ ضلع سے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سکیم کے تحت وزیر اعلیٰ خودکار وہیل چیئر، پیڈز وہیل چیئر، ٹرائی وہیل سکوٹی اور دیگر معاون آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے معذور افراد کے حوصلے اور عزم کو سراہا اور حکومت کے ایسے فلاحی اقدامات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ہر ضرورت مند تک مدد پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف مدد کا ذریعہ بنی بلکہ ایک پیغام بھی دے گئی کہ اگر نیت خالص ہو تو معاشرہ ہر فرد کے لیے آسان بن سکتا ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میڈم سمیرا اقبال نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ آج 30 معذور بچوں اور بڑوں میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئی ہیں اور اب تک 300 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 15 مئی تک ضلع بھر کے معذور افراد کی رجسٹریشن کے بعد قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے 215 معذور افراد میں وزیر اعلیٰ پنجاب معاون آلات تقسیم کیے جائیں گے۔

  • گوجرانوالہ: خاتون سے زنا بالجبر کرنے والا اشتہاری گرفتار

    گوجرانوالہ: خاتون سے زنا بالجبر کرنے والا اشتہاری گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ سوہدرہ پولیس نے ایک سال قبل خاتون سے گھر میں گھس کر زنا بالجبر کرنے والے اشتہاری مجرم احمد علی کو گرفتار کر لیا۔ سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم کی جانب سے تھانہ سوہدرہ میں کھلی کچہری کے دوران ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پولیس نے کامیاب کارروائی کی۔

    ملزم احمد علی نے ایک سال قبل تھانہ سوہدرہ کی حدود میں ایک خاتون کے گھر میں داخل ہو کر زبردستی زیادتی کی تھی، جس کے بعد سے وہ روپوش تھا اور اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔ پولیس نے مسلسل محنت اور جدید طریقہ تفتیش سے بالآخر ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت مجرم معاشرے کا ناسور ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

    ملزم کی گرفتاری پر علاقہ مکینوں، سیاسی و سماجی تنظیموں نے تھانہ سوہدرہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔

    ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق ملزم کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گوجرانوالہ پولیس اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔

  • گوجرانوالہ: 25 لاکھ کی چوری میں ملوث خاتون سی سی ٹی وی فوٹیج سے گرفتار، رقم برآمد

    گوجرانوالہ: 25 لاکھ کی چوری میں ملوث خاتون سی سی ٹی وی فوٹیج سے گرفتار، رقم برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ اروپ پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 25 لاکھ روپے چوری کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جدید سائنسی طریقہ کار اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمہ مسرت بی بی کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے چوری شدہ تمام رقم برآمد کر لی گئی۔ بعد ازاں ملزمہ کو جیل روانہ کر دیا گیا۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایات پر ضلع بھر میں چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس پی سول لائن شاہد رشید کی ہدایت اور ڈی ایس پی کینٹ سرفراز احمد رانجھا کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ اروپ انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم نے انتہائی مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اس کیس کو حل کیا۔

    تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مسرت بی بی گھروں میں خیرات اور صدیقہ کے بہانے داخل ہو کر الماریوں کے تالے توڑتی اور موقع پاکر نقدی لے کر فرار ہو جاتی تھی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمہ سابقہ چور بھی ہے اور متعدد وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔

    عوام نے تھانہ اروپ پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ چور و ڈکیت معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کیس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ایس ایچ او انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم کو شاباش بھی دی۔

  • کامونکی: صفائی مشن میں جی ڈبلیو ایم سی کا کلیدی کردارہے ۔ماہم واحد

    کامونکی: صفائی مشن میں جی ڈبلیو ایم سی کا کلیدی کردارہے ۔ماہم واحد

    گجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف ستھرا پنجاب کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں جی ڈبلیو ایم سی (گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی) کامونکی کا اہم کردار ہے۔ اس کی ریسکیو ٹیم کی انتھک محنت کے نتیجے میں شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر کامونکی ماہم واحد نے شہر کامونکی کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کے بعد اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔

    انہوں نے جی ڈبلیو ایم سی کی ٹیم اور ریسکیو ٹیم کے ورکرز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک کال پر شہریوں کی صفائی کے حوالے سے فوری شکایات کا ازالہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں جی ڈبلیو ایم سی کامونکی کے انچارج نے شہریوں اور صحافیوں سے درخواست کی کہ اگر انہیں صفائی کے حوالے سے کوئی بھی شکایت ہو تو وہ بلا جھجھک جی ڈبلیو ایم سی کے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کریں یا پھر جی ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 پر فوری رابطہ کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کی شکایت کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا۔

  • کامونکی: بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے: صحافی و تاجر رہنما

    کامونکی: بھارت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے: صحافی و تاجر رہنما

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): جونیئر صحافی اخلاق الطیف اپل اور سماجی شخصیت و تاجر رہنما رانا سمیر اشرف نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مودی سرکار کشمیر میں کی جانے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیان بازی کر رہی ہے، مگر بھارت کی یہ گیدڑ بھبکیاں پاکستان کو کسی صورت مرعوب نہیں کر سکتیں۔ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے اور افواج پاکستان دشمن کے کسی بھی قسم کے حملے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

    اخلاق اپل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستانی عوام کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

    رانا سمیر اشرف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے جانے والے دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان عالمی سطح پر امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مثبت پیغام دیتا ہے، بھارت ایسے نازک موقعوں پر جھوٹے الزامات اور اوچھے ہتھکنڈوں سے پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پر خود عالمی سطح پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد ہو چکے ہیں۔ کینیڈا کے وزیر اعظم نے اپنی پارلیمنٹ میں واضح طور پر بھارت پر اپنے ملک میں دہشت گردی کرانے کا سنگین الزام لگایا، جبکہ امریکہ، قطر اور دیگر کئی ممالک نے بھی ماضی میں ایسے ہی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

  • گوجرانوالہ:حمزہ کاٹل پر مظفر آبادولیس  کاتشدد، پی ایف یو جے ورکرز کا شدید احتجاج

    گوجرانوالہ:حمزہ کاٹل پر مظفر آبادولیس کاتشدد، پی ایف یو جے ورکرز کا شدید احتجاج

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز (پی ایف یو جے ورکرز) کے نائب صدر ملک توصیف احمد، فنانس سیکریٹری بلال عزت نقوی اور سیکریٹری انفارمیشن عبدالرزاق چشتی نے اپنے مشترکہ بیان میں مظفر آباد آزاد کشمیر پولیس کی جانب سے صحافی حمزہ کاٹل پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

    رہنماؤں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ صحافیوں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات اور ریاستی جبر کے ذریعے خاموش کروانا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافت کو اندھا، گونگا اور بہرہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور حمزہ کاٹل پر پولیس کا تشدد آزاد کشمیر حکومت کی آمرانہ پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے، جو کہ عالمی دنیا کے لیے ناقابل قبول رویہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف یو جے ورکرز صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے لیے ہر ممکن فورم پر آواز بلند کرے گی۔ اگر آزاد کشمیر اور پاکستان میں صحافیوں کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو عالمی سطح پر صحافیوں پر تشدد کی تصاویر اور پیکا کے تحت درج مقدمات کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی اور اس صورتحال پر اقوام متحدہ کو بھی باضابطہ مراسلہ بھیجا جائے گا۔

    تینوں رہنماؤں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ صحافی حمزہ کاٹل پر تشدد میں ملوث تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور متاثرہ صحافی کو انصاف فراہم کیا جائے۔

  • گوجرانوالہ: ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 2 ارب روپے سے زائد مالیت کی 8 سکیمیں منظور

    گوجرانوالہ: ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 2 ارب روپے سے زائد مالیت کی 8 سکیمیں منظور

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گوجرانوالہ ڈویژن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب ایک کروڑ 45 لاکھ 21 ہزار روپے کی لاگت سے 8 سکیموں کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں ضلع نارووال میں شکر گڑھ کے نئے تحصیل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 42 کروڑ روپے کی سکیم کی منظوری دی گئی جبکہ سیالکوٹ میں ہائی وے کی 2 سکیموں پر 58 کروڑ 8 لاکھ 18 ہزار روپے خرچ کیے جائیں گے۔ گورنمنٹ بوائز کالج ڈسکہ کی تعمیر کے لیے 23 کروڑ 53 لاکھ 28 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

    اسی طرح ضلع منڈی بہاؤالدین میں ایک کالج کی تعمیر کے لیے 17 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار روپے جبکہ روڈز کی دو سکیموں کے لیے 46 کروڑ 43 لاکھ 2 ہزار روپے مختص کیے گئے۔ ضلع گجرات میں ایک روڈ سکیم کے لیے 14 کروڑ 20 لاکھ 34 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالرؤف، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ضلع نارووال، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور گجرات کے ڈپٹی کمشنرز حسن رضا، صفدر حسین ورک اور دیگر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

    کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے اجلاس کے دوران ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ترقیاتی محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل کا استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ: 20 پولیس ملازمین کی ریٹائرمنٹ، سی پی او کی جانب سے الوداعی تقریب

    گوجرانوالہ: 20 پولیس ملازمین کی ریٹائرمنٹ، سی پی او کی جانب سے الوداعی تقریب

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) رواں سال گوجرانوالہ پولیس کے 20 افسران و ملازمین ریٹائر ہوئے۔ ان کے اعزاز میں سی پی او آفس میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائر ہونے والے افسران و ملازمین فرض شناس اور محنتی ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال محکمے کے لیے وقف کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملازمین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اور میرے دروازے ان کے لیے دن رات کھلے ہیں۔ انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ عزت و وقار کے ساتھ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں آنے والی زندگی میں کامیابی عطا فرمائے۔

    تقریب میں ایس ایس پی آپریشن رضوان طارق سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ ریٹائر ہونے والے ملازمین نے کہا کہ محکمے سے ملنے والی عزت و محبت ان کا قیمتی اثاثہ ہے، اور وہ اپنے افسران و ساتھیوں کے شکر گزار ہیں۔ تقریب کے آخر میں سی پی او محمد ایاز سلیم نے ریٹائرڈ ملازمین کو پھولوں کے گلدستے اور یادگاری شیلڈز پیش کیں۔