Baaghi TV

Category: حیدرآباد

  • خاور ڈپریشن کا شکار لگ رہے تھے،ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے،ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد

    خاور ڈپریشن کا شکار لگ رہے تھے،ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے،ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد

    سینئر رپورٹر خاور حسین کی لاش ملنے کے معاملے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شہید بینظیر آباد فیصل بشیر میمن کا بیان سامنے آگیا-

    ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے کہا کہ گاڑی سے ملنے والا پستول خاور حسین کا ہی تھاخاور نے حفاظتی نکتہ نظر سے پستول رکھا ہوا تھا، خاور حسین گاڑی پارک کرکے 2 بار واش روم گئے، سی سی ٹی وی کے مطابق خاور تنہا تھے، خاور نے ہوٹل کے منیجر سے جاکر واش روم کا پوچھا، پھر واپس گاڑی میں آکر بیٹھ گئے، خاور دوبارہ گاڑی سے اترے اور پھر چوکیدار سے واش روم کا پوچھا، خاور پھر واش کے پاس گئے اور واپس آکر دوبارہ گاڑی میں بیٹھ گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی میں خاور تنہا دکھائی دے رہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمرا ڈرائیورنگ سیٹ کے دوسری جانب لگا تھا، سی سی ٹی وی میں کوئی نظر نہیں آیا، ہوٹل منیجر نے چوکیدار کو کہا جاکر ان سے پوچھو کچھ آڈر کریں گے یا نہیں، کافی دیر ہوگئی ہے، چوکیدار جب گاڑی کے پاس گیا تو اندر خاور کی گولی لگی لاش پڑی تھی، خاور ڈپریشن کا شکار لگ رہے تھے، ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں،مئی میں خاور نے والدین کو امریکا شفٹ کردیا تھا، خاور سانگھڑ مجلس میں شرکت کرنے گئے، ان کے بہنوئی کے گھر مجلس تھی، تاہم خاور مجلس میں نہیں پہنچ سکے۔

    خاور حسین گزشتہ روز سانگھڑ میں پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئے تھے ان کی لاش حیدرآباد روڈ پر ایک نجی ہوٹل کے باہر کھڑی ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی جہاں ان کے سر پر کنپٹی کے مقام پر گولی لگی ہوئی تھی،محکمہ داخلہ سندھ نے صحافی خاور حسین کی موت کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی گریڈ اکیس کے افسر کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ دو ڈی آئی جیز اور سانگھڑ کے ایس ایس پی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

  • کوشش ہوگی اقوام متحدہ سے بھی بی ایل اے، مجید بریگیڈ پر پابندی لگوائیں، بلاول بھٹو

    کوشش ہوگی اقوام متحدہ سے بھی بی ایل اے، مجید بریگیڈ پر پابندی لگوائیں، بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا کے بعد دیگر ممالک بھی بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد ڈکلیئر کرسکتے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے حیدرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ (المعروف فتنۃ الہندوستان) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، بی ایل اے جیسی تنظیمیں معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں، پاک بھارت جنگ کے دوران بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سپورٹ کیا۔

    وفاقی دارالحکومت میں13 اگست کو بھی عام تعطیل کا اعلان

    بلاول بھٹو کے مطابق امریکا نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا ہے اور اس کی توثیق کی ہے، جس کے بعد امکان ہے کہ دیگر ممالک بھی ان تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیں گے،ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ اقوام متحدہ سے بھی ان تنظیموں کو دہشت گرد قرار دلوایا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے کالعدم بی ایل اے، مجید بریگیڈ اور ان کے تمام اتحادیوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ متعدد حملوں اور سیکڑوں پاکستانی شہریوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔

    فیلڈ مارشل کادورہ امریکا: پاکستان کی سفارتی تاریخ میں ایک اہم باب رقم، بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ پھر بےنقاب

    چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ مودی سرکار دریائے سندھ کا پانی روکنے کے اعلان سے باز نہیں آرہی، لیکن سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کو اس کے حق کا پانی دینا پڑے گا، دریائے سندھ پاکستانیوں کے لیے لائف لائن ہے، اس معاملے پر سندھ کے لوگوں کا ساتھ چاہیے، تمام پاکستانی اس پر یکساں آواز اٹھائیں، یہ پاکستان کے کروڑوں عوام کی زندگی کا سوال ہے، ہمیں پانی کی عالمی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے زراعت کے لیے جدید طریقے اپنانے ہوں گے، ڈریپ ایریگیشن سمیت جدید تکنیکس اپنا کر ہم پانی کو بچاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ان کا حق دینا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ نئے مالیاتی ایوارڈ (این ایف سی) کے لیے فوری طور پر اجلاس بلایا جانا چاہیے، آئین کے تحت ہر 5 سال بعد این ایف ایوارڈ دینا چاہیے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس جمع نہ کرنے کی سزا صوبوں کو نہ دی جائے، اسلام آباد میں بیٹھے بابے اپنی ناکامی کی سزا صوبوں کو نہ دیں، حکومت یا کسی سیاسی جماعت نے ہم سے 27 ویں آئینی ترمیم کے لیے رابطہ نہیں کیا، 27 ویں ترمیم کی افواہیں چل رہی ہیں، یہ میڈیا کے دوستوں سے سن رہا ہوں، لیکن بطور سیاسی جماعت ہم سے حکومت نے اب تک اس حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

    وفاقی دارالحکومت میں13 اگست کو بھی عام تعطیل کا اعلان

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں ایئرپورٹ ہونا چاہیے، تاہم یہ وفاق کا کام ہے، سندھ میں پرانے ایئرپورٹ بند کیے گئے ہیں، حیدرآباد میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کے لیے وزیر اعظم کے ساتھ بات کروں گا، اگر کامیابی نہ ملی تو سیالکوٹ کی طرح ہم بھی حیدرآباد میں ایئرپورٹ قائم کرنے کا سوچ سکتے ہیں، رنگ روڈ منصوبہ مکمل ہونے سے حیدرآباد کے عوام کو سفر میں سہولت میسر آئے گی، پہلی دفعہ حیدرآباد کی ترقی کو تیزی سے بڑھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، ماضی میں الگ الگ سیاسی جماعتوں کی بلدیاتی اور صوبائی حکومتیں ہونے کی وجہ سے ترقی نہیں ہوسکی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں بعض سیاسی جماعتیں عوامی مفاد میں کام کرنے کے بجائے نفرت پھیلانے کا کام کرتی رہی ہیں، تاہم اس بار عوام نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو فتح دلواکر ہم پر یہ فرض کر دیا ہے کہ ہم عوام کو سہولتیں دیں،میئر حیدرآباد اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے عوامی مفاد کی کئی اسکیمیں شروع کی ہیں، حیدر آباد میں آئندہ دو سال میں مزید منصوبے مکمل ہوجائیں گے، جس کے بعد ہم یہاں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بہتری لانے کے قابل ہوجائیں گے۔

    باجوڑ: گرینڈ جرگے کا دہشت گردوں کو پناہ نہ دینے کا اعلان

  • ٹھٹھہ: جشنِ آزادی کے تناظر میں شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

    ٹھٹھہ: جشنِ آزادی کے تناظر میں شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) جشنِ آزادی ‘معرکہ حق’ کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ منور عباس سومرو اور ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے ایس ایس پی آفس میں واقع یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔

    اس تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم، ایس ڈی پی او وحید بیگ لاڑک، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز فضل قریشی، ڈی ایس پی کمپلین سیل سید علی گوہر شاہ، ڈی آئی بی انچارج انسپیکٹر اے ڈی شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے کانفرنس ہال میں شہداء کے عزیز و اقارب سے ملاقات کی اور انہیں تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف شہداء کو خراجِ عقیدت ہے بلکہ زندہ اہلکاروں کے لیے بھی حوصلہ، جذبہ اور فرض شناسی کا عملی پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں اور قوم ان کی مقروض ہے۔ ان کی قربانیوں کی وجہ سے پولیس کا سر فخر سے بلند ہے اور ان کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے مادرِ وطن کے امن و امان کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس، پاک فوج اور دیگر شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

    اس کے بعد، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے دیگر تمام افسران کے ہمراہ پولیس لائن مسجد میں منعقدہ قرآن خوانی میں شرکت کی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک فوج، پولیس اور دیگر تمام اداروں کے شہداء کے بلند درجات اور ملک و قوم کی سالمیت، استحکام اور حفاظت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

    علاوہ ازیں، ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم اور دیگر افسران کے ہمراہ مکلی قبرستان پر پاک فوج کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

  • ٹھٹھہ: لمس کے ڈاکٹر کے غلط آپریشن سے 14 سالہ لڑکا زندگی و موت کی کشمکش میں، باپ کی وزیراعلیٰ سندھ سے فریاد

    ٹھٹھہ: لمس کے ڈاکٹر کے غلط آپریشن سے 14 سالہ لڑکا زندگی و موت کی کشمکش میں، باپ کی وزیراعلیٰ سندھ سے فریاد

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) سول ہسپتال مکلی میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو (لمس) کے ڈاکٹر معشوق خواجہ پر غریب شہری اللہ بچایو سموں نے بیٹے کے غلط آپریشن کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔ عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اللہ بچایو سموں کا کہنا تھا کہ اس کے 14 سالہ بیٹے غلام علی کو اچانک پیٹ میں شدید درد ہوا، جس پر اسے فوری طور پر سول ہسپتال مکلی لایا گیا، جہاں ڈاکٹر معشوق خواجہ نے اسے اپنے پرائیویٹ سینٹر "حسینی ہسپتال مکلی” لے جانے کا مشورہ دیا۔

    اللہ بچایو کے مطابق ڈاکٹر نے وہاں پہلے 75 ہزار روپے کی رقم کاؤنٹر پر جمع کرانے کا مطالبہ کیا، جو اس نے غربت کے باوجود قرض لے کر ادا کی۔ تاہم ڈاکٹر معشوق نے غیر ذمہ دارانہ طور پر غلط آپریشن کیا جس سے بچے کی حالت مزید بگڑ گئی۔ اللہ بچایو کا کہنا ہے کہ دوبارہ سول ہسپتال مکلی میں لے جا کر دوسرا آپریشن بھی کروایا گیا جو ناکام رہا اور بعد ازاں کراچی کے جناح ہسپتال ریفر کر دیا گیا، جہاں بچے کو داخل تک نہیں کیا گیا۔

    متاثرہ باپ نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر نے محض مالی لالچ میں آ کر اس کے بیٹے کی جان کو خطرے میں ڈالا اور اب تک وہ ڈھائی سے تین لاکھ روپے خرچ کر چکا ہے لیکن بیٹے کی حالت بدستور خراب ہے۔ اللہ بچایو سموں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر صحت، سیکریٹری صحت، وائس چانسلر لمس، اور ٹھٹھہ کے منتخب نمائندوں حاجی علی حسن زرداری، سید ریاض شاہ شیرازی اور صادق علی میمن سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر معشوق خواجہ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور اس کے بیٹے کے علاج کے لیے حکومتی مدد فراہم کی جائے۔

    علاقائی سطح پر یہ واقعہ میڈیکل نظام کی خامیوں اور ڈاکٹروں کی مبینہ تجارتی سوچ پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن کر ابھرا ہے۔ متاثرہ خاندان کو فوری انصاف اور بچے کے بہتر علاج کی فوری ضرورت ہے تاکہ ایک اور قیمتی جان ضائع ہونے سے بچائی جا سکے۔

  • ٹھٹھہ: ایس ایچ او مبین پرھیار ہٹاؤ، ٹھٹھہ بچاؤ،عوامی تحریک شروع

    ٹھٹھہ: ایس ایچ او مبین پرھیار ہٹاؤ، ٹھٹھہ بچاؤ،عوامی تحریک شروع

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹھٹھہ میں "ایس ایچ او مبین پرہیار ہٹاؤ، ٹھٹھہ بچاؤ تحریک” کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں صحافیوں، سول سوسائٹی، اور مختلف علاقوں سے آئے متاثرین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایس ایچ او تھانہ دھابیجی مبین پرھیار کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر برطرف کیا جائے۔

    مظاہرے میں ایوانِ صحافت مکلی کے سرپرست نظیر قریشی، صدر اکبر دلوانی اور ان کے رفقا، گھارو سے ممتاز لاشاری، بوہارا سے عزیز سومرو، ٹھٹھہ سے اسد سبزپوش، روزنامہ کوشش کے نمائندہ حسن عباس، سماجی رہنما صالح خانیو، مظہر جکھڑ اور ایس ایچ او کے مبینہ مظالم کا شکار محمد بلوچ، سید انور شاہ، اکبر کچھی سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ایس ایچ او کے خلاف نعرے درج تھے۔

    احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایوانِ صحافت مکلی کے صدر اکبر دلوانی، روزنامہ کوشش کے رپورٹر حسن عباس، سینیئر صحافی شبیر مانجھند اور عوامی پریس کلب کے جنرل سیکریٹری محمد عمر سرائی نے عوامی پریس کلب کے صدر بلاول سموں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔ مقررین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او مبین پرھیار کو فوری طور پر معطل کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلاول سموں نے اپنے خطاب میں سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او مبین پرھیار منشیات کی ترسیل، زمینوں پر قبضے، اغوا برائے تاوان، غیرقانونی آئل ایجنسیوں اور چوری شدہ پیٹرول و ڈیزل کی اسمگلنگ جیسے جرائم میں ملوث ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایس ایچ او نے تھانے کا کنٹرول ایک پرائیویٹ شخص حاجن ڈاهری کے سپرد کر رکھا ہے، جو تمام غیرقانونی کاموں کا فرنٹ مین ہے۔

    بلاول سموں نے بتایا کہ عوامی پریس کلب کی جدوجہد کے نتیجے میں ایس ایس پی ٹھٹھہ نے متعدد چھاپے مارے اور ہماری طرف سے لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے، جن میں غیر قانونی آئل ڈپو، گٹکا، ماوا، منشیات فروشی، اغوا برائے تاوان اور زمینوں پر قبضے شامل ہیں۔

    انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او مبین پرھیار کو "ڈسمس فرام سروس” کیا جائے۔ بصورت دیگر عوامی پریس کلب کی زیر قیادت احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

    احتجاج کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ تحریک کا دوسرا مرحلہ جمعرات کے روز ایس ایس پی آفس ٹھٹھہ کے سامنے دھرنے کی صورت میں شروع کیا جائے گا، جہاں مزید سخت اقدامات کا عندیہ دیا گیا ہے۔

  • ٹھٹھہ: میرپور ساکرو میں بااثر افراد کی زمین پر قبضے کی کوشش، بیوہ خاتون انصاف کے لیے عوامی پریس کلب پہنچ گئی

    ٹھٹھہ: میرپور ساکرو میں بااثر افراد کی زمین پر قبضے کی کوشش، بیوہ خاتون انصاف کے لیے عوامی پریس کلب پہنچ گئی

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں)میرپور ساکرو میں بااثر افراد کی زمین پر قبضے کی کوشش، بیوہ خاتون انصاف کے لیے عوامی پریس کلب پہنچ گئی

    تفصیلات کے مطابق میرپورساکرو تعلقہ کے گاؤں حاجی بچل تنیو کی رہائشی بیوہ مسمات حاجیانی زوجہ سلیم تنیو نے عوامی پریس کلب مکلی ،ٹھٹھہ میں پہنچ کر فریاد کی ہے کہ ان کے مرحوم شوہر سلیم تنیو کی ملکیتی زمین، جو دیہہ ڈارکی تعلقہ میرپورساکرو میں واقع ہے اور جس کا رقبہ 17 .3 ایکڑ ہے، اس پر ان ہی کی برادری کے بااثر اور جرائم پیشہ افراد جن میں بدنام زمانہ علی تنیو، اس کے ساتھی مٹھو تنیو اور یوسف تنیو شامل ہیں جو زبردستی زمین پرقبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

    متاثرہ بیوہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد انہیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں کہ زمین ان کے نام منتقل کر دی جائے، ورنہ وہ انہیں قتل کر دیں گے۔ بیوہ حاجیانی کے مطابق گزشتہ دنوں ان جرائم پیشہ عناصر نے طاقت کے زور پر ان کی زمین پر ٹریکٹر چلانے کی کوشش کی، جب انہوں نے منع کیا تو ان پر تشدد کیا گیا۔

    بیوہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی اطلاع تھانہ ساکرو کے ایس ایچ او کو دی اور تحفظ کی درخواست کی، تاہم پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی اور ملزمان مسلسل سنگین دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    متاثرہ خاتون نے ڈی ایس پی ساکرو، ایس ایس پی ٹھٹھہ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں، بااثر غاصبوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں اور انہیں انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • ٹھٹھہ: گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی معطل، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر

    ٹھٹھہ: گھارو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی معطل، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) گھارو پمپنگ اسٹیشن اور فلٹر پلانٹ کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہر میں پانی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بجلی کی معطلی 18 جولائی کو سہ پہر 3 بجے کیبل فالٹ کے باعث ہوئی، جس کے بعد پمپنگ کا عمل مکمل طور پر بند ہوگیا ہے۔

    واٹر کارپوریشن کے مطابق گھارو پمپنگ اسٹیشن سے یومیہ 30 ایم جی ڈی (ملین گیلن ڈیلی) پانی شہر کو فراہم کیا جاتا ہے، اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث اس پانی کی سپلائی معطل ہو چکی ہے۔

    متاثرہ علاقوں میں پورٹ قاسم، بن قاسم ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل اور کارساز شامل ہیں، جہاں آنے والے دنوں میں پانی کی قلت سنگین صورتحال اختیار کر سکتی ہے۔

    واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیبل فالٹ کے خاتمے کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے جاری ہیں اور جلد از جلد بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم، تاحال فالٹ کو دور نہیں کیا جا سکا۔

    عوامی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہری حلقوں نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پانی کی فراہمی سے متعلق اس نازک معاملے میں فوری اقدامات کرے تاکہ شہر پانی کے بحران سے بچ سکے۔

  • ٹھٹھہ: روحانی درگاہ درس وریو لاکانی کی حرمت پر الزامات، گدی نشینوں کا قانونی چارہ جوئی کا اعلان

    ٹھٹھہ: روحانی درگاہ درس وریو لاکانی کی حرمت پر الزامات، گدی نشینوں کا قانونی چارہ جوئی کا اعلان

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں)گجو کے قریب واقع قدیم اور روحانی درگاہ "درس وریو لاکاڻي” کے گدی نشینوں غلام علی درس، گل جاوید درس، زبیر درس، حاجی امام بخش جوکھیو، حاجی رشید میمن اور دیگر نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر شاہ درگاہ کے خلیفہ غلام قادر عرف گلی جوکھیو کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ وہ ان الزامات کے خلاف قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص کی جانب سے ان کے خلاف جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت الزامات عائد کیے گئے ہیں جن کا مقصد صرف ان کی ذاتی ساکھ اور درگاہ کی حرمت کو نقصان پہنچانا ہی نہیں بلکہ ہزاروں عقیدت مندوں اور مریدوں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچانا ہے۔

    پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ "درگاہ درس وریو لاکانی” ایک تاریخی اور روحانی سلسلے کی نمائندہ درگاہ ہے، جہاں مختلف برادریوں کے قبرستان بھی موجود ہیں۔ لیکن کچھ عناصر، جو ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور روحانی اثر سے خوفزدہ ہیں، اس روحانی سلسلے کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو کسی کا راستہ بند کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی کی زمین فروخت کی گئی ہے۔ اگر کسی کو ذاتی شکایت ہے تو ان کے سینکڑوں مرید موجود ہیں، جن سے رابطہ کر کے بات چیت کی جا سکتی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ چند افراد کی وجہ سے گاؤں کا پرامن ماحول خراب ہو۔

    گدی نشینوں نے مزید کہا کہ ہم کسی سے دشمنی نہیں رکھتے، لیکن اپنی درگاہ کی حرمت اور مریدوں کے جذبات کے تحفظ کے لیے آئینی اور قانونی اقدام کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

    اس موقع پر وڈیرہ اسلم جوکھیو، حاجی رفیق میمن، وڈیرہ سلیم جوکھیو، سلیم سومرو، نور احمد جوکھیو، عبدالرحمان جوکھیو، حسن علی بھورو جوکھیو، شاہویز اور دیگر نے بھی الزامات کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مکمل تردید کی۔

  • ٹھٹھہ: فاروق احمد بجارانی نے بطور ایس ایس پی ٹھٹھہ چارج سنبھال لیا، یادگار شہداء پر حاضری، افسران سے تعارفی ملاقات

    ٹھٹھہ: فاروق احمد بجارانی نے بطور ایس ایس پی ٹھٹھہ چارج سنبھال لیا، یادگار شہداء پر حاضری، افسران سے تعارفی ملاقات

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں)ضلع ٹھٹھہ میں پولیس کے نئے سربراہ فاروق احمد بجارانی نے باقاعدہ طور پر ایس ایس پی کا چارج سنبھال لیا۔ ایس ایس پی آفس پہنچنے پر پولیس افسران اور عملے نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ چاق و چوبند پولیس دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔

    چارج سنبھالنے کے فوری بعد ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ اُن کے ہمراہ دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔


    بعد ازاں ایس ایس پی ٹھٹھہ نے ایس ایس پی آفس کے تمام ہیڈ آف برانچز سے تعارفی ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس یونٹس کی مجموعی کارکردگی کو مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

    اپنے ابتدائی پیغام میں ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے کہا کہ ٹھٹھہ پولیس کو قانون کی حکمرانی اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دینی ہوگی۔ اگر کسی اہلکار یا شہری کو کسی بھی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک اُن سے براہِ راست رابطہ کرے، وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق نئے ایس ایس پی کی قیادت میں ٹھٹھہ میں امن و امان اور قانون نافذ کرنے کے عمل میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

  • ٹھٹھہ: بی آئی ایس پی میں 50 کروڑ کی کرپشن کا انکشاف، مسلم لیگ ن کا کارروائی مطالبہ

    ٹھٹھہ: بی آئی ایس پی میں 50 کروڑ کی کرپشن کا انکشاف، مسلم لیگ ن کا کارروائی مطالبہ

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدرآباد ڈویژن کے جنرل سیکریٹری عبداللہ جاکرو، ضلع ٹھٹھہ کے نائب صدر عبداللہ صابرو، اور مسلم لیگ لیبر ونگ کے جنرل سیکریٹری یعقوب سمون نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا سنگین انکشاف کیا ہے۔

    رہنماؤں کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں 86 ہزار سے زائد مستحق خواتین اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں، تاہم ہر قسط کے موقع پر خواتین کے وظیفے اور بچوں کے تعلیمی وظائف میں سے 2000 سے 3000 روپے تک ناجائز طور پر کاٹے جا رہے ہیں، جس سے اندازاً فی قسط 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے نجی ایجنٹس اور ڈیوائس ہولڈرز کھلے عام نہ صرف رقوم کاٹ رہے ہیں بلکہ خواتین سے بدتمیزی اور تضحیک آمیز سلوک بھی کیا جا رہا ہے۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ پروگرام کے ضلعی افسران بھی اس بدعنوانی میں برابر کے شریک ہیں، جبکہ ڈی جی سندھ اور ڈی سی ٹھٹھہ سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    رہنماؤں نے مزید انکشاف کیا کہ بی آئی ایس پی میں بڑی تعداد میں غیر مستحق اور جعلی افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کی فوری انکوائری کی ضرورت ہے تاکہ اصل حقدار خواتین کو ان کا حق بغیر کسی کٹوتی یا تذلیل کے فراہم کیا جا سکے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے وزیرِاعظم پاکستان، چیئرمین بی آئی ایس پی، اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بدعنوان مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران شہریوں اور سماجی حلقوں نے بھی اس مطالبے کی تائید کی اور مطالبہ کیا کہ ٹھٹھہ میں شفافیت کے ساتھ بی آئی ایس پی کی ازسرنو جانچ پڑتال کی جائے۔