Baaghi TV

Category: کراچی

  • سانحہ گل پلازہ، سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت درخواست دائر

    سانحہ گل پلازہ، سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت درخواست دائر

    گل پلازہ سانحے کے تناظر میں فائر سیفٹی قوانین اور عمل درآمد نا کرنے اور ٹاسک فورس نا بنانے کا معاملہ سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا

    ندیم شیخ ایڈووکیٹ کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی، درخواست میں کہا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے 2017 میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا تھا ،عدالت نے کمشنر کراچی ،ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو ٹاسک فورس تشکیل دینے کا حکم دیا تھا ،عدالت نے ہر ماہ عمارتوں کا معائنہ کرنے اور فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا ،کمشنر کراچی اور سندھ حکومت عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں ،گل پلازہ میں دس سے زائد افراد ہلاک اور 15 سے زائد زخمی ہیں،سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرلیا جاتا تو گل پلازہ کا سانحہ نا ہوتا،عدالت سے استدعا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ،

  • سانحہ گل پلازہ،تخریب کاری کا امکان مسترد،لاپتہ افراد کی نئی فہرست جاری

    سانحہ گل پلازہ،تخریب کاری کا امکان مسترد،لاپتہ افراد کی نئی فہرست جاری

    کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جو اس واقعے کو کسی سازش یا تخریبی کارروائی سے جوڑتے ہوں۔

    گل پلازہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور تمام حقائق سامنے لانے کے لیے تکنیکی اور فرانزک بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 14 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، تاہم عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ادارے پوری تندہی سے کام کر رہے ہیں اور جب تک ملبہ مکمل طور پر ہٹا نہیں لیا جاتا، حتمی اعداد و شمار دینا ممکن نہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے اچانک بھڑک اٹھی۔ آگ کا آغاز گراؤنڈ فلور سے ہوا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک شدت اختیار کرلی۔ شدید حرارت اور دھویں کے باعث عمارت کے کئی حصے کمزور ہوکر منہدم ہوگئے، جس سے اندر موجود افراد کے باہر نکلنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔فائر بریگیڈ کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے طویل اور مشکل آپریشن کیا گیا۔ فائر فائٹرز نے مسلسل 33 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے امکانات کو ختم کیا جا سکے۔ آپریشن کے دوران درجنوں فائر ٹینڈرز، اسنارکلز اور ہیوی مشینری استعمال کی گئی۔

    گل پلازہ واقعے کے بعد انتظامیہ نے لاپتہ افراد کی نئی فہرست جاری کردی ہے، جس میں 49 افراد کے نام اور دیگر تفصیلات شامل ہیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاپتہ افراد کے لواحقین سے رابطے کیے جا رہے ہیں اور شناخت کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ڈی این اے سیمپلز سمیت دیگر طریقۂ کار بھی اپنائے جا رہے ہیں۔

  • گل پلازہ آتشزدگی: چیف فائر آفیسر نے تفصیلی رپورٹ جاری کردی

    گل پلازہ آتشزدگی: چیف فائر آفیسر نے تفصیلی رپورٹ جاری کردی

    سالِ نو کے آغاز پر ہی کراچی ایک دلخراش سانحے سے دوچار ہوگیا، جہاں شہر کے معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے قیمتی انسانی جانیں نگل لیں اور کروڑوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔

    چیف فائر آفیسر کے مطابق ہفتے کی شب 10 بج کر 14 منٹ پر گل پلازہ میں واقع آرٹیفیشل گملوں اور پھولوں کی ایک دکان میں آگ بھڑکی۔ آگ کی اطلاع 10 بج کر 38 منٹ پر ریسکیو 1122 کو دی گئی، جس کے بعد 10 بج کر 57 منٹ پر ریسکیو 1122 کے دو فائر ٹینڈر موقع پر پہنچے۔چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ گل پلازہ میں اگرچہ 14 سے 16 داخلی اور خارجی راستے موجود ہیں، تاہم ان راستوں کی تنگی کے باعث ریسکیو اور فائر فائٹنگ کے عمل میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ لگنے کے فوری بعد عمارت کے تمام داخلی اور خارجی راستوں میں دھواں بھر گیا، جس سے اندر پھنسے افراد کے انخلا اور آگ بجھانے میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ آگ بجھانے کے 2 سے 3 گھنٹوں کے دوران پانی کی شدید قلت کا سامنا رہا۔ پانی فراہم کرنے کے لیے آنے والے ٹینکر گرومندر کے قریب جاری تعمیراتی کام میں پھنس گئے، جبکہ ہجوم اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ نہ ہونے کے باعث پانی کی فراہمی میں مزید تاخیر ہوئی۔ تاہم آگ پر قابو پانے کے لیے پہلے ہی دن فوم کا استعمال شروع کردیا گیا تھا۔چیف فائر آفیسر کے مطابق عمارت کے تین مختلف مقامات سے حصے گرچکے ہیں اور گل پلازہ اس وقت مخدوش حالت میں ہے۔ موقع پر اب بھی 12 فائر ٹینڈرز، 6 واٹر باؤزر اور 2 اسنارکل تعینات ہیں۔ ان کے مطابق آگ پر 90 فیصد قابو پالیا گیا ہے، جبکہ عمارت کے اندر موجود سامان میں تقریباً 10 فیصد آگ اب بھی موجود ہے۔ رات گئے تک گراؤنڈ فلور کی تمام دکانوں میں لگی آگ بجھادی گئی تھی۔

    فائربریگیڈ حکام نے بتایا کہ گل پلازہ کی چھت پر پارکنگ قائم ہے جہاں متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں کھڑی تھیں۔ خوش قسمتی سے آگ لگنے کے باوجود چھت پر موجود گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگی آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھادی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے جلی ہوئی عمارت سے مزید 4 لاشیں نکالیں، جس کے بعد آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی، جبکہ 22 زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔چیف فائر آفیسر کے مطابق پلازہ میں اب بھی کولنگ کا عمل جاری ہے۔ کٹر کی مدد سے کھڑکیوں کو کاٹا جارہا ہے اور ہتھوڑوں کے ذریعے دیواریں گرائی جارہی ہیں تاکہ اندر موجود حصوں تک رسائی حاصل کی جاسکے۔ تیسری منزل پر کسی شخص کے پھنسے ہونے کے خدشے کے پیش نظر اتوار کی رات فائر فائٹرز عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا۔

  • گل پلازہ نقصانات،حکومت ازالہ کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ

    گل پلازہ نقصانات،حکومت ازالہ کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں آگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ حکومت کرے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی کوشش زندگیاں بچانے کی ہے، کوشش ہے جو لاپتا ہیں وہ جلد مل جائیں، کئی منزلہ عمارت کی اجازت بغیر کسی اسٹڈی کے دی گئی، فائر آڈٹ کا کہا جائے تو بلڈرز کہتے ہیں نا انصافی ہورہی ہے،تاجروں کا جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کریں گے، جس کی جان گئی ہے اس کا کوئی ازالہ ہو ہی نہیں سکتا، افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگ اس سانحے پر بھی سیاست کر رہے ہیں، پہلا فائر ٹینڈر وقت پر پہنچا تھا، اگر کسی کی کوتاہی ہو گی تو اس کو سزا ملے گی

    دوسری جانب گل پلازہ میں لوگوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے فائر فائٹر شہید فرقان علی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی،فرقان ایک بچے کا باپ تھا جو گل پلازہ میں لگی آگ بجھاتے ہوئے انتقال کرگیا، فرقان علی کے اہل خانہ نے اپیل کی ہے کہ ان سے سرکاری گھر نہ لیا جائے اور فرقان کی اہلیہ کو ملازمت دی جائے۔

    واضح رہے کہ کراچی کےگل پلازہ میں لگی آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طورپربجھادی گئی، سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14ہوگئی جب کہ 22 افراد زخمی ہوئے،ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب لگی، گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پہنچی، خوفناک آتشزدگی سے عمارت کے کئی حصے گرگئے۔

  • گل پلازہ   آتشزدگی:عوام اور متاثرہ خاندانوں کیلئے ہیلپ لائنز قائم

    گل پلازہ آتشزدگی:عوام اور متاثرہ خاندانوں کیلئے ہیلپ لائنز قائم

    کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں شدید آتشزدگی کے واقعے کے بعد عوام اور متاثرہ خاندانوں کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہیلپ لائنز قائم کر دی گئی ہیں تاکہ گمشدہ افراد اور صورتحال سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے تاحال عمارت میں پھنسے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں اور پانی و فوم کے ذریعے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی نے بتایا ہے کہ کسی بھی قسم کی معلومات یا گمشدگی سے متعلق اطلاع ڈی سی ساؤتھ کو دی جائے شہری 03135048048، 02199206372 اور 02199205625 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ گمشدہ افراد سے متعلق تفصیلات بھی انہی نمبرز پر فراہم کی جائیں۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق عوام کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ساؤتھ زون پولیس نے بھی علیحدہ ہیلپ لائن قائم کر دی ہے شہری معلومات کے لیے 02199205670، 02199201196 اور 02199205691 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

    گل پلازہ آتشزدگی:متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا ئے گی،وزیراعظم

    واضح رہے کہ گل پلازہ میں ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب آتشزدگی گیس لیکج کے باعث گراؤنڈ فلور پر دھماکے کے بعد شروع ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ کے باعث گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں جل گئیں جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، آتشزدگی کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں، اور ان کے اہل خانہ اسپتالوں اور عمارت کے گرد اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کی شدت کے باعث عمارت کے کچھ حصے گر گئے، اور ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ایک فائر فائٹر سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہےاہل خانہ کے مطابق رات تک متاثرہ افراد سے رابطہ ممکن تھا لیکن اب فون بند ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر بھی متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی بڑی تعداد جمع ہے، جو اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے بے چینی کا شکار ہیں۔

    گل پلازہ آتشزدگی واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری

    حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں فراز، کاشف، عامر اور شہروز شامل ہیں، جبکہ فائر فائٹر فرقان کی لاش بھی ٹرماسینٹر پہنچائی گئی ہے ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے اور لاپتا افراد کو تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، مگر صورتحال اب بھی نازک اور غیر یقینی ہے۔

  • پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی

    پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی

    کراچی:پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی-

    باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سی ای او سلمان نصیر کے ساتھ میٹنگ میں بیشتر فرنچائزز نے آکشن پر آمادگی ظاہر کر دی چیئرمین بورڈ کی منظوری سے اسے لاگو کر دیا جائے گا، اتوار کو ورکشاپ میں ٹیم اونرز کو آکشن کے طریقہ کار سے آگاہی فراہم کی جائے گی دوسری جانب تمام پرانی 5فرنچائزز نے 4کھلاڑیوں بشمول برانڈ ایمبیسیڈر برقرار رکھنے کا مطالبہ کر دیا، نئی ٹیموں نے صفر ریٹینشن کا کہا تھا، اس پر بھی حتمی فیصلہ چیئرمین کریں گے۔

    واضح رہے کہ جمعے کو پی ایس ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ میں چیئرمین بورڈ محسن نقوی نے بھی ٹیم اونرز کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ اوپن آکشن فارمولے کو اپنایا جائے، اس کا کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا،جبکہ انہوں نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو کھلاڑیوں کا معاوضہ بڑھانے کا بھی مشورہ دیا تھا-

    پی ایس ایل میں پہلی بار پلیئرز کی نیلامی ہوگی

    ناقص ڈیوٹی روسٹر منصوبہ بندی،انڈیگو پر ریکارڈ جرمانہ عائد

    ہم اب بھی ساتھ رہتے ہیں، سنیتا آہوجا کی گووندا سے طلاق کی تردید

  • شعبان المعظم کا آغاز بدھ 21 جنوری سے ہوگا،رویتِ ہلال ریسرچ کونسل

    شعبان المعظم کا آغاز بدھ 21 جنوری سے ہوگا،رویتِ ہلال ریسرچ کونسل

    لاہور:غیرسرکاری تنظیم رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کی ہے کہ شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026 سے ہوگا۔

    کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق پاکستان میں پیر 19 جنوری 2026ء کی شام ہلالِ شعبان کی رویت ممکن نہیں ہوگی، جس کے باعث شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026ء سے ہوگا نیا چاند اتوار 18 اور پیر 19 جنوری 2026ء کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا پیر 19 جنوری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے۔

    انہوں نے بتایا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق بھی مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترے گا گلگت اور مظفر آباد میں یہ فرق 29 منٹ، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور چارسدہ میں 30 منٹ، کوئٹہ میں 31 منٹ جبکہ کراچی اور جیوانی میں 33 منٹ ہوگا، حالانکہ رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ کا فرق ضروری سمجھا جاتا ہے۔

    ہم اب بھی ساتھ رہتے ہیں، سنیتا آہوجا کی گووندا سے طلاق کی تردید

    رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ان سائنسی حقائق کی بنیاد پر مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی پیر 19 جنوری 2026ء کی شام نہ ننگی آنکھ سے، نہ دوربین اور نہ ہی ٹیلی اسکوپ کے ذریعے ہلال دیکھا جا سکے گا اس طرح رجب المرجب کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد پاکستان میں شعبان المعظم 1447ھ کا آغاز بدھ 21 جنوری 2026ء سے ہوگا۔

    واضع رہے کہ شعبان المعظم کی رویت کا شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کونسل کرے گی۔

    خطے میں بھارت کا علاقائی اثر و رسوخ کمزور ہونے لگا،سفارتی تنہائی کا سامنا

  • کراچی: آٹا مزید مہنگا ہونے کا امکان

    کراچی: آٹا مزید مہنگا ہونے کا امکان

    کراچی: سرکاری گندم کی ترسیل میں تاخیر کی وجہ سے آٹا مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

    چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عبدالجنید نے کہا کہ سرکاری گندم غذائیت سے خالی ہے جسے نئی گندم کے ساتھ مکس کرکے جو آٹا تیار ہو رہا ہے وہ قیمت کے لحاظ سے عوام کی پہنچ سے باہر ہےسندھ حکومت کی طرف سے فلور ملوں کوگندم کی ترسیل میں تاخیر کی وجہ سے کراچی میں آٹے کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں،کراچی کی تھوک وخوردہ مارکیٹوں میں آٹا مزید مہنگا ہونے کے خطرات پیداہوگئے کراچی کی فلور ملوں کو سرکاری گندم کی ترسیل بروقت نہ ہونے سے متعلق کمشنر کراچی کو بھی تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے۔

    عبدالجنیدکے مطابق فلور ملوں کوگندم کی بروقت ترسیل کیلیے ڈی آئی جی ٹریفک سے بھی اہم ملاقات ہوئی ہے،سرکاری گندم وقت پر نہ ملنے سے بھی آٹے کے نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں، پرانی سرکاری گندم کے نرخ 80روپے فی کلو اور اس میں شامل کی جانے والی نئی گندم کی قیمت 110روپے فی کلوگرام ہے،لہذاتھوک مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی سستی نہیں ہوسکتی جبکہ ریٹ کاتعین خودساختہ ہوتاہے۔

    ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رئوف ابراہیم کاکہناہے کہ کمشنرکراچی آٹے کی قیمتوں کی نئی فہرست کااجرااگرچہ آئندہ ایک سے دوروزمیں کریں گے لیکن اوپن مارکیٹ میں گذشتہ 4ماہ کے دوران فی کلوگرام آٹا 55روپے سے بڑھ کر 110روپے کہ سطح پر آگیا ہےسندھ کی گندم کے پی کے اور بلوچستان جارہی ہے لہذاڈیمانڈ بڑھنے کی صورت میں اوپن مارکیٹ میں فی کلوگندم 110 سے 125 روپے ہوجائے گی،کراچی میں فائن آٹے کی قیمت بڑھ کر 145 ر وپے تک پہنچنے کاخدشہ ہے۔

  • گل پلازہ آتشزدگی:متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا ئے گی،وزیراعظم

    گل پلازہ آتشزدگی:متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا ئے گی،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے مل کل کر کام کریں انہوں نے کہا کہ متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا ئے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،وزیراعظم نے آتشزدگی کے باعث زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

    یو اے ای صدر کا آئندہ ہفتے بھارت کے دورے کا امکان،بھارتی میڈیا

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے آگ کے باعث جانی نقصان پر اظہار افسوس کیاانہوں نے کمشنر کراچی کو آتشزدگی کی وجوہات معلوم کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، انہوں نے گل پلازہ میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    گھوٹکی:پولیس کے تین الگ الگ مقابلے، تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد، متعدد ساتھی فرار

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ غفلت یا لاپرواہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے، مراد علی شاہ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کراچی کی کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ فوری کرانے کا حکم بھی دیا۔

    گل پلازہ آتشزدگی واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری

    علاوہ ازیں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے گل پلازہ آتشزدگی کا واقعہ بہت افسوسناک ہے، ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حکومتی مشینری رات گئے سے موجود ہے، آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہے، پانی اور فوم کا کوئی مسئلہ نہیں تھاکراچی کے گل پلازہ میں آگ لگنے سے6 افراد جاں بحق، 22 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ،متعلقہ اداروں کی کوتاہی نظر آئی تو اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ آنے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچیں گے، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے بعد ذمہ داروں کو قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

    بشنوئی گینگ کی بھارتی گلوکارکو جان سے مارنے کی دھمکی

  • گل پلازہ آتشزدگی واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری

    گل پلازہ آتشزدگی واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری

    کراچی:حکام فائر بریگیڈ نے گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    حکام فائر بریگیڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ گل پلازہ کی عمارت کا عقبی حصہ مکمل طور پر زمین بوس ہو چکا ہےفرقان نامی فائر فائٹر عمارت گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ کے ایم سی فائر بریگیڈ کا ایک فائر فائٹر ملبے کی زد میں آ کر زخمی ہوا ہے 6 افراد کی اموات اب تک رپورٹ ہوچکی ہیں، 17 افراد زخمی ہوئے، ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ گل پلازہ میں لگی آگ پر 60 فیصد تک قابو پایا جا چکا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وقفے وقفے سے عمارت کے اندر آگ دوبارہ بھڑکنے کا سلسلہ جاری ہے، 3 جانب سے عمارت کو گھیرے میں لے کر فائر فائٹنگ جاری ہے،پانی وافر مقدار میں موجود ہے، فی الحال آگ مکمل بجھانا سب سے بڑا چیلنج ہے، عمارت کا اسٹرکچر انتہائی کمزور ہو چکا ہے، سامنے کا حصہ کسی وقت بھی گر سکتا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے آگ کے باعث جانی نقصان پر اظہار افسوس کیاانہوں نے کمشنر کراچی کو آتشزدگی کی وجوہات معلوم کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، انہوں نے گل پلازہ میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ غفلت یا لاپرواہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے، مراد علی شاہ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کراچی کی کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ فوری کرانے کا حکم بھی دیا۔