Baaghi TV

Category: کراچی

  • 
کراچی میں 41 سالہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

    
کراچی میں 41 سالہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

    
کراچی میں ہونے والی حالیہ طوفانی بارش نے 41 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، جس کے باعث شہر میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا اور مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے۔
    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو کہ 2 اپریل 1985 کے 37 ملی میٹر کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔
    ‎اس غیر معمولی بارش کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور موسم سرد ہو گیا، گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل کے معمول کے درجہ حرارت سے تقریباً 5.8 ڈگری کم ہے۔
    ‎بارش کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہے۔ گلستانِ جوہر بلاک 7 میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، جبکہ سرجانی ٹاؤن، پی آئی بی کالونی اور ایم اے جناح روڈ کے قریب کرنٹ لگنے کے واقعات میں مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
    ‎اولڈ گولیمار میں دیوار گرنے سے ایک رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اورنگی ٹاؤن میں دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
    ‎محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کے اثرات ملک کے دیگر علاقوں میں 4 اپریل تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
    ‎شہر میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، تاہم مزید کسی بڑی بارش کی توقع نہیں ہے۔

  • 
پیٹرول مہنگا، کوٹری میں احتجاج، وزیراعظم کا علامتی جنازہ

    
پیٹرول مہنگا، کوٹری میں احتجاج، وزیراعظم کا علامتی جنازہ

    
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف سندھ کے علاقے کوٹری میں شہریوں اور مزدور طبقے نے شدید احتجاج کیا اور وزیراعظم کا علامتی جنازہ نکال کر اپنا غم و غصہ ظاہر کیا۔
    تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور احتجاجی ریلی نکالی، جو مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی ‘ببرا اسٹاپ’ تک پہنچی جہاں اسے جلسے کی شکل دے دی گئی۔
    ‎مظاہرین نے احتجاج کے دوران وزیراعظم کا علامتی جنازہ بھی نکالا اور علامتی نماز جنازہ ادا کی، جس کا مقصد حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کرنا تھا۔
    ‎شرکا کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے، خاص طور پر غریب اور مزدور طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال نے عام آدمی کی زندگی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے اور لوگ بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہوتے جا رہے ہیں۔
    ‎مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
    ‎شرکا نے مزید کہا کہ حکومت کو اپنی معاشی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

  • 
موٹرسائیکل سواروں کیلئے ماہانہ 2 ہزار سبسڈی کا اعلان

    
موٹرسائیکل سواروں کیلئے ماہانہ 2 ہزار سبسڈی کا اعلان

    
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر موٹرسائیکل سواروں کے لیے خصوصی سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں موجودہ علاقائی صورتحال اور مہنگائی کے اثرات پر غور کیا گیا، جس کے بعد ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
    ‎مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کی تعداد تقریباً 66 لاکھ ہے اور اپریل سے ہر موٹرسائیکل سوار کو ماہانہ 2 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سبسڈی 20 لیٹر پیٹرول کے حساب سے دی جائے گی، یعنی فی لیٹر 100 روپے رعایت فراہم کی جائے گی۔
    ‎انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ایپ متعارف کرائی جائے گی جس میں موٹرسائیکل مالک کا شناختی کارڈ نمبر درج کرنے پر اس کی گاڑی کی تفصیلات سامنے آ جائیں گی، اور تصدیق کے بعد رقم براہ راست اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔
    ‎وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو ہدایت دی کہ اگر موٹرسائیکل ان کے نام پر رجسٹرڈ نہیں ہے تو آئندہ 15 دن کے اندر اسے اپنے نام منتقل کروائیں، اس کے لیے حکومت نے ٹرانسفر فیس بھی معاف کر دی ہے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ صرف رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں، گاڑیوں اور ٹرکوں کو ہی سبسڈی دی جائے گی، جبکہ ٹرانسپورٹ مالکان کو کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔
    ‎مراد علی شاہ کے مطابق لوئر کلاس کے ریلوے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور مسافر بسوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

  • 
مٹیاری میں بچوں پر کتے چھوڑنے کا سفاک واقعہ

    
مٹیاری میں بچوں پر کتے چھوڑنے کا سفاک واقعہ

    
سندھ کے ضلع مٹیاری کے علاقے اڈیرو لال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک با اثر زمیندار نے مبینہ طور پر باغ سے آم توڑنے پر بچوں پر کتے چھوڑ دیے، جس کے نتیجے میں ایک بچی شدید زخمی ہو گئی۔
    مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند بچے باغ میں داخل ہوئے اور آم توڑنے کی کوشش کی، جس پر زمیندار نے غصے میں آ کر ان پر خونخوار کتے چھوڑ دیے۔
    ‎کتوں کے حملے کے نتیجے میں بچی ام کلثوم قریشی شدید زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
    ‎بچی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج کرا دی ہے، تاہم اب تک ملزم کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
    ‎متاثرہ خاندان نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
    ‎والدین کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کو شدید زخم آئے ہیں اور وہ انصاف کے لیے دربدر ہیں، مگر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
    ‎علاقہ مکینوں نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری محفوظ رہ سکیں۔

  • 
کراچی کے حالات لندن اور نیویارک سے بہتر، آئی جی سندھ

    
کراچی کے حالات لندن اور نیویارک سے بہتر، آئی جی سندھ

    
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال دنیا کے بڑے شہروں لندن اور نیویارک سے بہتر ہے۔
    کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے جرائم کے اعداد و شمار پیش کیے اور کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کراچی میں 16 ہزار 500 موبائل فون چھیننے کے واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ لندن میں اسی نوعیت کی 84 ہزار وارداتیں سامنے آئیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی میں جرائم کی صورتحال دیگر عالمی شہروں کے مقابلے میں بہتر ہے اور پولیس مسلسل بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
    ‎جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں 35 فیصد کمی آئی ہے جبکہ گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ گن پوائنٹ پر اسنیچنگ کے دوران قتل کے واقعات میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور یہ شرح 88 فیصد تک کم ہوئی ہے۔
    ‎آئی جی سندھ نے کچے کے علاقوں میں جاری آپریشن کے حوالے سے بھی بتایا کہ رواں سال جنوری سے “نجات مہران آپریشن” کو تیز کیا گیا جس کے دوران 32 ڈاکو ہلاک، 100 سے زائد گرفتار جبکہ 225 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے۔
    ‎ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے بعد کچے کے علاقوں میں امن قائم ہو رہا ہے اور شہری اب اپنے اہل خانہ کے ساتھ بلا خوف و خطر سفر کر سکیں گے۔

  • 
کراچی میں موسلا دھار بارش، کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ

    
کراچی میں موسلا دھار بارش، کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ

    
کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر کا نظام درہم برہم کر دیا، مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
    رپورٹس کے مطابق تیز بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں زیر آب آ گئیں اور کئی مقامات پر اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ شارع فیصل کے علاقوں نرسری، فائن ہاؤس اور کارساز پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
    ‎شہر کے دیگر علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، کیماڑی اور میٹروپول میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا اور آمد و رفت میں مشکلات پیش آئیں۔
    ‎گارڈن روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ شہریوں کو ٹریفک جام اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
    ‎بارش کے باعث کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام متاثر نظر آیا اور پانی کے فوری اخراج کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
    ‎شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔
    ‎انتظامیہ کے مطابق مختلف علاقوں میں عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ پانی کی نکاسی کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے اور معمولات زندگی بحال کیے جا سکیں۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں  کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اچانک بڑی گراوٹ کے باعث پاکستان کے مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ہوئی ہے-

    عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 71 ڈالر کی نمایاں کمی کے بعد 4642 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی ہے، اس عالمی مندی کی وجہ سے پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 7100 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 86 ہزار 962 روپے کا ہو گیا ہے 10 گرام سونے کی قیمت 6087 روپے کی واضح کمی کے بعد اب 10 گرام سونا 4 لاکھ 17 ہزار 491 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔

    اس اچانک تبدیلی کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ حالیہ خطاب ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور اگلے دو سے تین ہفتوں میں مزید شدید حملوں کا اعلان کیا ہے معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے بیان نے مارکیٹ میں موجود اس امید کو ختم کر دیا ہے کہ شاید جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔

  • کراچی بندرگاہ پر پھنسے پرانے کنٹینرز ہٹانے کے لیے 30 دن کی مہلت

    کراچی بندرگاہ پر پھنسے پرانے کنٹینرز ہٹانے کے لیے 30 دن کی مہلت

    کراچی بندرگاہ پر پھنسے ہوئے پرانے کنٹینرز ہٹانے کے لیے 30 دن کی مہلت دے دی گئی۔

    وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیرصدارت کراچی بندر گاہ پر پھنسے پرانے کنٹینرز سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ کارگو میں اضافہ ہوا ہے بندرگاہوں پر رش کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی ناگزیر قرار ہے۔

    انہوں نے کنٹینرز کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کے پی ٹی اور ٹرمینل آپریٹرز سے شفٹنگ پلان بھی طلب کرلیا کہا کہ آف ڈاک ٹرمینلز پر کارگو منتقلی کے لیے واضح کمرشل میکنزم بنائیں گے انہوں نے آف ڈاک سہولیات اور ٹرانس شپمنٹ کارگو کا مکمل ریکارڈ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی، جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اضافی سامان، لکڑی کے پیلیٹس اور غیر استعمال شدہ آلات جلد ہٹائے جائیں ان اقدامات سے بندرگاہوں پر رش کم، تجارت میں آسانی اور لاجسٹکس نظام بہتر ہوگا۔

  • پاک نیوی اور چین کی مشترکہ بحری مشق سی گارڈین اختتام پذیر

    پاک نیوی اور چین کی مشترکہ بحری مشق سی گارڈین اختتام پذیر

    پاکستان اور چین کی بحریہ کی 7 روزہ مشترکہ مشق سی گارڈین کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ اور پی ایل اے (چینی نیوی) کے مابین 25 مارچ تا یکم اپریل بحری مشق سی گارڈین 4 منعقد ہوئی۔ اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین باہمی اشتراکِ اور میری ٹائم تعاون کو فروغ دینا تھا یہ مشق دو مراحل پر مشتمل تھی، جس میں پانچ روزہ کراچی پورٹ کا دورہ اور شمالی بحیرۂ عرب میں دو روزہ سی فیز شامل تھے مشق سی گارڈین 4 میں شمولیت کے لیے پی ایل اے (نیوی) کے جہاز داچنگ کی آمد پر پی این ایس تیمور نے پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران مختلف دوطرفہ سرگرمیاں منعقد ہوئیں جن میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں پر دورے، بحری چیلنجز پر پیشہ ورانہ مباحثے، بحری تنصیبات کے دورے، پہلے ینگ آفیسرز سیمینار کا انعقاد اور سی فیز کی تیاری شامل تھی پورٹ وزٹ کے اختتام پر پاک بحریہ اور پی ایل اے (نیوی) کے جہازوں نے مشق سی گارڈین کے سی فیز میں حصہ لیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سی فیز کے دوران اہم سرگرمیوں میں فضائی دفاعی مشقیں بشمول متعدد محاذوں ہرحملوں سے نمٹنے کی حکمتِ عملی، پاک بحریہ کی آبدوز کے ساتھ مشقیں، روایتی جنگی مشقیں اور لائیو گنری فائرنگ شامل تھی، جس سے دونوں بحری افواج کے مابین تعاون مضبوط ہوا مشق سی گارڈین 4 کے کامیاب اختتام کے بعد پاک بحریہ اور پی ایل اے (نیوی) نے بحیرۂ عرب میں مشترکہ گشت بھی کیا، جو خطے میں سمندری سلامتی اور استحکام کے لیے دونوں بحری افواج کے عزم کا مظہر ہے۔

  • خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،شرجیل میمن

    خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،شرجیل میمن

    سندھ کے سینئر وزیر ،وزیراطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹیکسیوں میں سفر کرنے والی خواتین اکثر ہراسانی کی شکایات کرتی ہیں، اسی لیے "پنک ٹیکسی” منصوبہ متعارف کروایا جا رہا ہے جسے خواتین ہی چلائیں گی اور اس میں سفر بھی صرف خواتین کریں گی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی (الیکٹرک وہیکل) پنک اسکوٹی پروگرام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے، سندھ حکومت خواتین کو مفت پنک اسکوٹیز فراہم کر رہی ہے جبکہ کسی اور صوبے میں ایسی سہولت دستیاب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 20 ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں اور حکومت انہیں مفت لائسنس کے ساتھ ڈرائیونگ کی تربیت بھی فراہم کر رہی ہے۔شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سندھ میں الیکٹرک بسیں کامیابی سے چل رہی ہیں اور جلد مزید بسیں شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے اور دھابیجی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کے قیام سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے ای وی ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون میں الیکٹرک گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کیے جائیں۔ اس حوالے سے آصف علی زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران بھی پاکستان میں ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔

    مہنگائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ہر ملک پر پڑتے ہیں، جس کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ہاؤس میں اس حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔