Baaghi TV

Category: کراچی

  • کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے حاملہ عورت زخمی ، بچہ پیٹ میں جاں بحق

    کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے حاملہ عورت زخمی ، بچہ پیٹ میں جاں بحق

    کراچی : سائٹ سپرہائی وے انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود نیو کراچی اللہ والی کے قریب کار پر ڈاکو کی فائرنگ سے کار میں سوار خاتون زخمی ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 24 سالہ سویرا کے نام سے کی گئی۔

    سویرا کے شوہر ابرار نے بتایا کہ وہ گلستان جوہر کا رہائشی ہے، پراپرٹی کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے اور گلشن معمار میں اس کا آفس ہے ، وہ اپنی اہلیہ ، دو سالہ بیٹی اور ساس ، سسر اور سالے کے ہمراہ گلشن معمار سے فالودہ کھا کر ساس ، سسر اور سالے کو چھوڑنے نیو کراچی سندھی ہوٹل میں سسرال جا رہے تھے کہ گلشن معمار سے آتے ہوئے اللہ والی سے کچھ پہلے ایک پلیہ پر سنسان راستے پر دو نقاب پوش افراد کھڑے تھے جن میں سے ایک موٹرسائیکل پر بیٹھا تھا جبکہ دوسرا شخص جو باریش تھا اس کے برابر میں کھڑا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے ان سے کہا تھا کہ کار کو روکنا نہیں کیونکہ اس باریش شخص کے ہاتھ میں پستول ہے کار جیسے ہی ان کے قریب پہنچی تو انہوں نے اشارے سے کار کو روکنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے کار کو نہ روکتے ہوئے پہلے اس باریش شخص کو ٹکر مار کر گرایا اور اسپیڈ تیز کر دی جس پر وہ شخص دوبارہ کھڑا ہوا اور ایک گولی سامنے سے ونڈ اسکرین پر ماری اور پھر عقب سے کار پر تین مزید فائر کیے۔

    سامنے سے کیا جانے والا فائر ان کے برابر والی سیٹ پر بیٹھی ان کی اہلیہ کے پیٹ میں جا لگی ، خوش قسمتی سے دو سالہ بیٹی جو اپنی ماں کی گود میں بیٹھی تھی وہ بچ گئی ، انہوں نے بتایا کہ چند ہی لمحوں میں سویرا خون سے لت پت ہوگئی جس پر وہ اللہ والی پر ایک پرائیوٹ کلینک لے گئے جہاں ڈاکٹر نے علاج کرنے سے منع کر دیا جس پر وہ نیو کراچی سندھ گورنمنٹ اسپتال گئے وہاں ڈاکٹرز نے ابتدائی طبی امداد دی تاہم خون رکنے کا نام نہیں لے رہا تھا جس پر وہ عباسی شہید اسپتال آئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کے ہاں دوسرے بچے کی ولادت ہونے والی تھی وہ پانچ ماہ کی حاملہ تھی ، سویرا کو آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے تاہم ڈاکٹر خاتون کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں ، خاتون کے شوہر ابرار صدیقی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران پیٹ میں جو بچی تھی وہ جاں بحق ہوگئی جبکہ ان کی اہلیہ کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

    سویرا کو عباسی شہید اسپتال سے اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ، ان کا کہنا تھا کہ معمار سے نیو کراچی کی جانب آنے والی سڑک پولیس نے کرائے پر ڈاکوؤں کو دے رکھی ہے ایک ماہ قبل بھی ڈاکو اسی علاقے میں ان سے ایک لاکھ روپے سے زائد کی نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔

    دوران آپریشن خاتون کے پیٹ میں موجود بچہ جاں بحق ہوگیا ، خاتون کی حالت بھی تشویشناک ہے ، شوہر کا کہنا تھا کہ پولیس نے معمار سے نیو کراچی آنے والی سڑک ڈاکوؤں کو کرائے پر دی ہوئی ہے جہاں ڈاکو شہریوں کا گھات لگا کر انتظار کرتے ہیں ۔

  • دین کی خاطر شوبز کی دنیا کر خیرباد کہنے والی اداکارہ صنم چوہدری کا عیدالفطر پر پیغام

    دین کی خاطر شوبز کی دنیا کر خیرباد کہنے والی اداکارہ صنم چوہدری کا عیدالفطر پر پیغام

    کراچی: دین اسلام کے لیے شوبز کی دنیا کو خیر باد کہنے والی سابق اداکارہ صنم چوہدری نے عید الفطر پر تمام لوگوں کو خوبصورت پیغام دیا ہے۔

    صنم چوہدری نے عید الفطر کے موقع پر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں اپنے تمام مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ’’عید کا دن خوشیوں بھرا اور سب کے جمع ہونے کا دن ہوتا ہے۔ اگر یہ رمضان میں نے اور آپ نے اپنے ایمان کے ساتھ اپنا احتساب کرتے ہوئے اور تقویٰ کرتے ہوئے گزارا تو ہی ہم عید کو اس کی اصل روح کے مطابق منا پائیں گے۔

    صنم چوہدری نے کہا ہم نے پورے روزے رکھے اللہ کے لیے سب کو معاف کیا، غریبوں کو کھانا کھلایا، ہم نے اپنے گناہوں کی سچے دل سے توبہ کی، تو یہ عید کا دن اللہ کا ہم سب پر انعام ہے۔

    صنم چوہدری نے اپنے تمام فالوورز سے سوال کیا تو بتائیں اس عید آپ سب لوگ کیا مانگیں گے؟ ہدایت مانگیں گے، شفا مانگیں گے یا اپنے ملک پاکستان کی ترقی اور سلامتی مانگیں گے۔

    انہوں نے کہا میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ اس رمضان کے مہینے میں نے اللہ تعالی سے جو بھی کمٹمنٹ کی ہے، اللہ تعالیٰ مجھے اس پہ ثابت قدمی دے آمین۔ آپ سب کو میری طرف سے دل سے عید مبارک‘‘۔

  • سندھ کا اگلا گورنر کون ہو گا ، ایم کیو ایم نے تین نام دے دئیے

    سندھ کا اگلا گورنر کون ہو گا ، ایم کیو ایم نے تین نام دے دئیے

    ,کراچی : سندھ کا اگلا گورنر کون ہوگا؟، ایم کیو ایم پاکستان نے تین نام وفاق کو ارسال کردیئے۔

    گورنر سندھ کیلئے ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے۔ اگلا گورنر سندھ کون ہوگا؟، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تین نام وفاق کو بھجوادیئے۔

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گورنر سندھ کیلئے نسرین جلیل، وسیم اختر اور عامر چشتی کے نام وفاق کو بھیج دیئے ہیں۔

    وفاق کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے دیئے گئے ناموں پر وفاق نے غور شروع کردیا۔ واضح کہ نسرین جلیل اور سابق میئر کراچی وسیم اختر پر کچھ سرکاری حلقوں کو تحفظات ہیں۔

    سابق حکومت کی اتحادی ایم کیو ایم پاکستان تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر اپوزیشن سے جا ملی تھی، جس کے بدلے انہیں وفاقی وزارتیں اور کئی دیگر عہدوں کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔

  • بابر اعظم نے غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کر لی

    بابر اعظم نے غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کر لی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے غلاف کعبہ(کسوہ) کی تیاری میں حصہ لینے کا شرف حاصل کیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق بابراعظم ان دنوں سعودی عرب میں موجود ہیں، انہوں نے گزشتہ دنوں عمرہ بھی ادا کیا اور اب کپتان نے ایسی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کسوہ کی تیاری میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    کپتان نے سماجی رابطے کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
    کرکٹر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’اس عظیم اعزاز کو حاصل کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں‘‘۔

  • گلوکار علی ظفر کا ملک کے سیاستدانوں کو اہم مشورہ

    گلوکار علی ظفر کا ملک کے سیاستدانوں کو اہم مشورہ

    کراچی: پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے ملک کے سیاستدانوں کو اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کا واسطہ مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرنا چھوڑ دیں۔

    اپنی ٹویٹ میں علی ظفر نے کہا کہ ایک دوسرے کی ذاتی کردار کشی کی بجائے لوگوں کی فلاح و بہبود پر تمام تر قوت کا استعمال کریں۔

    انہوں نے کہا کہ بچپن سے یہی دیکھتے آئے ہیں، دنیا مریخ پر پیر جمانے کے منصوبے بنا رہی ہے اور ہم زمین پر فساد۔ علی ظفر نے التجا کی کہ اپنے دلوں میں رحم پیدا کریں۔
    واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک کی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید کے لیے مذہبی کارڈ کا استعمال کر رہی ہیں۔

  • رمضان المبارک میں منشا پاشا کے والد کی یاد میں بنائی گئی مسجد کی تعمیر مکمل

    رمضان المبارک میں منشا پاشا کے والد کی یاد میں بنائی گئی مسجد کی تعمیر مکمل

    کراچی: رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اداکارہ منشا پاشا اور ان کے گھروالوں کی جانب سے ان کے مرحوم والد کی یاد میں بنائی جانے والی مسجد کی تعمیر مکمل ہوگئی جس پر منشا پاشا نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

    اداکارہ منشا پاشا نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنے مرحوم والد ڈاکٹر طارق پاشا میمن کی یاد میں تعمیر کی گئی مسجد کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہم اپنے والد کی محبت بھری یاد میں کراچی سے تقریباً 4 گھنٹے کے فاصلے پر ایک قریبی گاؤں میں ایک مسجد مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    پوسٹ کے آخر میں منشا پاشا نے تمام لوگوں سے درخواست کی براہ مہربانی میرے والد کے لیے دعا کریں کہ خدا انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

  • عید کے لئے گھر جانے والوں کا ریلوے اسٹیشن پر رش

    عید کے لئے گھر جانے والوں کا ریلوے اسٹیشن پر رش

    کراچی: عیدکیلیے گھر جانے والوں کا ریلوے اسٹیشن پر رش،ٹرانسپوٹرز نے بھی کرایے بڑھا دیے۔

    عید الفطر اپنے آبائی شہروں میں منانے جانے والوں کا ریلوے اسٹیشن پر رش رہا، پولیس نے پلیٹ فارموں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے اور مسافروں کی سہولت کیلیے ہر پلیٹ فارم پر کرنٹ ریزرویشن کاؤنٹر بھی لگائے تاکہ مسافروں کو ٹکٹ اور سیٹ کیلیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انتظامیہ نے عید اسپیشل ٹرینیں بھی چلائی ہیں۔

    ریل سے جانے والے مسافروں عبدالمجید،کاشف شاہ اور مس نورین نے کہا ریل کے ذریعے وہ سہولت اور آسانی کے ساتھ اپنے منزل پر پہنچ جاتے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کیلیے خاطرخواہ بہتر انتظامات کئے گئے ہیں جس سے سفر کرنے والوں کو کافی سہولت مل جاتی ہے، عید کی خوشیاں اپنوں کے ساتھ منانے کا الگ ہی مزہ ہے، عید کے دنوں میں سب اکھٹے ہونے سے عید کی خوشیاں دوبالا ہوجاتی ہیں۔

    دوسری جانب عید الفطر کی آمد پر پیاروں کے ساتھ عید منانے والے شہری آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے تاہم ٹرانسپوٹرز نے اضافی کرایے وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔ کراچی سے راولپنڈی جانے کے لیے مقررہ کرایہ 3900 تک ہے تاہم شہریوں سے 6000 روپے تک وصول کیے جانے لگے۔

  • یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی کا پیغام

    یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی کا پیغام

    کراچی : یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی کا پیغام

    آج مزدوروں کا عالمی دن ہے۔
    آج شکاگو کے شہیدوں کی قربانیوں کا دن ہے۔
    ان شہداء کی قربانیوں کے نتیجہ میں دنیا بھر کے مزدوروں کے اوقات کار مقرر ہوئے تھے۔
    اس قبل مزدوروں کو غلاموں کی طرح ڈیل کیا جاتا تھا اور ان پر جبر اور زیادتیاں کی جاتی تھی۔
    ان شکاگو کے شہداء کی قربانیوں اور ان کی جدوجہد کے نتیجہ میں آج دنیا بھر میں مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے۔
    پاکستان پیپلز پارٹی جن جن ادوار میں حکومت میں رہی ان ادوار میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے کام ہوئے ہیں۔
    2008 سے 2013 تک پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت کے دور میں مزدوروں کے لئے بہت سے قانون سازی کہ گئی۔
    اسی دور میں محکمہ محنت کو صوبوں کے تحت کیا گیا۔
    صوبہ سندھ میں محکمہ محنت صوبے کے پاس آنے کے بعد تاریخی قوانین بنائے گئے ہیں۔
    اس حوالے سے محکمہ محنت میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس پر کام کیا جارہا ہے۔
    پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت سے لے کر کارکنوں تک نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد کی ہے اور مزدوروں کے لئے آواز بلند کی ہے۔
    آج بھی مزدوروں کو کم سے کم اجرت 25 ہزار دینے کے حوالے سے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے بڑا فیصلہ کیا۔
    اسی وجہ سے وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام صوبوں اور اسلام آباد میں مزدوروں کی کم سے کم اجرت 25 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر کام کیا جارہا ہے۔
    جس ملک کا مزدور خوشحال ہوتا ہے وہاں کی صنعت ترقی کرتی ہے اور ملک کی معیشت بھی ترقی کرتی ہے اور ملک کے حالات بہتر ہوتے ہیں ۔
    آج ہم سب کو مزدوروں کے عالمی دن پر ملک میں کام کرنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کو یاد رکھنا چاہیے اور ان کے حقوق کی حفاظت کرنا چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان مزدوروں کو ان کی خدمات کے صلے میں ان کی جائز اجرت جو بنتی ہے وہ ان کو ادا کرنا چاہیے۔ ان مزدوروں کو ان کی جائز اجرت ادا کرکے ہم اس ملک سے نہ صرف غربت کا خاتمہ کرسکتے ہیں بلکہ اپنے ملک کو آگے بھی بڑھا سکتے ہیں۔

  • پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے 37ویں وزیر خارجہ بن گئے

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے 37ویں وزیر خارجہ بن گئے

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے 37ویں وزیر خارجہ بن گئے

    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے 12ویں وزیرخارجہ تھے ۔

    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ۔

    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 33 برس، سات ماہ اور چھ دن کی عمر میں حلف اٹھا کر پاکستان کے کم عمر ترین وزیرخارجہ بننے کا اعزاز حاصل کیا ۔

    شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کے وقت عمر 35 برس، پانچ ماہ اور 10 دن جبکہ حنا ربانی کھر کی عمر 33 سال، آٹھ ماہ اور ایک دن تھی ۔

  • خاتون کو دھماکا خیزمواد یونیورسٹی کے اندر ہی فراہم کیا گیا،ایڈیشنل آئی جی کا انکشاف

    خاتون کو دھماکا خیزمواد یونیورسٹی کے اندر ہی فراہم کیا گیا،ایڈیشنل آئی جی کا انکشاف

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے انکشاف کیا ہے کہ ممکنہ طورپر خاتون کو دھماکا خیزمواد یونیورسٹی کے اندر ہی فراہم کیا گیا۔

    باغی ٹی وی : نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ جامعہ کراچی میں خودکش دھماکا کرنے والی خاتون کی شناخت کرلی گئی ہے، خاتون جامعہ کراچی کی طالبہ اور ہاسٹل میں ہی رہتی تھی اور خاتون نے ایجوکیشن میں ماسٹرزکیا اور ایم فل فرسٹ ائیر میں تھی۔

    کراچی یونیورسٹی میں ایک خاتون کا خودکش حملہ:کئی سوالات چھوڑگیا

    ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ممکنہ طورپر خاتون کو دھماکا خیزمواد یونیورسٹی کے اندر ہی فراہم کیا گیا، گاڑی اور اس میں موجود غیرملکی اساتذہ کی مکمل ریکی کی گئی تھی، تعلیمی ادارے میں ایسا واقعہ ہوناحیرت انگیز ہے جامعہ میں خاتون کے تعلیمی ریکارڈ کو چیک کیاجارہا ہے، جامعہ کراچی کی اپنی سکیورٹی ہے اوراندر رینجرز کا ونگ بھی ہے، دہشتگردی کے واقعات صرف انٹیلی جنس معلومات پرناکام بنائے جاسکتے ہیں۔

    غلام میمن نے کہا کہ جامعہ کراچی کے حوالے سے سکیورٹی خدشات نہیں تھے، ممکن نہیں یونیورسٹی میں آنے والے طلبہ اور افراد کی تلاشی لی جائے تاہم حملے سے متعلق مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی جمع کر رہے ہیں جس سے مزید شواہد سامنے آسکیں گے شہر میں سیف سٹی پروجیکٹ پر کام کرنا ہوگا، 44ہزار کیمرے شہریوں کی مدد سے لگائے جاچکے ہیں، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی پلان موجود ہے۔

    ادھر جامعہ کراچی کے چاروں گیٹ پر سیکیورٹی بڑھادی گئی، چاروں گیٹ پر رینجرزاہلکار اور جامعہ سیکیورٹی گارڈ تعینات کردیئےگئے شیخ زید کیمپس ،مسکن میٹروول گیٹ غیرمتعلقہ ٹرانسپورٹ کےلیے بند کر دیا گیا

    جامعہ کراچی: خودکش حملہ آور خاتون کون تھی؟ اہم انکشافات سامنے آگئے

    جامعہ کراچی میں خودکش دھماکےکے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی،جامعہ کراچی کے داخلی راستوں پر چیکنگ کا عمل جاری ہے،اسٹوڈنٹ کارڈ اور یونیورسٹی کا پاس جس گاڑی پر ہوگا نہ اندر داخل ہوسکے گی-

    دوسری جانب جامعہ کراچی میں خود کش دھماکے سے متعلق ایک اور مبینہ کردار سامنے آ گیا ہے نئی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک برقع پوش خاتون جامعہ کراچی کے اندر ڈپارٹمنٹ کے گیٹ کے سامنے کھڑی ہے مبینہ خودکش حملہ آور خاتون رکشے سے اتر کر کچھ دور کھڑی ہو جاتی ہے، سفید اسکارف والی خاتون مبینہ حملہ آور کے پاس جاکر کچھ بات کرتی ہے اور بات چیت کے بعد حملہ آور خاتون دھماکے کی جگہ پر آ جاتی ہے۔


    سامنے آنے والے شواہد کے مطابق حملہ آور خاتون نے تقریباً 9 منٹ تک وین کا انتظار کیا اور خاتون نے جامعہ میں داخل ہونے کے لیے مسکن گیٹ کا راستہ استعمال کیا پولیس تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ کے ذریعے رکشے کی تلاش جاری ہے۔

    کراچی پولیس چیف کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق حملہ آور خاتون انسٹی ٹیوٹ کے گیٹ پر پہلے سے اپنے ہدف کا انتظار کر رہی تھی، چینی اساتذہ کی وین جیسے ہی گیٹ پر پہنچی، خاتون نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں تین چینی شہری اور پاکستانی وین ڈرائیور جان سے گئے، حملے میں تین سے چار کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور اسٹیل کے بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

    جامعہ کراچی دھماکا پاک چین دوستی پر حملہ ہےاس سے پوری قوت سے نمٹیں گے،رانا ثنا اللہ