Baaghi TV

Category: کراچی

  • اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلر نے گرفتاری کے خوف سے گولی مار کر خودکشی کر لی

    اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلر نے گرفتاری کے خوف سے گولی مار کر خودکشی کر لی

    تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ منصور نگر میں خالی پلاٹ سے ایک شخص کی لاش ملی، اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت محمد شاہین عرف شاہین بہاری ولد محمد حنیف کے نام سے کی گئی،پولیس کا عوی ہے کہ انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے گرفتاری کے خوف سے خود کو گولی مار کر خود کشی کی ہے ،پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک پستول اورخط بھی ملا ہے،خط میں شاہین بہاری نے لکھا ہے کہ وہ پولیس چھاپوں سے پریشان ہو کر خود کشی کر رہا ہے ، شاہین بہاری نے اپنے ساتھی کے ہمرا 28 اگست کو ہوٹل میں فائرنگ کر کے اے ایس آئی اکرم خان کو شہید کیا تھا،شاہین بہاری نے خط میں لکھا کہ ہے کہ جس پستول سے اس نے اے ایس آئی اکرم خان کو شہید کیا وہ پستول اس نے پھینک دیا تھا اور وہ دوسرے پستول سے خود کشی کر رہا ہے، ملزم اسی علاقے کا رہائشی تھا،پولیس کے مطابق گزشتہ دنوں ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو پولیس اور رینجرز نے گرفتار کیا تھا،سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی شاہین بہاری کو دیکھا جاسکتا ہے،ملزم سی ٹی ڈی میں درج ایف آئی آر نمبر 75/21 میں مطلوب تھا۔

  • ایم کیو ایم لندن کا کارندہ گرفتار ،اسلحہ و دیگر سامان برآمد

    ایم کیو ایم لندن کا کارندہ گرفتار ،اسلحہ و دیگر سامان برآمد

    ایس ایس پی ایس آئی یو حیدر رضا کے مطابق ایس آئی یو،سی آئی اے کی ٹیم نے منگھوپیر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن سے وابستہ محمد شفاعت سمیع کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے غیر قانونی30 بور پستول برآمد کرلیا،پولیس کا دعوی ہے کہ ملزم کراچی آپریشن کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا اور پھر بعد میں واپس آگیا تھا ، ملزم نے دوران تفتیش 12 مئی 2007 کو ایم کیو ایم قیادت کے حکم پر شاہ فیصل کالونی میں ٹھیلے پتھارے جلانے کے علاوہ دیگر وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے ، ملزم کے خلاف انسدادا دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج ہے جس میں وہ مفرور تھا، ملزم نے اعتراف کیا کہ حالیہ دنوں میں وہ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے،ملزم اپنے دیگر ساتھیوں عامر عرف گوپالی ، اشرف عرف گڈو ، رضوان عرف ملا، عادل عرف کولی ، صمد توتلا سمیت دیگر کے ساتھ ملکر لوٹ مار کی وارداتیں کی ہیں جن کے مقدمات درج ہیں، ملزم سے مزید تفتیش اور اسکے ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • عمر شریف کی دوران علاج اسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر اہلیہ برہم

    عمر شریف کی دوران علاج اسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر اہلیہ برہم

    پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین اور سینئر اداکار عمر شریف کی دوران علاج اسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر ان کی اہلیہ زرین عمر نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    دل کے عارضے میں مبتلا لیجنڈ اداکار عمر شریف کی سوشل میڈیا پر اسپتال سے علاج کے دوران لی گئی تصویر وائرل ہورہی ہے۔ تصویر میں عمر شریف اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے ہیں اور بہت کمزور لگ رہے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس تصویر کو شیئر کرواکر عمر شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی جارہی ہے۔

    تاہم عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے اپنے شوہر کی تصویر وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فیس بک پر لکھا ’’لوگوں کو اسپتال سے نجی تصاویر شیئر کرتے دیکھنا بہت افسوسناک ہے‘‘۔ انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ محض چند لائکس اور شیئر کے لیے بغیر تصدیق کے کچھ بھی شیئر نہ کریں۔
    زرین عمر نے ایک اچھی خبر بھی شیئر کرتے ہوئے کہا ڈاکٹرز کے مطابق عمر شریف کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے سفر کرنے کے قابل ہیں۔

    میں زرین عمر ویزا کے جلد عمل کے لیے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایئرایمبولینس کے اخراجات برداشت کرنے پر سندھ حکومت، بلاول بھٹو زرداری، مرتضیٰ وہاب اور سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
    زرین عمر نے عمر شریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والے افراد کا بھی شکریہ اداکیا اور لکھا صرف آپ لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے عمر شریف کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔

    واضح رہے کہ عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ ان کے والد کی طبیعت میں بہتری نہیں آرہی اگر انہیں امریکا نہیں بھیجا گیا تو اوپن ہارٹ سرجری کی طرف جانا ہوگا۔

  • میرے شوہر عمرشریف کے علاج اور امریکا روانگی کے انتظامات کررہے ہیں، ریما

    میرے شوہر عمرشریف کے علاج اور امریکا روانگی کے انتظامات کررہے ہیں، ریما

    نامور پاکستانی اداکارہ ریما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لیجنڈری اداکار وکامیڈین عمرشریف کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’برصغیر کے بہترین کامیڈین عمرشریف نے اپنی زندگی میں ہمیشہ دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے کام کیا لیکن مجھے یہ جان کر شدید دکھ اور افسوس ہوا کہ وہ اپنی بیماری کی وجہ سے بہت تکلیف میں ہیں‘‘۔

    اداکارہ ریما نے کہا کہ عمر شریف کی بیماری کے حوالے سے میں نے اپنے شوہر ڈاکٹر طارق سے بات کی اور مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے کہ انہوں نے نہ صرف عمر شریف کی بیماری کا علاج کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی بلکہ انہوں نے عمر شریف اور ان کی فیملی کے امریکا روانگی کے لیے انتظامات کرنا بھی شروع کردیے ہیں۔
    ریما کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے شوہر سے گزارش کی کہ وہ عمرشریف کی صحتیابی کے لیے جتنی ممکن ہو کوشش کریں جس پر انہوں نے مجھے مایوس نہیں کیا اور میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ میرے شوہر ڈاکٹر طارق کے ہاتھوں میں عمرشریف کے لیے شفا لکھ دیں۔

  • صنعتوں، پاور پلانٹس، کے الیکٹرک اور کھاد فیکٹریوں کو بھی گیس کی فراہمی بند ہونے کا امکان

    صنعتوں، پاور پلانٹس، کے الیکٹرک اور کھاد فیکٹریوں کو بھی گیس کی فراہمی بند ہونے کا امکان

    سوئی سدرن گیس کمپنی نے 14 سے 17 ستمبر کے دوران سی این جی سیکٹر کے ساتھ صنعتوں، پاور پلانٹس، کے الیکٹرک اور کھاد فیکٹریوں کو بھی منتقل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ایل این جی منتقل کرنے والے ایف ایس آر یو کی تبدیلی کے دوران گیس کے حصول میں کمی کا اثر سی این جی سیکٹر کے ساتھ صنعتوں، پاور پلانٹس، کے الیکٹرک اور کھاد فیکٹریوں کو بھی منتقل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    سندھ اور بلوچستان میں سی این جی کی فراہمی 14 سے 17 ستمبر تک بند

    رپورٹس کے مطابق گھریلو اور تجارتی صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے، ایس ایس جی سی 14 ستمبر 2021 (پیر اور منگل کی درمیانی شب) سے چار دن کے لیے سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی فراہمی معطل رکھے گی جب کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی ہفتہ 18 ستمبر 2021 کو صبح 08:00 بجے بحال کردی جائے گی۔

    کے الیکٹرک، سندھ نوری آباد پاور کمپنی اور فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کو گیس کی فراہمی بھی جزوی طور پر کم کی جائے گی اگر اس انتظام سے بھی گیس کی کمی کو پورا کرنے میں دشواری ہوئی تو غیر برآمدی صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی بند کردی جائے گی۔

    پاکستان میں کورونا سے مزید 78 اموات

    اس صورتحال سےمؤثر طریقے سے نبردآزما ہونے کے لیے ایس ایس جی سی نے مقامی ای اینڈ پی کمپنیوں سے ان چار دنوں کے دوران اپنی گیس کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے اور انھیں اس سلسلے میں ضروری مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    علاوہ ازیں گیس کی اس قلت کی وجہ سے کراچی کے بعض علاقوں میں کم پریشر کی شکایات کا بھی امکان ہے ۔

  • کراچی میں آج سے 4 روزہ جزوی ہیٹ ویو شروع ہونے کا امکان       محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج سے 4 روزہ جزوی ہیٹ ویو شروع ہونے کا امکان محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج سے 4 روزہ جزوی ہیٹ ویو شروع ہونے کا امکان ہے کراچی میں گرمی میں اضافہ ہو گا لیکن ہیٹ ویو کا خطرہ نہیں-

    باغی ٹی وی : محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی غیر معمولی لہر کے دوران سمندری ہوائیں بند ہونے اور بلوچستان کی گرم ہواؤں کے سبب پارہ 40ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کا کم دباؤ مزید شدت کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے جوکہ اس وقت راجستھان بھارت اورمشرقی سندھ پرموجود ہے سسٹم کے زیر اثرکراچی میں 14ستمبر سے 17ستمبر تک موسم گرم اورانتہائی گرم رہنے کی توقع ہے-

    چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق گرمی کی لہر کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں بند رہنے اوربلوچستان کی شمال مغربی گرم اور ریگستانی ہوائیں شہر کا رخ کرسکتی ہیں کراچی میں 16ستمبر کی شام نیا مون سون سسٹم داخل ہوگا-کراچی میں سمندری ہوائیں معطل اورشمال مشرق کی سمت سے گرم ہوائیں چلیں گی

    محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی غیرمعمولی لہر کے دوران پارہ 38 سے40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے،چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق شہرمیں جزوی ہیٹ ویو کا امکان ہے جوچارروز تک برقراررہ سکتا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کا امکان،تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ اورمٹھی میں بعض مقامات پر بارش متوقع ہے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا-

    اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے زیریں سندھ ، آزادکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا-

  • دسویں، بارہویں کے طلبہ کو پاس کرنے کے معاملے پر سندھ کے وزیر تعلیم کا اہم بیان

    دسویں، بارہویں کے طلبہ کو پاس کرنے کے معاملے پر سندھ کے وزیر تعلیم کا اہم بیان

    دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو پاس کرنے کا معاملہ، حکومت سندھ نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے فیصلے سے اتفاق نہ کرنے کا اعلان کر دیا- تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر تعلیم نے امتحانات سے متعلق وفاقی وزیر تعلیم کے فیصلے سے اتفاق نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا کہ شفقت محمود کے اعلانات سے سندھ متفق نہیں، وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تمام فیصلوں پر سندھ آمادہ نہیں ہے۔
    انہوں نے کہا کہ سندھ میں امتحانات ہوچکے ہیں اور کورونا وبا کے دوران بہترین انداز سے امتحانات منعقد کروائے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سال میں دوبار امتحانات کی تجویز کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں لے جائیں گے اور اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کو ہی حتمی فیصلہ تصور کیا جائےگا۔
    ذرائع کے مطابق حکومت نے 10 ویں اور12 ویں جماعت کے تمام طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فیل ہونے والے طلبہ کو رعایتی 33 نمبر دے کر پاس کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزرائے تعلیم نےفیصلہ کیا کہ کورونا کے باعث دوبارہ فوری امتحانات ممکن نہیں لہٰذا میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سال میں دوبارہوں گے۔
    ذرائع نے بتایا کہ وزرائے تعلیم نے فیصلہ کیا کہ امتحانات کو سپلیمنٹری امتحانات کا نام نہیں دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سال میٹرک امتحانات مئی اور جون میں ہوں گے جبکہ نیا سیشن اگست سے شروع ہوگا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود نے ٹوئٹ میں کہا کہ بورڈ کے امتحانات مئی اور جون میں ہوں گے اور ساتھ ہی آئندہ تعلیمی سال 22 اگست سے شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ او اور اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ جامعات امتحانات کا اپنا شیڈول بنائیں گی۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔ آ

    باغی ٹی وی : آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری علامیے کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں ، تربیتی نظام اور کور کے انتظامی امور پر تفصیلی اپ ڈیٹ دیا گیا۔ آرمی چیف کو صوبے میں داخلی سلامتی کی موجودہ صورتحال خاص طور پر فوج اور پاکستان رینجرز کی امن و امان برقرار رکھنے میں دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی مدد کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا –

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے میں تازہ ترین پیش رفت اور پوری قوم کے ساتھ اجتماعی طور پر جواب دینے کی ضرورت کے پیش نظر ہائبرڈ خطرات سے مؤثر طریقے سے حفاظت کرنے پر زور دیا۔

    آرمی چیف کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان (KTP) پر عملدرآمد کے لیے فوج کی طرف سے دی جانے والی کثیر جہتی مدد کے بارے میں بھی بریف کیا گیا ،
    گزشتہ سال اگست میں کراچی شہری سیلاب کے نتیجے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بلند کرنے کے لیے ایک اہم میگا پہل جاری ہے۔

    آرمی چیف نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے اہم منصوبوں پر بروقت اور موثر کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کے لیے کراچی کور کو سراہا۔

    آرمی چیف نے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سکول کراچی کا بھی دورہ کیا۔ زندگی ٹرسٹ کا ایک اقدام آرمی چیف نے سکول انتظامیہ کی تعریف کی کہ وہ جدید سہولیات اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لڑکیوں کو اس وقت کے کسی بھی جدید تعلیمی نظام کے برابر تعلیم فراہم کرتا ہے۔

    بعد ازاں ، آرمی چیف نے شہداء کے لواحقین ، پاکستان رینجرز سندھ ، انٹیلی جنس ، سندھ پولیس ، اے این ایف اور اے ایس ایف سمیت دیگر ایل ای اے کے خاندانوں سے بھی بات چیت کی۔ آرمی چیف نے ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی خیریت دریافت کی آرمی چیف نے تشکیل کو شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

    قبل ازیں آمد پر کمانڈر کراچی کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

  • کراچی تاجر الائنس لیجنڈری اداکار عمرشریف کی آواز بن گئی

    کراچی تاجر الائنس لیجنڈری اداکار عمرشریف کی آواز بن گئی

    کراچی تاجر الانئس کے چیئر مین ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ عمر شریف پاکستان کے لیجنڈری اداکار ہیں اور پاکستانی شو بز انڈسٹری کا سرمایہ ہے پوری قوم ان کی صحت و تندرستی کے لیئے دعائوں کاسلسلہ جاری رکھیںاور حکومت جلد از جلد عمر شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے لیئے تعاون کرے اس سے قبل بھی ہم نے بیشتر فنکار وسائل اور حکومتی تعاون نہ ملنے کی وجہ سے ہم نے گنوا دیئے ہیں فنکار قوم کا سرمایہ ہیں ذاتی طورپر عمر شریف کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے لیئے حاضر ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ فنکار کسی بھی ملک کی پہچان اور سفیر ہوتے ہیں عمر شریف نے دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی فنکاری سے پاکستان کا نام روشن کیا، عمر شریف نے مزاح کی دنیا میں اپنی فنکاری سے جان بھری اسٹیج ڈرامے جب شدید مشکلات میںتھے اس وقت میں عمرشریف نے اسٹیج ڈراموں میں انٹری دیکر اپنی اداکاری سے اسٹیج ڈراموں کو نیا ٹرینڈ دیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے فنکاروں کی بدقسمتی ہے کہ حکومتی سطح پر ان کو وہ سرپرستی کبھی نہیں مل سکی جو مختلف ممالک میں فنکاروں کو دی جاتی ہے شوبز انڈسٹری ایک منافع بخش انڈسٹری ہے اور اگر حکومت فن و فنکار کے ساتھ تعاون کرے تو نہ صرف بہت سارا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ بیروزگاری کو ختم کرنے میں کافی مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ لیجنڈ اداکار عمر شریف کے علاج معالجے کے لیئے جلد از جلد ضروری اقدامات کرے اور ان کو علاج معالجے کے لیئے بیرون ممالک جانے کے لیئے ویزا اور دیگر اخراجات برداشت کرے عمر شریف نے پاکستان کو اپنے فن اور اداکاری سے جو عزت اور مقام بین الاقوامی شوبز انڈسٹر ی میں دلوایا ہے وہ کوئی آسان کام نہیں ہے آج جب اس فنکار کو پاکستان کی حکومت کی جانب سے مدد کی ضرورت ہے تو وزیراعظم پاکستان کو چاہیے کہ وہ عمر شریف کی مدد کریں اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فنکاروں کی فلاح کے لیئے کوئی جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی مرتب کی جائے جس کے ذریعے مشکل وقت میںا ن کے علاج معالجے سمیت دیگر اخراجات کیلئے ان کو پریشانی نہ ہو۔

  • ٹریفک حادثے کا زخمی دو سرکاری ہسپتالوں کی انا کی بھینٹ چڑھ گیا، حنید لاکھانی

    ٹریفک حادثے کا زخمی دو سرکاری ہسپتالوں کی انا کی بھینٹ چڑھ گیا، حنید لاکھانی

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے گزشتہ روز کراچی میں دو سرکاری ہسپتالوں کی آپس کی لڑائی میں لیاقت آباد کے ٹریفک حادثے کا شکار زخمی شہری کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کی بے حسی ایک جیتی جاگتی زندگی کو نگل گئی بتایا جائے کہ ایک سرکاری ہسپتال نے دوسرے سرکاری ہسپتال کا کیس لینے سے کیوں انکار کیا جبکہ قانون کے مطابق ایمرجنسی کے کیس کو فوری طبی امداد دی جاتی ہے اور اس کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرتی ہے، ان خیالات کاا ظہار انہو ںنے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی بے حسی اور غیر ذمہ دارانہ رویے سے پیش آنے والے واقعے نے ہمارے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں سرکاری فنڈز سے چلنے والی سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے لیئے آنے والے غریب مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک ہوتا ہے ،غریب شہری پرائیویٹ ہسپتالوں کے اخراجات نہیں برداشت کر سکتے مجبورا وہ لوگ علاج معالجے کے لیئے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں لیکن کراچی کے سرکاری ہسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور افسوس کی بات تویہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں غفلت کے باعث مریضوں کے علاج کا کوئی ضابطہ اخلاق اور طریقہ کار ہی نہیں ہے اس وقت کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں صرف چند سستی ادویات ہی میسر ہیں جبکہ مہنگی اور جان بچانے والی تمام ادویات باہر کے میڈیکل اسٹورز سے لانے کا کہہ دیا جاتا ہے سرکاری ہسپتال میں داخل مریضوں کو پہلے ادویات کے حصول کے لیئے دربدر کیا جاتا ہے اور اس کے بعد باہر سے لانے کا کہہ دیا جاتا ہے، سندھ کی عوام کی بدقسمتی ہے کہ سندھ کا اربوں روپے کا بجٹ سندھ حکومت کے چور اور ڈاکوئوں کی عیاشیوں کی نظر ہوجاتا ہے محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے بھر میں 669سرکاری ایمبولینسز موجود ہیں جن میں سی168خراب ہیں اور یوں سندھ کے 96ہزار افراد کے لیئے محض ایک ایمبولینس دستیاب ہے ، انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے دور دراز کے علاقوں میں لوگ گدھا گاڑی، بیل گاڑی، چنچکی رکشہ، موٹر سائیکل ، ٹریکٹر ٹرالی جیسی سواریوں پر مریضوں کو لانے پر مجبور ہیں کیونکہ ایمبولینس اور ان کے لیئے دیا جانے والا پٹرول کو سارا بجٹ ہسپتال انتظامیہ یا پھر سندھ حکومت کے چور کھا جاتے ہیں، انہوں مزید کہا کہ بے شرم اور بے حس لوگ ہیں جو اس طرح غریبوں کے علاج معالجے کا فنڈ بھی کھاجاتے ہیں نہ جانے کتنے غریب لوگ بروقت اور صحیح طبی سہولیات نہ ملنے پر جان کی بازی ہار جاتے ہیں جن کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں جو فنڈز کھاتے ہیں اور سرکاری ادویات بیچ دیتے ہیں ۔