Baaghi TV

Category: کراچی

  • معروف ریڈیو براڈ کاسٹر عظیم سرور انتقال کرگئے

    معروف ریڈیو براڈ کاسٹر عظیم سرور انتقال کرگئے

    مشہور براڈ کاسٹر اور کالم نگار عظیم سرور 12 ستمبر کو کراچی میں انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عظیم سرور کی عمر 78 سال تھی۔

    عظیم سرور کی نماز جنازہ آج (پیر کو) بعد نماز ظہر نور مسجد گلشن اقبال بلاک 16 میں ادا کی گئی ۔

    عظیم سرور ریڈیو پاکستان کا صدا کاری میں ایک عظیم نام۔اللہ سبحان و تعالی نے انہیں خوبصورت آواز سے نوازا تھا۔مولانا سید ابو اعلی مودودی کی تفہیم القرآن کے مکمل سی ڈی سیٹ میں ترجمہ کی سعادت بھی عظیم سرور بھائ کو حاصل ھوئ۔ میڈیا گروپ میں تحریک کی ایک توانا آواز آج دم توڑ گئی ۔

    عظیم سرور نے ریڈیو پاکستان کے لیے لاتعداد پروگرام کر کے ملک گیر شہرت حاصل کی۔
    عظیم سرور نے مذہبی پروگرام، کھیلوں اور مشہور مزاحیہ پروگرام جیدی کے مہمان سے مقبولیت حاصل کی تھی۔

    سینئر اسپورٹس رپورٹر عبدالماجد بھٹی نے اپنے پیغام میں کہاکہ عظیم براڈ کاسٹر،میرے استاد، مینٹور اور لاتعداد خوبیوں کے مالک عظیم سرور بھائی انتقال کرگئے۔ میں نے اپنے کریئر میں ان سے بہت کچھ سیکھا۔ ریڈیو پاکستان کو انہوں نے اپنے منفرد پروگراموں سے شہرت دی۔ جیدی کے مہمان اور عالمی اسپورٹس رائونڈ اپ ان کے معرکتہ الآرا پروگرام تھے۔

  • کراچی میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کو ڈاکوؤں نے جمع پونجی سے محروم کردیا

    کراچی میں ریٹائرڈ پولیس اہلکار کو ڈاکوؤں نے جمع پونجی سے محروم کردیا

    شہر قائد میں مسلح ڈاکو دن دیہاڑے ریٹائرڈ پولیس اہلکارسے اس کی جمع پونجی لوٹ کر فرارہوگئے۔

    ریٹائرڈ پولیس اہلکاربینک سے ریٹائرمنٹ کی رقم ساڑھے18 لاکھ روپے نکال کرپیدل گھر جا رہا تھا کہ مسلح ملزمان نے گھیر لیا اوراسلحہ کے زورپررقم چھین لی، پولیس کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان نے ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بینک سے تعاقب شروع کیا۔

    محمود آباد تھانے کےعلاقے اعظم بستی گلی نمبر 19 اور 20 کے درمیان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار4 مسلح لٹیروں نے ریٹائرڈ پولیس اہلکاراحسن رؤف ولد عبدالروف سے اسلحہ کے زور پر ساڑھے 18 لاکھ روپے چھین لیے اور با آسانی فرار ہو گئے۔

    متاثرہ پولیس اہلکار احسن رؤف نے بتایا کہ وہ مکان نمبر 1192 گلی نمبر 15 فاطمہ کالج کے قریب رہائش پذیرہے اورمحکمہ پولیس میں 25 سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد فروری 2021 میں محکمہ پولیس سے بطور کانسٹیبل ریٹائرڈ ہوا تھا اورگزشتہ ماہ محکمہ پولیس کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی ۔

    پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ ریٹائرڈ ہونے کے بعد ڈیفنس فیز ٹو میں دوست کے ہمراہ گاڑیوں کی خرید وفروخت کا کام کرتا ہے ،پیرکودوپہر سوا بارہ سے ساڑھے 12 بجے کے درمیان انھوں نے نجی بینک سے گاڑی خریدنے کے لیے ساڑھے 18 لاکھ روپے نکلوائے اورگھرکی جانب پیدل جا رہے تھے کہ اعظم بستی گلی نمبر19 اور 20 کے درمیان واقع چوک کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر قمیض شلوار میں ملبوس 4 مسلح ملزمان اچانک آگئے، ملزمان نے انہیں گھیرلیا اوراسلحے کے زور پر ان سے ساڑھے 18 لاکھ روپے چھین لیے اور فرار ہوگئے۔

    قائم مقام ایس ایچ اومحمود آباد انیس ابڑو نے بتایا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار کے ساتھ واردات سوا بارہ سے ساڑھے 12 بجے کے درمیان ہوئی اور پولیس اہلکارنے تقریبا پون گھنٹا تاخیر سے مددگار 15 پر اطلاع کی، اگرپولیس اہلکار کی جانب سے بروقت اطلاع فراہم کردی جاتی تو واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکتا تھا۔

    ایس ایچ اونے بتایا کہ پولیس نے نجی بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دیکھی ہےجس میں چہرے پر ماسک لگائے سفید رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ایک ملزم کو بینک کے اندر ٹوکن لیتے اور انتظارگاہ میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، ریٹائرڈ اہلکارجسے ہی چیک کیش کرانے کے بعد رقم لیکر بینک سے نکلتا ہے توسفید رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ملزم بھی فوراً ریٹائرڈپولیس اہلکارکے پیچھے بینک سے باہرنکل جاتا ہے اوراپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر تعاقب کے بعد پولیس اہلکارکولوٹ لیتے ہیں ۔ پولیس نے شواہد اکٹھا کر لیے جلد واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • وزیراعظم کو فوجی قیادت کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، بلاول بھٹو

    وزیراعظم کو فوجی قیادت کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو فوجی قیادت کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔

    بلاول بھٹو زرداری پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کے خلاف ڈی چوک اسلام آباد میں صحافیوں کے دھرنے میں پہنچ گئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کرکے سلیکٹڈ کی حکومت ختم کرسکتی ہیں، دوست ساتھ مل جائیں تو اس حکومت کو فورا گھر بھیج دیں گے یا اتنا ہلا کر رکھ دیں گے کہ وہ اس طرح کے ظلم نہیں کرسکے گا۔

    فواد چوہدری کی جانب سے یوم دفاع پر آرمی چیف کی تقریر میں ففتھ جنریشن وار فیئر کے تذکرے کو پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل سے منسلک کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزرا کو ہماری فوج اور فوجی قیادت کو اس طرح سے سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، کٹھ پتلی وزیراعظم ففتھ جنریشن وار فیئر کا مقابلہ کرنے اور جواب دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا، حکومت نے کئی بار ادارے کو اپنا سیاسی سہارا سمجھ کر خود کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی ہے، ڈیفنس ڈے کی تقریر سے اس قانون کا کیا تعلق ہے؟ حکومت جان بوجھ کر آرمی چیف کی تقریر کو اس قانون سے ملا کر مخصوص تاثر دے رہی ہے، اس قسم کی بیان بازی اور کوششوں سے ہمارے ادارے متنازع ہو جاتے ہیں۔
    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی آمر یا سلیکٹڈ آتا ہے وہ میڈیا کنٹرول کرنیکے لیے کالا قانون لاتے ہیں، ہم نے ملکر ایوب خان کے کالے قانون کو ختم کیا تھا، ہم نے مشرف کی پابندیوں کو ختم کیا اور آئین سے صاف کیا، تھا، پیپلز پارٹی پی ایم ڈی اے کو نہیں مانتی یہ جمہوریت پر ڈاکہ اور عدلیہ پر بھی حملہ ہے، صحافیوں سے اپیل کا حق بھی چھینا جا رہا ہے، ہم پارلیمان میں آپکی آواز اٹھائیں گے۔

  • امریکا کا سندھ کی عوام کیلئے فائزر ویکسین کی 3لاکھ سے زائد خوراکوں کا عطیہ

    امریکا کا سندھ کی عوام کیلئے فائزر ویکسین کی 3لاکھ سے زائد خوراکوں کا عطیہ

    امریکا نے سندھ کے لیے فائزر ویکسین کی 3لاکھ سے زائد خوراکیں عطیہ کردی، امریکی قونصل جنرل مارک آسٹرو کا کہنا ہے کہ کوویڈکےخلاف پاکستانی عوام کےساتھ مل کرکام کرنے پر فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے سندھ کے لیے فائزر ویکسین کی مزید 3لاکھ20ہزار سے زائد خوراکوں کا عطیہ دے دیا، امریکی قونصل جنرل مارک آسٹرو نے ویکسین وزیرصحت سندھ کےحوالے کیں۔

    خوراکیں امریکا کی جانب سے پاکستان کے لیے 66 لاکھ فائزر ویکسین کا حصہ ہیں ، کوویڈ ویکسین کی چوتھی قسط سے پاکستان کو ملی ویکسین کی تعداد ایک کروڑ 6 لاکھ ہوچکی ہے۔

    امریکی قونصل جنرل مارک آسٹرو نے کہا کہ کوویڈکےخلاف پاکستانی عوام کےساتھ مل کرکام کرنے پر فخر ہے، عطیہ پاکستانی عوام کی زندگیاں بچانے اور وبا کے خاتمے کے لیے ہے۔

    مار ک آسٹرو کا کہنا تھا کہ ایسی دنیا کی تعمیر جاری رکھیں گے جو متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکے، کوویڈ سے متعلق پاکستان کی ساڑھے 5کروڑ ڈالرسےزائد کی اعانت کی ہے۔

    گذشتہ ماہ امریکا کی طرف سے عطیہ کی جانے والی فائزر ویکسین کی تیس لاکھ 70 ہزار سے زائد خوراکیں خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچائی گئی تھیں۔

    خیال رہے امریکا کی جانب سے پاکستان کو فائزر ویکسین کی خوراکیں کوویکس پروگرام کے تحت دی گئیں ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کی جانب سے موڈرنا ویکسین کی ساڑھے پچاس لاکھ خوراکیں بھی پاکستان کو دی گئیں ہیں۔

  • اے ٹی ایم فراڈ، ملزم جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    اے ٹی ایم فراڈ، ملزم جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کراچی کی مامی عدالت نے اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے والوں کو دھوکے سے لوٹنے والے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    پیر 13ستمبر کو پولیس نے دوران سماعت گرفتار ملزم سید آفتاب علی شاہ کو عدالت میں پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزم سید آفتاب علی شاہ کو عدالت میں پیش کیا، سماعت میں ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکلوانے والے سادہ عوام کو مدد کرنے کے بہانے اُن سے اے ٹی ایم پن کوڈ لیتا تھا، پن کوڈ نوٹ کرکے ان کا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرکے انکے اکاونٹ سے رقم نکلواتا تھا۔

    ملزم کے خلاف دو مقدمات پہلے سے ہی درج ہیں اور دوران گرفتاری ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور مختلف بینکوں کے 17 اے ٹی ایم کارڈ برآمد کیے گئے۔

  • عمر شریف سے متعلق اہم خبر سامنے آ گئی 

    عمر شریف سے متعلق اہم خبر سامنے آ گئی 

    معروف اداکار و کامیڈین عمر شریف کی ہسپتال سے نئی تصویر منظرِ عام پر آگئی جس میں اُن کی حالت تشویشناک لگ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمر شریف کی ہسپتال سے جاری ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عُمر شریف کے گلے اور ناک میں نلکیاں لگی ہوئی ہیں۔تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ عُمر شریف کی حالت تشویشناک ہے اور اُنہیں دُعاؤں کی بہت ضرورت ہے۔

    دوسری جانب عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمر شریف کو امریکا میں علاج کے لئے بذریعہ طیارہ ہی لے جایا جاسکتا ہے، وزیراعظم آفس سے کہا گیا کہ ویزے کے لئے کوشش کی جارہی ہے، امید ہے ویزا جلد جاری ہو جائے گا۔

    یاد رہے کہ لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یاداشت بھی خراب ہو گئی ہے، گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ان کی تشویشناک حالت کے حوالے سے بھی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

  • اسپتالوں کے چکر نے زخمی نوجوان کی جان لے لی

    اسپتالوں کے چکر نے زخمی نوجوان کی جان لے لی

    سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے بے رحمانہ رویے نے نوجوان کی جان لے لی۔

    لیاقت آباد نمبر10پرہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 2 بجے ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا 20 سالہ نوجوان سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے بے رحمانہ رویے کے باعث دم توڑگیا۔

    ایدھی ذرائع کے مطابق لیاقت آباد 10 نمبر پر تیز رفتار گاڑی سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع پر ایمبولینس موقع پر پہنچی اورزخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد یہ کہہ کرجناح اسپتال کے لیے ریفر کردیاکہ ہمارے پاس مطلوبہ سہولیات موجود نہیں ہیں تاہم جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے مریض کو داخل کرنے سے انکار کر دیا۔

    کافی دیر کوشش کے باوجود جب اسے وہاں علاج کے لیے نہیں لیا گیا تو واپس عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم عباسی شہید اسپتال کے نائٹ شفٹ کے آر ایم او نے اسے واپس جناح اسپتال لے جانے کو کہا ابھی ایمبولینس میں اسے دوبارہ جناح لے جانے لیے ڈالاگیا کہ وہ دم توڑ گیا۔

    شریف آباد پولیس کا کہنا تھا کہ متوفی کریم آباد پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا تھا ، زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے جناح اسپتال منتقل کیاگیا، جناح اسپتال نے بھی زخمی کو داخل کرنے سے انکار کردیا تھا ، زخمی کو پھر عباسی لے آئے اور ایک بار پھر جناح منتقل کر رہے تھے اس دوران دم توڑ گیا، زخمی رات 2بجے سے صبح ساڑھے 5بجے تک جناح سے عباسی اسپتال کے درمیان ٹھوکریں کھاتارہا۔

    پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جاسکے، جاں بحق ہونے والے نوجوان کا عباسی شہید اسپتال میں بننے والا ایم ایل نمبر 8321/21 ہے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش شناخت ورثا کے لیے ایدھی سردخانے روانہ کر دی۔

  • کراچی میں رواں ہفتے شدید گرمی اور بارش کی پیش گوئی

    کراچی میں رواں ہفتے شدید گرمی اور بارش کی پیش گوئی

    محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے شہر قائد میں شدید گرمی اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 14 ستمبر سے شہر میں گرمی کی لہر شروع ہونے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں بند رہنے کے باعث بلوچستان کی گرم ریگستانی شمال مغربی ہوائیں شہر کا رُخ کرسکتی ہیں، اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    سردار سرفراز نے مزید کہا کہ گرمی کی لہر خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں پیدا ہوگی، 17 ستمبر سے مون سون بارش کا ایک نیا سلسلہ شہر میں بارش دے سکتا ہے، بارش کا سلسلہ 19 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔
    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شہر قائد میں شدید گرمی اور مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوئی تھی ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں عام مون سون سیزن کے مقابلے میں 60 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں۔

  • سندھ میں سی این جی اسٹیشنز 4 دن کے لیے بند

    سندھ میں سی این جی اسٹیشنز 4 دن کے لیے بند

    سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کو 4 دن کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ کے سی این جی اسٹیشنز کو پیر 13 تا جمعرات 16ستمبر تک گیس کی فراہمی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق اینگرو ٹرمینل پر ایف ایس آر یو کی تبدیلی کے باعث 13 سے 16 ستمبر کے درمیان ڈرائی ڈاکنگ کی وجہ سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم میں آر ایل این جی میں 150 سے 75 ایم ایم سی ایف ڈی کمی آئے گی اور کم پریشر کی وجہ سے سوئی سدرن کو گھریلو صارفین اور کمرشل سیکٹر کی طلب پوری کرنے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہوگا، لہذا صارفین کی طلب پوری کرنے کی غرض سے سندھ اور بلوچستان بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز کو 13 ستمبر بروز پیر سے 16 ستمبر بروز جمعرات چار روز کے لئے گیس کی ترسیل معطل رہے گی۔

  • کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کیلیے پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

    کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کیلیے پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

    ملک بھر میں قائم 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ مقررہ وقت گزرنے کے بعد جو ووٹرز پولنگ اسٹیشن اندر داخل ہوچکے انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی گئی۔

    پریذائیڈنگ افسران ووٹوں کی گنتی کے فوراً بعد نتائج کا اعلان پولنگ اسٹیشن پر کریں گے جبکہ ریٹرننگ افسر وارڈز کے نتائج کی تکمیل کے بعد فوری طورپر غیر حتمی نتائج کا اعلان کریں گے۔

    کراچی کے 6 کنٹونمنٹ بورڈ کے 42 وارڈز میں 9 خواتین سمیت 343 امیدوار میدان میں تھے، 238 کا تعلق مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے تھا جبکہ 105 امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑرہے تھے۔

    کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں صدر مملکت عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، اراکین اسمبلی، کھیلوں اور شوبز کے میدان میں شہرت پانے والے کھلاڑیوں اور فنکاروں کے ووٹ بھی موجود ہیں۔