Baaghi TV

Category: لاہور

  • لاہور میں انسدادِ پولیو ٹیموں پر تشدد کے واقعات، 8 ملزمان کے خلاف مقدمات درج

    لاہور میں انسدادِ پولیو ٹیموں پر تشدد کے واقعات، 8 ملزمان کے خلاف مقدمات درج

    لاہور: شہر کے مختلف علاقوں میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں پر تشدد کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر 8 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعات ہربنس پورہ اور شاہدرہ کے علاقوں میں پیش آئے، جہاں پولیو ٹیموں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شدید مزاحمت اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہربنس پورہ میں انسدادِ پولیو ٹیم جب بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف تھی تو ملزمان نے نہ صرف ٹیم کے ارکان کو دھمکایا بلکہ ان پر تشدد بھی کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔

    اسی طرح شاہدرہ کے علاقے چمن کالونی میں بھی انسدادِ پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق وہاں ٹیم کے انچارج سمیت دیگر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالی گئی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں 8 افراد ملوث پائے گئے ہیں، جن کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، سرکاری اہلکاروں پر تشدد اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    پولیس اور محکمہ صحت کے حکام نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی ٹیموں کو تشدد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم قومی فریضہ ہے اور اس میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔دوسری جانب شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔

  • لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹول کے بعد پتنگ بازی پر پابندی عائد

    لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹول کے بعد پتنگ بازی پر پابندی عائد

    لاہور پولیس نے بسنت فیسٹیول کے اختتام کے باوجود شہر بھر میں پتنگ بازی پر مکمل اور سخت پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پابندی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور پتنگ بازی کے باعث پیش آنے والے جان لیوا حادثات کی روک تھام ہے۔

    سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری پتنگ بازی کے دوران قانون کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور اپنی اور دوسروں کی سلامتی کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، چاہے وہ کسی بھی حیثیت یا طبقے سے تعلق رکھتے ہوں۔بلال صدیق کمیانہ نے لاہور پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں سخت چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے اور شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیمیں حساس مقامات، چھتوں، گلی محلوں اور بازاروں میں گشت کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔

    لاہور پولیس کی جانب سے دکانداروں اور تاجروں کو بھی سختی سے متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پتنگ اور کیمیکل ڈور کی خرید و فروخت سے مکمل طور پر باز رہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ اور ڈور کی غیر قانونی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی کو قابلِ دست اندازی جرم قرار دیا گیا ہے، جس پر فوری گرفتاری اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس ضمن میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مشتبہ گوداموں کی بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور اس بات کو سمجھیں کہ غیر قانونی پتنگ بازی نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ یہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، انہیں پتنگ بازی کے خطرات سے آگاہ کریں اور قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔

  • یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی اور ان کی اہلیہ پر فرد جرم عائد

    یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی اور ان کی اہلیہ پر فرد جرم عائد

    مقامی عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

    ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جوئے کی پرموشن کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے سعد الرحمٰن عرف ڈکی اور ان کی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا،جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے مقدمے کے گواہوں کو 23 فروری کو طلب کر لیا،واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے سعد الرحمٰن عرف ڈکی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے جس میں ملزمان پر آن لائن جوا ویب سائٹس کی تشہیر کا الزام ہے۔

  • 
لاہور میں نوجوان چھت سے گر کر جاں بحق، بسنت میں ہلاکتوں کی تعداد 4

    
لاہور میں نوجوان چھت سے گر کر جاں بحق، بسنت میں ہلاکتوں کی تعداد 4

    ‎لاہور کے علاقے لوئر مال میں بسنت کے تہوار کے دوران ایک 16 سالہ نوجوان پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی، جو سیالکوٹ سے لاہور بسنت منانے آیا تھا۔
    ‎حادثے کے وقت نوجوان چھت پر پتنگ بازی کر رہا تھا کہ اچانک توازن کھو بیٹھا اور نیچے جا گرا۔ فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن زخم اتنے شدید تھے کہ وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ریسکیو حکام نے واقعے کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرکے میت کو مردہ خانہ منتقل کر دیا۔
    ‎یہ واقعہ بسنت کے دنوں میں ہونے والے حادثات کی ایک اور کڑی ہے، جس سے اب تک لاہور میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ حکام نے عوام سے محتاط رہنے اور بلند عمارتوں یا خطرناک مقامات پر پتنگ بازی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

  • 
بسنت سے معاشی سرگرمیوں میں بڑا اضافہ

    
بسنت سے معاشی سرگرمیوں میں بڑا اضافہ

    لاہور میں بسنت کا تہوار بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں شہر بھر میں جشن کا سماں ہے، آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھرا ہوا ہے اور فضا میں بوکاٹا کے نعرے گونج رہے ہیں۔
    ‎ملک کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک سے بسنت منانے کے لیے آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد کے باعث ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں کمرے نایاب ہو گئے ہیں، جبکہ شہر بھر میں روایتی کھانوں کی مانگ بھی عروج پر ہے۔
    ‎بسنت نے نہ صرف اہلِ لاہور کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں بلکہ مقامی کاروبار کو بھی نمایاں فروغ دیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے لاہور کے بیشتر ہوٹل مکمل طور پر بک ہیں۔
    ‎لاہور ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر گلریز خٹک کے مطابق بسنت فیسٹیول اب بین الاقوامی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور تہوار کے دوران کیے گئے انتظامات کو سراہا جا رہا ہے، جن کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو جاتا ہے۔
    ‎اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران مجموعی معاشی سرگرمی 20 ارب روپے سے تجاوز کر سکتی ہے، جس میں سیاحت، ہوٹل انڈسٹری، ٹرانسپورٹ، خوراک اور مقامی تجارت کا بڑا حصہ شامل ہے۔
    ‎پتنگوں، ڈور اور دیگر متعلقہ سامان کی فروخت سے چھوٹے تاجروں، فروشوں، ڈرائیورز اور سپلائرز کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے، جبکہ بسنت سیزن کے لیے ایک ہزار سے زائد کاروباری افراد نے رجسٹریشن کروائی۔
    ‎ماہرین کے مطابق اس تہوار کے باعث کاغذ، بانس، دھاگہ، پیکیجنگ، خوراک اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف سپلائی چینز میں اربوں روپے کی کاروباری سرگرمیاں پیدا ہو رہی ہیں اور ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔

  • 
مریم نواز کا خصوصی اجلاس، لاہور میں ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار پیش

    
مریم نواز کا خصوصی اجلاس، لاہور میں ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار پیش

    ‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ نگرانی خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کی دو روزہ رپورٹ پیش کی۔
    ‎بریفنگ کے مطابق لاہور میں تین روز کے دوران 9 لاکھ گاڑیوں کی انٹری ریکارڈ ہوئی۔ اورنج لائن اور سرکاری بسوں پر دو دن میں تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے مفت سفر کیا، جس میں جمعہ کو اورنج ٹرین پر 2 لاکھ 99 ہزار اور ہفتے کو 3 لاکھ 5 ہزار مسافر شامل تھے۔
    ‎میٹرو بس پر جمعہ کو ایک لاکھ 43 ہزار اور ہفتے کو ایک لاکھ 35 ہزار مسافروں نے سفر کیا، جبکہ اسپیڈو فیڈر بسوں پر جمعہ کو ایک لاکھ 74 ہزار اور ہفتے کو ایک لاکھ 82 ہزار مسافروں نے مفت سروس استعمال کی۔

  • ٹرمپ کے مجوزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت کریں گے،حافظ نعیم

    ٹرمپ کے مجوزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت کریں گے،حافظ نعیم

    لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کی حالیہ لہر پریشان کن ہے، انتشار کے اسباب میں اندرونی اور بیرونی عناصر شامل ہیں۔

    جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کے تین روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا 8 فروری کے دھاندلی زدہ انتخابات کو 2 سال مکمل ہو گئے ہیں، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کی لہر پریشان کن ہے، انتشار کے اسباب میں اندرونی اور بیرونی عناصر شامل ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا وادی تیراہ کی صورت حال پریشان کن ہے، عوام کو نکالنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، حکمران، اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لےکر اقدامات کریں ،ٹرمپ کے مجوزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت کریں گے، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو فون کیا ہے، ان سے جلد ملاقات بھی ہوگی،حماس کی پالیسی قابل ستائش ہے، اسلامی تحریکوں کو اس سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

  • بسنت کا رنگا رنگ جشن، پتنگ بازی کا سامان دو ارب روپے سے زائد میں فروخت

    بسنت کا رنگا رنگ جشن، پتنگ بازی کا سامان دو ارب روپے سے زائد میں فروخت

    ‎لاہور میں تین روزہ بسنت کا تہوار بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں پنجاب حکومت کی مشروط اجازت کے بعد شہر بھر میں ثقافتی جشن کا سماں ہے۔ زندہ دلانوں کے شہر میں دن رات آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھرا ہوا ہے اور چھتوں پر میلوں جیسا ماحول دکھائی دے رہا ہے۔
    ‎بسنت کے دوران گھروں کی چھتوں پر موسیقی، قہقہے اور بوکاٹا کے نعرے گونجتے رہے، جبکہ شہریوں نے روایتی انداز میں تہوار کا بھرپور لطف اٹھایا۔
    ‎صدر ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن شیخ سلیم کے مطابق یکم سے 7 فروری کے دوران لاہور میں بسنت کے لیے دو ارب روپے سے زائد کا پتنگ بازی کا سامان فروخت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف تین روزہ بسنت میں ہی تقریباً 50 کروڑ روپے کا سامان فروخت ہوا۔
    ‎شیخ سلیم نے بتایا کہ پتنگ اور ڈور کی تیاری اور ترسیل میں بدانتظامی کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ برس بسنت کا اعلان کم از کم تین ماہ قبل کیا جائے تاکہ سپلائی بہتر بنائی جا سکے اور قیمتیں قابو میں رہیں۔
    ‎انہوں نے بسنت کے دوران حکومتی ایس او پیز پر مؤثر عملدرآمد پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • مریم نواز نے بسنت کے وقت میں توسیع کر دی

    مریم نواز نے بسنت کے وقت میں توسیع کر دی

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت منانے کا وقت بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب لاہور میں بسنت رات 12 بجے کے بجائے صبح 5 بجے تک منائی جا سکے گی۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں محفوظ انداز میں بسنت منانے پر شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور والوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کر کے حکومت کے اعتماد کی لاج رکھ لی ہےآج لاہور خوشیوں میں ڈوبا ہوا ہے اور وہ خود بھی شہریوں کے ذمہ دارانہ رویے پر بے حد خوش ہیں، ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ عوام نے قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کرتے ہوئے محفوظ بسنت کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق شہر بھر میں چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی، کھانوں سے لطف اندوز ہوا گیا اور پتنگ بازی کے دوران پیچوں کے دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے مقررہ سائز اور منظور شدہ ڈور کے علاوہ ممنوعہ ڈور کے استعمال کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، دھاتی تار استعمال نہ ہونے کے باعث شہر بھر میں ٹرانسفارمرز محفوظ رہے، جو انتظامیہ اور شہریوں کی مشترکہ کامیابی ہے حکومت کی جانب سے کیے گئے پیشگی اقدامات اللہ کے فضل و کرم سے مؤثر ثابت ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ لبرٹی، اندرون شہر اور دیگر علاقوں سمیت لاہور بھر میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکےسیف بسنت کا یہ ماڈل آئندہ لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی متعارف کروایا جائے گابسنت فیسٹیول کا آج آخری دن ہے اور عوام خوشی کے اس موقع پر بھی احتیاط اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

  • آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ آج، بنگلا دیش بورڈ کے  سربراہ لاہور پہنچ گئے

    آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ آج، بنگلا دیش بورڈ کے سربراہ لاہور پہنچ گئے

    بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ امین الاسلام آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔

    ذرائع کے مطابق امین الاسلام ممکنہ طور پر پی سی بی اور آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ میں شرکت کریں گے، دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہ آئی سی سی کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کریں گے،چیئرمین بی سی بی امین الاسلام پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی سے ملاقات بھی کریں گے، بی سی بی صدر امین الاسلام آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد شام کو ڈھاکا کے لیے واپس روانہ ہو جائیں گےممکنہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں دیگر بورڈ ممبرز بھی شریک ہوں گے۔

    پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس پر آئی سی سی کی ایک اور ہنگامی میٹنگ آج ہوگی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک بھارت میچ سے متعلق بھی گفتگو متوقع ہے، اعلی ٰحکام کی اہم ملاقات میں مختلف آپشنز پر غور ہو گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔