Baaghi TV

Category: لاہور

  • حنا جاوید قتل کیس :سی پی او راولپنڈی سے مسلسل رابطے میں ہوں، حنا پرویز بٹ

    حنا جاوید قتل کیس :سی پی او راولپنڈی سے مسلسل رابطے میں ہوں، حنا پرویز بٹ

    چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے راولپنڈی میں خاتون حنا جاوید کے قتل کے افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اور متاثرہ خواتین کو خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنا چاہیے۔

    سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ حنا جاوید کے گھریلو تشدد کے نتیجے میں قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارر وائی کرتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کیا، وہ حنا جاوید قتل کیس کے حوالے سے سی پی او راولپنڈی سے مسلسل رابطے میں رہیں اور متعلقہ حکام سے معا ملے پر پیشرفت سے آگاہی حاصل کرتی رہیں۔

    حنا پرویز بٹ نے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن قانونی اقدام یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں،ان شا اللہ ملزمان اپنے انجام کو پہنچیں گے اور حنا جاوید اور اس کے لواحقین کو انصاف ضرور ملے گا

    انہوں نے گھریلو تشدد کا شکار خواتین پر زور دیا کہ وہ خاموشی سے تشدد برداشت نہ کریں، کیونکہ خاموش رہنے سے تشدد کا سلسلہ رکنے کے بجائے بعض اوقات مزید سنگین صورت اختیار کرسکتا ہے،حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ مسلسل گھریلو تشدد بعض اوقات حنا جاوید جیسے المناک واقعات کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے تشدد کے کسی بھی واقعے کو معمولی سمجھنے کے بجائے بروقت متعلقہ اداروں کو اطلاع دینا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور ویمن پروٹیکشن سنٹرز خواتین کو گھریلو تشدد کے خلاف مسلسل آگاہی فراہم کر رہے ہیں اور خواتین کو تحفظ اور قانونی معاونت کے حوالے سے بھی رہنمائی دی جارہی ہے، گھریلو تشدد کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں، بروقت شکایت نہ صر ف گھریلو تشدد کی حوصلہ شکنی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ کسی بڑے سانحے کو روکنے کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔

  • مرکزی مسلم لیگ کا 25 بڑے شہروں میں ریسکیو سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

    مرکزی مسلم لیگ کا 25 بڑے شہروں میں ریسکیو سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

    شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا اہم تنظیمی اجلاس سینٹرل سیکرٹریٹ لاہور میں چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران، ضلعی صدور شعبہ خدمت خلق اور مسلم ریسکیو مشن کے کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شعبہ خدمت خلق کے مختلف منصوبہ جات، تنظیمی امور اور ملک بھر میں خدمت خلق کی سرگرمیوں ں کو مزید منظم و فعال بنانے کے ساتھ ساتھ مسلم ریسکیو مشن کے کام کا دائرہ کار ملک کے طول و عرض میں وسیع کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس موقع پر شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی نئی جیکٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔

    چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے پاکستان میں منظم ریسکیو اور ایمرجنسی رسپانس کی ضرورت اور اس شعبے کی اہمیت کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی ملٹی میڈیا بریفنگ دی اس موقع پر گفتگو کرتےچیئرمین شعبہ خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے کہا کہ قدرتی آفات، سیلاب، روڈ حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں مقامی سطح پر بروقت ابتدائی رسپانس کے لیے تربیت یافتہ افراد، مناسب ریسکیو آلات اور منظم مقامی سطح کے نیٹ ورک کی ضرورت ہے اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم ریسکیو مشن کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم ریسکیو مشن کے تحت پہلے مرحلے میں ملک کے 25 بڑے شہروں میں ریسکیو سینٹرز کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ اضلاع کی سطح پر فرسٹ رسپونڈر پروگرام کے تحت تربیتی ورکشاپس کا آغاز کیا جائے گا جن کے ذریعے رضاکاروں کو ابتدائی طبی امداد، بنیادی لائف سپورٹ، CPR، حادثات سے نمٹنے، فائر سیفٹی، ایمرجنسی اور بنیادی ڈیزاسٹر رسپانس سمیت ضروری مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔

    ریسکیو کے کام کو گراس روٹ سطح پر منظم و مؤثر بنانے کے لیے اجلاس میں مختلف اضلاع کے لیے مسلم ریسکیو مشن کے کوآرڈینیٹرز کی تقرریوں کا بھی اعلان کیا گیا جس کے مطابق عبدالشکور کو ملتان، سہیل ارشد کو اسلام آباد، سید حسنین شاہ کو گوجرانوالہ، عابد حسین کو شیخوپورہ، عبدالرحمن کو لاہور، راشد محمود کو قصور اور عمیر ارشد کو گجرات میں مسلم ریسکیو مشن کا کوآرڈینیٹراورمیرعامرعمران کو معاون ٹریننگ کورسز و تربیتی سیشنز مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شعبہ خدمت خلق کے تنظیمی نظم میں ابرار وحید کو کوآرڈینیٹر شعبہ خدمتِ خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب اور حمزہ شاہد کو کوآرڈینیٹر خیبرپختونخوا مقرر کیا گیا۔ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے امید ظاہر کی کہ مقرر کیے گئے ذمہ داران اپنے متعلقہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیوں، رضاکاروں کی تنظیم و رابطہ کاری، تربیتی پروگرامز اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کو مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

    اجلاس میں شعبہ خدمت خلق کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید نچلی سطح تک منظم اور فعال بنانے کے لیے یونین کونسل کی سطح پر مسلم لیگ ہاؤس میں خدمت خلق ڈیسک قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جہاں مقامی سطح پر عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کو مربوط کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں یونین کونسل کی سطح پر میڈیکل کیمپس، بلڈ ڈونیشن، کفالتِ بیوگان، تربیت یافتہ رضاکاروں کی تیاری، تعزیت اور صلح کمیٹیوں سمیت مختلف شعبہ جات کو منظم اور فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شعبہ خدمت خلق کو ایک منظم، فعال اور مؤثر عوامی خدمت کے نیٹ ورک کے طور پر ملک بھر میں وسعت دی جائے گی جبکہ مسلم ریسکیو مشن کے ذریعے ریسکیو، تربیت، پیشگی تیاری اور ابتدائی ایمرجنسی رسپانس کی صلاحیت کو ضلعی اور مقامی سطح تک پہنچایا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت مدد فراہم کرنے کیلئے ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کی معاونت کی جا سکے۔

  • پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلرز سے روابط کا انکشاف

    پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلرز سے روابط کا انکشاف

    پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلرز سے روابط کا انکشاف ہوا ہے-

    پولیس کی ٹارگٹ کلنگ اور ٹارگٹ کلرز سے روابط کے الزام کی تحقیقات کے دوران زیر حراست 2 پولیس اہلکاروں سے تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں،پولیس کے مطابق اہلکار اسٹریٹ کرائم میں مرکزی ٹارگٹ کلر ریحان کی پشت پناہی کرتے تھے۔

    پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلر ریحان میٹرو بس میں موبائل چوری اور اسنیچنگ کی وارداتیں کرتا تھا زیر حراست پولیس اہلکار اپنے یونٹس میں موجود اثر و رسوخ اور تعلقات استعمال کرکے ریحان کی مدد کرتے رہےپولیس اہلکار ٹارگٹ کلر ریحان کی ضمانت پر رہائی اور اس کا ریکارڈ ختم کروانے میں مدد کرتے تھے، زیر حراست ایک اے ایس آئی کریمنل ریکارڈ برانچ میں جبکہ کانسٹیبل لوئر مال انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا۔

    پولیس کے مطابق زیر حراست دونوں اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان کے موبائل فونز کا فرانزک بھی جاری ہے۔

  • پیپلز پارٹی نے فریال تالپور کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا ٹاسک دے دیا

    پیپلز پارٹی نے فریال تالپور کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا ٹاسک دے دیا

    لاہور: پیپلز پارٹی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور صوبے میں پارٹی کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے فریال تالپور کو اہم ذمہ داری دے دی۔

    ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر فریال تالپور نے پنجاب میں سیاسی اور تنظیمی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ انہیں صوبے کی سیاسی صورتحال اور پارٹی تنظیم سے متعلق اہم امور پر بریفنگ بھی دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اور فریال تالپور کے درمیان سیاسی مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

    فریال تالپور نے گزشتہ چار روز کے دوران پیپلز پارٹی وسطی اور جنوبی پنجاب کی تنظیموں کے رہنماؤں سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں، جن میں صوبے کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات اور پارٹی کی تنظیمی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق فریال تالپور نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ سال کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیا جائے اور ہر بلدیاتی حلقے میں پارٹی امیدوار میدان میں اتارے جائیں۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق ماضی میں پیپلز پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو دوبارہ جماعت میں شامل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، جبکہ پنجاب کے ہر ضلع میں سیاسی طور پر مضبوط اور بااثر شخصیات سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    فریال تالپور نے کہا ہے کہ جہاں بھی پارٹی کو ان کی ضرورت ہوگی، وہ خود سیاسی شخصیات سے ملاقات کے لیے پہنچیں گی۔

    ذرائع کے مطابق فریال تالپور جلد پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گی اور ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر پارٹی تنظیموں کے عہدیداروں اور رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی۔

  • لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام عابد رشید کے نعتیہ مجموعہ کی تقریب رونمائی

    لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام عابد رشید کے نعتیہ مجموعہ کی تقریب رونمائی

    ربیع الاوّل کے بابرکت مہینہ میں کتاب ”خیر البشر“ کی رونمائی باعث سعادت ہے: سلمان قریشی
    لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام نامور شاعر عابد رشید کے چوتھے نعتیہ مجموعہ ”خیر البشر“ کی تقریب رونمائی، صدارت نذیر قیصر نے کی۔اس موقع پر کلب کے سینئرنائب صدر سلمان قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ربیع الاوّل کے بابرکت مہینے میں نامور ادبی شخصیات کے جھرمٹ میں ”خیر البشر“ کی رونمائی ہمارے لئے باعث سعادت ہے،ہم کلب میں ادبی تقریبات، سیمینار، مشاعرے کرواتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی یہ ہماری پہلی ترجیح رہے گی۔انہوں معزز مہمانوں کی تشریف آوری پر مسرت کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے پریس کلب کے جنرل سیکرٹری افضال طالب تقریب میں شرکت کیلئے آئے مگر ضروری کام کی وجہ سے چلے گئے تھے جبکہ گورننگ باڈی کے رکن محمد کامران خان نے بھی شرکت کی۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض سعید اختر نے نبھائے جبکہ شہزاد فراموش نے معاونت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز محمد عقیل نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اس کے بعد حسنین مظہری نے عابد رشید کی لکھی ایک نعت لے میں پڑھی اور بھرپور داد سمیٹی۔

    صاحب صدارت نذیر قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نعت ایک بہت پیارا اور بہت بڑا موضوع ہے اس میں نئے زاویوں پر کام کی ضرورت ہے۔صاحب کتاب عابد رشید نے مہمانوں اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور اپنی نعتیں بھی سنائیں۔سٹیج پر بیٹھے حسین مجروح،پروفیسر غلام حسین ساجد، پروفیسر عباس مرزا، ڈاکٹر شاہد اشرف اور ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے عابد رشید کی کتاب اور ان کی نعت گوئی پر خوبصورت گفتگو کی۔اس موقع پر غلام حسین ساجد نے کہا کہ وہ کلب لائبریری کیلئے توقع سے زیادہ کتابیں دینگے۔انمول گوہر علی نے عابد رشید کو پھول پیش کئے۔بعد ازاں کتاب کی رونمائی میں مقررین کے علاوہ شرکاءمجلس بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں بابا نجمی، عابدہ قیصر، اسد رانا، ایم ایوب،جاوید ہاشمی، فراز فاروقی، رفیق خان، جواد احمد، طارق کامران، شبیر صادق، جمال احمد، سبطین رضا، رانا تحمل،شجاعت حامد، عمیر احمد، علی شیخ، شاکر حسین شاہ اور مختلف مکتبہ ہائے فکر کے افراد نے شرکت کی۔

  • کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے ،حافظ نعیم الرحمان

    کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے ،حافظ نعیم الرحمان

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ نظام کی تبدیلی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد اپنے پلیٹ فارم سے جاری رکھے گی۔

    لاہور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ماضی میں سیاسی اتحاد جماعت اسلامی کے لیے فائدہ مند ثابت ہونے کے بجائے نقصان کا باعث بنے، اسی لیے اب جماعت اسلامی اپنی تحریک خود آگے بڑھانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

    حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں بات چیت کی پیشکش موصول ہوئی ہے، تاہم ایسا نہیں ہوسکتا کہ ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہوں اور دوسری جانب اسلام آباد میں بند کمروں کے اندر مذاکرات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جماعت اسلامی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔

    حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا کہ احتجاجی دھرنا طویل اور صبر آزما ہوسکتا ہے، جبکہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے احتجاجی تحریک کو مرحلہ وار آگے بڑھائے گی۔

    امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ 13 ربیع الاول کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے بعد احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے پہیہ جام اور دیگر احتجاجی اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں اسلام آباد کی جانب فیصلہ کن مارچ کا آپشن بھی زیر غور ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ضلعی سطح پر بھی احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

    حافظ نعیم الرحمان کے مطابق احتجاجی تحریک میں پیدل مارچ اور اسلام آباد میں دھرنے سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کو متحرک کرکے اپنے مطالبات کی منظوری اور نظام کی تبدیلی کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

  • ملک کا موجودہ نظام خواتین کو ان کے حقوق فراہم نہیں کررہا،حافظ نعیم الرحمان

    ملک کا موجودہ نظام خواتین کو ان کے حقوق فراہم نہیں کررہا،حافظ نعیم الرحمان

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے مظالم سے معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،مہنگائی کے باعث ایک فرد کی آمدن سے گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے، مائیں اپنی خواہشات کا گلا گھونٹ کر بچوں کی فیسیں ادا کرنے پر مجبور ہیں، ملک کا موجودہ نظام خواتین کو ان کے حقوق فراہم نہیں کررہا-

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں خواتین انتہائی غیر محفوظ ہیں اور انہیں محفوظ و باعزت سفری سہولیات بھی میسر نہیں،گزشتہ سال خواتین کے خلاف زیادتی کے ساڑھے چار ہزار سے زائد کیسز رجسٹر ہوئےخواتین سے تعلیم کا حق بھی چھینا جارہا ہے، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ہر بستی، گاؤں اور دیہات میں گرلز اسکول موجود ہوتے لیکن پنجاب حکو مت نے مبینہ طور پر 11 ہزار میں سے تقریباً 7 ہزار گرلز اسکول آؤٹ سورس کردیئے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت پر کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع سے مائیں، بہنیں اور بیٹیاں دھرنے میں شر یک ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جماعت اسلامی کا خواتین ونگ مضبوط ہے انہوں نے خواتین کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہر جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور یہ تحریک جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دھرنا پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسز، مہنگائی اور آئی پی پیز کے خلاف ہے۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے اور آج عام آدمی کے گھر کا چولہا ٹھنڈا پڑا ہےمہنگائی کے باعث ایک فرد کی آمدن سے گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے، مائیں اپنی خواہشات کا گلا گھونٹ کر بچوں کی فیسیں ادا کرنے پر مجبور ہیں، ملک کا موجودہ نظام خواتین کو ان کے حقوق فراہم نہیں کررہا،پاکستان میں ساڑھے 8 کروڑ مزدور ہیں، جن میں تقریباً تین کروڑ خواتین شامل ہیں جو فیکٹریوں اور کھیتوں میں کام کرتی ہیں تاہم پنجاب کی چار کروڑ خواتین کی کم از کم اجرت بھی طے نہیں کی گئی۔

    انہوں نے صحت کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے میں ڈاکٹرز کو 70 ہزار روپے تک کی ملازمت ملتی ہے، جبکہ حکومت کے پاس ڈاکٹروں کو دینے کے لیے بھی کچھ نہیں، جو ڈاکٹر اپنے حق کے لیے آواز اٹھاتا ہے، اسے نوکری سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے، حکومت نے بنیادی مراکز صحت فروخت کرکے اپنی جان چھڑا لی ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عوام کے مسائل حل کرنا ہوں گےحکمران عوام کے پیسوں سے پلتے ہیں اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا،تعلیم میں غریب کے بچوں کا حق بھی اتنا ہی ہے جتنا حکمرانوں کے بچوں کا ہے ملک میں 40 فیصد سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ گزشتہ چھ برس کے دوران ملک بھر میں غربت میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے،پنجاب میں غربت میں سب سے زیادہ 41 فیصد اضافہ ہوا،شہباز شریف، مریم نواز اور ’’انہیں مسلط کرنے والوں‘‘ نے عوام کو غریب کردیا ہے،حکمرانوں کے مظالم سے معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

  • لاہور میں بڑا ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ ،بینک افسر سمیت 3 رکنی گروہ گرفتار

    لاہور میں بڑا ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ ،بینک افسر سمیت 3 رکنی گروہ گرفتار

    لاہور: ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ کے ایک بڑے کیس میں نجی بینک کے 170 سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا انکشاف ہواہے-

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق ملزمان نے بینکنگ سسٹم سے کروڑ پتی صارفین کا انتخاب کیا، ان کے موبائل نمبر، ای میل اور پتے تبدیل کیے، نئے اے ٹی ایم کارڈ حاصل کیے اور پھر اکاؤنٹس سے رقوم نکال لیں،گروہ نے 5 مالدار صارفین کے اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے نکال لیے تھے تاہم کارروائی کر کے مزید صارفین کو نقصان سے بچا لیا گیا۔

    گروہ میں شامل نجی بینک کے ایک افسر نے مبینہ طور پر 170 سے زائد صارفین کا ڈیٹا اپنے ساتھیوں کو فراہم کیا، ملزمان نئے اے ٹی ایم کارڈز کی درخوا ست دینے کے بعد کسی دوسرے گھر کے باہر ریکی کرتے اور جعل سازی سے رائیڈر سے کارڈ وصول کرلیتے تھے ایف آئی اے نے تین رکنی گروہ کے قبضے سے 90 لاکھ روپے نقد اور اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللہ، عمران عزیز اور عاطف کے نام سے ہوئی۔

    ایف آئی اے نے شہریوں کو نئی نوعیت کے اس فراڈ سے محتاط رہنے اور اپنے بینک اکاؤنٹس کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کر دی۔

  • پنجاب بار کونسل کی پی ٹی آئی کے سیاسی پروپیگنڈے سے لاتعلقی

    پنجاب بار کونسل کی پی ٹی آئی کے سیاسی پروپیگنڈے سے لاتعلقی

    پنجاب بار کونسل نے پی ٹی آئی کے سیاسی پروپیگنڈے سے لاتعلقی اختیار کرلی

    پنجاب بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ بعض اراکین کی جانب سے جاری حالیہ بیان ان کی ذاتی رائے اور مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔ چند اراکین کے بیان کو پاکستان کی پوری قانونی برادری، پاکستان بار کونسل یا پنجاب بار کونسل کا متفقہ اور اجتماعی مؤقف قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جمہوری ادارے میں چند افراد کی رائے کو اکثریت یا پورے ادارے کے اجتماعی مؤقف پر مسلط نہیں کیا جا سکتا، زیرِ سماعت معاملات پر بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز اور ان کے نمائندگان کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو عدالتی کارروائی، اداروں کی آزادی یا عوامی اعتماد پر اثرانداز ہوں۔ زیرِ سماعت معاملات کا فیصلہ معزز عدالتوں نے قانون اور آئین کے مطابق کرنا ہے تمام متعلقہ حلقوں کو عدالتی عمل کے احترام کو مقدم رکھنا چاہیے۔ بار کے پلیٹ فارم کو کسی فرد یا گروہ کے ذاتی، سیاسی یا جماعتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، پنجاب بار کونسل ایسے کسی بیان یا طرزِ عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی جو ذاتی یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بار کے اجتماعی پلیٹ فارم کو استعمال کرے۔ وکلاء برادری میں انتشار پیدا کرنے والے بیانات کی حوصلہ افزائی نہیں کی جا سکتی بار کونسلز کا بنیادی کردار قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور وکلاء کے وقار کے تحفظ میں معاونت کرنا ہے۔ کسی زیرِ سماعت معاملے پر عدالتی فیصلے سے قبل کسی فریق کے حق یا مخالفت میں رائے مسلط کرنا بار کونسلز کا کردار نہیں۔ پنجاب بار کونسل آئینِ پاکستان، قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور تمام آئینی و قانونی اداروں کے احترام پر غیر متزلزل یقین رکھتی ہے۔ تمام وکلاء نمائندگان ذاتی اختلافات اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر بار کے وقار، اتحاد اور ادارہ جاتی آزادی کو مقدم رکھیں، زیرِ سماعت معاملات میں عدالتی عمل کا احترام، غیر جانب داری اور ذمہ دارانہ طرزِ بیان ہی قانونی برادری کے شایانِ شان ہے۔ چند افراد کے بیان کو پوری قانونی برادری کی اجتماعی آواز قرار دینا درست نہیں،

  • پنجاب میں سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 18 دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 18 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے 9 مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 18 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، بارودی مواد اور تخریبی لٹریچر برآمد کیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف علاقوں میں 3 ہزار 357 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 274 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی۔سی ٹی ڈی حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں، ان کے نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔