Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ : ڈی ایچ کیو ہسپتال سے 70 لاکھ کی انسولین چوری، کرپٹ سی ای او کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاج

    ننکانہ : ڈی ایچ کیو ہسپتال سے 70 لاکھ کی انسولین چوری، کرپٹ سی ای او کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاج

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 70 لاکھ روپے مالیت کی انسولین چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کرپٹ سی ای او طلحہ شیروانی پر شدید الزامات عائد کیے ہیں، جنہیں بدعنوانی کے سابقہ ریکارڈ کے باوجود اہم عہدہ دیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سی ای او نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹروں کے ایڈہاک کنٹریکٹس روکے رکھے ہیں اور کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت فوری کارروائی کرے، ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے 70 لاکھ روپے مالیت کی انسولین کی چوری کا انکشاف ہوا ہے، جس نے محکمہ صحت کے نظام پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ اس واقعے کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت پر کڑی تنقید کی ہے۔

    سی ای او پر کرپشن کے الزامات
    ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر سلمان حسیب، ڈاکٹر شعیب نیازی اور دیگر عہدیداران نے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ سی ای او طلحہ شیروانی، جو ماضی میں بھی بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کر چکے ہیں، انسولین چوری اور دیگر کرپشن کے اسکینڈلز میں براہ راست ملوث ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ طلحہ شیروانی جو پہلے میو ہسپتال میں تعینات تھے، وہاں بھی کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔

    ڈاکٹروں نے شکایت کی کہ سی ای او نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کئی ڈاکٹروں کے ایڈہاک کنٹریکٹس کی تجدید روک رکھی ہے۔ بی ایچ یو اور آر ایچ سی میں تعینات ڈاکٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں بلاجواز انتظار کروایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق سی ای او دفتر میں لیڈی ڈاکٹروں کو بھی گھنٹوں انتظار کرواتا ہے اور منتھلی رشوت کے بغیر کام نہیں کرتا۔

    پریس کانفرنس میں انکشاف کیا گیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 70 لاکھ روپے کی انسولین چوری ہو چکی ہے، جو غریب مریضوں کے لیے فراہم کی گئی تھی۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ سی ای او اور دیگر افسران نے اس چوری پر پردہ ڈال رکھا ہے اور کسی قسم کی تفتیش یا کارروائی نہیں کی جا رہی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس چوری کے باعث غریب مریض انسولین کی فراہمی سے محروم ہو چکے ہیں، جو ان کی زندگیوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

    ڈاکٹروں نے پنجاب حکومت اور وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ سی ای او طلحہ شیروانی کے خلاف فوری انکوائری کی جائے۔میو ہسپتال سے ان کا سابقہ ریکارڈ طلب کیا جائے۔ڈاکٹروں کے ایڈہاک کنٹریکٹس فوری طور پر تجدید کیے جائیں۔انسولین چوری کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلحہ شیروانی، جو سنٹرل پارک ہسپتال میں بھی ملازمت کر رہے ہیں، کے خلاف وہاں جا کر بھی احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی سی ای او کو دوہری ملازمت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

    پریس کانفرنس کے آخر میں صوبائی قیادت نے ڈاکٹر عدنان اقبال گجر کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کا نیا صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔

    ڈاکٹروں نے صحافی برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کے مطالبات کی حمایت کریں کیونکہ ہسپتال عوام کی ملکیت ہے اور اس میں کرپشن اور بدعنوانی سے عوام ہی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب مریضوں کے حق کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

  • ننکانہ صاحب: گرلز کالجز میں بی ایس پروگرام کا آغاز، خواتین کی تعلیم میں انقلابی قدم

    ننکانہ صاحب: گرلز کالجز میں بی ایس پروگرام کا آغاز، خواتین کی تعلیم میں انقلابی قدم

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد ارشد چوہدری کی قیادت میں ضلع ننکانہ صاحب کے 6 گرلز کالجز میں بی ایس پروگرامز کا آغاز کیا گیا ہے۔

    اس اقدام سے پہلے طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے لاہور یا فیصل آباد جانا پڑتا تھا، جس سے والدین کو مالی اور سماجی مشکلات کا سامنا تھا۔ محمد ارشد چوہدری کی کاوشوں سے اب طالبات کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کی سہولت میسر ہوگی، جو علاقے میں خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    بی ایس پروگرام کا آغاز نہ صرف طالبات کو تعلیم یافتہ بنانے میں مدد کرے گا بلکہ انہیں سماجی اور معاشی طور پر خودمختار بھی بنائے گا۔ تعلیم یافتہ خواتین اپنے خاندانوں کی بہتر تربیت کے ساتھ ساتھ معاشرے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

    طالبات اور ان کے والدین نے اس اقدام کو بے حد سراہا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ اب طالبات کو دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، اور یہ فیصلہ علاقے کی ترقی میں ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر کی خدمات کو خراج تحسین
    محمد ارشد چوہدری نے اپنی قیادت سے ثابت کیا کہ عزم اور نیت سے بڑے مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا یہ اقدام ننکانہ صاحب کے لیے ایک تعلیمی انقلاب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

    آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ
    یہ فیصلہ خواتین کی تعلیم اور خودمختاری کے فروغ کے لیے ایک مثال بن چکا ہے، جو صوبے بھر کے لیے مشعل راہ ہوگا۔ تعلیم ہی وہ راستہ ہے جو کسی بھی معاشرے کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے۔

  • ننکانہ صاحب: دانش سکول میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا شاندار انعقاد

    ننکانہ صاحب: دانش سکول میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا شاندار انعقاد

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)سینٹر آف ایکسیلنس (دانش سکول) ننکانہ صاحب میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔

    سکول انتظامیہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ بچوں نے ڈپٹی کمشنر کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز کا معائنہ کیا اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے خاص طور پر ورکنگ ماڈلز کی تعریف کی۔

    لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد محی الدین اطہر نے سائنس میلے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیلات فراہم کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول حکومت کا ایک جدید تعلیمی منصوبہ ہے جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دانش سکول ننکانہ صاحب ایک سٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی ادارہ ہے جہاں ہر طبقے کے بچے یکساں مواقع کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بنیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دانش سکول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

    میلے کے دوران بچوں کی محنت اور سائنسی مہارت کی جھلک نے شرکاء کو متاثر کیا، اور اساتذہ نے بچوں کی کارکردگی کو مزید نکھارنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • ننکانہ صاحب: سموگ اور دھند سے بچاؤ کیلئے آگاہی واک، حفاظتی اقدامات پر زور

    ننکانہ صاحب: سموگ اور دھند سے بچاؤ کیلئے آگاہی واک، حفاظتی اقدامات پر زور

    ننکانہ صاحب: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار اور اسسٹنٹ کمشنر وجیہہ ثمرین کے باہمی تعاون سے سموگ اور دھند کے خطرات کے پیش نظر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں ریسکیو افسران، ٹریفک پولیس اہلکار، اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کے ریسکیو محافظوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    شرکاء نے آگاہی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ واک کے بعد ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے ٹریکٹر ٹرالیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، اور دیگر گاڑیوں پر چمکدار تکونی پٹیاں لگائی گئیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ دھند کے دوران حادثات کی بڑی وجہ گاڑیوں پر سیفٹی لائٹس اور چمکدار پٹیوں کی عدم موجودگی ہے۔ انہوں نے فوگ لائٹس اور چمکدار پٹیوں کی تنصیب کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ پیچھے سے آنے والی گاڑیاں موجودہ گاڑیوں کو دیکھ سکیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر وجیہہ ثمرین نے کہا کہ فوگ سیزن کے دوران انڈیکیٹرز، فوگ لائٹس، اور حفاظتی پٹیاں لگانے سے حادثات میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں سے حفاظتی اقدامات اپنانے کی اپیل کی۔

    ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران اور دیگر حکام نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ سڑک پر حفاظتی لائٹس اور پٹیوں کا استعمال زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ واک کا مقصد عوام میں شعور پیدا کرنا اور سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنا تھا۔

  • ننکانہ:قرآن و سنہ موومنٹ کا ورکر کنونشن، علامہ ابتسام الہی ظہیر کی خصوصی شرکت

    ننکانہ:قرآن و سنہ موومنٹ کا ورکر کنونشن، علامہ ابتسام الہی ظہیر کی خصوصی شرکت

    ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں قرآن و سنہ موومنٹ کی طرف سے مرکز نور الہدی میں ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان کے چیئرمین علامہ ابتسام الہی ظہیر نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

    کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابتسام الہی ظہیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے قرآن اور اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1947 میں اس مقصد کے لیے آزاد ہوا کہ یہاں اسلام کا جھنڈا بلند ہو اور اللہ کے نبی کا قانون نافذ ہو۔ آج ہم مسلمان کافر کے ظلم کا شکار ہیں کیونکہ ہم اپنے مقصد کو بھول چکے ہیں۔

    علامہ ابتسام الہی ظہیر نے مزید کہا کہ جب ہم قرآن اور سنت کے مطابق زندگی گزاریں گے، تو ملک کی خوشحالی اور ترقی ہمارا مقدر بنے گی۔

    کنونشن کے دوران ضلع ننکانہ صاحب کی ممبر سازی بھی کی گئی۔ مولانا عمران ناصر کو ضلع ننکانہ صاحب کا سرپرست اعلی، حافظ حسان جبار کو چیف آرگنائزر، اور پیر عارف نواز شاہ کو قرآن و سنہ موومنٹ کا صدر مقرر کیا گیا۔ چیئرمین حافظ ملک زکریا اور جنرل سیکرٹری پیر مدثر شاہ نے نوٹیفکیشن جاری کیے۔

    پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کے لیے مرکز نور الہدی کی جانب سے بہترین کھانے کا انتظام کیا گیا۔

  • ننکانہ:موجودہ حالات میں یوتھ اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، شیخ فیاض احمد

    ننکانہ:موجودہ حالات میں یوتھ اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، شیخ فیاض احمد

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)موجودہ حالات میں یوتھ اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، شیخ فیاض احمد

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی سیکرٹریٹ ننکانہ صاحب میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان مرکزی مسلم لیگ سینٹرل پنجاب کے صدر شیخ فیاض احمد نے کی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید سمیت ضلع بھر سے نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا گیا۔

    شیخ فیاض احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام، اور سماجی مسائل جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے میں نوجوانوں اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم یافتہ سوچ ہی پاکستان کو درپیش مسائل کا حل فراہم کر سکتی ہے اور نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلباء اپنی تحقیقی صلاحیتوں کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں، جو ملکی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ شیخ فیاض احمد نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طبقہ فرقہ واریت اور تعصب کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کی سرگرمیاں امن و امان کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی معاون ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے نہ صرف بے روزگاری کم ہوگی بلکہ ملک کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ موجودہ حالات میں نوجوان نسل میں سیاسی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یوتھ کو ملکی سیاست میں شامل کر کے شفافیت، انصاف، اور بہتر حکمرانی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

    اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کو تعلیمی اور معاشی مواقع فراہم کرے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ اور طلباء پاکستان کی ترقی اور استحکام کے اہم ستون ہیں۔ ان کی صلاحیتوں اور جذبے کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے تو پاکستان ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو سکتا ہے۔

  • ننکانہ : ڈپٹی کمشنر کا شاہکوٹ ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار

    ننکانہ : ڈپٹی کمشنر کا شاہکوٹ ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر کا شاہکوٹ ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار
    تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاب محمد تسلیم اختر راؤ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال شاہکوٹ کا رات گئے اچانک دورہ کیا اور اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔ مریضوں نے اسپتال میں طبی سہولیات کی بہترین فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سخت سردی کے باوجود ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اور عملے کی مکمل حاضری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، معیاری سہولیات کی فراہمی اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

  • ننکانہ:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا 2025 کو ‘خدمت کا سال’ قرار دینے کا اعلان

    ننکانہ:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا 2025 کو ‘خدمت کا سال’ قرار دینے کا اعلان

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا 2025 کو ‘خدمت کا سال’ قرار دینے کا اعلان

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے کہا ہے کہ پاکستان کو قائد اعظم کے اسلامی فلاحی ریاست کے خواب کے قریب لے جانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 2025 کو "خدمت کا سال” قرار دیتے ہوئے ضلع بھر میں خدمت خلق کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں فری میڈیکل کیمپس، سستے تندور اور دستر خوان کا قیام شامل ہوگا تاکہ کم آمدنی والے افراد اور محنت کشوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

    ثاقب مجید نے کہا کہ حقیقی سیاست کا مقصد عوام کی بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمت کرنا ہے اور ان منصوبوں کے ذریعے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا مقصد عوامی خدمت کے کاموں کو پھیلانا ہے تاکہ پاکستان کو قائد اعظم کے اسلامی فلاحی ریاست کے تصور کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ : پاکستان عالمی دباؤ کا شکار، معیشت تباہ  ہوچکی ہے، چوہدری محمد سرور

    ننکانہ : پاکستان عالمی دباؤ کا شکار، معیشت تباہ ہوچکی ہے، چوہدری محمد سرور

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی دفتر ننکانہ صاحب میں رکنیت سازی مہم کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت لاہور ڈویژن کے صدر چوہدری محمد سرور نے کی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید اور دیگر عہدیداران سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی دباؤ کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ معیشت تباہ حالی کا شکار ہے، اور سودی قرضوں نے قومی سطح پر بے پناہ مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں یوتھ کا کردار کلیدی ہے اور انہیں آگے آ کر اپنا اہم رول ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک کو مایوسیوں سے نکال کر روشن مستقبل کی طرف گامزن کرے گی اور سیاست کو انبیاء کے طرز پر کھڑا کرے گی، تاکہ ملک دن رات ترقی کی منازل طے کر سکے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوامی خدمت کے کئی منصوبے کامیابی سے چلا رہی ہے، جن سے سینکڑوں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

    انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ رکنیت سازی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اللہ سے تعلق کو مضبوط کر کے ملک کی خدمت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے تعاون سے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہو گی۔

  • ننکانہ: ڈپٹی کمشنر کےبنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے عملے کی معطلی احکامات ہوامیں اُڑگئے

    ننکانہ: ڈپٹی کمشنر کےبنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے عملے کی معطلی احکامات ہوامیں اُڑگئے

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر کےبنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے عملے کی معطلی احکامات ہوامیں اُڑگئے

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کے احکامات کے باوجود چار روز گزرنے کے بعد بھی بنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے غیر حاضر عملے کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا۔

    29 دسمبر کی رات ڈپٹی کمشنر نے اچانک بنیادی مرکز صحت کا دورہ کیا، جہاں عملہ، بشمول ایل ایچ وی، آیا، اور چوکیدار، غیر حاضر پایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر عملے کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، لیکن سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    ضلعی محکمہ صحت کے معتبر ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کے احکامات کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف ضلعی انتظامیہ کے لیے باعث تشویش ہے بلکہ عوام میں بھی بے چینی پیدا کر رہی ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی غفلت نہ ہو۔