Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ : حادثے میں زخمی ریسکیور فاطمہ بانو شہید، سپرد خاک

    ننکانہ : حادثے میں زخمی ریسکیور فاطمہ بانو شہید، سپرد خاک

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ریسکیور فاطمہ بانو کی شہادت، نماز جنازہ میں افسران و شہریوں کی شرکت

    گزشتہ روز کشمیر روڈ پر حادثے کا شکار ہونے والی ریسکیو 1122 کی "ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن” فاطمہ بانو فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملی۔

    آج دھولر چوک قبرستان میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار، دیگر افسران، میڈیا نمائندگان، ریسکیورز، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے مرحومہ کو سلامی پیش کی۔

    سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور دیگر افسران نے قبر پر پھول چڑھائے اور مرحومہ کی خدمات کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ فاطمہ بانو ایک پیشہ ور اور خدمتِ انسانیت کے جذبے سے سرشار ریسکیور تھیں، ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

  • ننکانہ:چیئرپرسن انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    ننکانہ:چیئرپرسن انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ کے چیئرپرسن برگیڈئیر (ر) بابر علاءالدین نے ننکانہ صاحب کا طویل دورہ کیا۔ ان کے استقبال کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر، ڈی پی او سید ندیم عباس اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔

    چیئرپرسن کی زیر صدارت ڈی سی کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جہاں انہیں سی ایم انیشیٹوز، ترقیاتی منصوبوں، کسان کارڈ، ہمت کارڈ، گرین ٹریکٹر اسکیم اور دیگر حکومتی پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی پی او دفتر میں ضلعی پولیس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور نئی بلڈنگ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا گیا۔

    چیئرپرسن نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور ادویات کے اسٹاک کا بھی معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ ماڈل ریڑھی بازار، بی ایچ یو کھیاڑے کلاں کی ری ویمپنگ اور ڈی سی پارک میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت پودا لگایا گیا۔

    بابر علاءالدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے نوجوان افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہم عہدوں پر نوجوانوں کی موجودگی خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صفائی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کی نگرانی خود وزیراعلیٰ کرتی ہیں۔

    چیئرپرسن نے پولیس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں، عوامی مسائل حل کریں اور عوامی سہولت کے لیے اقدامات کریں۔

    چیئرپرسن نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں پہلی بار ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام سے صفائی کے معیار میں بہتری آئے گی۔

    آخر میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے لیے حکومت کا ہر اقدام عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ہے اور ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

  • ننکانہ: لائیو اسٹاک کارڈ کے تحت کسانوں کو مالی معاونت اور ونڈا ڈیلرز سے معاہدے

    ننکانہ: لائیو اسٹاک کارڈ کے تحت کسانوں کو مالی معاونت اور ونڈا ڈیلرز سے معاہدے

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے تحت ونڈا ڈیلرز اور کسانوں کے لیے اہم اقدامات

    تفصیل کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ننکانہ صاحب نے تحصیل کے 10 رجسٹرڈ ونڈا ڈیلرز اور پنجاب بینک کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں ونڈا ڈیلرز کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ رجسٹرڈ ڈیلرز کا تعلق ننکانہ، واربرٹن، منڈی فیض آباد، بچیکی اور سید والا سے ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر خورشید عالم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈ کسان اب مقامی فیڈ ڈیلرز سے جانوروں کی خوراک، ونڈا، سائلیج، اور دیگر ضروریات خرید سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے تحصیل بھر میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، اور ہر لائیو اسٹاک دفتر میں سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں کسانوں کو رجسٹریشن اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

    ڈاکٹر خورشید عالم کے مطابق لائیو اسٹاک کارڈ کا مقصد مویشی پال کسانوں کی مالی معاونت، ان کے جانوروں کی صحت و خوراک کے لیے سبسڈی اور دیگر مراعات فراہم کرنا ہے۔ اس کارڈ کے تحت کسانوں کو صفر سود پر قرض دیا جائے گا۔ کم سے کم 5 بچھڑوں پر 27 ہزار روپے فی جانور جبکہ زیادہ سے زیادہ 10 بچھڑوں پر 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ قرض کی رقم ماہانہ اقساط کی صورت میں فراہم کی جائے گی، اور یہ سکیم پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوگی۔ رجسٹریشن کے لیے کسان اپنے قریبی ویٹرنری اسپتال یا سہولت ڈیسک سے رجوع کر سکتے ہیں، یا اپنے موبائل فون سے "PLC (سپیس) شناختی کارڈ نمبر” لکھ کر 8070 پر بھیج سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر خورشید عالم نے کہا کہ درخواست گزار کا محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈیٹا بیس 9211 پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ مزید سہولت کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایپلی کیشن پر آن لائن درخواست بھی دی جا سکتی ہے۔

    یہ اقدامات کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہیں۔

  • ننکانہ: تعلیم میں بہتری و شفافیت،ریجنل ڈائریکٹر اوپن یونیورسٹی کی سی ای او ایجوکیشن سے ملاقات

    ننکانہ: تعلیم میں بہتری و شفافیت،ریجنل ڈائریکٹر اوپن یونیورسٹی کی سی ای او ایجوکیشن سے ملاقات

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) معیارِ تعلیم اور شفافیت کے لیے ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سی ای او ایجوکیشن سے ملاقات

    ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی شیخوپورہ، فیاض خان صحرائی نے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب، ڈاکٹر محمد قیوم احمد خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد ضلع میں معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانا اور امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

    ریجنل ڈائریکٹر فیاض خان صحرائی نے بعد ازاں گورنمنٹ گورو نانک ہائر سیکنڈری اسکول اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور امیدواروں کے مسائل سن کر ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • ننکانہ: وزیر اعلیٰ کھیلتا پنجاب گیمز 2024 کا اختتام،انعامات تقسیم

    ننکانہ: وزیر اعلیٰ کھیلتا پنجاب گیمز 2024 کا اختتام،انعامات تقسیم

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ کھیلتا پنجاب گیمز 2024 کا اختتام، کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

    ننکانہ صاحب میں ضلع لیول کی وزیر اعلیٰ کھیلتا پنجاب گیمز 2024 اختتام پذیر ہو گئیں۔ کرکٹ، فٹبال، ہاکی، بیڈمنٹن، ایتھلیٹکس اور کبڈی کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو تھے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ لیول کے مقابلوں میں جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو انعامات سے نوازا۔

    تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجہیہ ثمرین، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اظہر محمود اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ کھیلتا پنجاب گیمز کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ ان مقابلوں کا آغاز یکم نومبر کو ہوا اور 10 نومبر کو اختتام پذیر ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں اور مقامی ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ اسپورٹس کے مقابلے مستقبل میں صوبائی اور ملکی سطح پر کامیاب کھلاڑی پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔ جیتنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50 ہزار روپے اور ٹرافی دی گئی۔

  • ننکانہ : بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر

    ننکانہ : بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر

    تفصیل کے مطابق بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات بھوگ اور مذہبی رسومات کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ سکھ برادری نے عبادات کے دوران پاکستان کی تعمیر و ترقی اور دنیا بھر میں امن کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    تقریبات کے اختتام پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ سکھ یاتریوں نے بہترین انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کی عزت افزائی و خلوص کو سراہا۔

    ضلعی انتظامیہ نے رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے شاندار انتظامات کیے۔ سکھ یاتریوں نے پاکستان کو ایک پرامن ملک اور پاکستانی عوام کو سکھوں سے محبت کرنے والی قوم قرار دیا۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آخری روز، مرکزی تقریب جاری

    ننکانہ صاحب: بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آخری روز، مرکزی تقریب جاری

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز کی رپورٹ) بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آج آخری روز، گوردوارہ جنم استھان میں مرکزی تقریب جاری

    ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات اپنے عروج پر ہیں، اور آج ان تقریبات کا آخری روز ہے۔ گوردوارہ جنم استھان میں مرکزی تقریب جاری ہے جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر وفاقی اور صوبائی وزراء بھی تقریب میں شریک ہیں۔

    بابا گورونانک کی سالگرہ کی تقریبات ہر سال بڑی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی جاتی ہیں۔ اس سال بھی سکھ کمیونٹی کے افراد اس تاریخی موقع پر گوردوارہ جنم استھان میں جمع ہیں، جہاں مذہبی رسومات ادا کی جا رہی ہیں اور عبادات کی گئیں۔

    مرکزی تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے نگر کیرتن کے جلوس کا آغاز ہو گا۔ یہ جلوس سکھ مذہب کی اہم عبادات میں شامل ہے اور اس میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں۔ جلوس کے شرکاء ساتوں گردواروں کی یاترا کرتے ہوئے گوردوارہ کیارہ صاحب پہنچیں گے، جہاں ایک اور مذہبی رسومات کا اہتمام کیا جائے گا۔

    جلوس اپنے روایتی راستے پر گوردوارہ جنم استھان کی طرف واپس آئے گا اور یہاں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ اس دوران، سکھ یاتری جلوس کے ساتھ گاتی ہوئی مذہبی کلام اور پرچموں کی بے شمار رنگینیاں منظر پیش کریں گی، جو ایک روحانی تجربہ ہوتا ہے۔

    ننکانہ صاحب سے باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان ایاز کی رپورٹ دیکھنے کیلئے دی گئی لنک پر وزٹ کریں
    https://x.com/BaaghiTV/status/1857418052251295847

    اس موقع پر سکھ کمیونٹی کے افراد نے مذہبی عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہوئے بابا گورونانک کے پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کا عہد کیا ہے۔

    ننکانہ صاحب کی یہ تقریبات نہ صرف سکھ کمیونٹی کے لیے بلکہ تمام پاکستانیوں کے لیے ایک اہم اور روحانی موقع ہے، جس پر مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا جاتا ہے۔

  • ننکانہ صاحب: بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال

    ننکانہ صاحب: بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بھارتی سکھ یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے خصوصی بسوں میں فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ ننکانہ صاحب پہنچایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بھارتی سکھ یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور ان پر منوں پھول نچھاور کیے گئے۔

    سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، صحت، سیکیورٹی اور خوراک کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ یاتری ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ صوفی نائٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے پاکستان میں ملنے والے پروٹوکول پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کا والہانہ استقبال اور محبت مثالی ہے۔ یاتریوں نے حکومت اور انتظامیہ کے شاندار انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

  • باباگورونانک کے 555 ویں جنم دن کی 03 روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے ہو گا

    باباگورونانک کے 555 ویں جنم دن کی 03 روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے ہو گا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز )بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے ہوگا، سکھ یاتریوں کی آمد جاری

    تفصیل کے مطابق سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے ہو گیا ہے۔ تقریبات میں شرکت کے لیے اندرون و بیرون ممالک سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہمسایہ ملک سے تین ہزار یاتری آج ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے، جن میں رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی شامل ہیں۔ یاتریوں نے حکومت پاکستان کے انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اکھنڈ پات کی رسم کی ادائیگی کے دوران سکھ یاتریوں نے پاکستان کی ترقی اور دنیا میں امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ راؤ تسلیم اختر نے کہا کہ بابا گورونانک نے ہمیشہ امن، محبت اور آشتی کا درس دیا ہے اور ننکانہ صاحب کے باسیوں نے مذہبی رواداری کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ سکھ یاتریوں نے پاکستانی عوام کی محبت اور مہمان نوازی کو سراہا اور پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا۔

    تقریبات کے دوران سکھ یاتریوں کے لیے آج رات آفیسر کلب میں صوفی نائٹ کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے، جس سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور پاکستانی قوم سکھ برادری سے محبت و احترام کے جذبات رکھتی ہے۔

  • ننکانہ : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے یاتری جاں بحق، اہل خانہ کا پولیس کی نااہلی پر احتجاج

    ننکانہ : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے یاتری جاں بحق، اہل خانہ کا پولیس کی نااہلی پر احتجاج

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز )سکھ یاتریوں کی گاڑی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، 40 سالہ رجیش کمار جاں بحق، پولیس کی مبینہ غفلت پر اہل خانہ کا احتجاج

    تفصیل کے مطابق بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کی گاڑی کو ڈاکوؤں کی فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ تھانہ واربرٹن کی حدود میں بھگوڑ کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے خاندان کو اسلحہ کے زور پر روکا، نقدی اور موبائل چھین لیے۔

    پولیس کے آنے کی اطلاع پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھا 40 سالہ یاتری رجیش کمار جاں بحق ہو گیا۔ اہل خانہ نے پولیس کی نااہلی پر سخت احتجاج کیا۔ مقتول کے بہنوئی دولت کمار نے الزام عائد کیا کہ ڈاکو لوٹنے کے بعد فرار ہو رہے تھے، مگر جب موٹر سائیکل پر دو پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران پولیس اہلکار موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے رجیش کمار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    اہل خانہ کے مطابق، واقعہ کے بعد بیوی اور دیگر قریبی عزیز شدید صدمے کا شکار ہو گئے اور بے ہوشی کی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کر دیے گئے۔ مقتول کے معصوم بچے اپنے والد کو تلاش کر رہے ہیں اور معصومیت سے سوال کرتے ہیں کہ ان کے "پاپا کہاں ہیں؟”۔

    پولیس نے نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ تاہم، اہل خانہ اور مقامی افراد نے پولیس کی مبینہ غفلت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس اہلکاروں نے مناسب کارروائی کی ہوتی تو شاید یہ سانحہ نہ ہوتا۔ یہ واقعہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور پولیس کی کارکردگی پر کئی سوالات چھوڑ گیا ہے۔