Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ:ڈی ایچ کیو ہسپتال  پر رات گئے  ڈی سی کاچھاپہ، غفلت پر اہلکار معطل

    ننکانہ:ڈی ایچ کیو ہسپتال پر رات گئے ڈی سی کاچھاپہ، غفلت پر اہلکار معطل

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عوام الناس کی شکایات پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معائنہ ٹیم نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا، جہاں علاج معالجے میں غفلت ثابت ہونے پر متعدد اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے معائنے کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کے اچانک دورے پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت بھی فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے۔ معائنہ ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا، جہاں علاج کی فراہمی میں غفلت برتنے پر چار اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔

    مریضوں کو بازار سے ادویات منگوانے پر گائنی وارڈ کے دو اہلکاروں کو معطل کیا گیا جبکہ قبل از وقت فارمیسی بند کرنے پر ایک ڈسپنسر اور پرچی کاؤنٹر کلرک کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ معائنہ ٹیم نے بتایا کہ کسی بھی مریض نے شکایات کے حوالے سے ایم ایس آفس کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

    انسپکشن کا عمل مسلسل تین گھنٹے جاری رہا، جس دوران پچاس مریضوں کے انٹرویوز بھی کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق انہوں نے رواں ماہ کے دوران سات مرتبہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور سی ای او ہیلتھ بھی چھ مرتبہ ہسپتال آ چکے ہیں۔

    دورانِ انسپکشن ڈاکٹرز اور عملہ اپنی ڈیوٹی پر حاضر پایا گیا، جبکہ صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش قرار دیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ننکانہ صاحب: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا گراس روٹس سطح پر رابطہ مضبوط، مسلم لیگ ہاؤسز قائم

    ننکانہ صاحب: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا گراس روٹس سطح پر رابطہ مضبوط، مسلم لیگ ہاؤسز قائم

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیرِ انتظام ضلع بھر کی مختلف یونین کونسلز میں مسلم لیگ ہاؤسز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ موڑکھنڈا، سید والا اور بچیکی سمیت سات یونین کونسلز میں قائم کیے گئے یہ مراکز گراس روٹس سطح پر عوامی رابطے اور خدمت کی سیاست کو فروغ دینے کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔

    افتتاحی تقریبات کی صدارت صدر وسطی پنجاب پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری حمید الحسن نے کی، جبکہ اس موقع پر پارٹی کارکنان، مقامی عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری حمید الحسن نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں مسلم لیگ ہاؤسز کا قیام اس امر کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اقتدار کے بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز عوام کے مسائل کے حل، مشاورت اور رہنمائی کے لیے ہمہ وقت فعال رہیں گے۔

    ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ ثاقب مجید نے اس موقع پر بتایا کہ مسلم لیگ ہاؤسز کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سیاسی و سماجی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز نہ صرف پارٹی سرگرمیوں بلکہ عوامی مسائل کے فوری ازالے، فلاحی کاموں اور تنظیمی تربیت کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوں گے۔

    پارٹی قیادت کے مطابق آئندہ دنوں میں مسلم لیگ ہاؤسز کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور سماجی خدمات کے مزید منصوبوں کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

  • ننکانہ صاحب:ڈپٹی کمشنر  محمد تسلیم اختر راؤ کی پریس کلب آمد

    ننکانہ صاحب:ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی پریس کلب آمد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے پریس کلب ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ثناء شرافت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد تصور چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف اور ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    پریس کلب آمد پر صدر پریس کلب چوہدری افضل حق خان، دیگر عہدیداران اور صحافی برادری نے ڈپٹی کمشنر اور ان کے ہمراہ افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زیرِ تعمیر پریس کلب کا تفصیلی معائنہ کیا، جس پر صدر پریس کلب چوہدری افضل حق خان نے انہیں پریس کلب کا نقشہ پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید کو ہدایت کی کہ پریس کلب کے نقشے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو اپنے گھر کی تعمیر پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ننکانہ صاحب ایک بین الاقوامی شہر ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد آتے ہیں، ایسے میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پریس کلب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحافی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا جدید ریاست کا چوتھا اور اہم ستون ہے جو قومی تعمیر و ترقی میں تاریخی کردار ادا کر رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر کے سفر میں میڈیا کو انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا اور ہم سب کو مل کر دل و جان سے ننکانہ صاحب کو سنوارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

  • باغی ٹی وی 14 سال کا ہو گیا، ننکانہ صاحب میں پروقار تقریب

    باغی ٹی وی 14 سال کا ہو گیا، ننکانہ صاحب میں پروقار تقریب

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ کے موقع پر ننکانہ صاحب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے تعلق رکھنے والے سینئر اور نامور صحافیوں نے شرکت کی۔

    تقریب میں پریس کلب کے صدر چوہدری افضل حق (آج ٹی وی)، شیخ آصف اقبال (ہم نیوز)، سمیع اللہ عثمانی (روزنامہ مشرق)، ارشد ڈوگر (ڈان نیوز)، شیخ سلمان (365 نیوز)، طاہر ہجویری (روزنامہ نیوز)، جاوید احمد معاویہ (پی ٹی وی نیوز)، طارق (سنو نیوز)، چوہدری کامران (وقت نیوز)، عابد حمید رحمانی (92 نیوز) اور شاہنواز بھٹی (ٹی وی ٹوڈے) سمیت دیگر سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جبکہ تمام صحافیوں نے باغی ٹی وی کے سی ای او مبشر لقمان،ایڈیٹر ممتازحیدراعوان،انچارج نمائندگان ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی اور ان کی پوری ٹیم کو 14ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی اور ادارے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    شرکاء نے باغی ٹی وی کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ حقائق پر مبنی اور جرات مند صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

  • ننکانہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پلان کے تحت تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری

    ننکانہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پلان کے تحت تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ننکانہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب ثناء شرافت نے بیوٹیفکیشن کے جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے چوکوں اور پبلک پارکس میں نئے مونومنٹس نصب کرنے کے عمل کا معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کے افسران کو بیوٹیفکیشن پراجیکٹ میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت نے کہا کہ ننکانہ صاحب کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے شاد باغ کالونی میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ شاد باغ کالونی سے اب تک 80 فیصد تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں جبکہ باقی تجاوزات کے خاتمے کے لیے ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری تجاوزات کے خاتمے تک تحصیل بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

  • واربرٹن کے نوجوان محمد وقاص نے دبئی آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    واربرٹن کے نوجوان محمد وقاص نے دبئی آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    واربرٹن (نامہ نگار)دبئی میں منعقد ہونے والی ساتویں سالانہ آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں واربرٹن سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی محمد وقاص نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی حکومت کے زیر اہتمام آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں انڈیا، مصر، لبنان، متحدہ عرب امارات، نیپال سمیت ایشیا کے دیگر ممالک اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    محمد وقاص نے 80 کلوگرام کی کیٹیگری میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ اس مقابلے میں دوسری پوزیشن جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈینیل نے حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن انڈیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی کے حصے میں آئی۔

    محمد وقاص کی اس کامیابی پر اہلِ علاقہ، دوست احباب اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے واربرٹن کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔

  • ٹریفک قوانین اور منشیات پر زیرو ٹالرنس، آر پی او شیخوپورہ

    ٹریفک قوانین اور منشیات پر زیرو ٹالرنس، آر پی او شیخوپورہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ننکانہ صاحب میں منعقدہ ٹریفک قوانین آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے ڈی پی او ننکانہ صاحب فراز احمد کے ہمراہ ضلع کا دورہ کیا اور ٹریفک آگاہی مہم کے سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار میں ڈی ایس پی ٹریفک عاصم اعوان، حرا ایجوکیشن سسٹم کے سربراہان، اساتذہ، طلباء اور پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ شرکاء کو ٹریفک آگاہی کے حوالے سے ایک شارٹ فلم بھی دکھائی گئی۔

    اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا اندازہ سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رویوں میں مثبت تبدیلی اور قانون سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آر پی او نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں اور معاشرے میں منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے اساتذہ اور طلباء پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور منشیات فروشی کے خلاف پولیس کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء اور غازی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، اس لیے ہم سب کو مل کر معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا عزم کرنا ہوگا۔

    آر پی او نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو اعزازی سرٹیفیکیٹس دیے، جبکہ حرا ایجوکیشن سسٹم کی جانب سے آر پی او، ڈی پی او اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ ہمدرد کتب خانہ کی جانب سے پولیس افسران کو غلافِ کعبہ کا تحفہ بھی دیا گیا۔

    سیمینار کے اختتام پر شرکاء میں ٹریفک آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور ٹریفک قوانین آگاہی واک بھی کی گئی۔ سیمینار میں حرا ایجوکیشن سسٹم کے ڈائریکٹر چوہدری مجید، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر قیصر عرفان چوہدری، پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے چیئرمین نصیب الٰہی گجر، ہمدرد بک ڈپو لاہور کے جمیل احمد، ماہر تعلیم سعید اختر اور پرائیویٹ سکول ایجوکیشن ننکانہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

  • ننکانہ صاحب :پیرا فورس میں بھرتی، سخت اسکرونٹی کا عمل جاری

    ننکانہ صاحب :پیرا فورس میں بھرتی، سخت اسکرونٹی کا عمل جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)تجاوزات اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے پیرا فورس میں انویسٹیگیشن افسران کی بھرتی کا عمل سخت اسکرونٹی کے تحت جاری ہے۔ یہ بھرتی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی براہِ راست نگرانی میں مکمل کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ضلعی افسران بھی عمل کی نگرانی پر مامور ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے انویسٹیگیشن افسران کے لیے رننگ اور فزیکل ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔ خواتین امیدواروں کے لیے رننگ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 37 خواتین نے حصہ لیا، جنہیں 12 منٹ میں ایک میل کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ مقررہ وقت میں 16 خواتین رننگ ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ 21 خواتین فیل قرار پائیں۔ فزیکل ٹیسٹ میں 15 خواتین کامیاب جبکہ ایک خاتون ناکام رہی۔

    مرد امیدواروں کے لیے رننگ ٹیسٹ میں 155 امیدواروں نے شرکت کی، جنہیں 8 منٹ میں ایک میل کا فاصلہ مکمل کرنا تھا۔ 76 مرد امیدوار رننگ ٹیسٹ میں کامیاب رہے جبکہ 79 امیدوار مقررہ وقت میں فاصلہ طے نہ کر سکے۔ رننگ ٹیسٹ میں محمد مدثر نے پہلی، محسن عباس نے دوسری اور محمد طیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    فزیکل ٹیسٹ کے دوران 64 مرد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 12 امیدوار فیل قرار پائے۔ رننگ اور فزیکل ٹیسٹ کے مقامات پر پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور میڈیکل سہولیات کا مکمل انتظام کیا گیا تھا۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام مراحل مکمل طور پر قانون کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔

  • ننکانہ صاحب: زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی، بھٹہ مسمار

    ننکانہ صاحب: زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی، بھٹہ مسمار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے اینٹوں کے بھٹے کو مسمار کر دیا۔

    کارروائی ننکانہ صاحب کے نواحی قصبہ واربرٹن میں کی گئی، جہاں آلودگی پھیلانے اور سموگ کا سبب بننے والے بھٹے کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر صنعتی یونٹس اور بھٹہ جات کی چیکنگ کر رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے گرینڈ شجرکاری مہم بھی جاری ہے، جبکہ صاف ماحول کے قیام کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

  • ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر کا بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر کا بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور وائس چانسلر بابا گرو نانک یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد عمران نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے کیمپس میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر نے دیگر افسران کے ہمراہ یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کا دورہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت، معیار اور رفتار کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور وائس چانسلر نے بابا گرو نانک یونیورسٹی میں پودے بھی لگائے اور سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد عمران نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے بلا تعطل تسلسل کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے، جبکہ یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل بڑھتی ہوئی تعلیمی اور انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نئے کیمپس کو جلد از جلد یونیورسٹی کے حوالے کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس مقصد کے لیے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیمپس کو صاف ستھرا اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے اور گرین کیمپس کے تصور کو عملی شکل دی جائے۔

    دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ، رجسٹرار، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ، ایکسین بلڈنگ، ڈی او انفارمیشن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔