Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ صاحب: ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر ریلی

    ننکانہ صاحب: ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر ریلی

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام ایک پُرامن اور باوقار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عہد کی تجدید کرنا تھا۔

    ریلی ڈی سی آفس سے شروع ہو کر گوردوارہ جنم استھان پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے کی۔ ریلی میں ضلعی افسران، علماء اکرام، سکھ کمیونٹی، تاجر، وکلاء، میڈیا تنظیموں کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ریلی کے شرکاء نے کشمیری اور پاکستانی پرچموں کے ساتھ بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جبکہ فضا ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور ’’افواجِ پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔

    اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں، جدوجہد اور استقامت پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہیں، اور ہر پاکستانی دل کی گہرائیوں سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی اداروں کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہی خطے کے امن اور سلامتی کا واحد حل ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی آزادی تک ان کی حمایت جاری رہے گی۔ مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا خاتمہ ہو گا اور کشمیری عوام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔

  • ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر کا  ایکشن، کلاس سے غیر حاضر سکول ٹیچر معطل،ہیڈماسٹرز کاتبادلہ

    ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر کا ایکشن، کلاس سے غیر حاضر سکول ٹیچر معطل،ہیڈماسٹرز کاتبادلہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے تحصیل ننکانہ صاحب کا دورہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچیکی بڑا گھر کے اسکول میں کلاس سے غیر حاضر ٹیچر کو معطل کر دیا اور اسکول کے بدانتظامی پر دونوں ہیڈ ماسٹرز کو منتقل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے بچیکی بڑا گھر میں پولیو کیمپس کا وزٹ کیا، جہاں کلاس سے غیر حاضر ہونے اور اسکول میں چھڑی برآمد ہونے کے معاملے پر دو ٹیچرز کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ بدانتظامی کے تدارک کے لیے دونوں اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اسکولوں میں نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بچیکی اور سیدوالہ کے مختلف بازاروں میں تجاوزات اور صفائی کے جائزے کے لیے بھی دورے کیے اور موٹروے انٹرچینج پر بیوٹیفکیشن اور سپورٹس ارینا کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ارینا میں روزانہ کی بنیاد پر فٹ بال اور کرکٹ کے میچز منعقد ہوں گے اور میچز کی آن لائن بکنگ بھی دستیاب ہوگی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل اور پیرا فورس تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رکھیں، اور ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کو جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر منصوبے اور اسکول کی صورتحال پر فوری توجہ دی جائے تاکہ ضلع میں نظم و ضبط اور ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھی جا سکے۔

  • ننکانہ:ناقص دودھ اور ملاوٹی چائے  کی پتی پر گول چکر میں فوڈ اتھارٹی نے معروف ہوٹل سیل کردیا

    ننکانہ:ناقص دودھ اور ملاوٹی چائے کی پتی پر گول چکر میں فوڈ اتھارٹی نے معروف ہوٹل سیل کردیا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پنجاب فوڈ اتھارٹی ننکانہ صاحب نے گول چکر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دودھ اور چائے پتی کے سیمپلز فیل ہونے پر ایک معروف چائے ہوٹل کو سیل کر کے مقدمہ درج کروا دیا۔

    فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق موقع سے حاصل کیے گئے دودھ اور چائے پتی کے نمونے لیبارٹری رپورٹ میں فیل قرار پائے۔ چائے کی تیاری میں استعمال ہونے والے دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور فیٹ کی کمی پائی گئی، جب کہ چائے پتی کے سیمپل میں ممنوعہ رنگ کی ملاوٹ ثابت ہوئی، جس پر ہوٹل کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور عوام کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

  • ننکانہ صاحب:سٹیٹ آف دی آرٹ پریس کلب عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    ننکانہ صاحب:سٹیٹ آف دی آرٹ پریس کلب عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کے صحافیوں کے لیے خوشخبری، شہر میں پریس کلب کی اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے صحافتی تنظیموں کے عہدیدران کے ہمراہ نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔

    سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ایس پی انویسٹیگیشن حناء نیک بخت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت، صدر پریس کلب ننکانہ صاحب چوہدری افضل حق خاں، جنرل سیکرٹری محمد آصف بھٹی سمیت پریس کلب کے دیگر عہدیدران اور ممبران نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کی جائے پیدائش ہونے کے باعث عالمی اہمیت کے حامل شہر ننکانہ صاحب میں پریس کلب کی باقاعدہ عمارت نہ ہونے کی وجہ سے صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ پریس کلب کی اپنی عمارت کا قیام صحافی برادری کا دیرینہ مطالبہ اور خواب تھا، جو اب شرمندۂ تعبیر ہونے جا رہا ہے۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ عمارت کی تکمیل کے بعد نہ صرف مقامی صحافیوں کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ سکھوں کے مختلف مذہبی تہواروں اور عالمی تقاریب کی کوریج کے لیے آنے والے ملکی و غیر ملکی صحافیوں کو بھی آسانی ہوگی۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے صحافیوں کو پریس کلب کی تعمیر کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    تقریب کے اختتام پر پریس کلب ننکانہ صاحب کی جانب سے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں

  • ننکانہ صاحب: شرحِ سود 11 فیصد سے کم اور صنعت کے لیے بجلی سستی کی جائے، میاں ندیم

    ننکانہ صاحب: شرحِ سود 11 فیصد سے کم اور صنعت کے لیے بجلی سستی کی جائے، میاں ندیم

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ندیم جالندھر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوری 2026 کی مانیٹری پالیسی میں شرحِ سود کو فوری طور پر 11 فیصد سے کم کیا جائے تاکہ صنعتی پہیہ گردش کر سکے۔ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دسمبر 2025 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) محض 2.7 فیصد رہا ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں شرحِ سود پاکستان کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے، لہٰذا صنعتوں کی بقا کے لیے سود کی شرح میں بڑی کمی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرے اور لائف لائن صارفین کو دی جانے والی سبسڈی کا بوجھ صنعت پر ڈالنے کے بجائے اسے حکومتی بجٹ سے پورا کیا جائے، کیونکہ کراس سبسڈی ایک بالواسطہ ٹیکس ہے جسے صنعت اب مزید برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔

    صدر چیمبر آف کامرس نے برآمدات میں اضافے کے لیے فائنل ٹیکس ریجیم کی بحالی، 1.25 فیصد ٹرن اوور ٹیکس کے خاتمے اور کمپنیوں پر عائد 39 فیصد ٹیکس کو کم کر کے 20 فیصد تک لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ میاں ندیم جالندھر کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح 15 فیصد مقرر کی جائے اور صنعت کے لیے گیس کی قیمت 2300 روپے فی MMBTU فکس کی جائے۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ ملک میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کم از کم 10 سالہ طویل المدتی صنعتی پالیسی کا اعلان کیا جائے، جس میں ٹیکسوں اور توانائی کی قیمتوں کا پہلے سے تعین ہو تاکہ صنعت کار اعتماد کے ساتھ اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دے سکیں اور ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

  • ننکانہ :ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انتظامی بحران،حکام کی غفلت سے ایم ایس کی نشست خالی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب اس وقت شدید انتظامی بحران کی لپیٹ میں ہے جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کی مستقل تعیناتی نہ ہونے کے باعث پورا طبی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ سابق ایم ایس ڈاکٹر اطہر فرید کی معطلی کے بعد پیدا ہونے والا خلا تاحال پُر نہیں کیا جا سکا، جس کی وجہ سے ہسپتال جیسے حساس ادارے کا نظم و ضبط داؤ پر لگ گیا ہے اور انتظامی معاملات میں عدم استحکام کے باعث طبی سہولیات کے معیار میں شدید گراوٹ کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر بااختیار اور مستقل قیادت تعینات نہ کی گئی تو یہ بڑا طبی مرکز محض ایک ڈھانچہ بن کر رہ جائے گا اور غریب مریضوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق سابق ایم ایس ڈاکٹر اطہر فرید کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی معائنہ ٹیم کے اچانک دورے کے دوران سامنے آنے والی سنگین انتظامی کوتاہیوں کی بنیاد پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ اس کارروائی کے بعد سے ہسپتال کی اعلیٰ ترین انتظامی نشست خالی پڑی ہے، جس کا براہِ راست اثر ہسپتال کے روزمرہ کے کاموں اور ادویات کی فراہمی پر پڑ رہا ہے۔ ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ کسی بھی بڑے ادارے کو قائم مقام (Acting) ایم ایس کے رحم و کرم پر چھوڑنا عملی طور پر اسے تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے، کیونکہ عارضی چارج رکھنے والا افسر بڑے اور فیصلہ کن اقدامات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوتا، جس سے پالیسی سازی اور عملدرآمد کا عمل رک جاتا ہے۔

    ننکانہ صاحب کے شہریوں اور طبی حلقوں نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نادیہ ثاقب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے کسی ایماندار، تجربہ کار اور سخت گیر ڈاکٹر کو مستقل طور پر ایم ایس تعینات کریں تاکہ ہسپتال میں ڈسپلن بحال ہو سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محض عارضی انتظامات سے ہسپتال کا نظام نہیں چلایا جا سکتا بلکہ ایک مستقل اور بااختیار سربراہ ہی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اصلاحاتی پالیسیوں کو نچلی سطح تک پہنچا سکتا ہے۔ عوامی حلقوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اب بھی بروقت اور درست فیصلہ نہ کیا گیا تو ہسپتال کا نظام مکمل طور پر زمین بوس ہو جائے گا، جس کا خمیازہ ضلع بھر کے مریضوں کو بھگتنا پڑے گا۔

  • ننکانہ صاحب:وفاقی محتسب کی شکایات سماعت، 45 شہریوں کو ریلیف

    ننکانہ صاحب:وفاقی محتسب کی شکایات سماعت، 45 شہریوں کو ریلیف

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی رجسٹرار وفاقی محتسب فیصل آباد زون یاسر شبیر ملک نے ایس ای لیسکو آفس ننکانہ صاحب میں وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کی سماعت کی، جہاں مجموعی طور پر 45 درخواست گزاروں کے مسائل سن کر انہیں ریلیف فراہم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری کے دوران لیسکو سے متعلق 29، سوئی گیس کے حوالے سے 10 جبکہ نادرا، پاسپورٹ آفس اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگر وفاقی محکموں سے متعلق شکایات زیر سماعت آئیں۔ ڈپٹی رجسٹرار نے تمام فریقین کا مؤقف تفصیل سے سنا اور موقع پر ہی متعدد شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کیے، جس سے درخواست گزاروں کو فوری ریلیف ملا۔

    اس موقع پر یاسر شبیر ملک نے وفاقی محکموں کے افسران اور نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی اور احترام سے پیش آئیں اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت نہ صرف سرکاری فریضہ ہے بلکہ ایک نیکی بھی ہے جسے پوری دیانت داری سے انجام دیا جانا چاہیے۔

    ڈپٹی رجسٹرار نے مزید بتایا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات کے تحت دور دراز علاقوں میں خود جا کر عوامی شکایات سننے کا مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر آسان، شفاف اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام وفاقی محکموں سے متعلق اپنی شکایات بلامعاوضہ اور نہایت آسان طریقے سے وفاقی محتسب کے پاس درج کروا سکتے ہیں، جن پر کم ترین وقت میں شفاف انداز میں کارروائی کر کے ریلیف دیا جاتا ہے۔

    کھلی کچہری میں شریک شہریوں نے وفاقی محتسب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے عوام دوست اقدامات سے سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہوگا اور عوامی مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی۔

  • ننکانہ صاحب: رحمت سنٹر میں ریسکیو 1122 کی فائر سیفٹی موک ایکسرسائز، ڈپٹی کمشنر کا معائنہ

    ننکانہ صاحب: رحمت سنٹر میں ریسکیو 1122 کی فائر سیفٹی موک ایکسرسائز، ڈپٹی کمشنر کا معائنہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فائر سیفٹی اقدامات کو عملی شکل دینے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے ننکانہ صاحب لاری اڈا کے قریب واقع رحمت سنٹر میں فائر سیفٹی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موک ایکسرسائز کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 محمد اکرم پنوار نے کی، جس میں ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز اور ایمرجنسی ٹیموں نے فرضی آتشزدگی کی صورتحال میں بروقت رسپانس، ریسکیو اور فائر فائٹنگ کا بھرپور عملی مظاہرہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا، ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر انداز میں ادا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمرشل عمارتوں، مارکیٹوں اور ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، کلیئر ایگزٹ و انٹری پوائنٹس اور حفاظتی سائن ایج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر لائحہ عمل اور حفاظتی انتظامات نا مکمل ہونے کی صورت میں متعلقہ عمارت کو سیل کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ فائر سیفٹی ضوابط پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے باقاعدگی سے فائر ڈرلز اور موک ایکسرسائزز کا انعقاد یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی انتہائی ضروری ہے، جس کے لیے انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں فوری رسپانس، ریسکیو آپریشن اور فائر فائٹنگ کے طریقہ کار کو جانچنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کے ساتھ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ فائر ایمرجنسی کے تناظر میں ضلع بھر میں فائر سیفٹی اقدامات، فائر آڈٹ اور موک ایکسرسائزز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: تھانہ سٹی پولیس کی بڑی کارروائی، 40 لاکھ مالیت کی چوری شدہ گاڑی سمیت ملزم گرفتار

    ننکانہ صاحب: تھانہ سٹی پولیس کی بڑی کارروائی، 40 لاکھ مالیت کی چوری شدہ گاڑی سمیت ملزم گرفتار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈی پی او ننکانہ فراز احمد کی ہدایات پر تھانہ سٹی ننکانہ پولیس نے بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو روز قبل 40 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی ہے۔ اس کارروائی کو ننکانہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم نے تھانہ سٹی کے علاقہ کرمانوالا کوٹ شورہ کوٹھی روڈ سے رینٹ اے کار کے ذریعے حاصل کی گئی گاڑی چوری کی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا اور جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے قلیل وقت میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم ایک ریکارڈ یافتہ ملزم ہے جس کے خلاف اغواء سمیت 5 مقدمات درج ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے اور ننکانہ پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

  • ننکانہ صاحب: لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے قومی سطح پر دو برانز میڈلز جیت کر ضلعی پولیس کا نام روشن کر دیا

    ننکانہ صاحب: لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے قومی سطح پر دو برانز میڈلز جیت کر ضلعی پولیس کا نام روشن کر دیا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب ضلعی پولیس کی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس کا نام روشن کر دیا۔ اس کامیابی پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے اپنے دفتر میں لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو اعزازی شیلڈ، تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی کامیابی دیگر اہلکاروں خصوصاً خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے نیشنل گیمز اور نیشنل چیمپیئن شپ 2025 کے سلسلے میں کراچی میں ہونے والے سوفٹ بال مقابلوں میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو برانز میڈلز اپنے نام کیے۔ سدرہ نسیم اس وقت پولیس خدمت مرکز ننکانہ میں تعینات ہیں اور اپنے محکمانہ فرائض بھی نہایت ذمہ داری اور محنت سے سرانجام دے رہی ہیں۔

    اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت نے بھی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے تعریفی سند پیش کی۔ ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ننکانہ پولیس کے اہلکار ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی پولیس آئندہ بھی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے ملنے والی عزت افزائی اور افسران کے تعاون پر وہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ چاہے کوئی بھی میدان ہو، ہمت، عزم اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ انہوں نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔

    تقریب میں انچارج پولیس خدمت مرکز ریاست گجر اور دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔