Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ:باسل فیصل رشتۂ ازدواج میں منسلک، شادی کی تقریب لندن میں منعقد

    اوکاڑہ:باسل فیصل رشتۂ ازدواج میں منسلک، شادی کی تقریب لندن میں منعقد

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ماہر فلکیات ہمایوں افضل بٹ کے نواسے اور لندن کی وچ یونیورسٹی سے شعبہ سائبر کرائم میں ڈگری حاصل کرنے والے باسل فیصل رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے لندن کی خدیجہ منیرہ کو اپنا جیون ساتھی بنایا ہے۔

    شادی کی یہ پروقار تقریب لندن میں منعقد ہوئی، جس میں مقامی شخصیات اور قریبی رشتہ داروں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر باسل کے نانا ہمایوں افضل بٹ نے اپنے پاکستانی دوستوں کو بھی مدعو کیا تھا۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہمایوں افضل بٹ کے لیے یہ اگست کا مہینہ بہت مبارک ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے ایک ہی ماہ میں مسلسل تیسری خوشی منائی ہے۔ سب سے پہلے ان کے نواسے کی شاندار کامیابی، پھر 10 اگست کو ان کی اپنی سالگرہ، اور اب اگست کے آخر میں ان کے نواسے باسل فیصل کی شادی۔

    شادی میں شریک مہمانوں نے نئے شادی شدہ جوڑے کو زندگی کے اس نئے سفر کی ابتدا پر نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا۔

  • اوکاڑہ:دریائے راوی میں ریسکیو 1122 کی کامیاب اپریشن

    اوکاڑہ:دریائے راوی میں ریسکیو 1122 کی کامیاب اپریشن

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر کی رپورٹ) دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کے مطابق، ریسکیو ٹیموں نے دن بھر کی کارروائیوں میں 189 افراد اور 30 چھوٹے جانوروں کو سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    امدادی کارروائیوں میں 50 اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں 4 مختلف مقامات پر 10 کشتیوں کی مدد سے کام کر رہی ہیں۔ اب تک کل 568 سیلاب متاثرین اور 352 چھوٹے جانوروں کو بچایا جا چکا ہے۔ ریسکیو کی ٹیمیں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی منتقلی کو یقینی بنا رہی ہیں۔

    اہلکاروں کی جانب سے دن بھر 189 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے۔ اس کے علاوہ، 30 چھوٹے جانوروں کو بھی بحفاظت سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال لیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

  • سیلاب متاثرین کی ریسکیو کارروائی، تھرمل ڈرون کا استعمال

    سیلاب متاثرین کی ریسکیو کارروائی، تھرمل ڈرون کا استعمال

    اوکاڑہ کے علاقے ماڑی پتن میں دریائے راوی پر پہلی بار تھرمل ڈرون کا استعمال کیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق تھرمل ڈرون کو رات کی تاریکی میں دریائی علاقے کی سرچنگ اور سیلاب میں پھنسے افراد کو تلاش کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے بتایا کہ تھرمل ڈرون کی مدد سے سیلاب متاثرین کو بروقت ریسکیو کرنے میں سہولت ملے گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلاب کے دوران جدید تھرمل امیجنگ ڈرونز کے ذریعے 800 متاثرین کی بروقت نشاندہی کر کے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق سیالکوٹ، سرگودھا، گجرات اور جھنگ سمیت کئی متاثرہ علاقوں میں تھرمل ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی گئی جس سے شہریوں اور مویشیوں کی حرارت کی بنیاد پر ان کی لوکیشن کا پتا لگا کر ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیموں نے سی سی ٹی وی اور تھرمل ڈرونز کی مدد سے 800 سے زائد کیسز کو کامیابی سے کوآرڈینیٹ کیا اور ریسکیو سروسز نے فوری طور پر متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔

    شہباز شریف اور نریندر مودی جنگ کے بعد پہلی بار ایک ہی فورم پر

    بجاش نیازی حماد اظہر کے خلاف میدان میں آگئے

    اسرائیلی فضائی حملے میں حوثی وزیراعظم شہید، تصدیق ہو گئی

    متاثرین کو اسکولوں میں منتقل ، ریلیف آپریشن میں کمی نہ آئے: مریم نواز

  • اوکاڑہ اور فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنرز کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا مشترکہ دورہ

    اوکاڑہ اور فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنرز کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا مشترکہ دورہ

    اوکاڑہ(نامہ نگار،ملک ظفر)اوکاڑہ اور فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنرز نے دریائے راوی میں ماڑی پتن کے مقام پر سیلابی صورتحال کا مشترکہ جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد دونوں اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشنز کو مزید مؤثر بنانا اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کرنا ہے۔

    محکمہ ایریگیشن کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی میں اس وقت پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک ہے اور پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ریسکیو حکام نے سیلاب متاثرین کے انخلاء اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں تقریباً 80 ہزار ایکڑ رقبہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ہر ممکن سہولیات کے ساتھ تینوں اوقات میں معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بتایا کہ فیصل آباد کی 9 یونین کونسلز کے 25 دیہات دریائے راوی میں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، اور شدید متاثرہ علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

    دونوں ضلعی سربراہان نے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اضلاع کی مشترکہ کاوشوں سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں میں بہتری آئے گی اور ضرورت کے وقت باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر اور پاک فوج کے افسران بھی موجود تھے۔

  • اوکاڑہ : دریائے ستلج کا 27 سالہ سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ، بڑے ریلے سے تباہی کا خطرہ

    اوکاڑہ : دریائے ستلج کا 27 سالہ سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ، بڑے ریلے سے تباہی کا خطرہ

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے نتیجے میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس سے 27 سالہ سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق، دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے اور مسلسل بلند ہو رہا ہے۔

    پانی کا یہ بڑا سیلابی ریلا تباہی مچاتا ہوا ہیڈ سلیمانکی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ یاد رہے کہ 1998 میں ہیڈ سلیمانکی سے 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک اور 1988 میں 4 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرا تھا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر، ہیڈ سلیمانکی پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور دھرنگہ بند میں شگاف پڑنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ پاکستان رینجرز، پولیس اور ریسکیو اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید پولیس نفری طلب کر لی گئی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال کی قیادت میں ریسکیو ٹیمیں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں اور ان کے مال مویشیوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔

    محکمہ صحت، سول ڈیفنس، اور محکمہ لائیو سٹاک بھی متاثرہ افراد کی بھرپور امداد میں مصروف ہیں۔ سیلاب سے بچاؤ کے اعلانات کے ذریعے عوام سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی مسلسل اپیل کی جا رہی ہے۔

  • اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من مردہ مرغیاں برآمد

    اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من مردہ مرغیاں برآمد

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ون فور ایل کے قریب 25 من مردہ مرغیوں کی کھیپ پکڑ لی۔ حکام کے مطابق ملزمان مردہ مرغیوں کو مشین میں کریش کرکے مختلف فوڈ پوائنٹس پر فروخت کر رہے تھے۔

    فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر ہی مردہ مرغیوں کا گوشت تلف کر دیا جبکہ ملزمان کے زیر استعمال کریش مشین اور لوڈڈ رکشہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • اوکاڑہ: سول ڈیفنس کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ: سول ڈیفنس کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیرِ نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضا کار سیلابی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے ستلج سے ملحقہ نواحی علاقوں کنڈ بہڑ، ماڑی پتن، گوگیرہ، لکھن اور جندراکہ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑا جنہیں سول ڈیفنس کے رضا کاروں نے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ اس دوران ریسکیو آپریشن میں عوامی تعاون بھی دیکھنے میں آیا۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ عوام الناس کو اونچے درجے کے سیلاب سے بچانے کے لیے انخلائی آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضا کار پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے عوامی ریلیف کے لیے بڑھ چڑھ کر سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ

    اوکاڑہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد اطہر مسعود نے اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ بلڈنگز کے افسران، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر اوکاڑہ آرٹس کونسل حماد احمد چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ثاقب علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    محکمہ بلڈنگز کے افسران نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ محمد اطہر مسعود نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ آرٹس کونسل ہال کو بہترین سہولیات سے مزین کیا جائے گا، جدید ساونڈ سسٹم اور نیا ایئر کنڈیشنر سسٹم نصب کیا جائے گا۔

    ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ پلانٹیشن پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ آرٹس کونسل کی تکمیل سے اہلِ علاقہ کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کا موقع ملے گا۔

  • اوکاڑہ: ڈی پی او، ڈی سی اور پاک فوج کا دریائے ستلج کا دورہ، متاثرہ دیہاتوں میں 900 پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ: ڈی پی او، ڈی سی اور پاک فوج کا دریائے ستلج کا دورہ، متاثرہ دیہاتوں میں 900 پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے ڈی پی او راشد ہدایت، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان اور پاک فوج کے افسران نے دریائے ستلج کے مقام اٹاری پر دریا میں پانی کے بہاؤ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی افتخار حسین چھچر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں میں 900 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈی پی او خود متاثرین اور ان کے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے گرد گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور تمام اہلکار بیس کیمپ سے وائرلیس کے ذریعے منسلک ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ دیہات سے لوگوں کے انخلا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں۔

  • اوکاڑہ: سیلابی صورتحال، سول ڈیفنس کی ٹیمیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک

    اوکاڑہ: سیلابی صورتحال، سول ڈیفنس کی ٹیمیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیر نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضاکار رات گئے تک سیلابی صورتحال کے دوران عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم رہے۔ محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے راوی سے ملحقہ ماڑی پتن کے مقام پر موضع بھوجیاں میں لوگوں کے انخلا اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے سلسلے میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    سول ڈیفنس کے اہلکار رات گئے تک ماڑی پتن اور گردونواح کے دیہات سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف رہے۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

    انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سیلاب کے دوران اپنی حفاظت اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔