Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: تعلیم ہر بچے کا حق، ترقی کا انحصار علم پر ہے ، ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ: تعلیم ہر بچے کا حق، ترقی کا انحصار علم پر ہے ، ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) حلقہ این اے 136 کے معروف سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی تعلیم کے فروغ سے مشروط ہے اور ہر بچے کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے طلبہ میں مفت کتابیں اور کاپیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر اساتذہ، والدین اور مقامی معززین بھی موجود تھے۔

    ملک خالد یعقوب نے کہا کہ وہ اپنے قائد چوہدری ریاض الحق جج کے تعلیمی ویژن "تعلیم سب کے لیے” کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غربت، جہالت اور معاشرتی ناہمواریوں کا خاتمہ صرف تعلیم کے ذریعے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی اپنی تمام تر توانائیاں بچوں کے روشن مستقبل کے لیے وقف کرتے رہیں گے تاکہ کوئی بچہ صرف مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔

    اس موقع پر بچوں میں کتابیں تقسیم کی گئیں اور طلبہ کی خوشی نے اس تعلیمی خدمت کو ایک روشن مثال بنا دیا۔

  • اوکاڑہ: ملگدا چوک تا بونگہ حیات روڈ کھنڈرات میں تبدیل، حادثات اور وارداتیں روز کا معمول

    اوکاڑہ: ملگدا چوک تا بونگہ حیات روڈ کھنڈرات میں تبدیل، حادثات اور وارداتیں روز کا معمول

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) حلقہ پی پی 190 میں ملگدا چوک سے بونگہ حیات روڈ خشک بیاس تک سڑک کی خستہ حالی نے عوام کی زندگی کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ آئے روز حادثات اور ڈکیتیوں کے باعث یہ سڑک علاقہ مکینوں کے لیے عذاب بن چکی ہے، جبکہ متعلقہ حکام اور منتخب نمائندے مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بونگہ حیات روڈ براستہ ملگدا چوک ساہیوال، جو دھلی روڈ کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، تقریباً 100 کلومیٹر طویل ہے اور تین اضلاع ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ سے گزرتی ہے۔ اگرچہ ساہیوال اور پاکپتن اضلاع میں سڑک کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے، لیکن اوکاڑہ کی حدود میں سڑک مکمل طور پر تباہ حال ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے نہ صرف گاڑیاں تباہ ہو رہی ہیں بلکہ قیمتی جانوں کا ضیاع بھی روز کا معمول بن چکا ہے۔ عوامی سطح پر کئی بار شکایات درج کرائی گئیں، مگر ضلعی حکومت اور منتخب نمائندے ٹس سے مس نہیں ہوئے۔

    علاقہ مکینوں نے ایک بار پھر حلقہ پی پی 190 کے منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ خدارا عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر سڑک کی مرمت و تعمیر کا آغاز کیا جائے، تاکہ شہری محفوظ، باعزت اور پرسکون سفر کر سکیں۔

  • اوکاڑہ: جنگی حالات سے نمٹنے کیلئے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی تربیتی مشقیں

    اوکاڑہ: جنگی حالات سے نمٹنے کیلئے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی تربیتی مشقیں

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس احمد عثمان جاوید کی زیر نگرانی سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے اشتراک سے بابا فرید شوگر مل، فیصل آباد روڈ اوکاڑہ میں شہری دفاع کی تربیتی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ مل انتظامیہ اور ورکرز کو جنگی حالات میں بچاؤ، رسپانس اور ابتدائی امداد سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔

    سول ڈیفنس انسٹرکشنل اسٹاف نے شرکاء کو دشمن کے ہوائی حملے کی صورت میں سائرن کی شناخت و استعمال، پناہ گاہوں کی اہمیت، نقل و حرکت پر قابو پانے، تنصیبات کی مکر و تلبیس، سول ڈیفنس وارڈن سروس، خندقوں کی اقسام، بم ڈسپوزل، اور ہنگامی رابطہ کاری کے حوالے سے جامع آگاہی دی۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے فرسٹ ایڈ اور فائر فائٹنگ کی عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔

    تربیت میں شرکاء نے ان مہارتوں کی عملی مشقوں میں بھرپور حصہ لیا۔ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے عسکری اور سول ادارے ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی دفاع ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام یقینی بنایا جا رہا ہے۔

  • اوکاڑہ: آزادیٔ صحافت کے علمبرداروں کو خراجِ تحسین، "یومِ عزم” پر پی ایف یو جے کا بڑا اعلان

    اوکاڑہ: آزادیٔ صحافت کے علمبرداروں کو خراجِ تحسین، "یومِ عزم” پر پی ایف یو جے کا بڑا اعلان

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) پاکستان میں آزادیٔ صحافت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے لاہور پریس کلب میں "یومِ عزم” کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مقررین نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں صحافی نہ پہلے آزاد تھے نہ آج آزادیٔ صحافت میسر ہے، لیکن صحافی آج بھی اس جدوجہد کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

    تقریب کا انعقاد پی ایف یو جے کی کال پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور لاہور پریس کلب کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں 13 مئی 1978 کو آمر ضیاء الحق کے دور میں کوڑے کھانے والے صحافیوں خاور نعیم ہاشمی، ناصر زیدی، اقبال جعفری اور مسعود اللہ خان کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔ تقریب میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی، پی یو جے کے صدر نعیم حنیف، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی، انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے نائب صدر راجہ اشرف، معروف شاعر بابا نجمی اور لارڈ ایم کے پاشا سمیت صحافی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ارشد انصاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے پی ایف یو جے ان صحافیوں کی جدوجہد کے اعتراف میں ہر سال ایک خصوصی ایوارڈ دے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیکا جیسے "کالے قانون” کو فی الفور ختم کیا جائے، بصورتِ دیگر پی ایف یو جے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت تحریک چلائے گی۔

    خاور نعیم ہاشمی نے جنرل ضیاء الحق کے دور کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صحافیوں کو دانستہ طور پر تقسیم کیا گیا تاکہ آزادیٔ صحافت کو کچلا جا سکے، لیکن آج صحافی پی ایف یو جے کے تحت متحد ہیں اور ہمیں اس اتحاد کو مزید مضبوط بنا کر آئینی حقوق کے تحفظ کی تحریک کو آگے بڑھانا ہوگا۔

    پی یو جے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ صحافیوں نے ہمیشہ آزادیٔ اظہار کے لیے قربانیاں دی ہیں، اور آج بھی تیار ہیں۔ تقریب کے آخر میں خاور نعیم ہاشمی نے پی ایف یو جے کے سابق صدر احفاظ الرحمن کی کتاب "آزادیٔ صحافت کی سب سے بڑی جنگ” اپنے دستخط کے ساتھ شرکاء میں تقسیم کی۔

    تقریب میں لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، پی یو جے کے سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی، خزانچی نسیم قریشی، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، خزانچی سالک نواز، سینئر صحافی سعید اختر، رفیق خان، صلاح الدین بٹ، حامد نواز، ڈاکٹر شجاعت حامد، جمال احمد، ندیم سلیمی اور جاوید ہاشمی سمیت صحافی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

  • افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، قوم متحد ہے: انجینئر علی

    افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، قوم متحد ہے: انجینئر علی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار: ملک ظفر)معروف کیمیکل انجینئر علی نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جذبۂ شہادت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ اوکاڑہ میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلی کا مظاہرہ کیا، مگر ہماری افواج نے دن کی روشنی میں ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ وہ عالمی سطح پر شرمندگی کا شکار ہو گیا۔

    انجینئر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب پوری طاقت اور بروقت حکمت عملی سے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج ہر محاذ پر چوکنا ہیں اور دشمن کے ہر حملے کو نہ صرف ناکام بنانے بلکہ اُسے سبق سکھانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور وطنِ عزیز کی بقاء، خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ انجینئر علی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج قوم کا فخر ہیں، اور ان کی حالیہ کامیاب کارروائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ دشمن کے عزائم ناکام ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں رکھتے۔

    اس موقع پر کیمیکل انجینئر صدام حسین، محمد وقار، ساجد علی، منیب، ملک یاور علی اور محمد ارسلان بھی موجود تھے۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ہر فرد اپنی فوج کی پشت پر کھڑا ہے اور وہ دن دور نہیں جب دشمن مایوس ہو کر پسپائی اختیار کرے گا۔

  • اوکاڑہ:ایپیکس گروپ آف کالجز میں افواجِ پاکستان کی فتح پر اظہارِ تشکر ریلی

    اوکاڑہ:ایپیکس گروپ آف کالجز میں افواجِ پاکستان کی فتح پر اظہارِ تشکر ریلی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر اقبال) ایپیکس گروپ آف کالجز گیمبر کیمپس نے افواجِ پاکستان کی تاریخی کامیابی "آپریشن بنیان مرصوص” پر اظہارِ تشکر کے طور پر ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا۔ اس ریلی کا مقصد افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ملک بھر میں اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کا پیغام دینا تھا۔

    ریلی میں ایپیکس گروپ آف کالجز گیمبر کے طلبہ نے قومی پرچم اور پاک فوج کے حق میں کتبے اُٹھا رکھے تھے اور "پاکستان زندہ باد” و "افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔ اس پروقار تقریب میں کالج کے ڈائریکٹر و پرنسپل راؤ رشید احمد سمیت دینی، سیاسی، سماجی، اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔

    ڈائریکٹر راؤ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "افواجِ پاکستان نے قوم کے وقار، سلامتی اور دفاع کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کی ایک درخشاں مثال ہے، اور پوری قوم کو اس فتح پر فخر ہے۔”

    ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابیوں کے تسلسل کے لیے دعا بھی کی گئی۔ شہریوں نے اس جذبے کو سراہتے ہوئے اسے وطن سے محبت کا ایک خوبصورت مظہر قرار دیا۔

  • اوکاڑہ: انسداد تجاوزات مہم، دکانداروں کے سامان کی ضبطی، بھاری جرمانے

    اوکاڑہ: انسداد تجاوزات مہم، دکانداروں کے سامان کی ضبطی، بھاری جرمانے

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر) انسداد تجاوزات مہم کے تحت اوکاڑہ میں سب ڈویژن انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کارروائی کرتے ہوئے عید گاہ روڈ، گڑ بازار اور بینظیر روڈ پر چیکنگ کی۔ تجاوزات کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد دکانداروں کا سامان قبضے میں لے لیا گیا جبکہ عید گاہ روڈ پر موجود دو دکانداروں کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

    وسیم جاوید کا کہنا تھا کہ دکانداروں کو بارہا تنبیہ کے باوجود خلاف ورزیوں سے باز نہیں آ رہے، اس لیے اب سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ اپنی مقررہ حدود میں رہیں، بصورت دیگر انہیں جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انسداد تجاوزات مہم کو شہر بھر میں مؤثر طریقے سے جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی، مٹھائی تقسیم، فلک شگاف نعرے

    اوکاڑہ: پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی، مٹھائی تقسیم، فلک شگاف نعرے

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر) گیمبر اوکاڑہ کینٹ کے سول ایریا میں پاک فوج اور ایئر فورس کے شاہینوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور بھارتی جارحیت کے خلاف یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت کنٹونمنٹ بورڈ اوکاڑہ کینٹ کے وائس پریذیڈنٹ چوہدری عمیر خادم نے کی۔

    ریلی میں مختلف سیاسی، سماجی، دینی، صحافتی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شریک افراد میں ممبر کینٹ بورڈ شہزاد شفیع محمد، سابق وائس پریذیڈنٹ چوہدری اختر حمید، مرزا ماجد بیگ، مرزا مسعود بیگ، مرزا کامران بیگ، ملک کاظم نیاز جھکڑ، چوہدری اطہر اقبال، راجہ شفقت محمود، محمد فاطر علی اور دیگر معززین شامل تھے۔

    شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف کی تصاویر آویزاں تھیں۔ بینرز پر "پاک فوج زندہ باد”، "پاکستان پائندہ باد” اور "دشمن کو گھر میں گھس کر مارا” جیسے فلک شگاف نعرے درج تھے۔

    ریلی کے دوران شرکاء نے چیک پوسٹ پر موجود فوجی جوانوں کو سیلوٹ پیش کیے اور ان کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی کے مظاہرے کے طور پر مٹھائی تقسیم کی گئی اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عمیر خادم نے کہا کہ پاک فوج اور ہماری ایئر فورس کے جانباز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہماری افواج نے دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر شکست دی، جس کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔

    یہ ریلی نہ صرف دشمن کو واضح پیغام تھی بلکہ پاک افواج کے حوصلے بلند کرنے اور قوم کی یکجہتی کا عملی مظاہرہ بھی ثابت ہوئی۔

  • اوکاڑہ:پاکستانی عوام فوج کے شانہ بشانہ، جنگ بچوں کا کھیل نہیں،خالدیعقوب

    اوکاڑہ:پاکستانی عوام فوج کے شانہ بشانہ، جنگ بچوں کا کھیل نہیں،خالدیعقوب

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، اور ماضی کی طرح ہر مشکل گھڑی میں فوج کا ساتھ دیتی رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں، لیکن کوئی بھی سیاسی جماعت یا رہنما پاک فوج کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔

    اپنے بیان میں ملک خالد یعقوب نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر معمور فوج کے بدولت ہی عوام گھروں میں سکون سے زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک منظم سازش کے تحت پاکستان کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے، لیکن پاکستانی قوم ایک امن پسند قوم ہے جو دفاع کا حق بھی رکھتی ہے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت بھی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہمارا دفاع ایسا ہوگا کہ بھارت کی آنے والی نسلیں بھی اسے یاد رکھیں گی۔ ملک خالد یعقوب نے زور دیا کہ بھارت اور پاکستان کو جنگ کے بجائے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے کیونکہ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بچوں کا کھیل نہیں بلکہ خطے اور دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے ہوش مندی اور حکمت کی ضرورت ہے۔

  • اوکاڑہ: بھارتی جارحیت کے خلاف شہداء کو خراج عقیدت،شمعیں روشن کی گئیں

    اوکاڑہ: بھارتی جارحیت کے خلاف شہداء کو خراج عقیدت،شمعیں روشن کی گئیں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) بھارتی بزدلانہ حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی افسران، سول سوسائٹی، علمائے کرام، انجمن تاجران، لیگی رہنما اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت نے شرکت کی۔ شرکاء نے شمعیں روشن کر کے وطن کے ان سپوتوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا نشانہ بن کر جان کا نذرانہ پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں نہتے پاکستانی شہریوں کو شہید کر کے بزدلی کا ثبوت دیا ہے، اگر بھارت میں ہمت ہوتی تو دن کی روشنی میں وار کرتا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم متحد ہو کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے اور دشمن کو واضح پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان کے عوام اور ادارے ہر جارحیت کے خلاف یک زبان اور سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

    ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اگر غیرت کو للکارا گیا تو ہم سر پر کفن باندھ کر لڑیں گے۔ افواج پاکستان کے ساتھ پوری قوم ایک مضبوط چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

    تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سالمیت، استحکام اور دشمن کی ناکامی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔