Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: قومی شاہراہ پر حادثہ، کار کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ: قومی شاہراہ پر حادثہ، کار کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) قومی شاہراہ پر اڈہ کسان کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی اور موٹرسائیکل سواروں کو کچلتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل نمبری AYA-8328 پر سوار 32 سالہ محمد شہزاد اور 33 سالہ محمد وسیم قومی شاہراہ پر سفر کر رہے تھے کہ اچانک ایک بے قابو کار نے اڈہ کسان کے قریب ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں محمد شہزاد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ محمد وسیم شدید زخمی ہو گیا۔

    دونوں افراد کا تعلق دبئی ٹاؤن لاہور سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جبکہ پولیس نے نامعلوم کار اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے حادثے کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • اوکاڑہ: تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر، باپ 3 بچوں سمیت جاں بحق

    اوکاڑہ: تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر، باپ 3 بچوں سمیت جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر افسوسناک اور دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں ایک باپ اپنے تین معصوم بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر نے سب کچھ ختم کر دیا۔ حادثے میں باپ سمیت دو بیٹے اور ایک بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، واقعے نے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چک نمبر 24 ٹو آر کا رہائشی 43 سالہ محمد ندیم اپنے تین بچوں 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ عائزہ فاطمہ کو موٹر سائیکل پر اسکول چھوڑنے جا رہا تھا۔ جب وہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج اوکاڑہ کے قریب پہنچا تو تیز رفتار اور بے قابو ٹرالر (نمبری EA-7170) نے ان کی موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار زمین پر گر گئے اور ٹرالر ان پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ٹرالر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

    جاں بحق ہونے والے افراد کی اطلاع ملتے ہی پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ مقتول بچوں کے اسکول میں بھی سوگ کی فضا چھا گئی۔ اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی آنکھیں اشکبار ہیں اور ہر طرف غم و اندوہ کا سماں ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب ڈرائیور کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

  • اوکاڑہ کے دو معصوم بہن بھائی خضدار میں دہشتگردی کا شکار، بچی شہید، بھائی زخمی

    اوکاڑہ کے دو معصوم بہن بھائی خضدار میں دہشتگردی کا شکار، بچی شہید، بھائی زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) بلوچستان کے علاقے خضدار میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی مسافر بس میں اوکاڑہ کے نواحی گاؤں 52/2-ایل کے رہائشی دو بہن بھائی بھی سوار تھے۔ افسوسناک واقعے میں ساتویں جماعت کی طالبہ، سات سالہ حفضہ کوثر افتخار موقع پر شہید ہوگئی، جبکہ اس کا چھوٹا بھائی، چھٹی جماعت کا طالبعلم محمد حذیفہ افتخار شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

    دونوں بچے حصولِ تعلیم کے سلسلے میں اپنے والد، پاک آرمی کے حوالدار افتخار کے ساتھ خضدار میں مقیم تھے۔ حملے کے بعد شہید بچی کا جسد خاکی اس کے والد آبائی گاؤں اوکاڑہ لے کر پہنچے، جہاں نمازِ جنازہ میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    ورثاء نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، وہ دہشتگردی کے خلاف اپنی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

    یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پوری قوم کے لیے دکھ اور صدمے کا باعث بنا ہے۔ عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر بھی معصوم شہید بچی کے لیے دعاؤں اور اظہارِ افسوس کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دہشتگردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

  • اوکاڑہ: پیٹرولنگ پولیس کا اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 30 گاڑیاں تھانوں میں بند

    اوکاڑہ: پیٹرولنگ پولیس کا اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 30 گاڑیاں تھانوں میں بند

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں پیٹرولنگ پولیس نے اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 30 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کرا دیا جبکہ ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔

    پیٹرولنگ پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس پی پیٹرولنگ لاہور ریجن فتح احمد کی خصوصی ہدایت پر شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس مہم کے دوران پیٹرولنگ پولیس نے مختلف شاہراہوں پر گشت کے دوران اوور لوڈنگ کی مرتکب 30 گاڑیوں کو موقع پر ہی تحویل میں لے کر مختلف تھانوں میں بند کرایا، اور مروجہ قوانین کے تحت ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ اوور لوڈنگ نہ صرف ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سڑکوں پر خطرناک حادثات کا بھی بڑا سبب بنتی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ عوام، خصوصاً گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اوور لوڈنگ سے اجتناب کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

    پیٹرولنگ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم جاری رہے گی اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ:مبینہ پولیس مقابلہ ،ایک ڈاکو ہلاک

    اوکاڑہ:مبینہ پولیس مقابلہ ،ایک ڈاکو ہلاک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ گوگیرہ کی پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ جھٹیانہ پل کے قریب تین مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہوگیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عدنان عرف دانی کے نام سے ہوئی ہے، جو 19 سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور دو مقدمات میں عدالت سے سزا یافتہ بھی قرار پایا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی دونوں ڈاکوؤں کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

    ڈی پی او محمد راشد نے تھانہ گوگیرہ کی پولیس ٹیم کو بروقت کارروائی اور جرأت مندانہ اقدام پر شاباش دی ہے، اور ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

  • اوکاڑہ: چوہدری ریاض الحق جج کا ویژن ‘تعلیم سب کے لیے’، طلباء میں کاپیاں تقسیم

    اوکاڑہ: چوہدری ریاض الحق جج کا ویژن ‘تعلیم سب کے لیے’، طلباء میں کاپیاں تقسیم

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر) چوہدری ریاض الحق جج کے ویژن "تعلیم سب کے لیے” کے تحت گورنمنٹ پرائمری سکول 20 فور۔ایل کے طلبہ میں کاپیوں کا تحفہ تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر معروف سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے بچوں میں کاپیاں تقسیم کیں اور کہا کہ ہم اپنے قائد چوہدری ریاض الحق جج کے تعلیمی وژن کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں تاکہ علاقے میں تعلیمی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔

    ملک خالد یعقوب کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف کاپیوں کی تقسیم نہیں بلکہ ایک بڑے مشن کی شروعات ہے جو علم کو عام کرنے اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کا ذریعہ بنے گا۔

    والدین اور اساتذہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے بچوں میں پڑھائی کا شوق بڑھتا ہے اور تعلیمی ماحول میں بہتری آتی ہے۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔

  • اوکاڑہ: راؤف مارکیٹ کی بیکری میں ممنوعہ اجزاء کا استعمال، دو لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ: راؤف مارکیٹ کی بیکری میں ممنوعہ اجزاء کا استعمال، دو لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے متحرک، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز آصف علی ڈوگر نے ٹیم کے ہمراہ راؤف مارکیٹ میں قائم بیکری پر چھاپہ مارا جہاں خوراک کی تیاری میں ممنوعہ چائنیز نمک استعمال کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ناقص صفائی، پروڈکشن ایریا میں واش روم کی موجودگی اور فریزر میں کاکروچ پائے گئے، جس پر ممنوعہ اجزاء کو موقع پر تلف کرتے ہوئے بیکری مالک کو دو لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے موقع پر موجود ٹیم کو ہدایت دی کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناقص خوراک فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ فوڈ اتھارٹی خوراک سے وابستہ ہر چھوٹے بڑے کاروبار کی کڑی نگرانی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت دشمن عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بیماریوں سے بچایا جا سکے اور خالص و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

    عوامی حلقوں کی جانب سے فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کو سراہا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس قسم کی چیکنگ کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے تاکہ ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

  • اوکاڑہ: خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ کیلئے علمائے کرام و سماجی رہنماؤں کی شمولیت کا فیصلہ

    اوکاڑہ: خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ کیلئے علمائے کرام و سماجی رہنماؤں کی شمولیت کا فیصلہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت محکمہ صحت و آبادی پر مشتمل رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے متعلقہ محکموں اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت و آبادی کے تمام ضلعی افسران، کوآرڈینیشن کمیٹی کے اسٹیک ہولڈرز، پولیس، سپیشل برانچ اور محکمہ اوقاف کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری عاصم ہدایت نے اجلاس کے صدر و شرکاء کو محکمہ کی ماہانہ کارکردگی، جاری پروگراموں اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے جولائی 2025 سے شروع ہونے والی اے ڈی پی اسکیم "خاندانی منصوبہ بندی کو پروان چڑھانے کے لیے معاشرتی رائے عامہ کا فروغ” پر روشنی ڈالی۔ اس منصوبے کے تحت رجسٹرڈ علمائے کرام، آئمہ مساجد، خطباء اور بااثر سماجی شخصیات کو شامل کرکے خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت اجاگر کی جائے گی، اور تولیدی صحت کے متعلق مثبت رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری عبدالجبار گجر نے کہا کہ اس منصوبے کی شفافیت اور مؤثر نتائج کے لیے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما اور خطبا کا انتخاب نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی یا مذہبی رہنما کسی بھی معاشرے میں مثبت رویوں اور قابلِ قبول اقدامات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ علمائے کرام، آئمہ، خطباء اور بااثر افراد اپنی سماجی حیثیت، رسوخ اور فکری قیادت کو بروئے کار لاکر معاشرے میں خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں شعور اجاگر کریں تاکہ صحت مند معاشرہ، معیاری تعلیم اور معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔

    اجلاس میں تمام شرکاء نے تجاویز و آراء پیش کیں اور پائیدار سماجی ترقی کیلئے کمیونٹی کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔ اجلاس کے اختتام پر آئندہ کی عملی حکمتِ عملی مرتب کرنے کیلئے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • اوکاڑہ: پاک افواج کی عظیم کامیابی پر یومِ تشکر، پرچم کشائی اور ریلی کا انعقاد

    اوکاڑہ: پاک افواج کی عظیم کامیابی پر یومِ تشکر، پرچم کشائی اور ریلی کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) مشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور بھارتی جنگی عزائم کو ناکام بنانے پر قوم کی جانب سے اظہار تشکر کے طور پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب اور اظہارِ یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، ایم پی اے غلام رضا ربیرہ، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

    پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی، قومی ترانہ بجایا گیا، اور ریلی میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر عاشق کرمانی نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ایم پی اے غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ مشن بنیان مرصوص نے بھارتی ایر ڈیفنس سسٹم کو ناکارہ بنا کر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ سرکاری سطح پر یوم تشکر منایا جا رہا ہے اور تعلیمی و مذہبی اداروں میں خصوصی دعائیں ہوں گی۔

  • اوکاڑہ: عام آدمی پارٹی (س) کی پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی

    اوکاڑہ: عام آدمی پارٹی (س) کی پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) پاکستان عام آدمی پارٹی (س) کی جانب سے بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب اور دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر شکست دینے والے پاک فوج کے شاہینوں سے اظہارِ تشکر کے لیے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پارٹی کے ساہیوال ڈویژن کے سینئر صدر راجہ سلیم عابد نے کی، جبکہ پارٹی چیئرمین سید سجاد حسین شاہ گیلانی اور سندھ کے سینئر صدر شیخ ثمر احمد بھی شریک تھے۔

    ریلی پارٹی کے مرکزی دفتر 1/4 ایل سفاری ولاز اوکاڑہ سے بینڈ باجوں اور جوشیلے نعروں کے ساتھ روانہ ہوئی اور اوکاڑہ کینٹ پہنچی، جہاں پاک فوج کے جوانوں نے بھی نعروں کا جواب دے کر ریلی کے شرکاء کا والہانہ انداز میں خیرمقدم کیا۔

    اس موقع پر پارٹی عہدے داران مخدوم فقیر حسین، مخدوم وزیر علی، رائے زاہد قبال، رائے جاوید اقبال، چوہدری آصف علی جٹ، چوہدری خوشی محمد جٹ، ریاض احمد غفاری، علی ظہور پپو، رانا مقبول احمد، رانا رضوان، رانا رمضان اور یوتھ ونگ کے صدر راجہ سمیع اللہ کیانی نے بھرپور شرکت کی۔

    ریلی کے دوران بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی گئی اور شرکاء ایک دوسرے کو مبارکباد دے کر مٹھائیاں تقسیم کرتے رہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور دشمن کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔