گوجرخان (قمرشہزاد) رمضان سے قبل مہنگائی نے شہریوں کی کمر توڑ دی ہے اور غریب کی چیخوں کو خاموش کر دیا ہے، مارکیٹوں میں پھل آسمان چھو رہے ہیں، سیب 500 روپے، کیلا درجہ دوم 350، امرود 350 اور مالٹا 300 سے 450 روپے تک! یہ نرخ عام متوسط اور محنت کش طبقے کی پہنچ سے باہر ہیں۔ رمضان کے آغاز میں محض دو دن باقی ہیں، لیکن قیمتیں پہلے ہی ساتویں آسمان پر ہیں۔ غریب پھل دیکھ کر ترسیں گے، جبکہ کچھ لوگ رمضان کو ذاتی فائدے اور حج،عمرہ کے لیے دولت جمع کرنے کا موسم بنا رہے ہیں۔ حکومتی ادارے خاموش تماشائی بنے ہیں، اور مہنگائی کے ماسٹر مائنڈز آج تک بے نقاب نہیں ہوئے۔دنیا کے ترقی یافتہ ممالک جیسے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی میں مذہبی تہوار یا رمضان کے موقع پر قیمتیں گرتی ہیں، عوام کو ریلیف ملتا ہے۔ وہاں سہولت بازار اور سبز بازار عوام کے لیے لگائے جاتے ہیں تاکہ ہر طبقہ خریداری کر سکے۔ مگر پاکستان میں حالات بالکل برعکس ہیں قیمتیں چھلانگیں لگاتی ہیں، سہولت بازار غائب ہیں، اور غریب عوام کی جیبیں لوٹی جا رہی ہیں۔ یہ مہنگائی کوئی معمولی مسلہ نہیں، یہ عوام پر جابرانہ ڈاکہ ہے، ہر گلی، ہر بازار میں نرخ ایسے بڑھ رہے ہیں جیسے رمضان صرف کچھ لوگوں کے فائدے کے لیے ہو۔متوسط اور کم آمدنی والے شہری رمضان کی خوشیاں صرف خوابوں میں دیکھیں گے، جبکہ حکومتی ادارے خاموشی سے یہ لوٹ مار دیکھتے رہیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے خاموشی توڑیں، قیمتوں پر قابو پائیں اور عوام کو رمضان میں فوری ریلیف فراہم کریں۔ ورنہ یہ مہنگائی کا طوفان ہر گھر میں احتجاج اور ناراضگی کی آگ بھڑکا دے گا، اور عوام اپنی چیخوں میں جواب مانگیں گے۔
Category: راولپنڈی
-

اہلیانِ گوجرخان کیلئے تاریخی سفری تحفہ، سوہاوہ اور روات ٹی چوک تک الیکٹرو بسوں کی گونج
گوجرخان (قمرشہزاد) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اہلیانِ گوجرخان کیلئے ترقی کا نیا سویرا طلوع ہو گیا۔
عظیم الشان منصوبوں پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی اور ایڈووکیٹ ثاقب علی بیگ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مریم نواز شریف نے گوجرخان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر کے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ ن ہی عوامی خدمت کی حقیقی علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بسیں محض سواری نہیں بلکہ ایک معیاری طرزِ زندگی کی علامت ہیں، جو گوجرخان سے سوہاوہ اور گوجرخان سے ٹی چوک روات تک کے مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات فراہم کریں گی۔ ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی نے واضح کیا کہ سی ایم پنجاب کی خصوصی ہدایت پر بزرگ شہریوں، خواتین اور طلبا و طالبات کیلئے یہ سفر بالکل مفت ہوگا، جبکہ عام شہریوں کیلئے محض 20 روپے کا معمولی کرایہ مقرر کیا گیا ہے، جو کہ مہنگائی کے دور میں غریب پرور حکومت کا ایک بے مثال اقدام ہے۔ ایڈووکیٹ ثاقب علی بیگ نے مزید کہا کہ سی ایم مریم نواز شریف کی قیادت میں گوجرخان میں تعمیر و ترقی کا وہ سفر شروع ہو چکا ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ سوا ارب روپے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کے جاری کیے گے، جی ٹی روڈ پر دو انڈر پاسز کی تعمیر، میگا روڈ پراجیکٹس اور ستھرا پنجاب، اپنا گھر اپنی چھت، سولر پینلز جیسی مہمات نے شہر کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب مشن کے تحت گوجرخان کی گلیوں اور محلوں کی صفائی ستھرائی کے جو تاریخی کام ہوئے ہیں، انہوں نے عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کر دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کا پنجاب وژن ریاست کو فلاحی ریاست بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ اہلیان گوجرخان سمیت ہم اپنے قائدین کے اس بصیرت افروز فیصلے پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ تعمیر و ترقی کا یہ سفر کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے گا۔
گوجرخان میں ن لیگ کا پاور شو گرین الیکٹرو بس افتتاحی تقریب میں عوام کا جمِ غفیر
عوامی سمندر میں مقامی قیادت ایک صف میں رنگا رنگ تقریب میں وزراء اور منتخب نمائندوں نے فیتہ کاٹ کر گرین ٹرانسپورٹ کا تحفہ دے دیا
گوجرخان میں تاریخی لمحہ سی ایم پنجاب کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا خدمت، ترقی اور کارکردگی کا ماڈل ایک اور سنگِ میل عبور کر گیا
گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان میں گرین الیکٹرو بس سروس کا باقاعدہ اور شاندار افتتاح ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب میں کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی معروف سیاسی و سماجی رہنما ثاقب علی بیگ ایڈووکیٹ نے کی۔ افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ پنجاب بلال اکبر، صوبائی وزیر منشا بٹ، عوامی ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی اور ایم پی اے کہوٹہ راجہ صغیر نے خصوصی شرکت کی اور فیتہ کاٹ کر بس سروس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سابق پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص، سابق چیئرمین بلدیہ شاہد صراف، سید ندیم شاہ، چیئرمین اشتیاق، طیب قریشی اور دیگر لیگی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں شہریوں اور مسلم لیگی کارکنان کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کرکے اس منصوبے کو سراہا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بلال اکبر، منشاء بٹ، راجہ شوکت عزیز بھٹی، ایڈووکیٹ ثاقب علی بیگ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا گرین الیکٹرو بس سروس کا افتتاح اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن صرف وعدوں کی سیاست نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی قیادت نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ جب بھی اسے خدمت کا موقع ملتا ہے تو وہ عوام کو ریلیف، سہولت اور ترقی کے حقیقی منصوبے فراہم کرتی ہے۔ رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے۔ سڑکیں ہوں، اسپتال ہوں، تعلیمی ادارے ہوں یا جدید ٹرانسپورٹ نظام ہر میدان میں پارٹی نے کارکردگی کی روشن مثالیں قائم کی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ترقی کا سفر رکا نہیں بلکہ مزید تیز ہوا ہے، اور گوجرخان میں گرین الیکٹرو بس سروس اسی وژن کی عملی جھلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، معیشت کو سنبھالا اور عوام کو سہولتیں فراہم کیں۔ آج بھی پارٹی کا عزم ہے کہ پنجاب کے ہر شہر اور قصبے تک جدید سہولیات پہنچائی جائیں گی تاکہ عام آدمی باوقار اور آسان زندگی گزار سکے۔ آخر میں لیگی رہنماؤں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ عوام کا اعتماد ہی ان کی اصل طاقت ہے، اور وہ خدمت، دیانت اور کارکردگی کی سیاست جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شہریوں اور کارکنان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرین الیکٹرو بس سروس گوجرخان کے لیے ترقی کا سنگِ میل ثابت ہوگی اور عوام کو جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرے گی۔ گوجرخان میں ترقی کا پہیہ چل پڑا اور یہ سفر اب رکے گا نہیں۔ -

فیلڈ مارشل کی یو اے ای کے نائب حکمران سے ملاقات
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج ابو ظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، خصوصاً اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی، اس کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی اور اس امر پر زور دیا گیا کہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی رابطہ کاری کا تسلسل ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا پاکستان کی معیشت اور سیکیورٹی کے لیے دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری اور مسلسل حمایت پر دلی شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا مظہر ہے اور اماراتی قیادت نے پاکستان میں اقتصادی و سماجی ترقی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی اپنی سلامتی کا حصہ ہے، جو دونوں ممالک کے مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری اور دیرینہ تعلقات کا تقاضا ہے انہوں نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ دونوں برادر عوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے۔
-

میڈیکل ٹیم کا عمران خان کی آنکھوں کے علاج پر اطمینان کا اظہار
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ کرنے والی میڈیکل ٹیم نے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیکل ٹیم نے اتوار کے روز اڈیالہ جیل کا دورہ کیا ٹیم نے سابق وزیرِ اعظم کی دائیں آنکھ کے علاج کو تسلی بخش قرار دیا اور بتایا کہ علاج کے نتیجے میں حالت میں بہتری آئی ہے جبکہ مکمل صحتیابی کا بھی امکان موجود ہے.
ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں تقریباً ایک گھنٹے تک پی ٹی آئی بانی کا طبی معائنہ کیا ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اپنی تفصیلی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد حکومت کو پیش کریں گے،اس سے قبل 5 رکنی پینل نے آنکھوں کا معائنہ کیا، جو تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہا ٹیم میں ڈاکٹر رفعت، ڈاکٹر سکندر اور ڈاکٹر عارف سمیت دیگر ماہرین شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے پی ٹی آئی قیادت کے نمائندوں کا تقریباً ڈھائی گھنٹے انتظار کرنے کے بعد معائنہ شروع کیا، تاہم طبی جانچ کے دوران کوئی بھی پی ٹی آئی رہنما موجود نہیں تھا اس سے قبل جیل سپرنٹنڈنٹ نے تصدیق کی تھی کہ ڈاکٹر طبی آلات اور ادویات کے ہمراہ جیل پہنچے تھے اور جلد ایک مفصل رپورٹ تیار کی جائے گی، پی ٹی آئی بانی کے علاج سے متعلق ابتدائی طبی رپورٹ پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کر دی گئی ہے۔
-

راولپنڈی: نجی کالج کے قریب 35 سالہ خاتون کی لاش برآمد
اولپنڈی:تھانہ گوجرخان کے علاقے میں نجی کالج کے قریب سڑک سے 35 سالہ خاتون کی لاش ملی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاتون کی تاحال شناخت میں نہیں ہو سکی اور بظاہر جسم پر زخم کا نشان بھی نہیں، پولیس اور فرانزک ماہرین موقع پر پہنچ گئے،ایس ایچ او طیب ظہیر بیگ کے مطابق شواہد اکھٹے کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
نوشہرو فیروز میں ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، فتنہ الہندوستان کے تین دہشت گرد گرفتار
قصور میں شدید دھند،ٹریفک حادثہ میں بہن جانبحق ،بھائی شدید زخمی
-

وزیراعلٰی پنجاب کی ذاتی دلچسپی پوٹھوہار یونیورسٹی کے لیے سوا ارب جاری
وفاق اور پنجاب حکومت کی مشترکہ کاوشیں رنگ لے آئیں پوٹھوہار کے طلبہ کے لیے تاریخی تعلیمی سنگِ میل
سیاست سے بالاتر ہوکر پوٹھوہار کے مستقبل کا فیصلہ اعلیٰ تعلیم کا لینڈ مارک منصوبہ خطے کی تقدیر بدلنے کو تیارگوجرخان (قمرشہزاد) پوٹھوہار میں علم کا نیا افق پنجاب یونیورسٹی کیمپس کا خواب تعبیر کے قریب، پوٹھوہار کے تعلیمی افق پر ایک نئی صبح طلوع ہونے جا رہی ہے۔برسوں سے زیرِ بحث اور عوامی امنگوں کا مرکز بننے والا پنجاب یونیورسٹی کا پوٹھوہار کیمپس اب عملی شکل اختیار کرنے کے قریب ہے۔
اس اہم پیش رفت کا اعلان سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا، جہاں انہوں نے اس منصوبے کو خطے کی تقدیر بدلنے والا لینڈ مارک پروجیکٹ قرار دیا۔ راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس معاملے میں غیر معمولی دلچسپی لیتے ہوئے کیس کو کابینہ کے سامنے پیش کیا، جس کے بعد یونیورسٹی کے لیے تقریباً سوا ارب روپے کی رقم جاری کی گئی۔ ان کے بقول اگر وزیراعلیٰ ذاتی طور پر اس معاملے کو نہ دیکھتیں تو منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہو سکتا تھا۔ انہوں نے اس اقدام کو فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زمین کی فراہمی اور اسے یونیورسٹی کے نام منتقل کرنے میں وزیراعلیٰ کا کردار کلیدی رہا، جس سے عملی پیش رفت کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب وہ قومی اسمبلی پاکستان کے اسپیکر تھے تو ان کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ گوجرخان اور گردونواح کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے لاہور یا اسلام آباد کا رخ نہ کرنا پڑے بلکہ انہیں اپنے علاقے میں ہی عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں۔ اسی سلسلے میں اُس وقت کے وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریباً 6 ارب روپے اس شرط پر جاری کیے تھے کہ بشرطیکہ پنجاب حکومت زمین فراہم کرے۔
راجہ پرویز اشرف نے اس قومی مقصد میں معاونت کرنے والی شخصیات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن میں اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب اور گورنر پنجاب سمیت دیگر اعلی شخصیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کسی ایک جماعت یا فرد کا نہیں بلکہ پورے پوٹھوہار کے عوام کا مشترکہ خواب ہے، جس کی تعبیر میں سب نے سیاست سے بالاتر ہو کر کردار ادا کیا۔ مزید بتایا گیا کہ مرکز کے پلاننگ ڈیپارٹمنٹ نے 12 فروری کو پنجاب یونیورسٹی کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے جس میں متعلقہ اراضی کے دورے اور منصوبے کے عملی آغاز کے اقدامات کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کو تعلیمی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھیں گے بلکہ مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں اور ترقیاتی امکانات کو بھی نئی جِلا ملے گی۔پریس کانفرنس کے دوران راجہ پرویز اشرف نے سیاسی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ذاتی یا جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے بچوں کے مستقبل کو مقدم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی انتظامی معاملات میں مداخلت یا روایتی سیاسی دباؤ کی سیاست نہیں کی، بلکہ ہمیشہ عوامی مفاد، تعلیمی فروغ اور تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔ ان کے الفاظ میں، کریڈٹ کسی فرد کو نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی ذات دیتی ہے، اصل مقصد عوام کی خدمت اور آنے والی نسلوں کے لیے مضبوط بنیاد رکھنا ہے۔سیاسی و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وفاق اور صوبہ اسی جذبے اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتے رہے تو پوٹھوہار کا یہ خطہ نہ صرف تعلیمی بلکہ معاشی و سماجی ترقی کا مرکز بن سکتا ہے۔ گوجرخان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کا قیام محض ایک تعلیمی منصوبہ نہیں بلکہ اجتماعی بصیرت، سیاسی ہم آہنگی اور مستقبل بینی کی روشن مثال ہے ایک ایسا خواب جو اب تعبیر کے دہانے پر کھڑا ہے اور جس سے پورے خطے کی تقدیر وابستہ ہے۔
-

اوگاہوں ڈیم میں نہاتے ہوئے دو کمسن طالب علم زندگی کی بازی ہار گئے
گوجرخان کے نواحی علاقے میں اوگاہوں ڈیم کا افسوسناک سانحہ دسویں جماعت کے دو طالب علم پانی میں ڈوب کر جاں بحق، علاقے میں کہرام
اوگاہوں ڈیم میں حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان، دو ہنستے بستے گھروں کے چراغ گل، شہریوں کا ضلعی انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ
گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان کے نواحی علاقے میں واقع اوگاہوں ڈیم ایک دل خراش سانحے کا منظر پیش کرنے لگا جہاں نہاتے ہوئے دو نوجوان پانی کی بے رحم لہروں کی نذر ہو گئے۔ افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق عرفان اور شاہزیب نامی دو کمسن طالب علم، جو دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم تھے، گرمی کے باعث ڈیم میں نہانے کے لیے اترے۔ اچانک پانی کی گہرائی اور تیز بہاؤ کے باعث دونوں نوجوان ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور مقامی افراد کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد دونوں نوجوانوں کی نعشیں پانی سے نکال لی گئیں۔ جانبحق ہونے والے دونوں طالب علموں کی میتوں کو قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کر دیا گیا۔جیسے ہی حادثے کی خبر پھیلی علاقے میں کہرام مچ گیا اور اہلِ خانہ پر قیامت صغریٰ ٹوٹ پڑی۔ ہر سو رنج و الم کی فضا قائم ہو گئی جبکہ تعلیمی ادارے اور مقامی افراد بھی غم میں ڈوب گئے۔مقامی شہریوں نے اس المناک سانحے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیم اور دیگر آبی مقامات پر مؤثر حفاظتی اقدامات، وارننگ بورڈز اور سیکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ مستقبل میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ یہ سانحہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ تفریحی مقامات پر حفاظتی تدابیر اور احتیاطی شعور کی کمی کس طرح لمحوں میں خوشیوں کو ماتم میں بدل دیتی ہے۔
-

کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، مالکان اور کرایہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز
اے ایس پی سید دانیال حسن کا سخت انتباہ غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور لاپرواہ مالکان کی اب خیر نہیں
گوجرخان، مندرہ اور جاتلی میں پولیس ٹیمیں متحرک کرایہ داری اندراج نہ کرانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ
گوجرخان(قمرشہزاد) سرکل گوجرخان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنانے کے لیے اے ایس پی سید دانیال حسن کی خصوصی ہدایات پر کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گوجرخان، مندرہ اور جاتلی سمیت مختلف علاقوں میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر کرایہ داروں کے کوائف کی پڑتال کریں گی۔ پولیس حکام کے مطابق، ایسے مالکانِ مکان جو اپنے کرایہ داروں کی رجسٹریشن کرانے میں ناکام رہے ہیں اور وہ کرایہ دار جو بغیر قانونی اندراج کے رہائش پذیر ہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اے ایس پی سید دانیال حسن نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور باقاعدہ کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی قانونی پریشانی یا گرفتاری سے بچنے کے لیے کرایہ داری ایکٹ پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں۔ پولیس نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ایک محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں اور فوری طور پر اپنے کرایہ داروں کا اندراج متعلقہ تھانے میں کروائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ مالک مکان اور کرایہ دار پر ہوگی۔ -

پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا، کراس فائرنگ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
موت کا رقص اور پولیس کی جرات، سی پی او سید خالد ہمدانی کا دو ٹوک اعلان پولیس پر گولی چلانے والوں کا انجام ہسپتال یا قبرستان ہوگا
یہ محض ایک گرفتاری نہیں بلکہ علاقے میں چھپے گینگز کے لیے واضح پیغام ہے شہریوں کے مال و جان سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں سید دانیالگوجرخان (قمرشہزاد) تھانہ مندرہ کا علاقہ گزشتہ رات میدانِ جنگ بن گیا جہاں فرض شناس پولیس پارٹی اور سنگین وارداتوں میں مطلوب چار سفاک ڈاکوؤں کے درمیان آمنا سامنا ہونے اور پولیس کی جانب سے مشکوک موٹرسائیکل کو رکنے کا اشارہ کرنے پر ملزمان نے خوف و ہراس پھیلانے کی نیت سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس ہولناک مقابلے کے دوران کانسٹیبل علی کو براہِ راست گولی لگی، مگر سینے پر لگی بلٹ پروف جیکٹ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی اور کانسٹیبل کی جان بچ گئی۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے نتیجے میں دو خطرناک ڈاکو گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہوئے، جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے وہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا جو ڈیڑھ ماہ قبل ایک شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینا گیا تھا۔گرفتار ملزمان ڈکیتی اور وہیکل لفٹنگ کی درجنوں سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ اے ایس پی سید دانیال حسن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا پولیس پر فائرنگ کرنا دراصل ریاست کی رِٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ ہمارے جوانوں نے جس بہادری سے موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ان خطرناک مجرموں کو دبوچا ہے، وہ محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ گوجرخان کی حدود میں شہریوں کے مال و جان سے کھیلنے والے درندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، قانون کا آہنی ہاتھ ان کا تعاقب جاری رکھے گا۔ جبکہ ایس ایچ او مندرہ ملک تنویر اشرف نے کہا کہ یہ محض ایک گرفتاری نہیں بلکہ علاقے میں چھپے گینگز کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ ملزمان انتہائی شاطر اور مسلح تھے، لیکن ہماری ٹیم کی بروقت جوابی فائرنگ نے انہیں سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا۔ مفرور ساتھیوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور بہت جلد وہ بھی اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے کامیاب کارروائی پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
-

یوٹیلیٹی بل زیادہ آنے پر 22 سالہ نوجوان نے خودکشی کرلی
راولپنڈی میں 22 سالہ نواجوان نے یوٹیلیٹی بل زیادہ آنے پر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ پیرودھائی کے علاقے گلی لوہاراں میں فاروق خان نے شہ رگ پر چھری پھیر کر زندگی کا خاتمہ کر لیا پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں،علاقے میں مبینہ اطلاع پھیل گئی کہ متوفی نے یوٹیلیٹی بل زیادہ آنے پر زندگی کا خاتمہ کرلیا تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایچ او پیر ودھائی کا کہنا ہے کہ خودکشی ہوئی ہے لیکن وجہ کا تعین نہیں ہو سکا اس لیے تحقیقات میں صورتحال واضح ہوگی۔
