ساہیوال:مہنگائی کے مارے انوکھے چوروں نے ریڑھی بان سے سولہ کلو گھی چھین لیا تفصیل کے مطابق تھانہ غلہ منڈی کی حدود میں نیازی اوور ہیڈ برج کے قریب ایک ریڑھی بان بشیر محبوب گھی لوڈ کرکے جارہا تھا کہ اسی اثناء میں دو موٹر سائیکل سوار آئے اور ریڑھی سے 16کلو گھی کے پیکٹ کا ڈبہ اٹھا لیا ریڑھی بان نے مزاحمت کی تو موٹر سائیکل سواروں نے ریڑھی بان کو دھکہ دے کر گھی چھین لیا اور فرار ہوگئے
Category: ساہیوال
-

ساہیوال:اعلی سرکاری افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری
ساہیوال(نمائندہ باغی ٹی وی)کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی،
میونسپل کارپوریشن افسران کے خلاف توہین عدالت کے جرم میں بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے ملازمین نے مستقل ہونے کےلئے ساہیوال لیبر کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی،جس پر عدالت نے محکمہ کو ان ملازمین کے مستقل کیے جانے بارے
حکم نامہ جاری کیا تھا،اور اس معاملے میں ہائی کورٹ نے بھی محکمہ کی اپیل خارج کرتے ہوئے ملازمین کو مستقل کرنے کے لیبر کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا تھا لیکن اس کے باوجود میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے افسران نے عدالتی حکم نامے کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملازمین کو مستقل نہ کیا۔جس پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ساہیوال اور چیف آفیسر سروسز میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے خلاف توہین عدالت کی اپیل دائر کی گئی تھی،الزام علیہان کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر لیبر کورٹ کے معزز جج صاحب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام علیہان کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو حکم دیا ہے کہ آئیندہ تاریخ سماعت پر ان افسران کو ہر صورت گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے دونوں افسران کی تنخواہ میں سے پچاس ہزار روپے بطور جرمانہ کٹوتی کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروانے کا حکم بھی جاری کیا،
واضح رہے کہ بعض ملازمین کی طرف سے یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے افسران ڈیلی ویجز ملازمین کی آڑ میں بوگس حاضریاں لگا کر لاکھوں روپے کی تنخواہیں خود وصول کرتے ہیں اسی وجہ سے ان کو مستقل نہیں کیا جارہا کیونکہ اس سے ان کا دھندہ ختم ہونے کا خدشہ ہے -

ساہیوال ایک بار پھر خون میں نہا گیا
ساہیوال ایک بار پھر خون میں نہا گیا ،جائیداد کے تنازعہ پر ننھیالی خاندان کو گولیوں سے بھون دیا گیا،ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل 3 زخمی،علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم،
تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے نواحی علاقے 94/9L کی رہائشی منظوراں بی بی خاتون کی دو کنال زمین پر اس کے بھتیجے علی رضا وغیرہ قابض تھے جن سے زمین کی واپسی کا تقاضا کیا جارہا تھا،اسی رنجش کی بنا پر آج شام علی رضا وغیرہ نے اپنے تین ساتھیوں سمیت مسلح ہوکر دھاوا بول دیا اور آتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکر منظوراں بی بی کا شوہر اکبر عرف بگو،بیٹا یوسف،مزارع طفیل اور ایک عام راہگیر موقع پر ہلاک ہوگئے،جبکہ منظوراں بی بی سمیت مزید دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں،جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے،زخمیوں اور لاشوں کو پولیس نے اپنی نگرانی میں ڈسٹرکٹ اینڈ ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال منتقل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے،بھانجوں کے ہاتھوں ماموں اور نانا کا قتل اخلاقی پستی کی بدترین مثال ہے، -

ساہیوال:رات گئے پولیس کو سرچ آپریشن کرنا پڑا
ساہیوال:ڈی پی او ساہیوال کیپٹن ر محمد علی ضیاء کی ہدایت پر تھانہ فرید ٹاؤن پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن،
کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنےوالے مالکان و کرایہ داران کے خلاف 4 مقدمات درج کر کے گرفتار کرلیا گیا،
انسپکٹر عابد حسین بھلہ ایس ایچ او فرید ٹاؤن کا کہنا تھا کہ ہر وہ شخص جو اپنا مکان, دوکان ,پلاٹ یا زرعی رقبہ کرایہ پر دے،اس کا اندراج فوری تھانہ میں کروائےوگرنہ بلا تفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، -

ساہیوال:سفاکیت کی انتہا،زمیندار کو ٹریکٹر تلے کچل دیا گیا
ساہیوال(نمائندہ باغی ٹی وی)راستہ نہ دینے پر تنازعہ،مخالفین نے زمیندار کو ٹریکٹر تلے کچل کر ہلاک کردیا،مقدمہ درج ملزمان موقع سے فرار
تفصیلات کے مطابق تھانہ کمیر کی حدود میں واقع ساہیوال کے نواحی گاؤں 152/9L میں عباد حسین نامی شخص اپنے زیر کاشت رقبہ میں موجود تھا کہ اس دوران اسی گاؤں کے رہائشی عبدالستار عرف طاہری اور ذوالفقار، مقتول عباد کی زمینوں سے ملحقہ زرعی رقبے میں ہل چلانے کے لیے ٹریکٹر پر سوار ہوکر آئے اور ٹریکٹر کو مقتول کی کاشت شدہ فصل میں سے گزار کر فصل کا نقصان کرتے ہوئے گزر گئے،ہل چلانے کے بعد واپسی پر دوبارہ وہاں سے گزرنے لگے تو عباد حسین نے انہیں روک کر سمجھایا اور انہیں تیار فصل کو تباہ کرنے سے باز رہنے کا کہا جس پر عبدالستار اور ذوالفقار طیش میں آگئے اور انہوں نے ٹریکٹر کو پوری رفتار سے عباد پر چڑھا دیا،مقتول کا تمام بدن ٹریکٹر اور ہل کے نیچے آکر کچلا گیا اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا،جبکہ ملزمان فرار ہوگئے،پولیس نے مقدمہ درج کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کردیا ہے،واضح رہے کہ ساہیوال ان دنوں لاقانونیت کی لپیٹ میں ہے گذشتہ تین روز میں معمولی تنازعات پر چار افراد قتل ہوچکے ہیں -

ساہیوال:محکمہ صحت اتائی ڈاکٹرز کے سامنے بے بس،نیم حکیم کے ہاتھوں ایک اور بچہ زندگی کی بازی ہار گیا
ساہیوال(نمائندہ باغی ٹی وی)محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ عطائی ڈاکٹرز کے سامنے بے بس،نیم حکیم کے ہاتھوں مبینہ طور پر ایک اور معصوم بچہ جاں کی بازی ہاری ہار گیا،تفیصلات کے مطابق تھانہ غلہ منڈی کی حدود میں واقع رحمت ٹاون کے رہائشی 8 سالہ عثمان کو کان کے درد کے باعث قریبی میڈیکل سٹور پر لایا گیا،جہاں پر موجود عطائی ڈاکٹر نے مبینہ طور پر بچے کو غلط انجکشن لگا دیا جس سے بچے کی موت واقع ہو گئی،بچے کے لواحقین نے عطائی ڈاکٹر اور محکمہ ہیلتھ کی مجرمانہ غفلت کےخلاف احتجاج کرتے ہوئے لاہور ملتان جی ٹی روڈ کو بند کیے رکھا،واضح رہے کہ چند روز قبل ہی نواحی قصبے اڈہ کھوئی میں عطائی ڈاکٹر کی طرف سے نجی کلینک پر ایک خاتون کا آپریشن کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد محکمہ صحت نے کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ کلینک کو سیل کردیا تھا جس کے چند روز بعد آج عطائی ڈاکٹر کے ہاتھوں بچے کی جان چلے جانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا،جو کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائی ڈاکٹروں کے سامنے محکمہ صحت کی بے بسی واضح کرتا ہے
-

ساہیوال:لاش ڈھونڈ لی گئی
ساہیوال:ریسکیو اہلکاروں نے کامیاب سرچ آپریشن کرتے ہوئے نہر میں ڈوب جانے والے بچے کی لاش کو ڈھونڈ لیا،کمسن بچہ گذشتہ روز نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا،تفیصلات کے مطابق ساہیوال شہر کے وسط سے گزرنے والی نہر نو/ایل میں گزشتہ روز خانہ بدوش گھرانے کا ایک کمسن بچہ نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا،جس کی لاش کو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے ڈھونڈ نکالا اور ورثاء کے حوالے کردیا،واضح رہے کہ ساہیوال شہر سے گزرنے والی نہر لوئر باری دوآب اور اس سے ملحقہ نہر نو/ایل اگرچہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ضلع بھر کی زمینوں کو سیراب کرتی ہیں لیکن ان پر مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث ہر سال کئی افراد ان نہروں میں ڈوب کر ہلاک ہوجاتے ہیں،خاص طور پر نہر کنارے آباد خانہ بدوش گھرانوں کے بچے اکثر اس قسم کے حادثات کا شکار ہوتے ہیں
-

ساہیوال:لرزہ خیز واقعہ،تایا نے بھتیجے کے ساتھ کیسا سلوک کیا اور وہ بھی صرف پانچ سو کی خاطر
ساہیوال(نمائندہ باغی ٹی وی)انسان خونی درندے کا دھوپ بھی دھار سکتا ہے،ساہیوال میں گذشتہ روز ایسا ہی ہوا،جب نواحی گاؤں میں تایا نے اپنے ہی بھتیجے کی جان لے لی،تفیصلات کے مطابق تھانہ یوسف والا کی حدود میں واقع گاؤں 60/5 ایل کے رہائشی عمانوائیل مسیح نے اپنی بھاوج کو دیے گئے 500 روپے ادھار کی واپسی کا مطالبہ کیا اور طیش میں آکر بھاوج پر تشدد شروع کردیا،اسی دوران عورت کا چھ سالہ بچہ جس کا نام اسد بتایا جارہا ہے اپنی والدہ کو بچانے کی کوشش میں تایا کے سامنے آگیا،لیکن سفاک تایا نے تشدد روکنے کی بجائے ڈنڈوں کی بارش کرکے اپنے ہی سگے بھتیجے کی جان لے لی جبکہ بچے کی والدہ کو بھی تشدد کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا اور بازو کی ہڈی توڑ ڈالی،پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ متائثرہ عورت اور اس کے بچے کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،صرف 500 روپے کی خاطر سگے بھتیجے کو قتل کردینے کا یہ واقعہ ایک طرف انسانیت کو شرما رہا ہے تو دوسری طرف پاکستان میں پھیلی غربت و مفلسی کی وجہ سے لوگوں کی مجبوری و لاچارگی کی بھی واضح مثال ہے،متاثرہ خاندان کو حصول انصاف کے لیے ابھی کہاں تک دھکے کھانے پڑتے ہیں یہ بھی ایک الگ سوال ہے
-

ساہیوال:سخت گرمی کے باوجود ڈپٹی کمشنر عوامی فلاح کے لیے سرگرم
ساہیوال:ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمدزمان وٹو نے رمضان بازار ریلوے روڈ کا دورہ کیااورآٹا، چینی ،گھی سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کے سٹالز کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں صفائی ستھرائی کے عمل کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے انچارج رمضان بازار کو ہدایت کی کہ رمضان بازار میں خواتین اور ضعیف افراد کےلئے کاﺅنٹرز میں اضافہ کیا جائے جبکہ اشیائے ضروریہ کا کوٹہ بھی بڑھایا جائے تاکہ شہری رمضان بازاروں میں باآسانی تمام اشیاءخرید سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائیگا۔حکومت کی ہدایت کے مطابق عام مارکیٹ کی نسبت سستے رمضان بازاروں میں آٹا چینی پر خصوصی سبسڈی فراہم کی گئی ہے جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کا سٹاک بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔رمضان بازاروں میں شکایات سیل بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں رابطہ کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں سبزی و فروٹ کے سٹالز بھی چیک کئے اور انتظامیہ کو ہدایت کی رمضان بازار میں بہتر کوالٹی کے پھل اور سبزیاں فروخت کےلئے رکھی جائیں۔اشیائے خوردونوش اور فروٹ و سبزی کی کوالٹی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنرنے مختلف پیک اشیاءکے وزن بھی چیک کئے۔اس موقع پر انہوں نے رمضان بازار میں آنے والے شہریوں سے دستیاب سہولیات بارے معلومات بھی لی۔
-

ساہیوال میں ایسا کیا ہوگیا کہ ڈی پی او سمیت تمام پولیس کو سڑکوں پر آنا پڑا
ساہیوال(نمائندہ باغی ٹی وی)عوام میں احساس تحفظ قائم رکھنے کے لیے پولیس کا ڈی پی اوکیپٹن (ر)محمد علی ضیاء کی زیر قیادت فلیگ مارچ۔ ایس پی انوسٹی گیشن، ایس ڈی پی او سٹی،ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ اوز سٹی سرکل، ایلیٹ فورس، محافظ پولیس اسکوارڈ کی شرکت۔ فلیگ مارچ عوام میں احساس تحفظ قائم رکھنے، فورس کا مورال بلند رکھنے اور شرپسندوں کو شکست کا پیغام دینے کے لیے کیا گیا۔ لاہور داتا دربار ایلیٹ فورس کی گاڑی پر خود کش حملے کے نتیجہ میں ایلیٹ و پولیس اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادت کے بعد عوام میں پیدا ہونے والی عدم تحفظ، خوف اور غم کی فضا کو ختم کرنے کے لیے ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء نے پولیس فورس کی بھاری نفری کے ساتھ شہری علاقوں میں خود نکلنے کا فیصلہ کیا تاکہ عوام میں احساس تحفظ برقرار رہے، فورس کا مورال بلند رہے اور شکست خوردہ شرپسندوں کو پیغام دیا جا سکے کہ ان کی اس بزدلانہ کارروائی سے نہ تو پولیس فورس خوف زدہ ہو کر اپنے فرائض کی ادائیگی موقوف کرنے والی ہے اور نہ ہی عوام ان کارروائیوں سے مرعوب ہونے والے ہیں تمہاری شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے اور ہم سب ہم وطن سینہ سپر کھڑے ہیں ہم بحیثیت قوم ملک کو تم جیسی نجاستوں سے پاک کر کے دم لیں گے اور ملک کو پر امن اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنی اپنی جگہ اپنے حصے کا کام کرتے رہیں گے۔ پولیس لائن سے پولیس فلیگ مارچ ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈمحمد علی ضیاء کی قیادت میں روانہ ہوا جس کے آغاز پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور پھرپولیس افسران و جوانوں اور محافظ پولیس اسکوارڈ کے دستوں کی ہمراہی میں شہر کی مختلف شاہرات پر مارچ کیا۔
