شیخوپورہ (محمد فہیم شاکر سے )محکمہ بلڈنگز کے ایکسین نے اپنی من پسند فرم کو نوازنے کے لیے گورنمنٹ ریٹس سے بھی 2000فیصدکم پر کام کرنے کی آفر کر ڈالی جس سے قومی خزانہ کو 26لاکھ 80ہزار روپے کا چونا لگانے کی تیاری کر لی گئی ہے جس پر کنٹریکڑز سراپا احتجاج بن گئے انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے،بتایا گیا ہے کہ 20مئی کو کمشنر آفس لاہور میں شرقپور میں باؤنڈری وال کے ایک کروڑ 61لاکھ73ہزار روپے مالیت کے منصوبہ میں کنٹریکٹرزنے ٹینڈر حاصل کرکے اوپن نیلامی میں حصہ لیا جس میں سب سے کم ریٹ ریلائنس کنسٹرکیشن کمپنی نے ظاہر کئے مگر ایکسین نے اپنی من پسند فرم نعیم اللہ خان اینڈ کمپنی کو نوازنے کے لیے ڈرافسمین اور ٹائپسٹ کے ذریعے اس کام کو 2000فیصد کم ریٹ پر کرکے یہ کام انہیں دینے کی تیاری شروع کر دی جس سے قومی خزانہ کو 26لاکھ روپے سے زائد کی رقم کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے اور یہ آفر غیر قانونی ہے جس پر کنٹریکٹرز نے اس کام کے ورک آڈرز روکنے کے لیے تحریری درخواست بھی دے دی ہے۔
Category: شیخوپورہ

کسانوں کے خلاف اب کاروائی ہوگی
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے موٹر وے پر فصلوں کی باقیات جلانے کے باعث پیدا ہونے والے دھویں کے نتیجہ میں ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے زمینداروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے کہا ہے کہ موٹروے کے قریب فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا غیر قانونی اور انتہائی خطرناک عمل ہے۔فصل کی باقیات جلانا نہ صرف ماحول کو آلودہ کرتا ہے بلکہ حادثات کا بھی سبب بنتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آگ لگانے والے 39 زمینداروں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے جبکہ 17 کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اور تمام متعلقہ افسران کو دوران سفر لوگوں کی زندگی کو محفوظ بنانے کے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگا کر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے زمینداروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔عوام کی جانوں سے کھیلنے والے کسان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے موٹروے پولیس کے تعاون سے کسانوں کے لئے آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔سوشل میڈیا اور مساجد میں فصل کے باقیات کو آگ نہ لگانے کے اعلانات بھی کروائے جا رہے ہیں اور دیہات کے لمبرداران سے گارنٹی لی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام الناس کے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے متحرک اور فعال انداز میں فرائض سر انجام دے رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے تحت اظہار یک جہتی فلسطین ریلی
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام شیخوپورہ میں فلسطین کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ریلی کمپنی باغ سے شروع ہو کر ریلوے روڈ سے ہوتی ہوئی یادگار چوک جناح پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ اورڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر میکن نے کی۔ ریلی میں افسران ،صدر پریس کلب مبشر حسن بٹ، جنرل سیکرٹری رانا محمد عثمان، ملازمین و سول سوسائٹی اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی۔
ریلی میں وکلاء، صحافیوں ، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے مختلف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کی تحاریر درج تھیں۔ ریلی کے شرکاءنے اسرائیلی مظالم کے خلا ف شدید نعرے بازی کی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی بر بریت کا نوٹس لے کر فلسطینی عوام کا تحفظ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول اور بیت المقدس فلسطین کی آزادی کے لئے ہر پلیٹ فارم سے آواز بلند اور ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، مظلوم فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اسلامی ممالک کے سر براہان اور اقوام عالم سے رابطے میں ہیں اور یہ بات واضع ہے کہ فلسطین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ڈی پی او شیخوپورہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں اور خواتین کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے ۔ اقوام عالم فلسطین میں اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے۔ صدر پریس کلب مبشر حسن بٹ نے کہا کہ ہم اسرائیل کو یہ بات واضع کر دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں مذمت کے ساتھ ساتھ مرمت بھی کرنا آتی ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ فیصل جاوید نے کہا کہ اسرائیل کے جنگی عزائم اب دنیا پر واضع ہو چکے ہیں اورقبلہ اول کے تحفظ کے لئے مسلمان اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں ۔ پاکستان کی حکومت مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے ہم فلسطین پر ظلم کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر بیت المقدس اور قبلہ اول کی حفاظت اور فلسطینی عوام کو فتح اور نصرت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ ریلی کے دوران کورونا ایس او پیز کے تحت ماسک پہن کر شرکت کی اور سماجی فاصلوں کی خیال رکھا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے علماءکرام اور مشائخ سے اپیل کی کہ آج جمعتہ المبارک کا با برکت دن ہے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران فلسطینیوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کریں

گورنر پنجاب کی شیخوپورہ آمد
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے شیخوپورہ کا دورہ کیا اور آب پاک واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہویے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت پورے پنجاب میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے
رواں سال کے آخر تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں 1600صاف پانی کے مراکز مکمل ہوجائیں گے اور 7.6 ملین لوگوں کو صاف پانی میسر ہوگا۔چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ضلع شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے 48 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔جنوبی پنجاب کے علاقوں سمیت پورے پنجاب کے اضلاع میں آب پاک اتھارٹی کے تحت صاف پانی کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے وہ دن انشاء اللہ دور نہیں جب پنجاب کے تمام عوام کو صاف پانی انکی دہلیز پر میسر ہو گا،دریں اثنا گورنر پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اراکین اسمبلی پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی اور ضلع شیخوپورہ میں مختلف ترقیاتی سکیمیوں اور مساٸل پر گفتگو کی۔

موٹروے پولیس ٹریننگ کالج اور اٹلس ہنڈا کے اشتراک سے روڈ سیفٹی مہم کا آغاز
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی )روڑ پر سفر کرنے والوں میں موٹر سائیکل سوار سب سے زیادہ حادثات کا شکار ہوتے ہیں اس لئے موٹر سائیکل سواروں کی سیفٹی پر کام کرنا انتہائی اہم ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمانڈنٹ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ تیمور خان نے اٹلس ہنڈا کے اشتراک سے کالا شاہ کاکو کے مقام پر موٹرسائیکل سواروں سے متعلق ایک روڑ سیفٹی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ اٹلس ہنڈا کے نیشنل مینجر سیفٹی افتخار احمد، ریجنل مینجر سیفٹی آصف اکرام اورکشیر تعداد میں موٹروے پولیس کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

روڑ سیفٹی کی خصوصی مہم کے دوران موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ تقسیم کئے گئے، بیک ویو مررلگائے گئے اور ہیڈ اور ٹیل لائٹس لگانے کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل سواروں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی آگاہی کے لئے ماسک بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمانڈنٹ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج تیمور خان نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں کے حادثات کی سب سے بڑی وجہ بیک ویو مررز کا نہ ہونا ہے۔ ہیڈ اور ٹیل لائٹس کا خراب ہونابھی حادثات کی وجہ بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیاری ہیلمٹ کے استمعال سے جان لیوا سر کی چوٹ سے بچاجا سکتا ہے۔ مہم کے دوران موٹرسائیکل سواروں کو بریف کیا گیا کہ ہیلمٹ کا استمعال لازمی کریں، لین تبدیل کرنے یا مڑنے کے لئے انڈیکٹرز کے ساتھ ساتھ بیک ویو مررز کا استمعال کریں، ہیڈ اور ٹیل لائٹس کو دُرست حالت میں رکھیں، دو سے زیادہ لوگ سفر نہ کریں، روڑ کے انتہائی بائیں جانب چلیں اور رفتار مناسب رکھیں۔

نیشنل مینجر سیفٹی ہنڈا اٹلس مسٹر افتخار احمد نے اس موقع پر کہا کہ اُن کی کمپنی روڑسیفٹی پر موٹروے پولیس کے عوامی خدمت کے ساتھ کام کرنے کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور وہ روڑسیفٹی کے شعور کو اُجاگر کرنے کے لئے موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر مستقبل میں بھی کام کرتے رہیں گے

ڈی سی شیخوپورہ کا دورہ ویکسینیشن سنٹر
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے شیخوپورہ میں قائم کورونا ویکسینیشن سنٹرز کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کورونا ویکسینیشن سنٹرز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ کورونا ویکسینیشن سنٹر میں عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی غفلت نہ برتی جائے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ کو ہدایت کی کہ کورونا ویکسینیشن سنٹرز کا باقاعدگی کے ساتھ دورہ کریں اور عوام کے لیے بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنا یا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کرونا ایس او پیز پر عمل در آمد کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویکسینیشن کورونا سے بچاﺅ کا اہم ذریعہ ہے لیکن ویکسینیشن ماسک کے استعمال سماجی فاصلے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ ڈپٹی کمشنر نے کورونا ویکسینیشن سنٹر میں بزرگ شہریوں سے سنٹر میں ملنے والی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر ویکسینیشن سنٹر میں آنے والے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ کی کام سے لگن اور عوام کی خدمت کے جذبے کی وجہ سے کورونا ویکسینیشن سنٹر میں تمام تر سہولیات میسر ہیں ۔

جلوس نکالنے پر مقدمہ درج
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی ) شیخوپورہ میں گرفتار شدہ نواز لیگ کے مرکزی رہنماء میاں جاوید لطیف کے گھر جانے والے جلوس کا سٹی اے ڈویژن پولیس نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چوہدری محمد اصغر جوئیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر مقدمہ درج کر لیا ہے یہ مقدمہ ریونیو آفیسر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمد ارشد شاہین کی مدعیت میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کے الزام کی بناء پر زیر دفعہ 269 / 270 ت پ اور پنجاب انفلیشن ڈیزیزز پریونیٹو اینڈ کنٹرول ایکٹ 6-2020 اور 7-2020 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں بلا اجازت جلوس نکالنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے کا الزام میاں جاوید لطیف کے بیٹے میاں حسن جاوید دو بھائیوں سابق چیئرمین بلدیہ میاں امجد لطیف میاں منور لطیف صدر نواز لیگ شیخوپورہ میاں منور اقبال اور انجمن تاجران کے عہدیداروں ملک پرویز اقبال شیخ محمد یعقوب شیخ عظیم جاوید اور میاں احسان عرف شانی سمیت لا تعداد کارکنوں پر عائد کیا گیا ہے ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افراد نے لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کر کے جلوس نکال کر جرم کا ارتکاب کیا ہے

ضلعی انتظامیہ نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غلام مبشرمیکن خانقاہ ڈوگراں پہنچے اور 3 روز قبل گاڑی نہر میں گرنے کے باعث پیش آنے والے حادثے کی جگہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے حادثے کی جگہ پر جاری پل کی مرمت کے کام کا معائنہ کیا اور کہا کہ حادثے کے باعث متاثر ہونے والے پل کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے ، جسے 2 روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ متعلقہ انتظامی افسران کو اپنی موجودگی میں پل کی مرمت کا کام 2 روز میں مکمل کروانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں
ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گاڑی نہر میں گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے جاں بحق 11 افراد کے گھر بھی گئے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی اور جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہویے کہا کہ ہم وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا تعزیتی پیغام لے کر آئے ہیں۔حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ڈی سی شیخوپورہ نے رپورٹ طلب کر لی
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چوہدری محمد اصغر جوئیہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں سنگین بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کے مبینہ الزامات کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے یہ رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو دی جانے والی ایک تحریری درخواست پر طلب کی گئی ہے جس کو ڈی سی آفس میں ڈائری نمبر 5089 کے تحت جمع کروایا گیا تھا اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ چند روز قبل مذکورہ محکمہ میں ہونے والے کروڑوں روپے مالیت کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈروں میں پول ہوا جس میں مبینہ طور پر ایکسین میاں مدثر قائم مقام ایس ڈی او خواجہ ظہیر الدین اور کلرک محمد اعظم سمیت کئی افسران شامل ہیں
جنہوں نے اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو فل ریٹ پر ترقیاتی کام دے کر ایک طرف سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا اور دوسری طرف خود لاکھوں روپے کمیشن وصول کی اس محکمہ میں ایسے لوگ کام کر رہے ہیں جو ماضی میں کئی مرتبہ سنگین الزامات کی وجہ سے معطل ہوچکے ہیں ایسے افراد اور ان کے رشتہ داروں کے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ اکٹھا کیا جائے اور موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کیا جائے تو اہم انکشافات ہوسکتے ہیں اور قومی خزانہ مزید لوٹ کھسوٹ سے بچ سکتا ہے درخواست میں یہ اہم انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں کئی برس تک ایک جعلی سب انجینئر بھی افسران کی ملی بھگت سے کام کرتا رہا جس کو اب موجودہ حکومت کے دور میں نوکری سے نکالا گیا ہے مگر اس کے ذریعے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی کسی نے اب تک انکوائری نہ کروائی ہے بلکہ اس کے دور میں جاری ہونے والے ترقیاتی کاموں کے ورک آرڈرز پر اب کام مکمل کروائے جا رہے ہیں ڈیرہ بھنگواں اور لاہور روڈ کے فیکٹری ایریا میں برخاست شدہ جعلی سب انجینئر کے ذریعے شروع کروائے جانے والے ترقیاتی کاموں میں اس کے بعد سنگین کرپشن کی گئی ہے
اس درخواست کی نقول وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھی بھیجی گئی ہیں دریں اثناء محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے مذکورہ افسروں اہلکاروں نے درخواست میں لگائے جانے والے الزامات کی تصدیق نہ کی ہے

خانقاہ ڈوگراں میں قیامت گزر گئی،سات بچوں سمیت گیارہ افراد ڈوب گئے
شیخو پورہ(نمائندہ باغی ٹی وی) شیخوپورہ سے 30 کلومیٹر دور سرگودھا روڈ میاں علی نہر خانقاہ ڈوگراں نشان کار ٹرن لیتے ہوئے نہر میں گر گئی کار میں سوار 11 افراد جاں بحق ہوگئے
ریسکیو 1122 شیخوپورہ، ایدھی ایمبولینس اور خانقاہ ڈوگراں پولیس کی امدادی ٹیموں نے کار میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کونہر سے نکال کرRHC خانقاہ ڈوگراں منتقل کر دیا- جاں بحق ہونے والوں میں بچے خواتین اور اور مرد افراد شامل ہیں ہیں
ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ اصغر علی جوئیہ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رانا اعجاز احمد اور دیگر افسران موقع پر موجود ہیں اور امدادی ٹیموں کی نگرانی کر رہےہیں جاں بحق ہونے والوں میں سات بچے تین خواتین اور ایک مرد شامل ہےابتدائی اطلاعات کے مطابق کار میں سوار فیملی قلعہ دیدار سنگھ سے خانقاہ ڈوگراں رشتہ داروں کے ہاں جا رہے تھے کہ موٹر وے انٹر چینج سے خانقاہ ڈوگراں روڈ پر بھٹن پورہ پل میاں علی نہر میں ٹرن لیتے ہوئے گر گئے جس سے کار میں سوار 11 افراد جن میں 7 بچے 3 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں ، ڈوب گئے ریسکیو 1122 شیخوپورہ اور خانقاہ ڈوگراں کی امدادی ٹیموں نے فوراً موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکال لیا- لواحقین کی درخواست پر جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو RHC خانقاہ ڈوگراں سے قلعہ دیدار سنگھ منتقل کیا گیا ہے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں ہریراہ ولد افضل 13 سال، سعد ولد افضل 11 سال، حسن ولد افضل 9 سال، حسین ولد افضل 6 سال, چاند ولد افضل، افضل ولد اقبال 42 سال، سعدیہ زوجہ افضل 40 سال، منور زوجہ اقبال 70 سال، مدیحہ زوجہ عمران 35 سال اور سبحان ولد عمران 12 سال شامل ہیں-











