Baaghi TV

Category: شیخوپورہ

  • چینی ایک سو دس روپے کلو پر فروخت، انتظامیہ بے بس

    چینی ایک سو دس روپے کلو پر فروخت، انتظامیہ بے بس

    شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی)شہر بھر میں ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ چینی کی 85روپے فی کلو فروخت کے اپنے ہی احکامات پر عملدر آمد کروانے میں ناکام ہوگئے چھوٹی بڑی دکانوں اور گلی محلوں میں چینی 100روپے سے 110روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے خریدار کی طرف سے سرکاری نرخوں پر چینی فروخت کرنے کی بات سنتے ہی یہ دکاندار آگ بگولہ ہو جاتے ہیں اور خریدار کو چینی دینے سے ہی انکار کردیا جاتا ہے

    چینی کی مقررہ قیمت پر فروخت کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں کوئی عملی اقدامات نہ اٹھا سکیں شہریوں کی طرف سے بارہا شکایات کے باوجود نہ تو مہنگی چینی کی فروخت پر جرمانے کیلئے جارہے ہیں نہ گراں فروشی پر گرفتاریاں اور جر مانے ہورہے ہیں

    رمضان المبارک کاتیسرا اور آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے لیکن اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر قابو نہ پایا جاسکا، الیکٹرونک، پرنٹ و سوشل میڈیا پر چینی آٹا اور مرغی کے گوشت کی مصنوعی قلت اورخودساختہ اضافہ سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی اشاعت اور انتظامیہ کی طرف سے نوٹس نہ لئے جانے کے خلاف احتجاج کے باوجود بھی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی

    روزہ دار مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیاء خوردو نوش کے حصول کیلئے خوار ہو کر رہ جاتے ہیں، کھجور 300روپے فی کلو، کیلا 150 فی درجن،سیب 180روپے، فالسہ 400روپے فی کلو، بکرے کا گوشت 1200روپے فی کلو اور گائے کا گوشت 600روپے فی کلوجبکہ ڈالٹا گھی 290روپے فی کلوفروخت کیا جارہا ہے شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ز بھاری تنخواہوں اور مراعات کے باوجود مصنوعی مہنگائی پر قابو نہیں پاسکے

    وزیر اعلیٰ پنجاب جن شہروں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات مل رہی ہیں انکی انتظامیہ کو معطل کریں جبکہ حکمران جماعت کی طرف سے اعزازی طور پر جن پی ٹی آئی نمائندوں کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے چیئرمینز نامزد کیا گیا ہے وہ بھی صرف سوشل میڈیا پر ذاتی تشہیر کی حد تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

  • مہنگائی کا جن بے قابو،انتظامیہ بے بس

    مہنگائی کا جن بے قابو،انتظامیہ بے بس

    شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی)شیخوپورہ میں ضلعی انتظامیہ کے تمام تر دعوے اور انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے شہر میں اشیاء خوردونوش پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں،ذخیرہ اندوزوں نے مصنوعی قلت پیدا کرکے گراں فروشی کی انتہا کردی
    مرغی کا گوشت 400روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے جبکہ بکرے کے گوشت کے سرکاری نرخ 900روپے فی کلو ہیں مگروہ بھی 1200روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے اور بڑا گوشت 600روپے تک فروخت ہورہا ہے، چینی 95سے 100روپے تک فی کلو اور 10کلو آٹے کا تھیلا 600 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے

    پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بھی عدم استحکام ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں مکمل غیر فعال ہو کر رہ گئی ہیں سیاسی طور پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے نمائندے بھی کارکردگی دکھانے میں ناکام نظر آرہے ہیں ان کا گلہ ہے کہ انتظامیہ ان سے تعاون نہیں کررہی جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے نمائندے نہ تو گراں فروشوں کو جرمانے کررہے ہیں اور نہ ہی مقدمات درج کئے جارہے ہیں
    ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ رمضان المبارک سے قبل سے دعویٰ کرتے آرہے ہیں کہ شہریوں کو تمام اشیاء ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی مگر ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا نصب رمضان گزر چکا اور عوام مجبوراً اشیاء خوردونوش مہنگے داموں خرید رہی ہے

    سستے رمضان بازاروں میں بھی شہریوں کو مطلوبہ اشیاء خوردونوش دستیاب نہ ہیں اور انکے اوقات بھی محدود ہیں اگر ایک چیز وہاں سے ملتی ہے تو دوسری کیلئے وہاں سے دوسری جگہ جانا پڑتا ہے انتظامیہ وہاں پر بھی تمام اشیاء کی فراہمی کو یقینی نہ بناسکی، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

  • پولیس کا جیبیں گرم کرنے کا سلسلہ عروج پر

    پولیس کا جیبیں گرم کرنے کا سلسلہ عروج پر

    شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی)حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان بازاراور کریانہ سٹور،دودھ فروشوں کو دکانیں کھولنے کی اجازت کے باوجود شہر میں پولیس اور دکانداروں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی سٹی پولیس نے متعدد دکانداروں کو حراست میں لیکر ان کی دکانیں بند کروا کر انہیں تھانہ لے جانے کی بجائے راستے میں ہی مک مکا کر کے چھوڑنے کا سلسلہ جاری رہا

    پولیس اہلکاروں نے 10ہزارورپے لیکر چھوڑنے کا سلسلہ جاری رکھا رمضان المبارک میں بھی پولیس اہلکار بھتہ لیتے رہے اس صورتحال پر دکاندار سراپا احتجاج بن گئے،بتایا گیا ہے کہ شیخوپورہ میں جمعہ اور ہفتہ کو حکومت پنجاب کی طرف سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم گزشتہ روز رمضان بازروں سمیت دودھ فروشوں،کریانہ سٹورزکو دکانیں کھولنے کی اجازت ملنے کے باوجود سٹی پولیس نے دکانیں بند کروا دیں اور متعدد دکانداروں کو حراست میں لیکر مک مکا کے بعد چھوڑ دیا تاہم شہر بھر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی جاری رہی دکاندار دکانوں کے باہر بیٹھ کر سارا دن شاپنگ کے لیے آنے والے شہریوں کو آدھا شٹر اٹھا کر سودا سلف فروخت کرتے رہے۔

  • عید کی آمد، بازاروں میں رش، پولیس غائب

    عید کی آمد، بازاروں میں رش، پولیس غائب

    شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی)رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے شروع ہوتے ہی بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ جانے کے باعث اندرون شہر بے ہنگم ٹریفک نے شدید گرمی میں شہریوں کا براحال کر دیا،گاڑیوں کی لمبی لائنوں اور ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا
    لاہور سرگودھا روڈ پر کوئی ٹریفک پولیس کا اہلکار اپنی ڈیوٹی پر موجود نہ ہے اندرون شہر ڈیوٹی پر موجود اہلکارآپس میں خوش گپیوں میں مصروف رہنے لگے جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک اپنے آفس میں اے سی میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ بنانے لگے،شدید گرمی میں ٹریفک کے ستائے شہری اس صورتحال پر سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے آئی جی پنجاب پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور ٹریفک پولیس کے خلاف سخت ایکشن لیں،

    بتایا گیا ہے کہ شہریوں کی طرف سے عید کی خریداری کا رش بڑھنے سے شہر میں دونوں اطراف ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا،لاہور روڈ پر گلی ککے زئیاں،اکبر بازار،گلی حکیماں میں خواتین کی آمد رفت کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے وہاں پر موجود ٹریفک اہلکار ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے سائے میں کھڑے ہو کر خوش گپیوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے،جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک ان اہلکاروں کی ڈیوٹی چیک کرنے اور ٹریفک کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے دفتر تک محدود ہو کر رہ گئے جس کی وجہ سے شہر بھر میں سارا دن ٹریفک جام رہنے سے شہری شدید اذیت کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔

  • ریسکیو 1122 شیخوپورہ کی ماہانہ کارکردگی کا اجراء

    ریسکیو 1122 شیخوپورہ کی ماہانہ کارکردگی کا اجراء

    شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) اپریل2021 کے دوران ضلع بھرمیں 2030 حادثات میں 2044 افراد کو ریسکیو کیاگیا ان خیالات کا اظہار رانااعجاز احمد نے کیا
    پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 شیخوپورہ کی کارکردگی ہمیشہ کی طرح گزشتہ ماہ بھی مثالی رہی۔ ریسکیو1122 شیخوپورہ کویکم اپریل2021سے30 اپریل2021 تک مجموعی طور پر49206 فون کالز موصول ہوئیں جن میں سے 2030 ایمرجنسی کالز تھیں۔

    ان میں 710روڑ ٹریفک ایکسیڈنٹس،978میڈیکل ایمرجینسیز،116آگ لگنے کے واقعات، 60کرائم کیس، 07ڈوبنے اور159متفرق ایمرجنسیزتھیں۔ان تمام ایمرجینسیزمیں 7.30منٹ اوسطاََٹائم برقرار رہا۔
    ریسکیو1122 شیخوپورہ نے بروقت رسپانس کاروائی کرتے ہوئے مجموعی طورپر 2044 لوگوں کو ریسکیو کیاجن میں 369 افراد کوموقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ1593افراد کو ابتدائی طبی امداددیتے ہوئے ہسپتال منتقل کیاان میں 82 افراد ایسے بھی تھے جو موقع پر ہلاک ہوئے۔

    علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلع شیخوپورہ سے کل468مریضوں کو لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں شفٹ کیا۔
    اس موقعہ پر انچارج ریسکیو 1122 شیخوپورہ انجینئیررانااعجاز احمد کاکہناتھاکہ موجودہ ملکی صورتِ حال میں ریسکیو 1122کوروناجیسی وبائی مرض سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور مصیبت کی اس گھڑی میں جب کورونا سے متاثرہ مریضوں کے اپنے بھی قریب نہیں جاتے وہاں پر ہمارے ریسکیورز ریسپانس کرکے ان کو ہسپتالوں میں منتقل کررہے ہیں اور ماہ اپریل میں 154 کرونا مریضوں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ ریسکیو 1122 کا ادارہ عوام کا ادارہ ہے اور ہم عوا م کی فلاح کے لئے کام جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔

  • گندم کا ہدف پورا نہ ہونے کا خدشہ

    گندم کا ہدف پورا نہ ہونے کا خدشہ

    شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) ضلع شیخوپورہ سے دوسرے اضلاع کو گندم کی سمگلنگ کی وجہ سے محکمہ خوراک کو گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف پورا نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے باخبر ذرائع کے مطابق وادی پوٹھوہار اور صوبہ کے پی کے کے متعدد اضلاع کے تاجر شیخوپورہ کی منڈیوں سے 1750 روپے تا 1780 روپے فی 40 کلو کے حساب سے کیش پیمنٹ پر گندم رات کی تاریکی میں ٹرکوں اور کنٹینروں پر لے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے اس سال ضلع شیخوپورہ میں گندم کی سرکاری خریداری کا ایک لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن کا ہدف پورا نہ ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے

    جبکہ ضلع شیخوپورہ میں گندم کی 90 فیصد کٹائی مکمل ہوچکی ہے پچھلے سال ان دنوں میں ضلع شیخوپورہ میں گندم کی خریداری کا ہدف پورا ہونے کے بعد اضافی 20 فیصد گندم کی خریداری شروع کر دی گئی تھی ادھر ڈی ایف سی مظہر بلوچ نے بتایا ہے کہ محکمہ خوراک اس وقت ضلع شیخوپورہ سے 52 فیصد ٹارگٹ پورا کرچکا ہے اور 79 ہزار 700 میٹرک ٹن گندم خریدی جاچکی ہے امید ہے کہ سو فیصد ٹارگٹ پورا ہو جائے گا

  • شیخوپورہ میں سرکاری خزانے کو پہنچا نقصان

    شیخوپورہ میں سرکاری خزانے کو پہنچا نقصان

    شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) محکمہ لوکل گورنمنٹ ایفگنڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں سابقہ ادوار حکومت کی طرح 55 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کام پول کے ذریعے ٹھیکیداروں کو تقسیم کر دیئے گئے جس سے سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ پانچ تا 8 کروڑ روپے لگایا گیا ہے
    صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود کے حلقہ کے ترقیاتی کام کمیشن وصول کیئے بغیر تحریک انصاف کے حامی ٹھیکیداروں اور کارکنوں کو الاٹ کر دیئے گئے جو ممکنہ طور پر 6 تا 10 فیصد کمیشن پر پروفیشنل ٹھیکیداروں کو سب لیٹ ہوسکتے ہیں باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ضلع شیخوپورہ کے ایک قومی اور 3 صوبائی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے 55 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیئے تھے جن کے کام محکمہ بلڈنگز ہائی وے پبلک ہیلتھ کی بجائے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ سے کروانے کا فیصلہ کیا گیا
    حالانکہ گذشتہ ماہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دورہ شیخوپورہ کے دوران غیر معیاری ترقیاتی کام کرنے والوں سمیت متعدد شکایات کی بناء پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ایس ڈی او وسیم الدین کو معطل کر دیا تھا ذرائع کے مطابق ترقیاتی کام کے ورک آرڈر 10 فیصد کمیشن وصول کر کے دیئے جائیں گے دریں اثناء محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ذرائع نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے اور کہا ہے کہ ٹھیکیداروں نے باہمی طور پر پول کیا ہے اس میں کوئی آفیسر ملوث نہ ہے

  • موٹروے پولیس نے مسافروں میں  افطار پیکٹ اور ماسک  تقسیم کئے

    موٹروے پولیس نے مسافروں میں افطار پیکٹ اور ماسک تقسیم کئے

    کمانڈنٹ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کی ہدایت پر موٹروے پولیس ٹریننگ کالج کے افسران نے موٹروے ایم ٹو پر مسافروں میں افطار پیکٹ اور ماسک تقسیم کئے۔

    تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس افسران نے ڈپٹی کمانڈنٹ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج تیمور خان کی زیرِ نگرانی موٹروے راوی ٹال پلازہ، لاہور پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں ایک ہزار سے زائد افطار پیکٹ، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز تقسیم کئے گئے۔ ڈی ایس پی افضل مجید، ڈی ایس پی ریاض احمد خان، چیرمین لائینز انٹرنیشنل کلب اور موٹروے پولیس کے افسران کی کشیر تعداد اس موقع پر موجود تھے۔

    ڈپٹی کمانڈنٹ تیمور خان نے اس موقع پر بتایا کہ مسافروں میں ماسک، ہینڈ سینیٹائزرزاور افطار پیکٹ تقسیم کرنے کا مقصد لوگوں کو یہ ترغیب دینا ہے کہ وہ روڑ سیفٹی کے اصولوں اور ٹریفک قوانین پر کاربند ہو کر نا صرف اپنے سفر کو محفوظ بنائیں بلکہ کورونا وائرس سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر اپنا کر اپنے آپ کو، اپنے گھر والوں کو او ر اپنے اردگرد تمام لوگوں کو محفوظ بنائیں۔

    اس موقع پر روڑ یوزرز کو بریف کیا گیا کہ وہ تیزرفتاری سے پرہیز کریں بالخصوص سحری اور افطاری کے وقت اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے تحمل سے ڈرائیونگ کریں

  • شیخوپورہ میں کرونا کے دو مریض جاں بحق

    شیخوپورہ میں کرونا کے دو مریض جاں بحق

    شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی) شیخوپورہ سے ہمارے نمائندہ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج کورونا پازیٹیو کے 2 مریض انتقال کر گئے ہسپتال کے ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 62 ہوگئی ہے جو تمام آکسیجن پر ہیں دریں اثناء کرکٹ سٹیڈیم سے ملحقہ وارث شاہ ایڈوٹوریم کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے

    ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد اصغر جوئیہ نے کورونا ویکسین سنٹر کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں شہریوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا اس موقع پر ویکسین سنٹر کے نگران ایڈمن آفیسر محکمہ صحت چوہدری شاہد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سنٹر میں اب تک کورونا ویکسین کی 48 سو ڈوز 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جاچکی ہے اور 16 ہزار افراد کی نئی رجسٹریشن ہوچکی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کورونا ویکسین سنٹر صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک اور رات 9 بجے سے 1بجے تک کھلا رہتا ہے۔

  • تحریک لبیک کے کتنے کارکن مزید ہوئے گرفتار

    تحریک لبیک کے کتنے کارکن مزید ہوئے گرفتار

    شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مزید 40 علماء کرام اور کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کر کے 30 روز کے لیے ڈسٹرکٹ جیل میں نظر بند کر دیا ہے جس کے بعد اس جیل میں نظر بند کالعدم ٹی ایل پی کے کارکنوں کی تعداد 160 ہوگئی ہے جن میں زیادہ امام مسجد علماء کرام اور حفاظ کرام ہیں

    نظر بندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چوہدری محمد اصغر جوئیہ نے محکمہ پولیس کے مطالبے پر جاری کیئے ہیں ڈسٹرکٹ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر 14 روز کے لیے بھیجے جانے والے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کی تعداد بھی 34 ہوگئی ہے جیل کے ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل سے اب تک 150 کارکنوں کو اوکاڑہ اور ساہیوال کی جیلوں میں منتقل کیا جاچکا ہے۔