Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: میٹرک میں نمایاں طلبہ کے اعزاز میں پروقار تقریب، ڈپٹی کمشنر نے شیلڈز سے نوازا

    سیالکوٹ: میٹرک میں نمایاں طلبہ کے اعزاز میں پروقار تقریب، ڈپٹی کمشنر نے شیلڈز سے نوازا

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ضلع سیالکوٹ کے سرکاری اسکولوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کی تعلیمی محنت کو سراہنا اور ان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا تھا۔

    تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے والدین، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے ضلع کا فخر ہیں۔ ان کی کامیابی اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا بھی نتیجہ ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ آئندہ بھی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور اسی جذبے، لگن اور دیانت داری سے آگے بڑھتے رہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی یہ کامیابیاں ایک بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ کے مطابق اس سال متعدد سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں:

    گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پسرور کی رمین احسن نے 1177 نمبر حاصل کیے۔گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائی سکول ڈسکہ کی آمنہ عمران نے 1171 اور ماہ نور نے 1165 نمبر حاصل کیے۔گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کے مصطفیٰ عبدالاحد نے 1171 اور محمد سامران نے 1161 نمبر حاصل کیے۔گورنمنٹ ہائی سکول جوڑیاں کلاں کے ربان علی نے 1162 نمبر حاصل کرکے نمایاں کارکردگی دکھائی۔

    تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اس کامیابی پر تمام والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گی تاکہ آنے والی نسلیں ایک روشن اور کامیاب پاکستان کی بنیاد رکھ سکیں۔

  • سیالکوٹ: ریشنلائزیشن پالیسی فلاپ، ہزاروں اساتذہ متاثر، پنجاب ٹیچرز یونین کا شدید احتجاج

    سیالکوٹ: ریشنلائزیشن پالیسی فلاپ، ہزاروں اساتذہ متاثر، پنجاب ٹیچرز یونین کا شدید احتجاج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) پنجاب حکومت کی ریشنلائزیشن پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث ہزاروں پی ایس ٹی (PST) اور ای ایس ٹی (EST) اساتذہ، بالخصوص خواتین اساتذہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بڑی تعداد میں اساتذہ کو بغیر مناسب تعیناتی کے "سرپلس” قرار دے دیا گیا، جبکہ ان کے لیے نئی تعیناتی کے لیے درکار سیٹیں ہی موجود نہیں۔

    پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر محمد اصغر کاہلوں، جنرل سیکرٹری سید دستار علی نقوی، سینیئر نائب صدر امجد پرویز گھمن اور دیگر درجنوں رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی پالیسی سازیاں زمینی حقائق سے نابلد اور اساتذہ کے ساتھ مشاورت کے بغیر طے کی جاتی ہیں، جس کا خمیازہ اب تعلیم کے شعبے کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

    ٹیچرز یونین رہنماؤں نے الزام لگایا کہ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت بڑی تعداد میں پی ایس ٹی اساتذہ کو ای ایس ٹی کے طور پر پروموشن دی گئی، تاکہ پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کا جواز پیدا کیا جا سکے اور پھر ان اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ اب یہی اساتذہ، خاص طور پر خواتین، سرپلس قرار دے کر دربدر کیے جا رہے ہیں اور انہیں اپنے گھروں سے 30 سے 40 کلومیٹر دور اسکولوں میں زبردستی ٹرانسفر ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پالیسیوں کی تیاری کے دوران اساتذہ کی نمائندہ تنظیموں کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا، یہی وجہ ہے کہ تعلیم کے شعبے میں بننے والی بیشتر پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہوتی ہیں۔

    رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ریشنلائزیشن پالیسی پر عمل درآمد روکا جائے، اور پہلے اوپن میرٹ پر تمام اساتذہ کو ٹرانسفر کا موقع دیا جائے۔ اس کے بعد اگر کوئی استاد سرپلس ہوتا ہے تو اسے شفاف طریقے سے ٹرانسفر کیا جائے۔

    اساتذہ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

  • سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں داخلوں کا ریکارڈ، 16 ہزار سے زائد درخواستیں

    سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں داخلوں کا ریکارڈ، 16 ہزار سے زائد درخواستیں

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف خرم میر+سٹی رپورٹر مدثر رتو)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ نے فال 2025 سیشن کے داخلوں میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں انٹرمیڈیٹ، بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے ریکارڈ تعداد میں داخلہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بی ایس پروگرام کے فیز 1 میں 16,000 سے زائد طالبات نے درخواستیں جمع کروائیں، جس پر پہلی میرٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

    اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف پروگرامز میں طالبات کی غیر معمولی دلچسپی یونیورسٹی کی علمی ساکھ اور معیاری تدریسی ماحول کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داخلوں کے عمل کو سہل، شفاف اور منظم بنانے کے لیے یونیورسٹی میں ایک خصوصی ایڈمیشن آفس قائم کیا گیا، جہاں امیدواروں اور ان کے والدین کو مکمل رہنمائی فراہم کی گئی اور آن لائن سسٹم کے ذریعے درخواست دینے کی سہولت دی گئی۔

    ڈاکٹر شازیہ بشیر نے سینٹرل ایڈمیشن کمیٹی کے کنوینئر پروفیسر ڈاکٹر الیاس اور دیگر تمام ممبران کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں برس داخل ہونے والی طالبات کی باصلاحیت اور پُرعزم نسل پاکستان کا مستقبل سنوارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • سیالکوٹ: طالبہ علیزہ آصف کے 1052 نمبر، لیپ ٹاپ انعام، علاقہ کا نام روشن

    سیالکوٹ: طالبہ علیزہ آصف کے 1052 نمبر، لیپ ٹاپ انعام، علاقہ کا نام روشن

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)کہتے ہیں "ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی”، اور اس کی روشن مثال سیالکوٹ کی ہونہار طالبہ علیزہ آصف نے پیش کی، جنہوں نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1052 نمبر حاصل کیے اور اہل علاقہ کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔

    ای ایل سی کڈز کلب حسنات کیمپس کی ہونہار طالبہ علیزہ آصف نے باغی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے خاص کرم، والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی دن رات محنت اور رہنمائی کا نتیجہ ہے، جس کے لیے وہ ہمیشہ شکر گزار رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا شوق انسانیت کی خدمت ہے، اور انشاءاللہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بن کر امت محمدی کی خدمت کریں گی۔

    اس شاندار موقع پر ای ایل سی کڈز کلب حسنات کیمپس کے ڈائریکٹر سر محسن سردار، سیالکوٹ انفارمیشن ٹیم کے رکن خواجہ ایمان بدر، حسنین راجہ اور میڈم عمارہ انجم نے علیزہ آصف کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    ڈائریکٹر سر محسن سردار نے علیزہ کی کامیابی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے ایک لیپ ٹاپ کا اعلان بھی کیا اور دعا کی کہ وہ مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹیں اور ملک و ملت کا نام روشن کریں۔

  • سیالکوٹ: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ورکنگ ویمن کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ہاسٹل قائم

    سیالکوٹ: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ورکنگ ویمن کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ہاسٹل قائم

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صنعتی شہر سیالکوٹ میں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب کے تحت ورکنگ ویمن کیلئے میگ ٹاؤن میں ایک جدید ہاسٹل قائم کر دیا گیا ہے۔ اس ہاسٹل میں فرنشڈ کمرے، صاف ستھرا ماحول، تمام بنیادی سہولیات اور مکمل طور پر آراستہ کچن موجود ہے، جبکہ رہائش کا کرایہ صرف ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔

    یہ معلومات مینجر ورکنگ ویمن ہاسٹل ہاجرہ لیاقت نے میڈیا بریفنگ کے دوران فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام اضلاع میں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر انتظام ایسے ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، تاکہ ورکنگ ویمن کو محفوظ، سستا اور آرام دہ رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    ہاجرہ لیاقت کے مطابق سیالکوٹ میں کام کرنے والی خواتین، خواہ ان کا تعلق دیگر اضلاع یا سیالکوٹ کی دیگر تحصیلوں سے ہو، اس سہولت سے استفادہ کر سکتی ہیں۔ ہاسٹل میں مکمل سیکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جاتی ہے، اور آن لائن حاضری کا نظام بھی نافذ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد www.punjab.gov.pk پر وزٹ کر کے یا گوگل پلے اسٹور پر دستیاب مخصوص ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔

  • سیالکوٹ: شدید بارش کے بعد نکاسیٔ آب کا ہنگامی جائزہ، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا شہر کا دورہ

    سیالکوٹ: شدید بارش کے بعد نکاسیٔ آب کا ہنگامی جائزہ، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا شہر کا دورہ

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے آج صبح ہونے والی شدید بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں قائم رین ایمرجنسی کیمپس، ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ سیٹس اور سینی ٹیشن عملے کی کارکردگی کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور تمام چوکنگ پوائنٹس پر متعلقہ عملہ ہر وقت موجود رہے تاکہ کسی بھی جگہ پانی جمع ہونے کی شکایت نہ ہو۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق آج صبح 10 بجے تک مختلف علاقوں میں بارش کا ریکارڈ درج کیا گیا، جن میں سیالکوٹ کینٹ میں 24 ملی میٹر، شہر میں 18 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 48 ملی میٹر، سمبڑیال میں 25 ملی میٹر، ڈسکہ کالج روڈ پر 63 ملی میٹر، ایم سی ڈسکہ میں 58 ملی میٹر اور پسرور میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    دریائے چناب میں مرالہ ہیڈورکس پر پانی کی آمد 1,53,234 کیوسک جبکہ اخراج 1,26,284 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو کہ درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ تاہم نالہ ڈیک، نالہ ایک، نالہ بھیڈ، نالہ پلکھو سمیت دیگر آبی گزرگاہوں میں پانی کی روانی محفوظ سطح پر ہے اور تمام مقامات کو "نارمل” قرار دیا گیا ہے۔ یو سی سی اور ایم آر لنک میں بھی پانی کی سطح حفاظتی حد سے کم رپورٹ ہوئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں، صفائی اور نکاسی آب کے عمل میں تیزی لائی جائے اور شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکے۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم کی ہیلپ لائن 1718 پر رابطہ کریں۔

  • سیالکوٹ: ڈی پی او کا شہری کی شکایت پر فوری ایکشن، ایس ایچ او تھانہ کوتوالی معطل

    سیالکوٹ: ڈی پی او کا شہری کی شکایت پر فوری ایکشن، ایس ایچ او تھانہ کوتوالی معطل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہری کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تھانہ کوتوالی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر اسد اللہ کو معطل کر دیا۔
    شہری عتیق انجم نے الزام عائد کیا تھا کہ ایس ایچ او نے ایک مالی لین دین کے تنازع پر اسے غیرقانونی طور پر حراست میں لے کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
    ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی سرکل کی جانب سے کی گئی انکوائری میں شہری کے الزامات درست ثابت ہوئے، جس پر ڈی پی او فیصل شہزاد نے فوری طور پر ایس ایچ او کی معطلی کے احکامات جاری کیے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے واضح کیا کہ پولیس اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل جاری رہے گا تاکہ شہریوں کے اعتماد کو بحال رکھا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: ماں بنی قاتل! ناجائز تعلق چھپانے کیلئے اپنے ہی بچے مروادیے

    سیالکوٹ: ماں بنی قاتل! ناجائز تعلق چھپانے کیلئے اپنے ہی بچے مروادیے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقے بھیکو چھور میں دو معصوم بچوں کے اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کا معمہ حل کر لیا گیا۔ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو 12 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔ دلخراش انکشافات کے مطابق بچوں کا قتل ان کی والدہ کے ناجائز تعلقات چھپانے کی کوشش میں کیا گیا۔

    چھ سالہ ام کلثوم اور تین سالہ وارث، جو محنت کش کاشف کے بچے تھے، گزشتہ روز لاپتہ ہوئے اور اگلے دن ان کی لاشیں قریبی قبرستان سے برآمد ہوئیں۔ قتل بےرحمی سے اینٹوں کے وار کر کے کیا گیا تھا۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے خود موقع پر پہنچ کر تحقیقات کی نگرانی کی اور ایس پی انویسٹی گیشن عثمان منیر سیفی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

    تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول بچوں کی والدہ نادرا بی بی کے علاقے کے بااثر شخص ملک فاروق سے ناجائز تعلقات تھے، جنہیں ام کلثوم نے دیکھ لیا۔ راز فاش ہونے کے خدشے پر فاروق نے نادرا کے ساتھ مل کر بچوں کو قتل کرنے کی سازش کی اور دونوں کو انتہائی سفاکی سے مار ڈالا۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ ایسے درندہ صفت مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ سیالکوٹ پولیس کی برق رفتاری اور پیشہ ورانہ مہارت پر اہل علاقہ نے اظہار تحسین کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس، نئے ممبران کا شاندار استقبال

    سیالکوٹ: پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس، نئے ممبران کا شاندار استقبال

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن رجسٹرڈ سیالکوٹ کا ایک نہایت اہم اجلاس مرکزی چیئرمین خرم میر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔ تلاوت کی سعادت مہر ندیم نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسول مقبول ﷺ محمد جمال نے پیش کی۔

    اجلاس کے دوران چیئرمین خرم میر نے پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن رجسٹرڈ پاکستان میں نئے شامل ہونے والے اراکین مہر فیصل، بلال انجم، محمد یامین، خرم شہزاد، زبیر باجوہ، اسحاق ناگرہ، حسن اور مرزا ساجد کو خوش آمدید کہا اور ہار پہنا کر ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

    اس موقع پر وائس چیئرمین شاہد ریاض، رانا نوید، سینئر وائس چیئرمین عمران چھٹہ، محمد علی، رانا ارشد علی تبسم، رانا جاوید، مہر ندیم، مہر مصطفی، ڈاکٹر وقاص اسلم، محمد جمال، مرزا اسد بیگ، ادریس سندھو، حافظ سلمان، محمد یاسین وٹو، ملک کامران، مدثر رتو، عیسو جمیل، عمران گجر اور دیگر معزز ممبران بھی موجود تھے جنہوں نے نئے اراکین کو مبارکباد دی اور ہار پہنائے۔

    نئے شامل ہونے والے اراکین نے پُرتپاک استقبال پر چیئرمین خرم میر اور تمام ساتھیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
    اجلاس کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا جس میں تنظیم کی ترقی، اتحاد و یکجہتی اور صحافت کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کی گئیں۔

    Ask ChatGPT

  • سیالکوٹ: فانا گینگ کا سرغنہ گرفتار، لاکھوں کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد

    سیالکوٹ: فانا گینگ کا سرغنہ گرفتار، لاکھوں کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈویژنل بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی میں ملوث بدنامِ زمانہ فانا گینگ کے سرغنہ سمیت دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ یہ اہم کارروائی ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جاری جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مہم کے تحت عمل میں لائی گئی۔

    ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوٹلی لوہاراں سب انسپکٹر شہباز اشرف نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز چھیننے اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے درج ذیل اشیاء برآمد کی ہیں:2 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں،نقدی 1 لاکھ 30 ہزار روپے،2 عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز،2 عدد 30 بور ناجائز پسٹل بمعہ متعدد گولیاں

    گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان ولد عبدالرحمن سکنہ چک 142 سلانوالی ضلع سرگودھا، اور طاہر ولد رحمت اللہ سکنہ چک 116 سلانوالی ضلع سرگودھا کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان تھانہ کوٹلی لوہاراں کی حدود میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہے، جن سے 11 مقدمات ٹریس کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر حوالات بھجوا دیا ہے۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔