Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: کرپشن کیس، ضمانتیں خارج، نائب تحصیلدار اور پٹواری گرفتار

    سیالکوٹ: کرپشن کیس، ضمانتیں خارج، نائب تحصیلدار اور پٹواری گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) اینٹی کرپشن سیالکوٹ کے سرکل آفیسر ملک ندیم منور کی دبنگ کارروائی، کرپشن کیس میں ملوث نائب تحصیلدار جاوید محمود باگڑی اور پٹواری خالد بٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان پر موضع بھانو پنڈی، جامکے چیمہ میں زمین کی غلط نشاندہی اور بدعنوانی کے الزامات تھے۔

    جامکے چیمہ بیگ چک سے تعلق رکھنے والے معروف وکیل محمد زبیر بھٹی ایڈووکیٹ کی شکایت پر مقدمہ نمبر 8/25 درج کیا گیا تھا، جس میں اینٹی کرپشن عدالت گوجرانوالہ نے آج سماعت کے دوران دونوں ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں۔

    سرکل آفیسر ملک ندیم منور جو کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جانے جاتے ہیں، نے میرٹ پر انکوائری کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو قصوروار قرار دیا اور عدالت سے ضمانت منسوخ کروانے کے بعد پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق گیارہ کسوٹہ اور زمین کی نشاندہی میں جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مقدمے میں دیگر ممکنہ شریک ملزمان کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    عوامی اور وکلاء حلقوں نے اینٹی کرپشن کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو۔

  • سیالکوٹ: اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ، کمشنر و ڈی جی پی ڈی ایم اے کی زیرصدارت اہم اجلاس

    سیالکوٹ: اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ، کمشنر و ڈی جی پی ڈی ایم اے کی زیرصدارت اہم اجلاس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈی سی آفس سیالکوٹ میں کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون بارشوں، ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی، اربن فلڈنگ اور دیگر خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اجلاس کو شہری و دریائی سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ نالہ بھمبر، نالہ ایک اور اپر چناب کی بروقت صفائی، مشینری، عملے اور ہنگامی پلان کے ذریعے صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس کی نشاندہی ہو چکی ہے اور وہاں صاف پانی اور کھانے کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نوید حیدر شیرازی نے خبردار کیا کہ گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور ڈویژن میں معمول سے 40 سے 60 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ وقفے وقفے سے شدید بارشیں اور کلاوڈ برسٹ کے خدشات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔ خطرناک عمارتوں کو فوری خالی کروانے کا حکم دیا گیا تاکہ کسی انسانی المیے سے بچا جا سکے۔

    کمشنر نے گیپکو کو ہدایت کی کہ بجلی کے پولز کا تحفظ یقینی بنائیں، خاص طور پر کمزور یا جھکے ہوئے پولز کی فوری مرمت کی جائے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ نالوں کی ڈی سلٹنگ کا سرٹیفکیٹ فوری جمع کروائیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں ہیڈ مرالہ اپ سٹریم پر بھی بارشوں کا ایک مضبوط نظام متوقع ہے، جس کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں سے نہ صرف شہریوں بلکہ ان کے مویشیوں کا بھی بروقت انخلاء یقینی بنایا جائے، اور ونڈا، چارا، ویکسین سمیت تمام سہولیات کی دستیابی برقرار رکھی جائے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیالکوٹ انتظامیہ کی جانب سے نالوں کی بروقت صفائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید 100 ٹینٹس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

    اجلاس میں ضلعی انتظامیہ نے اعادہ کیا کہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عملہ، مشینری، اور دیگر وسائل ہمہ وقت تیار ہیں، اور متاثرہ آبادی کے فوری انخلاء کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ پر خواتین کا راج . تاریخ میں پہلی بار ضلع و تحصیل کی مکمل کمان خواتین کے سپرد

    سیالکوٹ پر خواتین کا راج . تاریخ میں پہلی بار ضلع و تحصیل کی مکمل کمان خواتین کے سپرد

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)تاریخ میں پہلی بار خواتین افسران ضلعی و تحصیل سطح پر تعینات، انتظامی قیادت میں نئی مثال قائم

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک تاریخی تبدیلی رونما ہوئی ہے جہاں ضلعی اور تمام تحصیل سطح پر اعلیٰ انتظامی عہدے باصلاحیت خواتین افسران کے سپرد کیے گئے ہیں۔ اس انقلابی اقدام کو نہ صرف صنفی مساوات کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ خواتین کی قائدانہ صلاحیتوں کا واضح اعتراف بھی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی حیثیت سے صبا اصغر علی نے چارج سنبھالا ہے اور یوں ضلع سیالکوٹ کی اعلیٰ ترین انتظامی سربراہی پر پہلی بار کسی خاتون کو فائز کیا گیا ہے۔ اسی طرح چاروں تحصیلوں میں بھی باصلاحیت خواتین کو اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

    انعم بابر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں، جبکہ سدرہ ستار کو پسرور میں، غلام فاطمہ کو سمبڑیال میں اور سعدیہ جعفر کو ڈسکہ میں اسسٹنٹ کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح ضلع بھر میں تمام انتظامی افسران کی قیادت خواتین کو سونپی گئی ہے۔

    عوامی حلقے اس اقدام کو نہایت خوش آئند قرار دے رہے ہیں جو نہ صرف خواتین کو فیصلہ سازی کے مرکزی کردار میں لاتا ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک متاثر کن مثال بھی قائم کرتا ہے۔ سیالکوٹ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ضلعی سطح سے لے کر تحصیل سطح تک قیادت کی باگ ڈور مکمل طور پر خواتین کے ہاتھوں میں دی گئی ہے۔

  • ڈسکہ: یوم عاشورہ کے پُرامن اختتام پر انتظامیہ و بلدیاتی افسران کو خراجِ تحسین

    ڈسکہ: یوم عاشورہ کے پُرامن اختتام پر انتظامیہ و بلدیاتی افسران کو خراجِ تحسین

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)صدر مرکزی انجمن تاجران ڈسکہ میاں محمد اشرف اور جنرل سیکرٹری شہزاد انجم گوشی بٹ سمیت دیگر تاجروں نے یوم عاشورہ کے پُرامن اور بخیر و عافیت اختتام پذیر ہونے پر صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق، چیئرمین مرکزی انجمن تاجران، سٹی صدر مسلم لیگ ن محمد افضل منشاء، اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی، ای ڈی پی او خالد اسلم، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی الفت شہزاد، سینٹری انسپکٹر چوہدری محمد یوسف اور دیگر انتظامی و بلدیاتی افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں نے عاشورہ کے دوران صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو احسن طریقے سے سرانجام دیا، جس پر تاجر برادری ان کی خدمات کی دل سے معترف ہے۔ انجمن تاجران نے تمام اہلکاروں اور افسران کی کاوشوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے سے عوامی خدمات انجام دی جاتی رہیں گی۔

  • آج بھی غزہ میں کربلا دہرایا جا رہا ہے اور عالم اسلام بدستور خاموش ہے،خواجہ آصف

    آج بھی غزہ میں کربلا دہرایا جا رہا ہے اور عالم اسلام بدستور خاموش ہے،خواجہ آصف

    وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ چودہ سو سال قبل بھی قیامت برپا کی گئی تھی اور عالم اسلام خاموش تماشائی تھا آج بھی غزہ میں کربلا دہرایا جا رہا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ عالم اسلام بدستور خاموش ہے۔

    سیالکوٹ میں یوم عاشور کے جلوس میں شرکت کے موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا،انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ کے عوام کرب و بلا کی یاد تازہ کر رہے ہیں، فلسطینی عوام اپنی جانیں قربان کر کے امام حسینؓ کی سنت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ آج بھی مسلمانوں کا خون یزیدیت کے ہاتھوں بہایا جا رہا ہے۔

    وزیر دفاع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لاکھوں لوگ دنیا بھر میں سڑکوں پر نکلے، لیکن بدقسمتی سے ایسا مظاہرہ کسی اسلامی ملک میں نہیں ہوا ، یہاں تک کہ پاکستان میں بھی نہیں، یوم عاشور کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیاں عائد کی گئیں، جو مودی سرکار کی کھلی اسلام دشمنی کا ثبوت ہیں، مقبوضہ کشمیر کی وادی میں پہلے کبھی اس نوعیت کی پابندیاں نہیں لگائی گئیں، وہاں ہمیشہ محرم الحرام کو عزت و احترام سے منا یا جاتا رہا ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ آج سے ڈھائی ماہ قبل مودی کے چمچے چانٹے جو کچھ کر رہے تھے، وہ ذلیل و خوار ہوئے، ان کا تکبر خاک میں ملا اور ان کا سندور اجڑ گیا یہ وقت ہے مسلمان، خصوصاً حکمران طبقہ، اپنی ذمہ داری محسوس کریں فلسطینی بچے اور بزرگ بھوک کے باعث قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں اور ان پر فائر نگ کی جاتی ہے کیا ہمارے دین کو پھر لہو کی ضرورت ہے؟ کیا امت مسلمہ پر فرض نہیں بنتا کہ اسلام کا دفاع کرے، جو اس وقت اغیار کر رہے ہیں؟ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک سے محض چند آوازیں بلند ہوتی ہیں جبکہ ڈیڑھ ارب مسلمان مصلحت پسندی کا شکار ہیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ آج یوم عاشور کو دہرایا جا رہا ہے، لیکن جو قربانیاں فلسطینی عوام دے رہے ہیں، ان کی کوئی مثال نہیں ملتی کربلا کے بعد ایسی قربانی دنیا کے کسی خطے میں نہیں دی گئی،یاد رکھیں، غزہ کے لوگ قیامت کے دن سوال کریں گے کہ ہم نے نواسہ رسولؐ کی سنت پر عمل کیا، لیکن امت مسلمہ نے ہمارا ساتھ نہ دیا، ان شاء اللہ، ان ظالم حکومتوں اور مظالم کو دوام نہیں، ابدیت صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کے دین کی ہے۔

  • سیالکوٹ: امام علی الحق شہید کے عرس پر پروفیشنل میڈیا ایسوسی ایشن کی چادر پوشی

    سیالکوٹ: امام علی الحق شہید کے عرس پر پروفیشنل میڈیا ایسوسی ایشن کی چادر پوشی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)9 محرم الحرام کے موقع پر حضرت امام علی الحق شہیدؒ کے سالانہ عرس مبارک پر پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) سیالکوٹ کے زیر اہتمام دربار عالیہ پر روحانی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایسوسی ایشن کے تمام ممبران اور عہدیداران نے اجتماعی طور پر شرکت کی۔

    عرس کی اس پرنور تقریب کے دوران ممبران نے دربار شریف پر حاضری دی، چادر پوشی کی سعادت حاصل کی اور حضرت امام علی الحقؒ کی تعلیمات و قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر دربار شریف کی انتظامیہ نے تمام صحافیوں کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اُنہیں چادریں پہنائیں، جو محبت و عقیدت کا حسین مظہر تھا۔

    خصوصی دعا میں ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی ترقی اور میڈیا کے مسائل کے حل کے لیے دعائیں کی گئیں۔ دربار شریف کی انتظامیہ کی جانب سے تمام مہمانوں کے لیے نیاز اور وسیع لنگر کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔

    تقریب میں شریک ہونے والے نمایاں ممبران میں خرم میر، رانا نوید، شاہد ریاض، رانا جاوید، مہر محمد ندیم، وقاص اسلم، کامران، یاسین وٹو، مہر مصطفی، مدثر رتو، محمد جمال، عیسو مسیح، ارحم میر اور عمران احمد گجر شامل تھے۔ شرکاء نے دربار کی تزئین و آرائش، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ حضرت امام علی الحق شہیدؒ آٹھویں صدی کے عظیم مجاہد، مبلغ اور صوفی بزرگ تھے جنہوں نے راجہ سالوان کے ظلم و جبر کے خلاف علم جہاد بلند کیا اور حق و انصاف کی راہ میں جامِ شہادت نوش کیا۔ آپ کا مزار سیالکوٹ میں واقع ہے، جہاں ہر سال عرس کے موقع پر لاکھوں عقیدت مند حاضر ہوتے ہیں۔

    ایسوسی ایشن کے اراکین نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی روحانی اور سماجی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مثبت صحافتی کردار کو فروغ دیا جا سکے۔

    دربار شریف کی انتظامیہ نے میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور زبان ہوتے ہیں، جو حق و صداقت کے پیغام کو عام کرتے ہیں۔ شرکاء نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام علی الحقؒ کی تعلیمات آج کے دور میں روشنی کا مینار ہیں جو عدل، صداقت اور قربانی کا پیغام دیتی ہیں۔

    تقریب کا اختتام اجتماعی دعا پر ہوا، جس میں پاکستان کی خوشحالی، اتحادِ امت، میڈیا کی آزادی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پرخلوص دعائیں کی گئیں۔ تمام شرکاء نے دربار پر حاضری کو اپنی زندگی کا ایک روحانی اور یادگار لمحہ قرار دیا۔

    یاد رہے کہ حضرت امام علی الحق شہیدؒ آٹھویں صدی عیسوی کے معروف صوفی بزرگ، مجاہد، اور مبلغ اسلام تھے، جن کا تعلق سیالکوٹ سے تھا۔ آپ نے ہند و پنجاب میں اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں اہم کردار ادا کیا۔ آپ کا زمانہ راجہ سالوان کے دور حکومت سے منسلک ہے، جس کے خلاف آپ نے اسلام کی سربلندی اور مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کے لیے جہاد کیا۔ اس معرکے میں آپ نے جامِ شہادت نوش کیا۔ آپ کی قربانی اور بہادری کے باعث آپ کو "شہید سیالکوٹ” کہا جاتا ہے۔ آپ کا مزار سیالکوٹ میں واقع ہے اور ہر سال محرم الحرام کے موقع پر آپ کا عرس منایا جاتا ہے، جس میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔

  • سیالکوٹ: وزیر بلدیات کا سیف سٹیز دورہ، محرم سیکیورٹی کا جائزہ

    سیالکوٹ: وزیر بلدیات کا سیف سٹیز دورہ، محرم سیکیورٹی کا جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے سیف سٹیز اتھارٹی سیالکوٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں اور منعقد ہونے والی مجالس کی سیکیورٹی و سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بریفنگ حاصل کرتے ہوئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور زور دیا کہ عشرۂ محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں تاریخی نوعیت کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

    میاں ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران 38 ہزار 217 مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ سیکیورٹی کے لیے 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، 79 رینجرز کمپنیز، اور 59 پاک آرمی کمپنیز تعینات کی گئی ہیں، جب کہ سیف سٹی کیمروں، ٹریکرز، تھری ڈی میپنگ اور جدید نگرانی کے نظام سے ہر لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے۔

    وزیر بلدیات نے بتایا کہ سڑکوں کی صفائی، روشنی، پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی، اور دیگر سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 اور تمام ضلعی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ شکایات کے فوری ازالے کے لیے مانیٹرنگ سیل فعال ہیں، اور پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور مجالس کے منتظمین کے درمیان مکمل رابطہ برقرار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یکم تا 10 محرم الحرام پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ، غیر قانونی لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اور اشتعال انگیز مواد پر مکمل پابندی عائد ہے، جب کہ 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری اور ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی مکمل پابندی نافذ کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈی پی او فیصل شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 9 اور 10 محرم کو 152 روایتی و لائسنسی جلوس اور 197 مجالس کا انعقاد ہو گا، جن کی سیکیورٹی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں کی مرمت، صفائی، اضافی لائٹس اور زائرین کے لیے ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔ جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کے لیے 100 اضافی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، ایڈیشنل ڈی سی جنرل ایوب بخاری اور ڈسٹرکٹ آفیسر سیف سٹیز شاہد حمید ورک بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے دوران کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی تحفظ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔

  • سیالکوٹ: سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں وفاقی بجٹ پر مشاورتی اجلاس

    سیالکوٹ: سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں وفاقی بجٹ پر مشاورتی اجلاس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے صدر اکرام الحق کی زیر صدارت تجارتی اداروں کے نمائندہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی بجٹ 2025-26 میں بزنس کمیونٹی کی تجاویز اور خدشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں چیئرمین سپورٹس گڈز ایسوسی ایشن خواجہ مسعود اختر، سینئر نائب صدر شہباز وسیم لودھی، نائب صدر عمر خالد، اور مختلف ٹریڈ باڈیز کے نمائندوں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ مقررین نے بجٹ میں شامل ٹیکس اصلاحات، صنعتی مراعات، برآمدات پر اثرات، اور کاروباری لاگت میں اضافے جیسے نکات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

    اس موقع پر صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری میاں محمد خلیل، اعجاز غوری، شیخ خالد محمود، چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن ذیشان طارق شیخ، ملک نصیر احمد، حاجی غلام مجتبیٰ مہر، کرنل (ر) سید احتشام گیلانی، تصور بٹ اور دیگر تاجران نے بھی خصوصی شرکت کی۔

    اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ وفاقی حکومت بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو سنجیدگی سے لے اور پالیسی سازی میں ان کی شمولیت یقینی بنائے۔ اجلاس کا مقصد وفاقی بجٹ کے صنعت پر اثرات کا تجزیہ کرنا اور آئندہ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا تھا تاکہ ملکی معیشت میں سیالکوٹ کا تاریخی صنعتی کردار مزید مستحکم کیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سیف سٹی کیمروں کی نگرانی

    سیالکوٹ: ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سیف سٹی کیمروں کی نگرانی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری نے سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ساجد ورک نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو مانیٹرنگ سسٹم اور سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    ایوب بخاری نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں تمام جلوسوں کے روٹس کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق شہر بھر میں 263 فعال سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو محکمہ داخلہ کے سنٹرل کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور تمام سرگرمیوں کی براہِ راست مانیٹرنگ جاری ہے۔

    سیف سٹی اتھارٹی کا تربیت یافتہ عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہا ہے، جو ماتمی جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر چوکسی برقرار رکھی جائے۔

  • سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر مبینہ مذہبی منافرت پر نوجوان گرفتار

    سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر مبینہ مذہبی منافرت پر نوجوان گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر مذہبی منافرت اور شرانگیزی پر مبنی مواد شیئر کرنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 298 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو کشمیر روڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، جو اپنے موبائل فون کے ذریعے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے معافی کی درخواست بھی کی ہے۔

    مزید تفتیش کے لیے پولیس نے ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے کر پنجاب فرانزک لیبارٹری کو بھیج دیا ہے تاکہ ڈیجیٹل شواہد کا تجزیہ کیا جا سکے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں اور کسی بھی نفرت انگیز یا شرانگیز مواد کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔