Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکو مبینہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    سیالکوٹ: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکو مبینہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)تھانہ بمبانوالہ کی حدود میں سی سی ڈی سرکل ڈسکہ کے سب انسپکٹر جمشید اختر کی قیادت میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران دو خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے۔

    ایف آئی آر کے مطابق سب انسپکٹر جمشید اختر اپنی ٹیم کے ہمراہ گوئندکے روڈ پر موجود تھے کہ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو روکا گیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے قریبی کھیتوں کی طرف فرار کی کوشش کی اور مختلف اطراف سے فائرنگ کرتے رہے۔

    جوابی کارروائی کے بعد فائرنگ رکنے پر دو ملزمان — ذوہیب اور شفاقت عرف اسحاق گجر — مردہ حالت میں پائے گئے، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کے خلاف ڈکیتی، رہزنی اور دیگر جرائم کے سو سے زائد مقدمات درج تھے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر شواہد جمع کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ: ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ کے علاقے کوکالا ایجنسی، نواں پینڈ کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ماں بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق افراد کی شناخت 20 سالہ ابو بکر اور ان کی 45 سالہ والدہ جمیلہ کے طور پر ہوئی ہے، جو اکبرآباد چوک سے پسرور روڈ کی طرف جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈمپر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • سیالکوٹ: خواتین کی معاشی خودمختاری پر سیمینار، بااختیار معاشرہ ہی ترقی کی ضمانت ہے،انعم بابر

    سیالکوٹ: خواتین کی معاشی خودمختاری پر سیمینار، بااختیار معاشرہ ہی ترقی کی ضمانت ہے،انعم بابر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر کی زیر صدارت خواتین کی معاشی خودمختاری سے متعلق ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں کیا گیا۔ سیمینار کا اہتمام بیداری سیالکوٹ، ساؤتھ ایشین پارٹنرشپ پاکستان (SAP-PK) اور جی آئی زیڈ (جرمن انٹرنیشنل کوآپریشن) کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری اور ترقی کے بغیر معاشرے کی حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ ایسے پلیٹ فارمز وقت کی اہم ضرورت ہیں جو خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ ان کی آواز کو اجاگر کریں۔

    سیمینار میں بیداری کی نائب صدر حنا نورین، SAP-PK کی پروگرام مینیجر رشم عدنان اور سدھار کی پروجیکٹ مینیجر ارم نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سیالکوٹ محمد شریف گھمن نے خواتین کی معاشی شمولیت کو ترقی کا ضامن قرار دیا اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے ایسی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

    جی آئی زیڈ کے نمائندے صدیق اکبر نے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں خواتین کی شمولیت کے منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے تحت مقامی خواتین کو باعزت روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔

    ویمن ایمپاورمنٹ کمیٹی کی اراکین روبی طارق اور آصفہ تبسم نے اپنی زندگی کی جدوجہد اور کامیابی کی داستانیں سنائیں، جنہوں نے حاضرین کو خاصا متاثر کیا۔ انزہ شہباز اور مہرین ملک نے خواتین کے حق میں جذباتی اور پراثر شاعری پیش کی۔

    ایچ آر بلیگل اسپورٹس سیالکوٹ کی نمائندہ مومنہ جمیل نے صنعتی شعبے میں خواتین اور معذور افراد کو روزگار کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا ذکر کیا۔ اقرا رزاق اور ان کی ٹیم نے خواتین کی معاشی بااختیاری پر مبنی تھیٹر پرفارمنس پیش کی، جبکہ بچوں کے گروپ نے عائشہ خالد کی رہنمائی میں ایک سبق آموز کردار نگاری کے ذریعے سامعین کی توجہ حاصل کی۔

    تقریب کا اختتام ایگزیکٹو ڈائریکٹر بیداری، ارشد محمود مرزا کے کلماتِ تشکر پر ہوا، جنہوں نے تمام مہمانوں، شراکت دار اداروں، فنکاروں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسے پروگرامز کے تسلسل پر زور دیا۔

  • ہیڈ مرالہ: سیر کے دوران افسوسناک حادثہ، 4 سالہ بچی ڈوب گئی، ریسکیو آپریشن جاری

    ہیڈ مرالہ: سیر کے دوران افسوسناک حادثہ، 4 سالہ بچی ڈوب گئی، ریسکیو آپریشن جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) نارووال سے فیملی کے ہمراہ ہیڈ مرالہ سیر کے لیے آئی چار سالہ حرم فاطمی دختر بابر دریائے چناب میں ڈوب گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیملی پکنک منانے ہیڈ مرالہ پہنچی جہاں کنارے پر کھڑی ایک کشتی میں بیٹھ کر تصاویر بنائی جا رہی تھیں کہ اسی دوران کمسن بچی اچانک کشتی سے نیچے گر گئی اور پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی نگرانی میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال بچی کا سراغ نہیں مل سکا۔

    اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں جبکہ علاقے کی فضا افسردہ ہو گئی ہے۔

  • سیالکوٹ: 373 مویشی پال حضرات کو 2.3 کروڑ کے بلا سود قرضے جاری

    سیالکوٹ: 373 مویشی پال حضرات کو 2.3 کروڑ کے بلا سود قرضے جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)وزیراعلیٰ پنجاب کی لائیو سٹاک کارڈ اسکیم کے تحت مالی سال 2024-25 کے دوران ضلع سیالکوٹ میں 373 مویشی پال حضرات کو دو کروڑ 30 لاکھ روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے گئے، تاکہ وہ اپنے مویشیوں کے لیے بہتر چارہ خرید کر آمدن میں اضافہ کر سکیں۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک سیالکوٹ ڈاکٹر وسیم عباس نے سالانہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ ان قرضوں کی واپسی کی شرح 90 فیصد سے زائد رہی ہے، جبکہ بقایا قرضوں کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ لائیو سٹاک کارڈ پروگرام آئندہ مالی سال میں بھی جاری رہے گا، جس کے لیے بجٹ میں ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    ضلع سیالکوٹ کی مختلف تحصیلوں میں قرضوں کی تقسیم کی تفصیل کے مطابق:تحصیل سیالکوٹ میں 124 مویشی پال حضرات، تحصیل پسرور میں 122، تحصیل ڈسکہ میں 80،تحصیل سمبڑیال میں 47 افراد کو بلا سود قرضے فراہم کیے گئے۔

    ڈاکٹر وسیم عباس کے مطابق یہ قرضے چھ ماہ کی مدت کے لیے دیے گئے، جن کی رقم فی کس 1 لاکھ 35 ہزار سے لے کر 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک تھی۔ یہ قرضے اُن افراد کو دیے گئے جن کے پاس 5 سے 20 نر مویشی (کٹڑے یا بچھڑے) موجود تھے۔

    محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق اس سکیم کا مقصد دیہی معیشت کو مستحکم کرنا، گوشت و دودھ کی پیداوار میں اضافہ اور مویشی پال حضرات کی آمدن کو بہتر بنانا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس اسکیم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ سال اس میں مزید مویشی پال حضرات کو شامل کیا جائے۔

  • سیالکوٹ: گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری . ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی

    سیالکوٹ: گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری . ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور نئی سرکاری نرخ نامہ جاری کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، پرائس کنٹرول کمیٹی کے وائس چیئرمین خالد بٹ، مرکزی انجمن تاجران سیالکوٹ کے جنرل سیکرٹری شیخ جاوید حیدر، صارفین کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس کے ثمرات براہِ راست عوام تک منتقل کرنے کے لیے گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔

    انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ سرکاری نرخ نامے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور صارفین کو معیاری اشیاء مقررہ قیمت پر فراہم کریں۔ اس سلسلے میں ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور کریانہ فروشوں پر “ڈی سی کاؤنٹرز” کے ذریعے سستی اور معیاری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرائس لسٹ کی تیاری میں تاجر نمائندگان کی مشاورت شامل کی جاتی ہے، لہٰذا تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔ آئندہ اجلاس میں ہول سیلرز، کریانہ ڈیلرز، مرچنٹس اور گھی و کوکنگ آئل کمپنیوں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ جامع مشاورت کے بعد پالیسی ترتیب دی جا سکے۔

    اجلاس کے اختتام پر پرائس کنٹرول کمیٹی کے وائس چیئرمین خالد بٹ کی والدہ سمیت تمام مرحومین کے ایصالِ ثواب اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

  • سیالکوٹ: ایم پی اے منشاء بٹ کا روہیل گڑھا کادورہ، سیوریج مسائل پر برہمی، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

    سیالکوٹ: ایم پی اے منشاء بٹ کا روہیل گڑھا کادورہ، سیوریج مسائل پر برہمی، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)رکنِ صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے یونین کونسل فتح گڑھ کے علاقے روہیل گڑھا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے علاقہ مکینوں کو درپیش شدید سیوریج مسائل پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے ہمراہ سابق ڈپٹی میئر چودھری بشیر، سابق ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبد الحمید قاسم، چیف آفیسر ضلع کونسل فیصل شہزاد اور عمر ایوب بھی موجود تھے۔

    منشاء اللہ بٹ نے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور ضلع کونسل کے حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے مستقل حل کے لیے سیور لائن بچھانے کا پی سی-ون جلد از جلد تیار کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا دیرپا خاتمہ ممکن ہو۔

    اس موقع پر انہوں نے گوہدپور میں پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ (PICIIP) کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ بھی کیا۔ ایم پی اے نے ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ رفتار میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ شہری جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

  • سیالکوٹ: وریو خاندان کے تین مرحوم وزراء کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

    سیالکوٹ: وریو خاندان کے تین مرحوم وزراء کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وریو خاندان کے تین مرحوم وزراء کی سالانہ برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ وریو ہاؤس سیالکوٹ کینٹ میں منائی گئی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر چوہدری عبدالستار وریو، سابق صوبائی وزیر چوہدری اختر علی وریو اور سابق صوبائی وزیر چوہدری خوش اختر سبحانی سمیت دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیہ محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت خوانی کی گئی جبکہ معروف عالمی مبلغ اسلام پیر سید کرامت علی حسین شاہ نے خصوصی خطاب کیا اور حاضرین کو آخرت کی تیاری کی تلقین کی۔

    دعائیہ محفل میں وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی اور چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چوہدری طارق سبحانی نے شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بزرگوں کی عوامی خدمت کی روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

    اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی رانا شمیم احمد خان، رکن صوبائی اسمبلی محمد منشا اللہ بٹ، حنا ارشد وڑائچ، سابق میئر چوہدری توحید اختر، چوہدری نصیر احمد، سابق چیئرمین چوہدری فلک شیر، صوفی محمد اسحاق، حسن طاہر، چوہدری رسالت گجر، چوہدری رضا سبحانی ایڈووکیٹ، بیرسٹر چوہدری جمیل خوش اختر سبحانی، چیئرمین یوسی کوٹلی لوہاراں چوہدری فضل، چیئرمین یوسی مراکیوال ملک ذوالفقار، سابق چیئرمین یوسی وینس چوہدری لطیف وینس، مقصود بٹ، سابق ایم پی اے شاہد بٹ، چوہدری نوید، شجاعت علی پاشا، چوہدری جمیل، عمر عابد بٹ، چوہدری نجم الحق سمیت حلقہ بھر سے بڑی تعداد میں معززین نے شرکت کی۔

    دعائے خیر کے بعد شرکاء کی ضیافت کی گئی اور وریو خاندان کے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

  • سیالکوٹ: غیر قانونی تعمیرات پر زیرو ٹالرنس، سالڈ ویسٹ کیخلاف سخت اقدامات

    سیالکوٹ: غیر قانونی تعمیرات پر زیرو ٹالرنس، سالڈ ویسٹ کیخلاف سخت اقدامات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی تعمیرات اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں سی ای او ضلع کونسل فیصل شہزاد، سی ای او میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد، ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ عمر فاروق، انفورسمنٹ اور بلڈنگ انسپکٹرز سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منظور شدہ بلڈنگ پلانز کو کیو آر کوڈز جاری کیے جائیں تاکہ دورانِ انسپکشن فوری تصدیق ممکن ہو سکے۔

    سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ دکانداروں اور ریسٹورنٹ مالکان کو پابند بنایا جائے کہ وہ اپنا کوڑا کرکٹ منظم طریقے سے خود تلف کریں، بصورت دیگر فوری جرمانے عائد کیے جائیں۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی اعلان کیا کہ جرمانوں کے عمل کو شفاف اور قابلِ نگرانی بنانے کے لیے ایک موبائل ایپ تیار کی جائے گی جس کے ذریعے تمام کارروائی کو ایک مربوط پورٹل پر مانیٹر کیا جا سکے گا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ نالہ بھیڈ کی صفائی کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے ڈی سلٹنگ کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر نالوں اور سیور لائنوں کی صفائی بھی طے شدہ پلان کے تحت جاری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد شہر کو صاف ستھرا، منظم اور غیر قانونی تجاوزات سے پاک بنانا ہے۔

  • سیالکوٹ ایکسپریس 12 سال بعد بحال، وزیر مملکت ارمغان سبحانی نےکیا افتتاح

    سیالکوٹ ایکسپریس 12 سال بعد بحال، وزیر مملکت ارمغان سبحانی نےکیا افتتاح

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)پاکستان ریلوے نے 12 سال بعد سیالکوٹ اور لاہور کے درمیان چلنے والی سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین سروس کو بحال کر دیا ہے، جس کا افتتاح وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ ٹرین لاہور سے صبح 5 بجے روانہ ہوئی اور 9 بج کر 45 منٹ پر سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پہنچی، جہاں ریلوے حکام، شہریوں اور مقامی شخصیات نے والہانہ استقبال کیا۔

    ٹرین کی آمد پر وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی بھی موجود تھے جنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سروس متوسط طبقے کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولی کرائے کی وجہ سے مزدور طبقہ بھی آرام دہ انداز میں سفر کر سکے گا، جبکہ ٹرین وقت کی بچت کا مؤثر ذریعہ بھی بنے گی۔

    سیالکوٹ ایکسپریس 148 کلومیٹر کا فاصلہ ساڑھے چار گھنٹوں میں طے کرے گی۔ یہ ٹرین شاہدرہ، نارنگ منڈی، بدو ملہی، نارووال اور پسرور جیسے اہم اسٹیشنوں سے گزرتی ہوئی سیالکوٹ پہنچے گی۔ ٹرین میں مجموعی طور پر سات بوگیاں ہوں گی جن میں تقریباً 700 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔

    ٹرین کی بحالی پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک دیرینہ مطالبے کی تکمیل قرار دیا، جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ سیالکوٹ اسٹیشن پر ٹرین 15 منٹ رکی اور پھر وزیرآباد کے لیے روانہ ہو گئی۔ اس اقدام کو سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح کے شہریوں کے لیے ایک اہم سفری سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔